Tag: 20

  • معروف امریکی کمپنی نے افغان مہاجرین کو بڑی خوشخبری سنادی

    معروف امریکی کمپنی نے افغان مہاجرین کو بڑی خوشخبری سنادی

    دنیا بھر میں سیاحت اور دیگر مقاصد کے لیے عارضی رہائش فراہم کرنے والی آن لائن امریکی کمپنی ائیر بی این بی نے بیس ہزار افغان مہاجرین کو مفت رہائش فراہم کرنےکا اعلان کردیا ہے۔

    کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو برائن چیسکی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ہمارا مقصد وقت کے سب سے بڑے انسانی بحران میں اپنا کردار ادا کرنا ہے، ہمیں لگتا ہے کہ اس وقت ہمیں ان لوگوں کی مدد کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔

    برائن چیسکی کا کہنا تھا کہ وقت ضائع کرنےکی کوئی گنجائش نہیں ہے، امید ہے کہ دیگر کاروباری ادارے بھی اس موقع پر اپنا کردار ادا کرینگے۔

    ائیر بی این بی کے چیف ایگزیکٹیو کا کہنا تھا کہ ایسے وقت جب ہزاروں افغان شہری دیگر ممالک میں دوبارہ سے اپنی زندگی شروع کرنے جارہے ہیں تو انہیں سب سے پہلے رہائش کے مسئلے کا ہی سامنا ہوگا، اس لیے مجھے امید ہےکہ بیس ہزار افغان شہریوں کے لیے دنیا بھر میں ائیر بی این بی کمیونٹی نا صرف ان کا پرجوش استقبال کرے گی بلکہ انہیں نئی زندگی کی شروعات میں عارضی طور پر ایک محفوظ رہائش مہیا کرے گی۔

    کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو برائن چیسکی کا کہنا تھا کہ آج سے ہی بیس ہزار افراد کو مفت عارضی رہائش فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کررہے ہیں، اس کے لیے میزبانوں کو کمپنی ادائیگی کرے گی تاہم یہ سب ان کی مہربانی اور سخاوت کے بغیر ممکن نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ کابل پر طالبان کے دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کے بعد سے ہزاروں افغان شہری ملک چھوڑ چکے ہیں جب کہ ہزاروں افراد یورپ یا امریکا میں پناہ حاصل کرنا چاہتے ہیں اور بڑی تعداد میں کابل ائیرپورٹ پر موجود ہیں۔

  • کورونا وائرس اس پہلے دنیا میں کب آیا؟  نئی تحقیق میں حیران کن انکشاف

    کورونا وائرس اس پہلے دنیا میں کب آیا؟ نئی تحقیق میں حیران کن انکشاف

    عالمی وبا کورونا وائرس سال 2020 کے آغاز سے لے کر اب تک دنیا بھر کے کروڑوں افراد کو متاثر کرچکا ہے جبکہ لاکھوں افراد کی موت کی وجہ بن چکا ہے اور ایک نئی تحقیق میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس ہزاروں سال پہلے بھی دنیا میں پھیل چکا ہے۔

    سال2002میں چین میں پھیلنے والی کورونا وائرس کی پہلی وبا کو سارس (سیویر ایکیوٹ ریسپائریٹری سنڈروم) کا نام دیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 8 ہزار افراد متاثر جبکہ 800 ہلاک ہوئے تھے۔

    جس کے چار سال بعد مڈل ایسٹ ریسپائریٹری سنڈروم نامی (ایم ای آر ایس) کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں 2400 افراد متاثر جبکہ 850سے زائد ہلاک ہوئے تھے اور ان دنوں دنیا کو "کو سار-کو وی-ٹو” کی متعدد اقسام کا سامنا ہے جو کوویڈ-19 نامی بیماری کی وجہ بن رہی ہیں۔

    اس حوالے سے آسٹریلیا اور امریکی سائنسدانوں پر مشتمل ٹیم نے یہ دریافت کیا ہے کہ لگ بھگ 25 ہزار سال قبل مشرقی ایشیا میں کورونا وائرس کی ایک وبا پھوٹ پڑی تھی جو 20 ہزار سال تک جاری رہی تھی۔

    کرنٹ بائیولوجی میں شائع ہونے والی اس تحقیق کے مطابق اس انکشاف کے شواہد خطے کے موجودہ لوگوں کے جینوم میں دیکھے جاسکتے ہیں۔

