Tag: 2018

  • ایک دوسرے پر پانی پھینکنے کی انوکھی مذہبی رسم

    ایک دوسرے پر پانی پھینکنے کی انوکھی مذہبی رسم

    نیپیدوا: میانمار  میں نئے سال  کو خوش آمدید کہنے کے لیے سالانہ واٹر فیسٹیول کا آغاز ہوگیا جو تین روز تک جاری رہے گا، عوام کی بڑی تعداد نے پہلے روز مذہبی رسم میں حصہ لیا اور پانی کے ہتھیار لئے سڑکوں پر نکل آئے ۔

    تفصیلات کے مطابق ہر سال کی طرح امسال بھی 13 سے 16 اپریل تک میانمار میں سالانہ واٹر فیسٹیول کا آغاز ہوگیا، سال نو کے آغاز پر اس فیسٹیول میں ہر عمر کے لوگ شریک ہوئے اور مذہبی رسم کو جوش و جذبے کے ساتھ ادا کیا۔

    بدھ مت مذہب تعلق رکھنے والے بچے، بڑے اور خواتین اہم شاہراؤں، گلیوں، محلوں میں واٹر فائٹ کرتے رہے اور ایک دوسرے کو پانی سے نہلایا، فیسٹیول میں شریک ہونے والا ہر شخص اپنے دوست اور عزیز کو پانی سے نہلانے کی کوشش کرتا رہا۔

    فیسٹیول کے  دوران ہزاروں افراد شہر کے بیچوں بیچ سڑکوں پر نکل کر پانی سے جنگ کرتے دکھائی دیے، اس موقع پر میانمار کا فنکاروں نے ثقافتی رقص بھی پیش کیا جبکہ حکومت کی جانب سے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا۔

    واضح رہے کہ میانمار میں ہر سال عیسوئی کلینڈر کے حساب سے اپریل کی 13 سے 16 تاریخ تک واٹر فیسٹیول کا انعقاد کیا جاتا ہے، یہ تہوار دراصل بدھ مت مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد مذہبی جوش و خروش سے مناتے ہیں جس کا مقصد نئے سال کو خوش آمدید کہنا ہے۔

    حکومت کی جانب سے مذہبی تہوار کے پیش نظر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا جاتا ہے جس کے تحت تمام نجی و سرکاری اور تعلیمی ادارے بند رہتے ہیں اور ہر شخص بڑھ چڑھ کر فیسٹیول میں حصہ لیتا ہے۔

    مزید تصاویر دیکھیں


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عمران خان اور ملالہ یوسفزئی سب سے زیادہ پسندیدہ شخصیات کی فہرست میں شامل

    عمران خان اور ملالہ یوسفزئی سب سے زیادہ پسندیدہ شخصیات کی فہرست میں شامل

    لندن : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کو 2018 کی سب سے زیادہ پسندیدہ شخصیات کی فہرست میں شامل کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پسندیدہ شخصیات سے متعلق برطانوی ویب سائٹ کی رپورٹ جاری کردی، جس میں عمران خان اورملالہ یوسفزئی سب سے زیادہ پسندیدہ شخصیات میں شامل کرلیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ پسندیدہ شخصیات میں ملالہ کا ساتواں اورعمران خان کا20واں نمبر ہے۔

    دنیا میں سب سے زیادہ پسند کیے جانے والی خواتین کی فہرست میں اداکارہ انجلیناجولی پہلے اور مردوں میں مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس پہلے نمبر پر ہے۔

    سال 2018 کی پسندیدہ شخصیات کی فہرست میں سابق امریکی صدر براک اوباما کی اہلیہ مشعل اوباما دوسرے نمبر پرہے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ 17 ویں نمبر پر ہے۔

    مردوں میں معروف چینی اداکار جیکی چین تیسرے ،  چین کے صدر شی جن پنگ چوتھے اور  علی بابا کمپنی کے سربراہ جیک ما 5ویں نمبر پر سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے افراد میں شامل ہیں۔

