Tag: $2 billion

  • فیس بک کا رواں سال دو ارب 19 کروڑ جعلی اکاﺅنٹ حذف کرنے کا دعویٰ

    فیس بک کا رواں سال دو ارب 19 کروڑ جعلی اکاﺅنٹ حذف کرنے کا دعویٰ

    واشنگٹن : سماجی رابطے کی مقبول عام ویب سائٹ فیس بک نے رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 2 ارب 19 کروڑ جعلی اکاﺅنٹ ڈیلیٹ کرنے کا دعوی کیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فیس بک نے اپنی تازہ ترین نافذ العمل رپورٹ شائع کر دی ہے جس میں اکتوبر 2018 سے مارچ 2019 کے دوران مختلف اکاؤنٹس اور پوسٹس کے خلاف کی جانے والی کارروائی کی تفصیلات شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق ان چھ ماہ کے دوران فیس بک نے پہلی مرتبہ تین ارب جعلی اکاو¿نٹس کو بند کیا ہے۔

    اس کے علاوہ 70 لاکھ سے زائد نفرت انگیز پوسٹس کو بھی ہٹایا گیا ہے جو کہ ایک بہت بڑا ریکارڈ ہے، پہلی مرتبہ فیس بک نے حذف شدہ پوسٹس پر آنے والی نظرثانی کی درخواستوں کی تفصیلات بھی جاری کی ہیں اور یہ بھی بتایا ہے کہ ان میں سے کتنی پوسٹس کا جائزہ لینے کے بعد انھیں دوبارہ بحال کر دیا گیا۔

    فیس بک کے مطابق ہٹائے گئے جعلی اکاؤنٹس کی تعداد میں اضافہ اس لیے ہوا ہے کیونکہ کچھ ’برے عناصر‘ خود کار طریقوں کے استعمال سے انھیں تخلیق کر رہے تھے۔

    فیس بک کے مطابق اس سے پہلے کے یہ جعلی اکاؤنٹس کسی نقصان کا سبب بنتے، ان میں سے زیادہ تر کو چند ہی منٹوں میں شناخت کر کے ہٹا دیا گیا ہے۔فیس بک اب ایسے تمام پوسٹس کی تفصیلات بھی جاری کرے گی جن کو منشیات اور اسلحہ فروخت کرنے کی وجہ سے ہٹایا گیا ہے۔

    فیس بک کی حالیہ رپورٹ کے مطابق چھ ماہ کے دوران اسلحہ فروخت کرنے والے دس لاکھ پوسٹس کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ جنوری 2019 سے مارچ 2019 کے دوران فیس بک کو نفرت انگیز پوسٹس ہٹانے پر دس لاکھ درخواستیں موصول ہوئیں۔

    جن میں سے تقریبا ایک لاکھ پچاس ہزار پوسٹس کو نظر ثانی کے بعد دوبارہ بحال کر دیا گیا۔فیس بک کے مطابق رپورٹ میں ان پہلوؤں کی نشاندہی کی گئی ہے جن کے ذریعے ہمارا پلیٹ فارم استعمال کرنے والے لوگوں کے لیے زیادہ احتساب اور ذمہ داری پیدا کی جا سکے۔

  • سعودی عرب کے بعد چین سے بھی پاکستان کو 2 ارب ڈالر ملنے کا امکان

    سعودی عرب کے بعد چین سے بھی پاکستان کو 2 ارب ڈالر ملنے کا امکان

    اسلام آباد : سعودی عرب کے بعد چین سے بھی پاکستان کو مالی مدد ملنے کا امکان ہے، چین بھی زرمبادلہ کی سپورٹ کیلئے رقم فراہم کرےگا، چین سے یہ رقم رواں ماہ ملنے کی توقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ زرائع کا کہنا ہے کہ مسلسل کم ہوتے زرمبادلہ ذخائر کو سنبھلا دینے کیلئے چین دو ارب ڈالر پاکستان کے پاس جمع کروائے گا، یہ رقم یکمشت پاکستان کو حاصل ہوگی ، چین سے یہ رقم رواں ماہ ملنےکا امکان ہے۔

    وزارت خزانہ نے بتایا سعودی عرب سے پہلے ہی دو ارب ڈالر پاکستان کو مل چکے ہیں، مجموعی طور پر پاکستان کو سعودی عرب سے تین ارب ڈالر ملنے ہیں، اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات سے بھی سعودی طرز کا پیکج ملنے کا امکان ہے، جس میں قرضہ اور موخر ادائیگیوں پر تیل کی سہولت بھی شامل ہے۔

    خیال رہے وزیر خزانہ اسد عمر نے عرب میڈیا سے انٹر ویو میں بھی واضح کیاتھا کہ ادائیگیوں کے توازن کا بحران ختم ہوچکا ہے، مالیاتی مسائل کو دوست ممالک سے ملنے والی رقم اور سخت حکومتی فیصلوں سے حل کر لیا، چین اور یو اے ای سے بھی مالی مدد متوقع ہے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ کم ہوتے زمبادلہ ذخائر کو دوست ممالک سے ملنے والی رقم سےفوری مدد ملے گی، یہ رقم بزنس ٹرانزیکشنز ہیں۔ پاکستان اب امداد نہیں لےگا۔

    مزید پڑھیں : سعودی امدادی پیکج کے مزید ایک ارب ڈالرپاکستان کو موصول

    یاد رہے 3 روز قبل پاکستان کو سعودی عرب سے ملنے والے امدادی پیکج کے تحت مزید ایک ارب ڈالر کی رقم موصول ہوئی تھی، جس کے بعد ملک میں غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 9 ارب 24 کروڑ ڈالر ہوگئے تھے۔

    ترجمان اسٹیٹ بنک کا کہنا تھا کہ آئندہ سال جنوری میں سعودی عرب سے وعدے کے مطابق ایک ارب ڈالر کی مزید قسط موصول ہوجائے گی، جس سے ذرمبادلہ کے ذخائر کی بہتری میں مدد ملے گی اور پاکستانی روپے کو استحکام ملے گا۔

    واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے اکتوبر میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا اور اس موقع پر برادر ملک نے ایک سال کے لیے پاکستان کے اکاؤنٹ میں 3 ارب ڈالر ڈپازٹ رکھنے اور 3 سال تک سالانہ 3 ارب ڈالر کا تیل ادھار پر دینے کے لیے رضامندی ظاہر کی تھی۔