Tag: 2 afrad halak

  • فیصل آباد: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

    فیصل آباد: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

    فیصل آباد : نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو موٹر سائیکل سوارافراد جاں بحق ہوگئے۔ مقتولین آپس میں کزن تھے اور ڈیرے پر جا رہے تھے، پولیس نے واردات کو خاندانی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے بنڈالہ میں دہرے قتل کی واردات میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے، مقتولین موٹر سائیکل پر ڈیرے پر جا رہے تھے کہ نامعلوم افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن گئے۔

    تھانہ ڈجکوٹ کے گاؤں میانی کا رہائشی محمد ناصر اور اس کا چچا زاد اٹھارہ سالہ بہاول شیر جمعے کی رات موٹر سائیکل پر ڈیرے پر جا رہے تھے۔

    راستے میں نامعلوم افراد نے انہیں روک کر فائرنگ کر دی جس سے ناصر موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ جبکہ شدید زخمی ہونے والا بہاول شیر الائیڈ اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔

    نامعلوم ملزمان دہرے قتل کی واردات کے بعد با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ پولیس نے واردات کو خاندانی رنجش کا شاخسانہ قراردے دیا۔

  • کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، دو افراد جاں بحق، تین زخمی، 50 گرفتار

    کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، دو افراد جاں بحق، تین زخمی، 50 گرفتار

    کراچی: شہر قائد میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں دو افراد جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے پولیس نے دو مقامات پر کومبنگ آپریشن کرکے پچاس افراد کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے رات گئے دو واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوگئے، دہشت گردوں نے سچل کے علاقے نیو رضویہ سوسائٹی کے قریب کار پر فائرنگ کردی جس سے تین افراد کو زخمی ہوگئے۔

    ایک زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کیلیے مقامی اسپتال لے جایا گیا۔

    دوسرا واقعہ اورنگی ٹاؤن نمبر دس میں پیش آیا جہاں فائرنگ کے واقعہ میں اسرار نامی شخص جاں بحق ہوگیا،مسلح افراد کی فائرنگ سے علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا۔

    پولیس نے دو مختلف علاقوں نیو کراچی سیکٹر الیون جی گودھرا اور اورنگی ٹائون کٹی پہاڑی میں کومبنگ آپریشن کے دوران پچاس سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تحقیقات کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ گرفتار مشتبہ افراد سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔

  • لاہور: بجلی کا تار گرنے سے خاتون سمیت 2شہری جاں بحق

    لاہور: بجلی کا تار گرنے سے خاتون سمیت 2شہری جاں بحق

    لاہور : بجلی کا تارگرنے سے خاتون سمیت دو شہری جاں بحق ہوگئے۔ اے آر وائی نیوز نے فوٹیج حاصل کرلی، وزیراعظم نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں بجلی کی مین ٹرانسمیشن لائن کے تار ٹوٹ کر گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس پر وزیر اعظم نواز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے ایک گھنٹے میں ذمہ داروں کے نام طلب کرلیے ہیں۔


    Woman, man electrocuted in Lahore by arynews

    بجلی کے ٹوٹنے والے تار نے دو گھروں میں اندھیرا کردیا۔ حمزہ ٹاؤن میں جمع بارش کے پانی سے موٹر سائیکل سوار عمیرنکلنے کی کوشش کر رہاتھا کہ ایسے میں بجلی کا تار ٹوٹا اور نوجوان پر آن گرا۔

    وہاں موجود موٹر سائیکل کو دھکا لگانے والا دوسرا نوجوان تو بھاگنے میں کامیاب ہوگیا، مگر موٹر سائیکل سوار زد میں آگیا۔

    نوجوان کے جاں بحق ہونے کے فوری بعد ایک خاتون کنول نے بھی بھاگ کر پانی سے گزر کر سڑک پار کرنے کی کوشش کی اور اسی دوران بجلی کی دوسری تار ٹوٹ کر خاتون پر آ گری اور وہ بھی موقع پر ہی دم توڑ گئی۔

    وزیراعظم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ متعلقہ ادارے ذمہ دار افراد کے نام فوری طور پر بتائیں تاکہ ان کیخلاف کارروائی کی جاسکے مجرمانہ غفلت برتنے والے افراد کو چھوڑا نہیں جائے گا۔