    سب سے زیادہ پسند کی جانے والی خواتین کی فہرست میں اوپرا ونفری  تیسرے ، ملکہ برطانیہ چوتھے،، ہیلری کلنٹن پانچویں ، انجیلا مرکل 8ویں اور برطانوی وزیراعظم تھریسامے 15 ویں نمبر پر ہے۔

    بالی ووڈ اداکار اور اداکارائیں بھی پسندیدہ شخصیات کی فہرست میں شامل ہیں، جن میں امیتابھ بچن 9ویں، ایشوریا رائے بچن 11 ویں، پریانکا چوپڑا 12 ویں اور دپیکا پڈوکون 13 ویں نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب ہوئیں۔

    خیال رہے برطانوی ویب سائٹ  نے پسندیدہ شخصیات سے متعلق فہرست میں مجموعی طور پر 20 خواتین اور 20 مرد حضرات شامل کیا ہے  اور اس کے نتائج کے لیے 35 ممالک کے 37 ہزار افراد سے آن لائن انٹرویو کیا گیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

  • فٹبال ورلڈ کپ کو روس سے منتقل کیا جائے، برطانوی حکام کا مطالبہ

    فٹبال ورلڈ کپ کو روس سے منتقل کیا جائے، برطانوی حکام کا مطالبہ

    ماسکو: برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن کا کہنا ہے کہ روس میں فٹبال کے عالمی کپ کا انعقاد ایسا ہی ہے جیسے سن 1936 میں جرمنی میں منعقد ہونے والا اولمپکس تھا، فٹبال ورلڈ کپ کو روس سے منتقل کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق روسی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا اور برطانیہ سابق جاسوس پر اعصاب متاثر کرنے والے کیمیکل سے حملے کا الزام لگاکر روس کو فٹبال کے عالمی کپ کی میزبانی سے محروم کرنا چاہتے ہیں۔

    گذشتہ کچھ دنوں سے برطانیہ اور روس کے تعلقات میں برطانوی شہر سالسبری میں ڈبل ایجنٹ پے قاتلانہ حملے کی واجہ سے کشیدگی بڑھتی ہی جارہی ہے، اور دونوں ملک کے رہنما ایک دوسرے کے اوپر الزام کی بوچاڑ کررہے ہیں۔

    روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا کا روسی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں کہنا ہے کہ ’روس پر برطانیہ کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کا مقصد روس کو فٹبال کے عالمی کپ کی میزبانی سے روکنا ہے‘۔

    یاد رہے کہ برطانوی حکام نے روس پر الزام عائد کی تھا کہ انہوں  نے برطانیہ میں مقیم روس کے ایک سابق جاسوس پر اعصاب متاثر کرنے والے کیمیکل سے قاتلانہ حملہ کیا تھا اور برطانیہ و دیگراتحادی  اس الزام میں روس کو سزا دینا چاہتے ہیں۔

    برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن کا کہنا تھا کہ روس میں فٹبال کے عالمی کا انعقاد ایسا ہی ہے جیسے سن 1936 میں نازی جرمن یعنی ہٹلر دور میں ہونے والے اولمپکس تھے۔ جبکہ برطانیہ کی حزب اختلاف کے رکن پارلیمان نے فٹبال کے عالمی کپ کو روس سے باہر لے جانے یا ملتوی کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ سابق روسی جاسوس سرگئی اسکریپال اور اس کی بیٹی یویلیا کو زہر دیے جانے کے مسئلے پر سینکڑوں سفیروں کو دونوں جانب سے ملک بدر کیا گیا ہے۔

    جبکہ امریکا میں روس کے 170 سفارت کاروں کو جمعے کے روز اہل خانہ کے ہمراہ واشنگٹن کو الوداع کہنا پڑا ، تو دوسری طرف سینٹ پیٹرزبرگ میں امریکی سفارت خانے کو بند کرنے کا حکم جاری ہوا۔

