Tag: 2 prisoner

  • سندھ ہائیکورٹ:2قیدیوں کی پھانسی5 روز کیلئے روک دی

    سندھ ہائیکورٹ:2قیدیوں کی پھانسی5 روز کیلئے روک دی

    کراچی : سندھ ہائیکورٹ نے سزائے موت کے دو قیدیوں کی پھانسی پانچ روزکیلئے روک دی، ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔

    انسدادِ دہشتگردی کی عدالت نے تیئس فروری کو فیصل اور فضل کو ڈکیتی کے دوران قتل کا جرم ثابت ہونے پر موت کی سزاسنائی تھی، سندھ ہائیکورٹ نے مجرموں کے ڈیتھ وارنٹ پر پانچ روز کیلئےعملدرآمد روکنے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    فیصل اور فضل نےعدالت کو بتایا کہ  مقتول کے خاندان سے صلح کرلی ہے، فیصل اور فضل نے انیس سو اٹھانوے میں کراچی کے علاقے کورنگی عبد العزیز نامی شخص کو قتل کیا تھا۔

    صدرِ مملکت ممنون حسین، فیصل اور فضل کی رحم کی اپیل مسترد کرچکے ہیں۔

  • گلگت: 2مفرور قیدیوں کی تلاش کیلئے پولیس کا سرچ آپریشن

    گلگت: 2مفرور قیدیوں کی تلاش کیلئے پولیس کا سرچ آپریشن

    گلگت : ڈسٹرکٹ جیل گلگت سے فرار ہونے والے دونوں قیدیوں کی تلاش کیلئے پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے۔

    گزشتہ روز ڈسٹرکٹ جیل گلگت سے چار انتہائی خطرنا ک قیدی فرار ہوگئے، پولیس نے تعاقب کیا جس پر مقابلہ ہوا، مقابلے میں ایک قیدی ہلاک ایک زخمی حالت میں گرفتار جبکہ دو قیدی فرار ہوگئے۔

    دونوں قیدیوں کی تلاش کیلئے پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے اور تمام پہاڑی دروں پر پولیس اور گلگت بلتستان اسکاؤٹس کے مسلح اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں جبکہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کو بندکردی گیا ہے۔

    چیف سیکریٹری گلگت بلتستان سکندر سلطان راجا نے ڈپٹی جیل سپرنٹنڈنٹ اور تمام عملے کو معطل کرتے ہوئے ہوم سیکریٹری کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

    یاد رہے کہ گلگت جیل سے رات گئے فرارہونے والے قیدیوں کے واقعے کے بعد جیل میں قیدیوں نے ہنگامہ آرائی کی، جس پر پولیس نے شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی، چیف سیکریٹری گلگت نے آئی جی جیل کو معطل کردیا ہے اور قیدیوں کی تلاش کی لئےفوج سے مدد طلب کرلی۔

    ڈسٹرکٹ جیل گلگت سے فرار ہونے والے قیدیوں سے متعلق تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، کمیٹی میں چیف سیکرٹری گلگت بلتستان،سیکرٹری داخلہ، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرزاورحساس اداروں کے نمائندے شامل ہیں، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے سپرنٹنڈنٹ جیل سمیت تمام عملے کومعطل کردیا ہے۔

    سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان کی جانب سے فرار قیدیوں کی گرفتاری میں مدد کرنے والوں کیلئے بیس لاکھ روپے کی انعامی رقم کا اعلان کیا گیا ہے۔ رات گئے ڈسٹرکٹ جیل گلگت سے چار قیدی فرار ہوگئے تھے۔

    پولیس کا دعویٰ ہےکہ چاروں ملزمان سانحہ نانگا پربت میں ملوث ہیں، بائیس جون دوہزارتیرہ کو بیس کیمپ پردس غیرملکی کوہ پیماؤں سمیت گیارہ افراد کو قتل کردیا گیا تھا۔

  • کراچی: اعظم اور عطااللہ کو سینٹرل جیل میں تختہ دار پر لٹکادیا گیا

    کراچی: اعظم اور عطااللہ کو سینٹرل جیل میں تختہ دار پر لٹکادیا گیا

    کراچی: آج سزائے موت کے منتظر دو قیدی منطقی انجام کو پہنچے، اعظم اور عطااللہ کو سینٹرل جیل میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا ہے۔

