کراچی: سال دوہزار چودہ کا سورج غروب ہورہا ہے لیکن یہ سال جاتے جاتے متعدد کھلاڑیوں کو بھی تاریخ کا حصہ بناگیا،رواں سال کئی کھلاڑی زندگی کی بازی ہار گئے۔
بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رت ہی بدل گئی، اک شخص سارے شہر کو ویران کرگیا، سال دوہزار چودہ میں کھیلوں کی دنیا کے کئی نامور ستارے دنیا چھوڑ گئے،ان میں قابل زکر نام ہاشم خان کا ہے، اسکواش میں پاکستان کو متعارف کرانے والے لیجنڈ ہاشم خان سوبرس کی عمر میں اپنے چاہنے والوں کو سوگوار چھوڑ گئے۔
ادھر فٹبال میں بھی کئی کھلاڑی دنیا کو غمگین کرگئے، جنوبی افریقی فٹبال ٹیم کے کپتان سینزو میاوا اپنی گرل فرینڈ کو چوری کے دوران بچاتے ہوئے گولی لگنے سے جاں بحق ہوئے۔
فٹبال کے لیجنڈ کھلاڑی یوسیبیو اکہتر سال کی عمر میں زندگی کی بازی ہارگئے، انیس سو چھیاسٹھ کے عالمی کپ میں یوسیبیو نے پرتگال کو تیسری پوزیشن تک پہنچانے میں اہم کرداد ادا کیا تھا۔
فٹبال کی دنیا میں منفرد مقام رکھنے والے ریال میڈرڈ کے سابق فاروڈ ایلفریڈو ڈی اسٹیفانو اٹھاسی سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے، ریال میڈرڈ کیلئے ان کی خدمات مثالی رہیں۔
فارمولا ون میں تین مرتبہ ٹائٹل جیتنے والے آسٹریلیا کے جاک بریبھم اٹھاسی سال کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوئے۔
سال جاتے جاتے مداحوں کو افسردہ کرگیا، آسٹریلوی کرکٹر فلپ ہیوز کی موت نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا، کھلاڑی تو دنیا سے چلے گئے لیکن ان کے کھیل کا اندازہمیشہ زندہ رہے گا۔