    روسی وزیر خارجہ کی ترجمان ماریہ کا کہنا تھا کہ ’برطانیہ اور امریکا دیگر یورپی ممالک کے ساتھ ملکر فٹبال ورلڈ کپ کو روس سے ہٹانا چاہتے ہیں چاہےخواہ طریقہ کوئی بھی ہو‘۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • برلن: سالانہ ’’فروٹ لاجسٹکا 2018‘‘ ، پاکستانی پھلوں اور سبزیوں کی دھوم

    برلن: سالانہ ’’فروٹ لاجسٹکا 2018‘‘ ، پاکستانی پھلوں اور سبزیوں کی دھوم

    برلن: جرمنی کے دارالحکومت میں سالانہ ’’فروٹ لاجسٹکا 2018‘‘ کی نمائش میں پاکستان کے پھل اور سبزیاں خریداروں کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق برلن میں پھلوں اور سبزیوں کی سالانہ نمائش ’’فروٹ لاجسٹکا 2018‘‘ جاری ہے جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے ایک سو سے زائد ممالک کی کمپنیاں شریک ہیں۔

    جرمنی میں تعینات پاکستان کے سفیر جوہر سلیم کا کہنا ہے کہ پاکستانی آم اور کینو کےعلاوہ کھجور بھی خریداروں کی دلچسپی کا مرکز بنے ہوئے ہیں جو کہ پھل کی ایکسپورٹ کےلیے بہت خوش آئند ہے۔

    افغانستان سے تازہ پھلوں کی درآمد معطل، پاکستانی تاجروں کو مشکلات

    پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین وحید احمد نے کہا ہے کہ گزشتہ سال نمائش سے پاکستانی تاجروں نے 2 ملین ڈالر کا کاروبار کیا تھا جبکہ رواں سال امید کی جارہی ہے کہ پاکستانی ایکسپوٹرز 2 ملین ڈالر سے زائد کے ایکسپورٹ آڈرز حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

    سالانہ نمائش میں شریک پاکستانی تاجر پر امید ہیں کہ پھلوں کے علاوہ پاکستانی سبزیوں کے بھی آرڈر حاصل کرلیں گے۔

    ایرانی پھلوں کی بھرمار،پاکستانی کاشتکارمشکلات کا شکا

    یاد رہے گزشتہ سال محکمہ زراعت پنجاب نے دنیا بھر میں پسند کیے جانے والے پاکستان کے اہم ترین پھلوں کی برآمدات میں رکاوٹ ختم کرنے کے لیے کروڑوں روپے کا منصوبہ شروع کیا تھا۔

    منصوبے کا انعقاد صوبہ پنجاب کے 30 اضلاع میں کیا گیا تھا جس کے مطابق 15 اضلاع میں فروٹ فلائی مٹیریل (میتھائل یوجینال، پروٹین ہائیڈرو لائیسٹ، میلا تھیان اور پلاسٹک ٹریپ) پر 50 فیصد سبسڈی دی گئی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • بین الاقوامی اقتصادی فورم کا کل سے آغاز ،عالمی رہنماؤں کی شرکت سالانہ

    بین الاقوامی اقتصادی فورم کا کل سے آغاز ،عالمی رہنماؤں کی شرکت سالانہ

    جنیوا: عالمی اقتصادی فورم کا آغاز سوئٹرز لینڈ میں کل سے ہورہا ہے، فورم میں ترقی استحکام اور صنعت کے موضوعات شامل ہیں، پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی اقتصادی فورم دوہزار اٹھارہ کا آغاز تئیس جنوری سے ڈیواس میں ہوگا، ورلڈ اکنامک فورم تین دن تک جاری رہے گا۔ فورم میں چالیس سے زائد عالمی رہنما اور ایک سو ممالک سے ڈھائی ہزار مندوبین شرکت کریں گے۔

