Tag: 20 years imprisonment

  • جڑواں بھائی ہونے کی انتہائی بھاری قیمت چکانا پڑی، دیکھنے والے حیران

    جڑواں بھائی ہونے کی انتہائی بھاری قیمت چکانا پڑی، دیکھنے والے حیران

    شکاگو : ایک بھائی نے دوسرے بھائی کا ہم شکل ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے20 سال کیلئے جیل پہنچا دیا تاہم بعد ازاں اس نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔

    امریکی ریاست شکاگو میں ہم شکل بھائی کے اعتراف جرم کے بعد بیس سال سے قید اس کے بے گناہ جڑواں بھائی کو رہا کردیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 20 سال قبل مقامی عدالت کی جانب سے کیون ڈگر نامی شخص کو سال 2003میں اپنے حریف گینگ کے ارکان کو قتل کرنے کے جرم میں سزا سنائی تھی۔

    44سالہ کیون کو گزشتہ روز دو دہائی بعد شکاگو کی کک کاؤنٹی جیل سے رہا کردیا گیا، کیون کی رہائی ان کے جڑواں بھائی کارل اسمتھ کے اعتراف جرم کے بعد عمل میں اؔئی ہے۔

    20 years in jail before twin brother confesses to the murder, Cook County, Chicago Tribune

    کارل نے2016 میں عدالت میں اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا تھا کہ درحقیقت حریف گینگ کے ارکان کو قتل کرنے کے ذمہ دار وہ تھے لیکن انہوں نے اپنے بھائی کے ہم شکل ہونے کا فائدہ اٹھایا۔

    اس موقع پر کارل کا کہنا تھا کہ ہم دونوں بھائی ایک دوسرے کا روپ دھار کر کام کر رہے تھے، درحقیقت جہاں وہ تھے وہاں میں تھا اور جہاں میں تھا وہاں وہ تھے۔

    رپورٹ کے مطابق کارل نے عدالت میں اعتراف جرم سے قبل2013 میں اپنے بھائی کو لکھے گئے خط میں اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے قبل کے ضمیر کا بوجھ مجھے مار دے مجھے اسے اپنے سینے سے اتارنا ہوگا۔

    میں سب کچھ ٹھیک کردوں گا اور دعا کرتا ہوں کہ تم بھی مجھے معاف کردو، میں وہی ہوں جس نے اُس رات شیریڈن کے علاقے میں حریف گینگ بلیک اسٹونز کے دو ارکان کو قتل کیا تھا تاہم 2018 میں ایک جج نے کارل کے اعتراف جرم کو ناقابل اعتبار قرار دیا تھا۔

    اس بارے میں کیون کے وکیل رونالڈ سیفر کا کہنا تھا کہ ان کے مؤکل تقریباً دو دہائی بعد آزاد فضا میں سانس لینے کے احساس پر بہت خوش ہیں اور اب وہ ایک ایسی دنیا میں خود کو شامل کرنے کی کوشش کریں گے جو انہوں نے دو دہائی قبل چھوڑ دی تھی اور وہ بھی اس جرم میں جس کے وہ کبھی مرتکب ہی نہیں ہوئے تھے۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کیون رہائی سے قبل ایک سرکاری اصلاحی ادارے میں 90 دن گزاریں گے۔  واضح رہے کہ کیون کے جڑواں اور ہم شکل بھائی کارل اسمتھ پہلے ہی سے ڈکیتی کے دوران 6 سالہ بچے کو قتل کرنے کے جُرم میں 99 سال قید کی سزا بھگت رہے ہیں۔

  • بیس سال قید کے بعد اسماء نواب گھر پہنچ گئیں، رقت انگیز مناظر

    بیس سال قید کے بعد اسماء نواب گھر پہنچ گئیں، رقت انگیز مناظر

    کراچی : تہرے قتل کی ملزمہ اسماء نواب بیس سال قید کی سزا کاٹنے کے بعد باعزت بری ہوکر گھر پہنچ گئیں، برسوں بعد گھر کا دروازہ دیکھ کر زارو قطار روتی رہیں۔

    تفصیلات کے مطابق1998میں ہونے والی تہرے قتل کی لرزہ خیز واردات میں گرفتار ہونے والی اسماء نواب جیل سے رہائی کے بعد اپنے گھر پہنچ گئیں، اس موقع پر رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے، اسماء نے اشک بہاتے ہوئے گھر کی چوکھٹ کو چوما۔

    اسماء 20سال بعد دروازے کا تالہ توڑ کر اندر داخل ہوئی تو گھر کی حالت دیکھ کر وہ پھوٹ پھوٹ کر رو پڑی، اسماء نواب گھر کے کونے کونے کا جائزہ لیتی رہی۔

    پرانے کپڑے، جوتے اور دھول مٹی سے اٹے درو دیوار نے پرانے زخم ادھیڑ دیئے، گھر میں ویرانی اور وحشت کاعالم تھا، گھرکے کونے کونے کی یادیں اسے مسلسل رلاتی رہیں، اجڑا گھر مکینوں کی بربادی کی داستان سنارہا تھا۔

    ماں باپ اور بھائی کے قتل کے الزام میں بیس سال سلاخوں کے پیچھے گزارنے والی اسماء کہتی ہے کہ وہ بے قصور تھی، اسماء نے بتایا کہ گھر کا سارا سامان چوری ہوچکا ہے۔

    مزید پڑھیں: والدین اوربھائی کے قتل کی ملزمہ اسماء نواب ساتھیوں سمیت20سال بعد رہا

    واضح رہے کہ اسماءنواب کو بیس سال پہلے پسند کی شادی کے معاملے پر والدین اور بھائی کےقتل کےالزام میں گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا تھا جسے گزشتہ روز عدم ثبوت پرعدالت عظمیٰ کے حکم پر بری کیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