Tag: 2 brothers dead

  • کرنٹ سے 2 بھائیوں کی ہلاکت : سی ای او کے الیکٹرک کیخلاف مقدمہ درج

    کرنٹ سے 2 بھائیوں کی ہلاکت : سی ای او کے الیکٹرک کیخلاف مقدمہ درج

    کراچی : شاہ فیصل کالونی میں کرنٹ لگنے سے 2 بھائیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

    ہلاکتوں کے واقعہ کا مقدمہ سی ای او کے الیکٹرک اور دیگر افسران کے خلاف درج کرلیا گیا، مقدمہ بچوں کے اہل خانہ کی مدعیت میں شاہ فیصل تھانے میں درج کیا گیا۔

    اہل خانہ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ گھر کے باہر کےالیکٹرک کی انڈر گراؤنڈ وائر سے کرنٹ آرہا تھا، جس سے ہمارے دونوں بچوں کو کرنٹ لگا۔،

    کرنٹ لگنے پر چھوٹا بیٹا سراج خان موقع پر دم توڑ گیا تھا، بڑا بیٹا اصرار خان روڈ پر بارش کے پانی کے باعث رکشے میں چل بسا۔

    ہلاک شدگان کے اہل خانہ نے پولیس حکام سے استدعا کی ہے کہ واقعے کے ذمہ داران کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔

    دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شاہ فیصل کالونی میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، متوفیان کے خاندان سے دلی ہمدری ہے۔

    اپنے جاری بیان میں ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں متعلقہ مقام پر بجلی کے انفراسٹرکچر سے لیکیج کے شواہد نہیں ملے، علاقے میں دیگر سروسز کے تار ٹیلیفون کھمبوں پر موجود ہیں جن کی ارتھنگ نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی 4 نمبر میں کرنٹ لگنے سے 2 سگے بھائی جاں بحق ہوگئے تھے، واقعے کی موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دکھایا گیا ہے کہ بارش کے دوران گلی میں دونوں بھائی سڑک پر جمع پانی میں گرے ہوئے دکھائی دیتے ہیں جنہیں موقع پر موجود افراد نے سخت جدوجہد کے بعد دونوں کو کھینچ کر باہر نکلا۔

    اس حوالے سے شاہ فیصل کالونی پولیس نے بتایا کہ کرنٹ لگنے کا واقعہ منگل کی دوپہر پیش آیا ہے جبکہ جاں بحق ہونے والے دونوں سگے بھائی ہیں اور ان کی شناخت 21 سالہ مراد اور 12 سالہ سراج ولد سلطان کے نام سے کی گئی۔