    اس سال فورم کا موضوع موجودہ عالمی حالات میں مشترکہ مستقبل کیلئے کوششیں ہے۔

    فورم میں پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کریں گے۔

    ورلڈ اکنامک فورم کی ویب سائٹ کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں پر شرکاء سے بھی خطاب کر یں گے، اس کے علاوہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، کنیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو ، فرانسسی صدر ایمانیول میکرون بھی شرکت کریں۔

    اجلاس میں تعلیم صحت ، معیشت سمیت سائبر سیکورٹی، متعدی امراض اور بے روزگاری پر بھی بات چیت کی جائےگی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • لاہور میں‌ سجے گا بچوں کا تین روزہ ادبی میلہ

    لاہور میں‌ سجے گا بچوں کا تین روزہ ادبی میلہ

    لاہور: بچوں میں ادبی سرگرمیاں اجاگر کرنے کے لئے زندہ دلوں‌ کے شہر لاہور میں‌ تین زورہ ادبی میلے کا انعقاد کیا جارہا ہے،یہ میلہ سی ایل ایف اور ڈبلو سی ایل اے کے اشتراک سے منعقد کیا جائے گا، جس کا مقصد بچوں میں شوق مطالعہ اجاگر کرنا ہے۔

    اس تین روزہ میلے میں جہاں پاکستان کی تاریخی ورثوں کو نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا، وہیں بچوں کے لیے مختلف ورک شاپ، کتابوں کے اسٹال اور دیگر انتظامات کئے گئے ہیں۔

    کراچی لٹریچرفیسٹیول 2017 کیسا رہا؟

    منتظمین کے مطابق اس میلے کا مقصد بچوں کو کتب بیبی کی طرف مائل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ثقافتی ورثہ سے روشناس کروانا ہے. انھیں امید ہے کہ یہ ایک کامیاب میلہ ثابت ہوگا۔

    سی ایل ایف کی بانی رکن بیلا جمیل کا کہنا ہے کہ لاہور ہمارا تہذیب و ثقافتی پس منظر کا حامل شہر ہے، جس کے متخلف پہلوئوں کو ہم اس تین روزہ میلے میں بچوں‌ کے سامنے پیش کریں‌ گے۔

    تین روزہ میلے میں کئی مشہور ادبی شخصیتوں کی آمد بھی متوقع ہے، میلے کی انتظامیہ کو یونیسکو، آکسفرڈ، بریٹش کاؤنسل کا تعاون حاصل ہے۔


    کراچی لٹریچر فیسٹول میں بچوں اور نوجوان شاعروں کے لیے خصوصی پروگرام بھی رکھے گئے ہیں اور اس دوران کل 20 نئی کتابوں کا اجرا کیا جائے گا۔ فیسٹیول 12 فروری تک پوری آب و تاب کے ساتھ جاری رہے گا۔</p

  • کامیاب سال تمام ہوا، سالِ نو کے نئے چیلینجوں کا مقابلہ کرنے کو تیارہیں، آرمی چیف

    کامیاب سال تمام ہوا، سالِ نو کے نئے چیلینجوں کا مقابلہ کرنے کو تیارہیں، آرمی چیف

    راولپنڈی : چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر باجوہ نے کہا ہے کہ ایک یادگار سال اختتام پذیر ہوگیا ہے اور سال 2018 انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس میں کئی داخلی اور خارجی چیلینجز درپیش ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سپہ سالار پاک فوج قمر باجوہ کے نئے سال سے متعلق بیان کو شائع کیا ہے۔

    اپنے بیان میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ایک کامیاب سال بیت گیا ہے ایک اور نیا سال نئے اہداف اور مقابلوں کے ساتھ آن پہنچا ہے ، پاک فوج ان اندرونی و بیرونی اور غیر معمولی چیلینجوں کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاک فوج مشکلات اور مسائل کو چیلینج کے طور پر لیتی ہے اور انہیں حاصل کرنے کے لیے اپنی تمام تر پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے ان چیلینجز کو مواقعوں میں تبدیل کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

