Tag: 2 suspects arrested

  • جعلی ویزے بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ، 2 ملزمان گرفتار

    جعلی ویزے بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ، 2 ملزمان گرفتار

    گوجرانوالہ: ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے جعلی ویزے بنانے والی فیکٹری پر کارروائی کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) گوجرانوالہ زون کی جانب سے انسانی اسمگلرز کے خلاف خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کی گئی، شادمان کالونی میں چھاپے کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

    ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان مختلف شہروں میں ایجنٹوں کے ذریعے شہریوں کو جعلی ویزے فراہم کرتے تھے، ملزمان جعلی پاسپورٹ، ویزا اسٹیکرز اور دیگر سفری دستاویزات بنانے میں ملوث ہیں۔

    ترجمان کا بتانا ہے کہ ملزمان انسانی سمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی نیٹ ورکس کا حصہ ہیں جب کہ چھاپے کے دوران ملزمان سے 20 پاکستانی اور 31 غیر ملکی پاسپورٹ بھی برآمد کیے گئے۔

    ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان سے جعلی ویزا اسٹیکرز کی تیاری میں استعمال ہونے والی مشینیں بھی برآمد ہوئیں، برآمد اسٹیکرز میں یورپ، چین، برطانیہ، امریکا، برازیل، انڈونیشیا، ترکی، سربیا، یونان، سویڈن، مالٹا، کروشیا، اسپین، پرتگال، یو اے ای کے جعلی ویزا اسٹیکرز شامل ہیں۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گروہ میں شامل افراد سادہ لوح شہریوں کو اپنے جال میں پھنساتے تھے، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا جب کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • اسلام آباد : اے ٹی ایم توڑکر رقم لوٹنے والے دو ملزمان گرفتار

    اسلام آباد : اے ٹی ایم توڑکر رقم لوٹنے والے دو ملزمان گرفتار

    اسلام آباد / اٹک : اسلام آباد میں ڈاکو بینک کی اے ٹی ایم خالی کر گئے، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیا، سی سی ٹی ٹی وی کیمرے کا ریکارڈ بھی ساتھ لے گئے تھے، اٹک میں اے ٹی ایم توڑنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے پہلے سیف سٹی اسلام آباد میں ڈاکؤوں نے اے ٹی ایم لوٹ لی، ڈاکو سیکٹر ایس6میں واقع نجی بینک کے اے ٹی ایم روم کی چھت سے اندر داخل ہوئے اور اے ٹی ایم کھول کر54لاکھ روپے لے اڑے۔

    ملزمان جاتے ہوئے سی سی ٹی وی ریکارڈ بھی ساتھ لے گئے تھے، پولیس کو سی سی ٹی وی ریکارڈ جنگل سے پڑا ہوا ملا، ڈکیتی کی جیو فینسنگ کر کے پولیس نے دونوں ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے رقم برآمد کرلی، ملزمان نے رقم بھی گھر میں چھپا رکھی تھی۔

    دوسری جانب اٹک کے علاقے پنڈی گھیپ میں اے ٹی ایم توڑنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، سکیورٹی گارڈ کی بروقت کارروائی کے باعث ڈاکو لوٹ مار کیے بغیر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    رات گئے مسلح ڈاکو نجی بینک کی اے ٹی ایم توڑنے کے لیے پہنچے تو سکیورٹی گارڈ نے بہادری سے ڈاکوؤں کو للکارا اور ان پر گولیاں چلادیں۔

    دوطرفہ فائرنگ سے بینک کا مرکزی دروازہ ٹوٹ گیا، اطلاع ملتے ہی پنڈی گھیب پولیس اور کرائم سین یونٹ موقع پر پہنچ گئے جس کے بعد ڈاکو بھاگ نکلے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