Tag: 2 ROBBER arrested

  • کراچی : خطرناک ٹارگٹ کلر سمیت تین ڈاکو گرفتار، آوان بم، اسلحہ و موٹرسائیکل برآمد

    کراچی : خطرناک ٹارگٹ کلر سمیت تین ڈاکو گرفتار، آوان بم، اسلحہ و موٹرسائیکل برآمد

    کراچی : پولیس نے نارتھ ناظم آباد میں کارروائی کرکے مسعود کالا نامی ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا، گارڈن پولیس نے دوسری کارروائی میں ڈکیتی میں ملوث دو ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں پولیس نے کارروائی کرکے مسعود کالا نامی ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے۔

    اس حوالے سے پولیس نے تفصیلات بتائی ہیں کہ مسعود عرف کالا کے قبضے سے آوان بم اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے، دوران تفتیش ملزم نے مخالف جماعت کے عہدیدار سمیت5افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔

    اس کے علاوہ ملزم نے2012میں مخالف سیاسی جماعت کے انچارج کو بھی قتل کیا،گرفتار ملزم مسعود نے یہ واردات نارتھ ناظم آباد بلاک اے میں کی تھی، فائرنگ سے سیاسی جماعت کے عہدیدار کا ڈرائیور بھی جاں بحق ہوا تھا۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ دوران تفتیش ملزم نے ناظم آباد میں دو موٹر سائیکل سواروں کو مارنے اور رضویہ میں بھی ایک شخص کے قتل کا بھی اعتراف کیا ہے، گرفتارملزم مسعود عرف کالا سےمزید تفتیش جاری ہے۔

    علاوہ ازیں کراچی گارڈن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں نبیل اور آصف شامل ہیں، جن کے قبضے سے لوٹا گیا سامان برآمد کرلیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اپنے پڑوس میں واقع اسکول ٹیچر کے گھر ڈکیتی کی واردات کی تھی، ملزمان سے جیولری، لاکھوں روپے کے سیونگ سرٹیفکیٹ، پاسپورٹ، موبائل فون، گرین کارڈ اور دیگر دستاویزات بھی برآمد کیے گئے ہیں، گرفتار دونوں ملزمان کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔

  • گوجرانوالہ : محبوبہ کی فرمائش نے عاشق کو ڈکیت بنا دیا، ملزمان گرفتار، اسلحہ و نقدی برآمد

    گوجرانوالہ : محبوبہ کی فرمائش نے عاشق کو ڈکیت بنا دیا، ملزمان گرفتار، اسلحہ و نقدی برآمد

    گوجرانوالہ : محبوبہ کی فرمائش نے عاشق کو ڈکیت بنا دیا، پولیس نے ملزمان کو  ڈرامائی انداز میں گرفتار کرکے لوٹا گیا سامان، نقدی اور اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے گرجاکھ کے رہائشی نوجوان شاہد کی اپنی محلہ دار لڑکی سے دوستی ہوئی، مذکورہ لڑکی نے شاہد سے اسمارٹ فون کا تحفہ مانگا۔

    قیمتی موبائل فون خریدنے کی مطلوبہ رقم نہ ہونے پرشاہد نے اپنے کزن سے مل کر پڑوسی کے گھرمیں ڈکیتی کا پلان بنایا، ڈکیتی کے دوران ملزمان نے گھر میں گھس کر اہل خانہ کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنالیا اور نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان لے کر فرار ہوگئے۔

    پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد کارروائی کا آغاز کیا تو ملزمان کی بے وقوفی نے انہیں اپنے انجام تک پہنچا دیا، پولیس کے مطابق ملزم نے ڈکیتی کے دوران چھینا جانے والا موبائل فون لڑکی کو تحفہ میں دیا تھا، جس کی لوکیشن کو ٹریس کرکے پولیس باآسانی ملزمان تک پہنچ گئی۔

    ڈی ایس سی آئی اے نے صحافیوں کو بتایا کہ ملزمان موبائل لوکیشن کے ذریعے پکڑے گئے ہیں، پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، ایک لاکھ روپے، واردات میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل اور موبائل فون برآمد کرلیا۔