    آرمی چیف نے مزید کہا کہ کوئی بھی پاکستان کے عزم کو شکست نہیں دے سکتا، ہم نے اہداف کا ایک حصہ طے کر لیا اور انشااللہ باقی کا کام بھی متحد ہو کرسرانجام دیں گے۔

    آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے کہا کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت پاکستان کے عزم و حوصلوں کو شکست نہیں دے سکتا اور انشااللہ سال 2018 پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کا سال ہوگا۔

     

  • سنہ 2018 میں آسمانوں پر کیا ہوگا؟

    سنہ 2018 میں آسمانوں پر کیا ہوگا؟

    ہر برس کی طرح سنہ 2018 بھی اپنے جلو میں کچھ نئے، انوکھے اور یادگار واقعات لیے وارد ہونے والا ہے۔ ان میں بہت سے ایسے نادر فلکیاتی واقعات بھی شامل ہیں جو کئی بر سوں بلکہ بعض اوقات عشروں بعد دیکھنے کو ملتے ہیں۔ ان کا سیرِ حاصل جائزہ پیش کیا جارہا ہے۔


    سپر مون / بلو مون: یکم اور 31 جنوری

    نئے سال کا آغاز سال کے پہلے سپر مون سے ہوگا۔ سپر مون اس وقت دکھائی دیتا ہے جب چاند اپنے بیضوی مدار میں گردش کرتے ہوئے زمین کے قریب ترین مقام ’پیریگی‘ پر آجاتا ہے جس کے باعث وہ معمول سے زیادہ بڑا اور روشن دکھائی دیتا ہے۔

    یکم جنوری کو نظر آنے والا سپر مون 3 دسمبر 2017 کے چاند سے بہت مشابہہ ہوگا۔ یہ معمول کے سائز سے 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن ہوگا۔ اس چاند کو فلکیاتی اصطلاح میں ‘ وولف مون’ بھی کہا جاتا ہے۔

    اسی ماہ دوسرا مکمل چاند 31 جنوری کی رات دیکھا جائے گا جو ’بلو مون‘ کہلاتا ہے۔ اس کے علاوہ اس کی ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ یہ ایک فلکیاتی چار ماہی میں رونما ہونے والا تیسرا مکمل چاند ہوتا ہے اور نسبتاً زیادہ روشن بھی۔


    مکمل چاند گرہن: 31 جنوری اور 27 جولائی

    مکمل چاند گرہن اس وقت رونما ہوتا ہے جب دورانِ گردش زمین، چاند اور سورج کے درمیان حائل ہو جاتی ہے جس کے باعث چاند خونی یا سرخی مائل دکھائی دیتا ہے۔

    زمین کا جو گہرا سایہ چاند پر پڑتا ہے وہ فلکیات کی اصطلاح میں ’امبرا‘ کہلاتا ہے۔ 31 جنوری کو رونما ہونے والا چاند گرہن شمالی مغربی امریکہ، مشرقی ایشیا،آسٹریلیا اور بحر الکاہل کے متعدد ممالک میں دکھائی دے گا جبکہ 27 جولائی کا گرہن یورپ، افریقہ، مغربی و وسطی ایشیا، بحر ہند اور مغربی آسٹریلیا سمیت دنیا بھر میں دیکھا جائے گا۔


    بلیک مون: فروری

    اس برس جنوری اور مارچ میں 2، 2 مکمل چاند یا بلو مون رونما ہونے باعث درمیان کے مہینے فروری میں ایک دفعہ بھی مکمل چاند نظر نہیں آسکے گا۔ یہ امر ’بلیک مون‘ کہلاتا ہے جو ہر 20 برس کے بعد رونما ہوتا ہے۔

    اگرچہ بلیک مون کوئی باقاعدہ فلکیاتی اصطلاح نہیں ہے مگرحالیہ چند برسوں میں سوشل میڈیا اور آسٹرولوجرز کی جانب سے اس کے کثرت استعمال کے باعث یہ زبان زد عام ہو گیا ہے۔

