سال 2016 اپنی تمام رونقیں اور یادگار بہاروں کے ساتھ بالآخر اختتام پذیرہو رہا ہے، اس برس پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے کئی اتار چڑھاؤ سامنے آئے لیکن مجموعی طور پر یہ سال پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے کافی اچھا رہا۔
خاص طور پر یہ سال بھی گزشتہ سالوں کی طرح پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کے کپتان مصباح الحق کے لیے بہت کامیابی کا ضامن ثابت ہوا۔ دنیا کے مختلف براعظموں سے پاکستانی کھلاڑی اچھی شہ سرخیوں کی وجہ بنتے رہے۔
اظہرعلی نے اپنی شاندار کارکردگی سے بہت سے ریکارڈ اپنے نام کیے۔ اس کے علاوہ یہ سال محمد حفیظ اور یاسر شاہ کیلئے بھی خوش قسمت رہا۔ اسی سال پی ایس ایل نے بابراعظم، شرجیل خان اور محمد نواز سمیت کئی نوجوان کھلاڑیوں کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھولے۔
سال دو ہزار سولہ میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے پہلی بارعالمی نمبر ایک بن کر کھیل میں پاکستان کی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کردی۔ باکسنگ رنگ اوراسکواش کورٹ میں پاکستان کا ایک بار پھر ڈنکا بجا لیکن پاکستانی ہاکی اور فٹبال کے ستارے گردش سے باہر نہ آسکے۔ سال 2016 میں کھیل کی دنیا میں کون جیتا کون ہارا اور کس نے تاریخ رقم کی جانیے۔
: جنوری
پاکستانی امپائر علیم ڈار نے ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کی سنچری مکمل کرلی، علیم ڈارٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کی سنچری کرنے والے تیسرے امپائربن گئے، اس سے پہلے اسٹیوبکنراوررودی کٹزن یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آکلینڈ میں کھیلا جانے والا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ جیت لیا۔ پاکستان نے پہلے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کو 16 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی۔

: فروری
بھارت کے شہر گوہاٹی میں کھیلے جانے والے ساؤتھ ایشیئن گیمز کے خواتین سوئمنگ مقابلے میں پاکستان کی تیراک لیانا کیتھرین سوان نے سونے کا تمغہ جیتا۔

بھارت کے شہر گوہاٹی میں کھیلے جانے والے ساؤتھ ایشیئن گیمز میں پاکستان نے بھارت کو اسی کی سرزمین پر شکست دے کرساؤتھ ایشین گیمز کے ہاکی ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتا۔

دبئی میں کھیلے جانے والے پاکستان کی پہلے بڑے لیگ کرکٹ ایونٹ پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے دھواں دار بیٹنگ کرکے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ کا پہلا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

: مارچ
واہ کینٹ میں جاری تیسری ایشین کبڈی چیمپین شپ سرکل اسٹائل کے فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو اکتیس کے مقابلے میں 50 پوائنٹ سے شکست دے کر چیمپئن شپ جیتی۔

: جون
عالمی شہرت یافتہ سابق باکسر محمد علی 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، لیجنڈ باکسر محمد علی کلے سانس کے عارضے سمیت متعدد بیماریوں میں مبتلا تھے۔ ان کی تدفین ان کے آبائی شہر کینٹگی کے لوئی ویلے میں کی گئی۔

یورو کپ فٹ بال کے فائنل میچ میں فیصلہ کن معرکہ آرائی کے بعد پرتگال نے فرانس کو صفر کے مقابل ایک گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
میچ کے دونوں ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی جس کے بعد انہیں ایک بار 15منٹ اضافی دیے گئے تاہم کوئی ٹیم گول نہ کرسکی بعدازاں انہیں مزید اضافی وقت دیا گیا جس میں پرتگال کے فارورڈر کھلاڑی ایڈر نے گول کرکے ٹیم کو فتح دلا ئی۔

: جولائی
لندن کے شہر لارڈز میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم نے میزبان انگلینڈ کو 75 رنز سے شکست دے کر بیس برس بعد تاریخی کامیابی حاصل کی۔ پاکستان ٹیم کی جانب سے انگلینڈ کی ٹیم کو جیت کے لیے 283 رن کا ٹارگٹ دیا گیا تھا۔

