Tag: 2006 ممبئی ٹرین دھماکے

  • 2006 ممبئی ٹرین دھماکے :  سزا یافتہ 12 ملزمان  19 سال بعد بری

    2006 ممبئی ٹرین دھماکے : سزا یافتہ 12 ملزمان 19 سال بعد بری

    ممبئی : بمبئی ہائی کورٹ نے 19 سال بعد ٹرین بم دھماکوں میں سزا یافتہ بارہ مجرموں کو بری کردیا، ٹرائل کورٹ نے انہیں عمر قید اورموت کی سزا سنائی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق ممبئی ہائی کورٹ نے 2006 میں ٹرین بم دھماکوں کا فیصلہ سنا دیا، بھارتی میڈیا نے بتایا کہ ہائی کورٹ نے ممبئی ٹرین بم دھماکے کے بارہ ملزمان کو بری کر دیا۔

    بارہ میں سے ایک ملزم اپیل کے دوران وفات پا گیا تھا، ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ جسٹس انیل کیلور اور جسٹس شیام چندک نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ممبئی پراسیکیوشن ملزمان کے خلاف ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہا۔

    بھارتی عدالت کا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیس نے تشدد کرکے اعترافی بیان لیا، شواہد ٹھیک نہیں اورگواہ ناقابل اعتبارہیں، یہ یقین کرنا مشکل ہے کہ ان افراد نے یہ جرم کیا لہٰذا ان کی سزا کو ختم کیا جاتا ہے اور انہیں بری کیا جاتا ہے۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ممبئی ٹرین حملوں کے گیارہ ملزمان کو جیل سے رہا کر دیا جائے گا۔

    ملزمان میں فیصل شیخ، آصف خان، کمال انصاری، احتشام صدیقی، نوید خان، محمد ساجد انصاری، محمد علی، ڈاکٹر تنویر انصاری،ماجد شفیع، مزمل شیخ، سہیل شیخ اور ضمیر شیخ شامل ہیں۔

    یاد رہے جولائی 2006 میں ممبئی ٹرین دھماکوں میں 189 افراد ہلاک اور آٹھ سو چوبیس زخمی ہوئے تھے۔

    بعد ازاں ٹرائل کورٹ نے2015 میں بارہ ملزمان کو سزا سنائی تھی ، ٹرائل کورٹ نے پانچ ملزمان کو سزائے موت اور بقیہ کو دیگر سزائیں سنائی تھیں۔