Tag: 2019 کا سورج گرہن

  • پاکستان میں سورج کو گرہن لگ گیا، مختلف شہروں میں نماز کسوف ادا کی گئی

    پاکستان میں سورج کو گرہن لگ گیا، مختلف شہروں میں نماز کسوف ادا کی گئی

    کراچی: پاکستان میں سورج کو گرہن لگ گیا، سورج گرہن 8 بج کر37 منٹ پر اپنے عروج پر پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سورج کو گرہن لگ گیا ہے، گرہن آٹھ بجکر سینتیس منٹ پر عروج پر پہنچا، گرہن لگنے کا یہ عمل دوپہر ایک بجے کے قریب ختم ہو جائے گا۔

    اس سال سورج گرہن کو رِنگ آف فائر کا نام دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان میں آخری سورج گرہن 1999 میں دیکھا گیا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گرہن لگنے کے دوران سورج کا براہ راست نظارہ نہ کیا جائے، سورج گرہن کو حفاظتی چشمہ لگا کر دیکھا جا سکتا ہے۔

    سورج گرہن کے موقع پر کراچی، کوئٹہ، پشاور، اسلام آباد میں مختلف مقامات پر نماز کسوف ادا کی گئی، نماز کسوف کے بعد ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ علمائے کرام کہتے ہیں کہ سورج گرہن اللہ کی نشانیوں میں سے ایک ہے، ان لمحات میں نماز کسوف ادا کی جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سورج کو گرہن کب لگے گا؟

    واضح رہے کہ یہ دنیا بھر میں رواں سال کا آخری سورج گرہن ہے جسے پاکستان کے ساحلی علاقوں کراچی اور گوادر میں بھی دیکھا جا سکے گا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق پاکستان میں سورج گرہن کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 30 منٹ پر ہوا اور 8 بج کر 37 منٹ پر یہ اپنے عروج کو پہنچے گا۔

    ماہرین نے کہا تھا کہ دن کے وقت میں اندھیرا ہو جائے گا کیوں کہ چاند سورج کے بالکل آگے آ جائے گا جس کی وجہ سے اُس کی روشنی کم پڑ جائے گی۔ اس سورج گرہن کو گزشتہ دس سال کا سب سے طاقت ور ترین قرار دیا جا رہا ہے۔

  • سال کا دوسرا سورج گرہن کل اور پرسوں ہوگا: محکمہ موسمیات

    سال کا دوسرا سورج گرہن کل اور پرسوں ہوگا: محکمہ موسمیات

    کراچی: محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ سال کا دوسرا سورج گرہن کل اور پرسوں ہوگا، تاہم یہ سورج گرہن پاکستان میں نہیں دیکھا جا سکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمۂ موسمیات نے کہا ہے کہ کل اور پرسوں سورج گرہن ہوگا جسے پاکستان میں نہیں دیکھا جا سکے گا، دیگر ممالک میں کل سورج گرہن رات 9 بج کر 55 منٹ پر شروع ہوگا۔

    محکمۂ موسمیات نے کہا کہ سورج کو مکمل گرہن رات 11 بج کر 3 منٹ پر لگے گا، یہ سورج گرہن 3 جولائی کو دن 11 بج کر 51 منٹ پر ختم ہوگا۔

    محکمۂ موسمیات نے یہ بھی بتایا کہ اس گرہن کو سورج غروب ہونے سے قبل چلی اور ارجنٹینا میں دیکھا جا سکے گا، پیسیفک اور جنوبی امریکا کے کچھ علاقوں میں بھی سورج گرہن دیکھا جا سکے گا۔

    جب کہ ایکواڈور، برازیل، یورا گواے، پیراگے میں جزوی طور پر سورج گرہن ہوگا۔

    یاد رہے کہ رواں سال کا پہلا سورج گرہن 6 جنوری کو ہوا تھا جس کا نظارہ امریکا، مشرقی روس، چین، شمالی اور جنوبی کوریا سمیت جاپان کے مختلف شہروں میں کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ سورج کو گرہن اس وقت لگتا ہے جب چاند اپنے مدار میں گردش کرتے ہوئے زمین اور سورج کے درمیان حائل ہو جاتا ہے اور اس کی روشنی زمین تک پہنچنے سے روک دیتا ہے لیکن چوں کہ سورج کا فاصلہ زمین سے چاند کے فاصلے کے مقابلے میں 400 گنا زیادہ ہے، اس لیے سورج چاند کے پیچھے مکمل یا جزوی طور پر چھپ جاتا ہے۔