  • ڈاکٹر کی مبینہ غفلت اور مظاہرین کے احتجاج سے دو افراد جان کی بازی ہار گئے

    ڈاکٹر کی مبینہ غفلت اور مظاہرین کے احتجاج سے دو افراد جان کی بازی ہار گئے

    ایبٹ آباد : ایوب میڈیکل کمپلکس کے ڈاکٹرکی مبینہ غفلت کے باعث دو افراد جاں بحق ہو گئے، مظاہرین نے اسپتال انتظامیہ کیخلاف زبردست مظاہرہ کیا، شاہراہ بلاک کرنے کی وجہ سے ایمبولینس میں موجود ایک بچہ بھی جان کی بازی ہار گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کے علاقے چونا کاری کا رہائشی نوجوان احمد علی افطاری سے تھوڑی دیر قبل گھر میں پھسلنے سے گرا اور اس کے سر پر شدید چوٹیں آئیں۔

    مذکورہ نوجوان کو کو اس کے لواحقین ایوب ٹیچنگ ہسپتال لائے، جہاں ڈاکٹر حیدر علی نے مریض کو انجکیشن لگایا جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

    جاں بحق ہونے والے نوجوان احمد علی کے ورثاء اور اہل علاقہ نے لاش شاہراہ ریشم پر رکھ کر ایک گھنٹے تک شدید احتجاج کیا۔

    ورثاء اسپتال انتظامیہ کیخلاف اور انصاف کے حصول کیلئے شدید نعرے بازی کرتے رہے، اس دوران شاہراہ ریشم پر ٹریفک جام ہوگیا۔

    احتجاج کے باعث شنکیاری سے تشویشناک حالت میں منتقل کئے جانے والا تین سالہ بچہ بھی احتجاج کے باعث ٹریفک کی بندش کے باعث ایمبولینس میں ہی جاں بحق ہو گیا۔

    ایوب میڈیکل کمپلکس میں آئے روز ڈاکٹر اور نرسز کی غفلت سے مریضوں کی ہلاکت کا سلسلہ جاری ہے۔

     

  • کراچی : پانی کے جھگڑے نے دو افراد کی جان لےلی

    کراچی : پانی کے جھگڑے نے دو افراد کی جان لےلی

    کراچی: پانی کی قلت نے کراچی میں خون بہانا شروع کردیا۔ ناظم آباد میں موٹر لگانے پر بھائی نے فائرنگ کرکے بھائی اور اس کے بیٹے کا خون کر دیا،فائرنگ کے واقعے میں دو افراد جاں بحق تین زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ناظم آباد کے علاقے چھوٹا میدان میں پانی کی موٹر لگانے پر دو بھائیوں کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی جو بڑھتے بڑھتے ہا تھا پائی تک جا پہنچی۔

    اس دوران ایک بھائی نے پستول نکال کر اپنے بھائی اور بھتیجے کو فائرنگ کر کے مار ڈالا اور پانی کے تنازع نے خون پانی کی طرح بہا دیا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔ مزید تفتیش جاری ہے۔مقتولین کے نام عبداللہ اور عبدالوہاب ہیں، فائرنگ سے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

    واضح رہے کہ شہر قائد میں عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔ شہری ٹینکرمافیا سے مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہوگئے۔رہی سہی کسر ٹینکر مافیا نے پوری کردی۔ واٹرٹینکرز نے زمین کو چوسنا مزید تیز کردیا۔پانی کے بحران کے باعث شہری ٹینکر مافیا سے مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔

    ٹینکر مافیا نے پیاسے شہریوں کا خون چوسنے کے لیے فی ٹینکر کی قیمت میں من مانا اضافہ کردیا ہے۔ پانی کی قلت کےشکار علاقوں میں ایسے لوگ بستے ہیں جو تین سے آٹھ ہزار روپے میں واٹر ٹینکر نہیں خرید سکتے۔