لارڈز ٹیسٹ میں دس وکٹیں لے کر پاکستان کو انگلینڈ کے فتح سے ہمکنار کرانے والے یاسر شاہ ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر آگئے۔
آئی سی سی کی رینکنگ کے مطابق یاسر شاہ نے 32 پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد ٹاپ بھارتی بولر روی چندرن ایشون کو پیچھے چھوڑ کر پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔

: اگست
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور لیگ اسپنر یاسر شاہ کا نام لارڈز کے آنر بورڈ پر درج کردیا گیا, یہ کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ دونوں کھلاڑیوں کی موجودگی میں ان کے نام بورڈ پردرج کیے گئے۔
قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور یاسر شاہ نے لارڈز کے میدان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا ۔

معروف کرکٹر لٹل ماسٹر حنیف محمد کراچی میں انتقال کر گئے، وہ طویل عرصے سے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھے۔

ایجیسٹن میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے جشن آزادی کے موقع پر قوم کو جیت کا تحفہ دیتے ہوئے اوول کے گراؤنڈ میں انگلینڈ کو دس وکٹوں سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز برابر کردی۔
وزیراعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کو فتح کی مبارک باد دیتے ہوئے اسے قوم کو تحفہ قرار دیا جبکہ عمران خان، شہریار خان اور دیگر نے بھی مبارک باد پیش کی۔

:ستمبر
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر رشتہ ازدواج سے منسلک ہوگئے، فاسٹ بولر دھوم دھام کے ساتھ اپنی دلہن نرجس کو بیاہ کرلے آئے۔ ان کی سہرا بندی ان کے والد نے کی۔
پاکستان کو ٹیسٹ میں نمبر ون پوزیشن پر آنے کا انعام مل گیا، کپتان مصباح الحق نے آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سے خصوصی گرز حاصل کرلیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ایک پروقار تقریب میں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن نے مصباح الحق کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کا گرز پیش کیا، گرز حاصل کرنے کے بعد مصباح الحق نے یادگار فوٹو سیشن بھی کرایا۔
یہ شکست کا خوف تھا یا پاکستانی کراٹے ٹیم کو کمزور کرنے کی سازش کہ ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپیئن شپ کیلیے پاکستانی دستے میں شامل 14 کھلاڑیوں میں سے صرف 7 کو بھارتی ویزے جاری کیے گئے۔

بھارت نے اپنی روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا متعصبانہ رویہ برقرار رکھا ہوا ہے۔
پاکستان نے ورلڈ چیمپئن ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹوئنٹی میں کلین سوئپ کردیا، کپتان سرفراز احمد کی شاندار حکمت عملی کے باعث پاکستان نے فارمیٹ کے تینوں میچ باآسانی جیتے۔

شارجہ میں پہلا ون ڈے جیت کر پاکستان ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ میچز جیتنے والی دوسری ٹیم بن گئی۔

:اکتوبر
ابوظہبی میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 136 رنز سے شکست دیتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کی طرح ون ڈے سیریز میں بھی وائٹ واش مکمل کرلیا، 308رنز کے تعاقب میں کالی آندھی محض 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔


پاکستان کی خواتین فٹ بال کی ٹیم میں شامل اسٹرائیکر شاہ لیلیٰ احمد زئی بلوچ ایک کار حادثے میں جاں بحق ہو گئیں۔
کراچی میں دو دریا کے قریب پیش آنے والا حادثہ کار کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جس میں کار الٹ گئی۔ لیلیٰ احمد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔


دبئی میں پاکستانی ٹیم کے بیٹسمین اظہر علی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار اور تاریخ ساز ڈبل اور ٹرپل سنچری اسکور کرلی۔
وہ ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں گلابی گیند کے ساتھ ڈبل اور ٹرپل سنچری بنانے والے دنیا کےپہلے کھلاڑی بن گئے، انہون نے 302 رنز بنائے جس کے بعد پاکستانی ٹیم نے 579 رنز پر اننگز ڈیکلیئر کردی۔
پاکستانی لیگ اسپینر یاسر شاہ نے 17ویں ٹیسٹ میں وکٹوں کی تیز ترین سنچری مکمل کرتے ہوئے سعید اجمل کا 19 میچوں میں 100 وکٹیں لینے کا ریکارڈ توڑدیا اور ایشیاء کے بہترین باؤلر کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی پر ویسٹ انڈیز کیخلاف شاندار سنچری بنانے پر یونس خان کو انعام مل گیا، انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ کی رینکنگ میں یونس خان کو ٹیسٹ میچز میں دنیا کا دوسرا بہترین بلےباز قرار دے دیا،جبکہ بولرز میں یاسرشاہ نے 5 ویں پوزیشن حاصل کی۔ ،
کوالالمپور میں ہونے والے ایشیئن ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے آخری میچ میں پاکستان نے چین کو 4 صفر سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