    بلیک مون اب دوبارہ 2038 میں رونما ہوگا۔


    جزوی سورج گرہن: 15 فروری، 13 جولائی اور 11 اگست

    سنہ 2018 کا پہلا جزوی سورج گرہن 15 فروری کو رونما ہوگا جو چلی، ارجنٹینا اور انٹارکٹیکا میں دیکھا جاسکے گا۔ 13 جولائی کا سورج گرہن آسٹریلیا اور انٹارکٹیکا میں جبکہ 11 اگست کو ایک دفعہ پھر چاند، زمین اور سورج کے درمیان کچھ وقت کے لیے حائل ہوگا جس کا مشاہدہ شمال مشرقی کینیڈا، گرین لینڈ، شمال شمالی یورپ، روس کے متعدد شمالی علاقوں اور شمال مشرقی ایشیا میں کیا جاسکے گا۔

    یہ سال کا سب سے بڑا سورج گرہن ہوگا جس کا دنیا بھر میں مشاہدہ کیا جائے گا۔


    میٹی یور شاورز یا شہابِ ثاقب کی برسات

    ہر برس کی طرح سال 2018 میں بھی آسمانی پتھروں کی بارش یا میٹی یور شاورز جاری رہیں گی۔ یہ کثرت سے دکھائی دینے والا عمل دراصل اس وقت رونما ہوتا ہے جب کوئی دم دار ستارہ تیزی سے زمین کے قریب سے گزرتا ہے تب اس کی دم سے خارج ہونے والے چھوٹے چھوٹے چٹانی پتھر یا کنکریاں برسات کی صورت میں گرتی ہوئی واضح دکھائی دیتی ہیں جنہیں ان کے متعلقہ کانسٹی لیشن یا برج کے نام سے منسوب کیا جاتا ہے۔

    ان میں لیونائڈ، جیمینائڈ ، ٹورئڈ اور پرسیڈ شاورز قابلِ ذکر ہیں۔ سنہ 2018 میں 12 اور 13 اگست کی رات پر سیڈ میٹی یور شاور دکھائی دے گا جس میں پتھروں کی گرنے کی رفتار ساٹھ میٹی یور فی گھنٹہ ہوگی، جبکہ 13 اور 14 دسمبر کی رات سال کا زبردست شاور دیکھا جاسکے گا جس کی رفتار ایک سو بیس میٹی یور فی گھنٹہ ہوگی۔


    بلیک ہول کے ایونٹ ہوریزون کا مشاہدہ

    کسی بلیک ہول کا وہ مقام جہاں اس کا ثقلی دباؤ اس قدر زیادہ ہوتا ہے کہ روشنی جو کائنات کی تیز ترین شے سمجھی جاتی ہے وہ بھی اس مقام سے خارج نہیں ہو پاتی، ایونٹ ہوریزون کہلاتا ہے۔

    اپریل 2018 فلکیات اور خلا کی تسخیر میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے ایک بڑی خبر لارہا ہے جب خصوصی طور پر ڈیزائن کردہ ملٹی ٹیلی سکوپ کے ذریعے ہماری ملکی وے گلیکسی کے مرکز میں واقع بلیک ہول ’سیجی ٹیریس اے‘ کی تصاویر لی جائیں گی۔

    اس اسپیشل ٹیلی سکوپ کو ایونٹ ہوریزون ٹیلی سکوپ کا نام دیا گیا ہے۔ تقریباً 5 روز تک مسلسل مشاہدے کے بعد جو تصویر حاصل ہوگی وہ یقیناً بہت سی کائناتی گتھیوں کو سلجھانے کے علاوہ کچھ نئی دریافتوں کا بھی سبب بنے گی۔