    دوسری جانب واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کراچی نے کہا ہے کہ اس تنازعے سے واٹر بورڈ کا کوئی تعلق نہیں، دونوں بھائی مل کر غیر قانونی لائنوں سے پانی چوری کرکے ایک کمپنی کو فروخت کرتے تھے، مقتول اس قبل قتل کے واقعے میں نامزد ہوچکا ہے،واٹر بورڈ متعدد بار شہر بھر میں پانی کی چوری کی نشاندہی کرچکا ہے۔

     

  • لاہور: کم عمرڈرائیور نے دو محنت کشوں کی جان لے لی

    لاہور: کم عمرڈرائیور نے دو محنت کشوں کی جان لے لی

    لاہور : تیز رفتارکار نے موٹرسائیکل پر سواردو دوستوں کو روندڈالا۔ پولیس نے سترہ سالہ ڈرائیورکو گرفتارکرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    ٹریفک حادثہ تیزرفتاری کے باعث پیش آیا، اندوہناک حادثے کی فوٹیج اور مقدمے کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہورمیں فورٹریس اسٹیڈیم کے قریب تیز رفتار کار کی موٹر سائیکلوں کو ٹکر سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    جاں بحق ہونے والوں میں ایک نوجوان کی عبداللہ کے نام سے شناخت ہوئی تاہم دوسرے نوجوان کی شناخت نہ ہو سکی، کم عمر ڈرائیور نے دو محنت کشوں کی جان لے لی۔

    میاں میر فلائی اوور پر بے قابو کار نے موٹر سائیکل پر سوارعبداللہ اور زمان کو کچل ڈالا۔ٖ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہےکار کی رفتار تیز رفتار تھی کہ بے قابو ہوکر موٹرسائیکل سے جا ٹکرائی کار کے ڈرائیور سترہ سالہ ابراہیم کے ساتھ ایک لڑکی بھی سوار تھی۔

    پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے، مقدمے کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔ پولیس کے مطابق گاڑی کا محکمہ ایکسائز میں کوئی ریکارڈ ہی موجود نہیں۔

    مرنے والوں کے ورثاء نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔

     

  • ہیٹ اسٹروک : کراچی میں گرمی نے دو افراد کی جان لے لی

    ہیٹ اسٹروک : کراچی میں گرمی نے دو افراد کی جان لے لی

    کراچی : گرمی کی شدت برداشت نہ کر سکنے والے کراچی کے رہائشی خاتون سمیت دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سورج سوا نیزے پر آگیا، منھگوپیر کے علاقے کا رہائشی 45 سالہ شرافت جوکھیو اور رنچھوڑ لائن کی ایک خاتون ہیٹ اسٹروک کے باعث جاں بحق ہوگئے ۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت شرافت جوکھیو کے نام سے ہوئی ہے جو رزاق آباد کا رہائشی ہے،جبکہ رنچھوڑ لائن میں سڑک پار کرتے ہوئے ایک نامعلوم  خاتون اچانک گر کر بے ہوش ہوگئیں۔

    خاتون کو فوری طور پراسپتال لے جایا جارہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گئیں ، دونوں افراد کی ہلاکت ہیت اسٹروک سے ہوئی ہے۔

    گرمی سے بچنے کیلئے شہری گھریلو ٹوٹکے استعمال کریں

    عوام گرمی سے بچنے کیلئے آپ گھریلو ٹوٹکے بھی استعما ل کرسکتے ہیں، شدید گرمی کی صورت حال میں لوگ بلا ضرورت اپنے گھروں سے نہ نکلیں اور ٹھنڈے مشروبات اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔

    دیسی مشروبات کا استعمال بڑھادیں ۔ مرغن غذاؤں سے پرہیز کریں ۔ کھانے میں سبزیوں اور پھلوں کا استعمال بڑھا دیں ۔گرمیوں میں کھانا پکانے میں گرم مصالحے استعمال نہ کریں ۔

    ہلدی،دھنیا، سفید زیرہ، ٹماٹر، لیموں، دہی، املی، آلو بخارہ کھانے میں استعمال کریں۔ لیموں پانی کا استعمال بھی گرمی کا اچھا توڑ ہے ۔

    دہی اورکچی لسی کا استعمال روزمرہ کا معمول بنا لیں۔ ہلکے رنگ کے کپڑے پہنے۔