Tag: 2 rangers dead

  • کراچی :لانڈھی خرم آباد میں مقابلہ، 2رینجرز اہلکار شہید

    کراچی :لانڈھی خرم آباد میں مقابلہ، 2رینجرز اہلکار شہید

    کراچی: لانڈھی خرم آباد میں دہشتگردوں سے مقابلے میں دو رینجرز اہلکار شہید ہوگئے، گلستان جوہر میں رات گئے مقابلے کے دوران پولیس اہلکار شہید اور تین ڈاکو مارے گئے۔

    کراچی میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر رینجرز اور پولیس کی چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، لانڈھی خرم آباد میں کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرز نے سرچ آپریشن شروع کیا تو دہشتگردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی، جس میں دو رینجرز اہلکار حوالدار امیر حسن اور سپاہی رخسار شہید ہوگئے۔

    جس کے بعد رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

    دوسری جانب رات گئے گلستان جوہر بلاک ٹو میں گھر میں ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی، جہاں پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار شہید ہوگیا جبکہ ایک ڈاکو مارا گیا۔

    فائرنگ کے تبادلے میں ایس ایچ او گلستان جوہر سمیت دو اہلکار اور دو راہگیر بھی زخمی ہوئے، کامران چورنگی کے قریب اسنیپ چیکنگ کے دوران ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کر دی،  جوابی فائرنگ میں دو ڈاکو مارے گئے جبکہ ایک فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لئے کوششیں جاری ہیں۔

  • بھارتی فائرنگ ،2جوانوں کی شہادت پربھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکی طلبی

    بھارتی فائرنگ ،2جوانوں کی شہادت پربھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکی طلبی

    اسلام آباد: گزشتہ روز بھارتی فوج نے دھوکے سے رینجرز کے دو اہلکار شہید کر دیئے تھے، جس کے بعد اسلام آباد میں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ میں طلب کرکے سخت احتجاج کیا گیا۔

    شکر گڑھ سیکٹر پر شہید دونوں جوانوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے، پاکستان نے ورکنگ باونڈری پر بھارتی فورسز کی فائرنگ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرلیا اور رینجرز کے دو اہلکاروں کی شہادت پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

    ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت تحقیقات کراکے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لائے اور جنگ بندی معاہدے کو یقینی بنائے، شکر گڑھ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی سیکیورٹی فورسز کے سیکٹر کمانڈر نے فلیگ میٹنگ کی درخواست کی تھی۔

    رینجرز اہلکار لانس نائیک ریاض شاکر اور لانس نائیک محمد صفدر ورکنگ باؤنڈری پر موجود تھے کہ بھارتی فورسز نے اچانک بلااشتعال فائرنگ شروع کردی، جو کئی گھنٹے تک جاری رہی فائرنگ سے زخمی ہونے والے رینجرز اہلکار وں کو شکر گڑھ سیکٹر سے اٹھانے تک نہیں دیا گیا اور خون زیادہ بہہ جانے کے باعث دونوں رینجرز اہلکار جام شہادت نوش کرگئے، ان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