    چاند کا سفر

    اگرچہ 1972 کے بعد سے چاند کی جانب کوئی نئی پیش قدمی نہیں کی گئی مگر سنہ 2018 اس حوالے سے خبروں کا مرکز رہے گا۔ چین اور انڈیا اپنے اپنے روبوٹک سپیس پروب چاند پر بھیجنے کے لیے پوری طرح مستعد ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ اگلے برس کے وسط تک یہ مشنز روانہ کیے جا چکے ہوں گے۔

    اس کے ساتھ ہی گوگل بھی اپنا روبوٹک پروب اسی برس بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے مگر عین ممکن ہے کہ اس میں کچھ تاخیر ہو جائے۔ جبکہ گذشتہ ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ناسا کی جانب سے بھی چاند پر دوبارہ مشن بھیجنے کے اعلانات سننے کو ملے ہیں۔ لہٰذا چاند کے شیدائیوں اور اپولو الیون کی لینڈنگ کو جھوٹا قرار دینے والوں کے لیے 2018 بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔

    اسی برس سپیس ایکس کی جانب سے بھیجی جانے والی خلائی گاڑی زمین کے قریب ترین سیارچے پر اترے گی جس کی واپسی 2023 تک متوقع ہے۔ یقیناً اس مشن سے بھی زحل کے کیسینی مشن کی طرح گراں قدر معلومات حاصل ہوں گی۔


    عطارد کی جانب سفر

    ناسا اور یورپین سپیس ایجنسی کا خلا اور نظامِ شمسی کے دیگر سیاروں پر کمندیں ڈالنے کا سفر کافی عرصے سے جاری ہے مگر حالیہ برسوں میں اس حوالے سے بڑی خبریں سامنے آئی ہیں اور خلا کے شیدائیوں کو نوید ہو کہ 2018 میں یورپین سپیس ایجنسی اور جاپان کی سپیس ایجنسی اپنا مشترکہ مشن عطارد کی جانب بھیجنے کا اعلان کرچکی ہیں۔

    واضح رہے کہ عطارد سورج کے سب سے نزدیک واقع سیارہ ہے۔ اس مشن کے لیے بھیجی جانے والی سپیس پروب 2025 تک عطارد پر لینڈ کر سکے گی مگر جیسے جیسے یہ عطارد کے قریب پہنچے گی، سورج سے فاصلہ کم ہونے باعث سائنسدانوں کو اس سے موصول ہونے والے سگنلز سے نہایت اہم معلومات حاصل ہوں گی۔

    اس مشن کو ’بی بی کولمبو‘ کا نام دیا گیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • دہشت گردی کے4مقدمات،عمران خان کی عبوری ضمانت میں2 جنوری تک توسیع

    دہشت گردی کے4مقدمات،عمران خان کی عبوری ضمانت میں2 جنوری تک توسیع

    اسلام آباد : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے چار مقدمات میں چیئرمین عمران خان کی عبوری ضمانت میں 2 جنوری تک توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف4مقدمات کی سماعت کی اور عمران خان کی جانب سے دائر درخواست منظور کرتے ہوئے ان کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔

    عمران خان کے خلاف چار مقدمات میں پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس سمیت سابق ایس ایس پی اسلام آباد عصمت اللہ جونیجو پر تشدد کا کیس شامل ہے۔

    جس کے بعد عمران خان کیخلاف 4مقدمات کی تاریخ سماعت تبدیل کردی گئی، اب عمران خان 19 دسمبر کے بجائے 2 جنوری کو عدالت میں پیش ہوں گے۔

    خیال رہے کہ عمران خان نےعبوری ضمانت میں توسیع کیلئےعدالت سے رجوع کیا تھا۔


    مزید پڑھیں : دہشتگردی کی دفعات ختم کرنے کی عمران خان کی درخواست مسترد


    گذشتہ سماعت میں عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی دہشتگردی کی دفعات ختم کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ چار مقدمات انسداددہشت گردی کی دفعات کے تحت ہی چلیں گے۔

    عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں 19 دسمبر کی توسیع کرتے ہوئے دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ 14 نومبر کوعمران خان انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئے تھے، جہاں عدالت نے دو، دو لاکھ روپے کے عوض چیئرمین پی ٹی آئی کی چار مقدمات میں ضمانت منظور کی تھی۔


    مزید پڑھیں : عمران خان نے اپنے اوپر لگے تمام الزامات مسترد کردیئے


    یاد رہے اس سے قبل  تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے  پی ٹی وی حملہ سمیت چار کیسز میں تفتیشی افسر انیس اکبر کو تحریری بیان ریکارڈ کرایا اور اپنے اوپر لگے تمام الزامات مسترد کردیئے تھے۔

    واضح رہے کہ عمران خان کو پی ٹی وی حملے سمیت تین مقدمات میں اشتہاری قرار دیا گیا تھا، 2014 میں تحریک انصاف کے دھرنے کے دوران عمران خان اور تحریکِ انصاف کے رہنماء عارف علوی کی مبینہ ٹیلیفونک گفتگو منظرِ عام پر آ ئی تھی، جس میں عمران خان مبینہ طور پر حملہ کرنے کا کہہ رہے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سعودی عرب میں سنیما انڈسٹری آئندہ برس بحال ہوگی

    سعودی عرب میں سنیما انڈسٹری آئندہ برس بحال ہوگی

    دبئی : سعودی عرب میں سنیما انڈسٹری کی بحالی کا موضوع ایک عرصے سے زیر بحث تھا‘ مگر اب اس فیصلے پر تصدیق کی مہر ثبت ہو گئی ہے۔

     بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی رایٹرز کے مطابق سعوری عرب میں جلد سنیما انڈسٹری بحال کردی جائے گی اور غالب امکان ہے کہ 2018 کے اوائل میں سعودی عرب میں پہلا سنیما گھرکھل جائے گا۔

    سعودی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت عواد بن صالح نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ انڈسٹری کی ریگولٹری باڈی کی حیثیت سے کمیشن برائے آڈیو ویژول میڈیا نے سنیما گھروں کو لائسنس جاری کرنے کے لیے کام شروع کر دیا ہے۔

    انھوں نے مارچ 2018 میں پہلے سنیما کے افتتاح کی امید ظاہر کی ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں مذہبی طبقات کی شدید مخالفت کے باعث سن 70میں سنیما گھروں کو بند کردیا گیا تھا۔

    تجزیہ کاروں نے اس اقدام کو سعودی عرب کے سخت گیر معاشرے میں جاری اصلاحات میں کلیدی قرار دیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سال کے وسط میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینے کے اہم فیصلے کے بعد طالبات کو یونیورسٹیوں میں موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی تھی۔

    بعد ازاں سعودی حکومت نے روشن خیالی  کی سمت ایک اور قدم آگے بڑھاتے ہوئے سرکاری چینل پر عرب لیجنڈ گلوکارہ ام کلثوم کا میوزک کنسرٹ نشر کیا تھا۔

    سعودی عرب: سرکاری ٹی وی پر میوزیکل کنسرٹ نشر*

    تجزیہ کاروں کے مطابق یہ تبدیلیاں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ویژن 2030 کا حصہ ہیں۔ جس کے تحت دارالحکومت ریاض کے نزدیک ایک عظیم الشان تفریحی شہر بنایا جائے گا، جس میں گالف کورسز، کار ریسنگ ٹریک اور سنیما گھروں کی تعمیر شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ گذشتہ برس بھی سعودی عرب سے سنیما انڈسٹری کی بحالی کے ساتھ عشروں پر محیط ثقافتی جمود ٹوٹنے کی خبریں آئی تھیں اور سعودی ثقافت اور فنون ایسوسی ایشن کے چیئرمین سلطان البازی نے اسے بدلتی ہوئی سماجی تبدلیوں کا نتیجہ قرار دیا تھا، تاہم پھر یہ معاملہ تاخیر کا شکار ہوگیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