    سینٹرل جیل کراچی میں صبح ساڑھے چھ بجے سزائے موت کے دو قیدیوں کو پھانسی دے دی گئی، عطااللہ اور اعظم نے سن دوہزار ایک میں سولجر بازارتھانے کی حدود میں ڈاکٹر علی رضا پیرانی کو قتل کیا تھا، عطا اللہ اور محمد اعظم کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔

    انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر دونوں مجرموں کو جولائی دو ہزار چار میں سزائے موت سنائی تھی، پھانسی سے قبل مجرمان کا طبی معائنہ کیا گیا اور ورثاء سے آخری ملاقات کرائی گئی۔

    پھانسی کے موقع پر سینٹرل جیل کے باہر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے جبکہ پھانسی کے بعد میتیں ورثاء کے سپرد کر دی گئیں ہیں۔

    گزشتہ روز انسدادِ دہشت گردی کی ایک عدالت نے ان دونوں کی جانب سے ڈیتھ وارنٹ کے اجراء کے خلاف درخواست بھی مسترد کر دی تھی، ان دونوں مجرموں کے بلیک وارنٹ 24 جنوری کو جاری کیےگئے تھے۔

    یاد رہے کہ کراچی جیل میں ان پھانسیوں سے قبل دو مجرمان بہرام خان اور محمد سعید کو پھانسی دی گئی تھی۔

    سانحہ پشاور کے بعد وزیرِاعظم نے پھانسی پر عائد پابندی ختم کردی تھی، جس کے بعد اب تک بائیس مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا یا جا چکا ہے، پنجاب میں چودہ ، سندھ میں سات اور کے پی کے میں ایک دہشتگرد کو پھانسی دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال 16 دسمبر کو پشاور آرمی پبلک اسکول میں دہشت گردوں کے حملے میں 133 بچوں سمیت 150افراد شہید ہوگئے تھے۔

  • لاہور ہائیکورٹ: دو ملزمان کی پھانسی کی سزا کو عمر قید میں تبدیل

    لاہور ہائیکورٹ: دو ملزمان کی پھانسی کی سزا کو عمر قید میں تبدیل

    لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے پانچ افراد کے قتل میں گرفتار دو ملزمان کی پھانسی کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کردیا ہے۔

    لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی پھانسی کی سزا کے منتظر یعقوب اور ابرار نے مؤقف اختیار کیا کہ انھوں نے کسی کو قتل نہیں کیا الزامات بے بنیاد ہیں، لہذا ان کی پھانسی کی سزا ختم کی جائے۔

    عدالت نے ملزمان کے خلاف ثبوت ناکافی ہونے کی بنیاد پر ان کی پھانسی کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کردیا ہے۔

    یعقوب اور ابرار پر الزام تھا کہ انھوں نے دوہزار تین میں فیصل آباد اور میانوالی میں پانچ افراد کو قتل کیا ہے۔

    ملزمان کے وکیل کا کہنا ہے کہ چونکہ دونوں ملزمان اپنی سزا پوری کرچکے ہیں، لہذا جلد ان کی رہائی کے لیے بھی درخواست دائر کی جائے گی۔

  • فیصل آباد:مشرف کیس کے 2مجرموں کی آج پھانسی کا امکان

    فیصل آباد:مشرف کیس کے 2مجرموں کی آج پھانسی کا امکان

    فیصل آباد:  پرویزمشرف حملہ کیس کے دو مجرم نوازش اور مشتاق کو آج پھانسی دیئے جانے امکان ہے، دونوں مجرموں کو سینٹرل جیل سے ڈسٹرکٹ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

    اس سے قبل مشرف حملہ کیس کے ایک اور مجرم خالد محمود کو راولپنڈی اڈیالہ جیل میں پھانسی دے دی گئی ، پھانسی سے قبل مجرم خالد محمود کی لواحقین سے آخری ملاقات کرائی گئی تھی ، پھانسی کے بعد مجرم کی لاش کو لواحقین کے حوالے کردیا گیا۔

    اڈیالہ جیل کے اطراف رینجرز اور ایلیٹ کمانڈر تعینات کر دیئے گئے تھے، جبکہ فضائی نگرانی کا عمل بھی جاری رہا۔

    ذرائع کے مطابق خالد محمود پاکستان ائیر فورس کا چیف ٹیکنیشن تھا، جسے سابق فوجی صدر پرویز مشرف پر حملہ کیس میں موت کی سزا سنائی گئی تھی۔