شارجہ میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کامیاب ترین کپتان مصباح الحق نےعمران خان کے اڑتالیس ٹیسٹ میچز میں کپتانی کا ریکارڈ توڑ دیا، اور زیادہ ٹیسٹ میچ کھیلنے والے پہلے کپتان بن گئے۔

مصباح پاکستان کی جانب سے انچاسویں ٹیسٹ میں کپتانی کی، اس سے قبل یہ ریکارڈ عمران خان کے پاس تھا۔

:نومبر
پاکستان کے مکسڈ مارشل آرٹ فائٹر احمد مجتبیٰ نے سنگاپور میں ہونے والا مقابلہ جیت لیا، وہ فیدر ویٹ کیٹیگری کے مقابلوں میں اب تک ناقابل شکست ہیں۔ ون چیمپیئن شپ کی فیدر ویٹ باؤٹ کیٹیگری میں احمد مجتبیٰ کا مقابلہ سنگاپورکے بینڈکٹ اینگ سے ہوا۔

برطانوی باکسر ٹائسن فیوری نے اسلام قبول کر کے اپنا نام ریاض ٹائسن محمد رکھ لیا ہے۔ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر نئے نام ریاض ٹائسن محمد نے شک کو حقیقت میں بدل دیا۔ خاص طور پر رِنگ میں اترنے سے پہلے دعا کرانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی۔
مصباح الحق نے قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کی گولڈن جوبلی مکمل کرلی، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔ مصباح الحق پچاس میچز میں کپتانی کرنے والے پہلے پاکستانی اور تیسرے ایشیائی کپتان بن گئے ہیں، کرائسٹ چرچ ٹیسٹ سے قبل مصباح نے ٹیم کے ہمراہ پچاسویں ٹیسٹ کی قیادت کرنے کا جشن مناتے ہوئے کیک بھی کاٹا۔

دنیا کی بلند ترین اور قاتل برفانی چوٹیوں کو اپنے عزم و ہمت سے شکست دینے والے عالمی شہرت یافتہ کوہ پیما حسن سد پارہ موت سے شکست کھا گئے، وہ خون کے سرطان میں مبتلا تھے، وزیر اعظم نواز شریف ،عمران خان اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں شاہد آفریدی اسٹیڈیم کا افتتاح کردیا۔ افتتاح کے موقع پر معروف کرکٹر شاہد آفریدی بھی موجود تھے۔
سیول میں پاکستانی باکسر محمد وسیم نے ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ میں فلپائنی باکسر گیمل مگرامو کو شکست دے دی۔ باکسنگ کی دنیا کے ابھرتے ہوئےاسٹار پاکستانی باکسر محمد وسیم نے جنوبی کوریا میں ورلڈ باکسنگ کونسل سلور چمپئن شپ میں فلپائنی باکسر کو دھول چٹادی اور اس طر ح انہوں نے ایک اور فتح اپنے نام کی۔
بنکاک میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کی ویمن ٹیم کو 17 رنز سے شکست دے کر ویمن ایشیا ٹی ٹوئنٹی کپ جیت لیا۔ بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو 122 رنز کا ہدف دیا تھا۔
قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے پاکستان کے لیے سال 2016 کے لیے آئی سی سی اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ جیت لیا۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔
:دسمبر
میلبرن میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا سے ایک اننگ اور 18 رنز سے شکست کے بعد قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دے دیا ہے۔

شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ مستقبل کے حوالے سے سوچنے کا وقت آگیا ہے، پرفارم نہیں کررہا تو ٹیم میں رہنے کا بھی حق نہیں ہے۔