    تحقیق کے شریک مصنف اور کوئنز لینڈ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں حیاتیاتی ماہر کیریل الیگزینڈرو نے کہا کہ اس وائرس نے آبادی میں ایک بڑی تباہی پھیلائی تھی اور اہم جینیاتی داغ بھی چھوڑا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ کسی درخت پر موجود دائروں کی طرح ہمارا جینیٹک کوڈ بھی ہمارے قدیم ماضی کی داستان سناسکتا ہے۔ ہمارے جینز میں ہونی والی میوٹیشنز کا مطلب ہے کچھ لوگ فطری طور پر وائرسز سے جلدی متاثر ہوسکتے ہیں یا ان میں بیماری کی سنگین علامات ظاہر ہوسکتی ہیں۔

    ڈاکٹر سولیمی اور ان کے ساتھیوں نے یہ معلوم کرنے کے لیے تحقیق کی ماضی قدیم میں بھی انسان کورونا وائرسز کا شکار ہوئے تھے یا نہیں اور یہ چیز ہمارے جینوم کے ذریعے سامنے آسکتی ہے۔

    لہٰذا انہوں نے دنیا بھر سے ہزاروں انسانوں کے جینومز کا سروے کیا اور اسے1000 جینوم پروجیکٹ ڈیٹا بیس میں محفوظ کیا۔

    ویتنام، چین اور جاپان سے تعلق رکھنے والے افراد میں کورونا وائرس سے تعلق رکھنے والی جینیاتی علامات پائی گئیں تاہم یہ علامات دنیا کے دیگر حصوں کے لوگوں کے جینز میں ظاہر نہیں ہوئی۔

    ڈاکٹر سولیمی نے کہا کہ یہ علامات ظاہر ہونے کے بعد ہم نے یہ جاننے کے لیے مختلف ٹولز استعمال کیے کہ اس خطے کے لوگوں میں یہ جینیاتی تبدیلیاں کتنا عرصہ پرانی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تبدیلیاں لگ بھگ 25 ہزار سال قبل رونما ہونا شروع ہوئیں۔

    محقیقین کے مطابق ایسا معلوم ہوتا ہے کہ مذکورہ وائرس نے پانچ ہزار سال قبل جینومز پر ارتقائی دباؤ ڈالنا چھوڑدیا تھا جس کا مطلب ہے کہ یہ وبا 20 ہزار سال تک جاری رہی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ایک وائرس یا وائرسز کی سیریز بھی ہوسکتا ہے جنہوں نے ایک ہی مالیکیولر مشینری استعمال کی کیونکہ ایک اور تحقیق میں بھی یہ بات سامنے آئی تھی کہ "سارس-کووی-ٹو” کی وائرل فیملی تقریبا 23 ہزار سال پہلے سامنے آئی تھی۔

  • چین 20 ہزار پاکستانی طلبا کو اسکالر شپ دے گا، چینی سفیریاؤ جنگ

    چین 20 ہزار پاکستانی طلبا کو اسکالر شپ دے گا، چینی سفیریاؤ جنگ

    اسلام آباد : چینی سفیریاؤ جنگ کا کہنا ہے وزیراعظم عمران خان بیلیٹ اینڈروڈ فورم سے خصوصی خطاب کریں گے ، دورہ چین میں دونوں ممالک میں تجارتی معاہدے پردستخط کا امکان ہے، تین سال میں بیس ہزار پاکستانی طلبا کو اسکالرشپ دی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق چینی سفیریاؤ جنگ نے اسلام آباد میں بیلٹ اینڈ روڈ فورم پرپریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ بیلیٹ اینڈروڈ فورم پچیس سے ستائیس اپریل تک بیجنگ میں ہوگا، وزیراعظم عمران خان فورم سے خصوصی خطاب کریں گے۔

    چینی سفیر کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان ستائیس اپریل کوچینی نائب صدرسے ملاقات کریں گے، دونوں ممالک میں تجارتی معاہدے پردستخط کا امکان ہے۔چین دھابیجی میں دوسرا خصوصی اقتصادی زون قائم کرنا چاہتا ہے۔پاکستان سے صنعتی تعاون کا مزید فروغ چاہتے ہیں۔

    یاؤ جنگ نے مزید کہا پاکستان سے صنعتی تعاون کا مزید فروغ چاہتے ہیں، تین سال میں بیس ہزار پاکستانی طلبا کو اسکالرشپ دی جائیں گی۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان 25 سے 27 اپریل تک چین کا دورہ کریں گے

    خیال رہے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا وزیر اعظم عمران خان 25 سے 27 اپریل تک چین کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم چین کے صدر شی جن پنگ کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں، وزیر اعظم بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کریں گے اور چین کے صدر اور وزیر اعظم سے بھی ملاقات کریں گے۔

    وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوں گے جبکہ وہ عالمی ہارٹی کلچر نمائش میں بھی شرکت کریں گے۔