Tag: 2020

  • سارہ علی خان کا سب سے بدترین سال کون سا تھا؟

    سارہ علی خان کا سب سے بدترین سال کون سا تھا؟

    معروف بالی ووڈ اداکارہ سارہ علی خان نے سال 2020 کو اپنے لیے بدترین قرار دیا ہے، انہوں نے بتایا کہ سال 2020 کا زیادہ تر حصہ انہوں نے کس طرح گزارا تھا۔

    سیف علی خان اور امریتا سنگھ کی صاحبزادی سارہ علی خان نے اپنے حالیہ دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ سال 2020 کا آغاز بریک اپ سے ہوا تھا اور پھر وقت مزید بدتر ہوتا چلا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہت ہی برا سال تھا اور اس کا زیادہ تر حصہ صرف انٹرنیٹ پر ہی گزرا تھا۔

    سارہ علی خان نے اپنی نئی فلم لو آج کل 2 کی ناکامی کے بعد سوشل میڈیا پر ہونے والی ٹرولنگ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ جانتے ہوں کہ آپ سے غلطی ہوئی ہے تب تنقید سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

  • غیر ملکیوں کے واپس نہ آنے سے کویت کی معیشت کو جھٹکا

    غیر ملکیوں کے واپس نہ آنے سے کویت کی معیشت کو جھٹکا

    کویت سٹی: کویت وہ واحد ملک ہے جس نے کرونا وائرس کنٹرول کر لینے کے بعد بھی ابھی تک غیر ملکیوں کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دی اور یہ مسئلہ اب ملک کی معیشت کی بحالی کو متاثر کر رہا ہے۔

    انگلینڈ اور ویلز آئی سی اے ڈبلیو میں انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کے ذریعہ کمیشن برائے اقتصادی تازہ کاری پر مبنی 2021 کی دوسری سہ ماہی کے لیے مشرق وسطیٰ پر رپورٹ نے واضح کیا کہ تیل کی اعلیٰ قیمتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کویت کے معاشی بحالی کے امکانات بہتری کی طرف جارہے ہیں تاہم ملک کو اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہوگی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ کویت کے خزانے میں جی ڈی پی کی 435 فیصد مالیت بچت ہے لیکن انہیں مستقبل میں استعمال کے لیے قانونی طور پر مختص کیا گیا ہے اور موجودہ ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اس خطیر رقم تک رسائی حاصل نہیں کی جاسکتی۔

    موجودہ صورتحال میں مہینوں کے اندر حکومت کو اجرت اور تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے نقد کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جو صرف سرکاری خرچوں کے لیے ہی تقریباً 75 فیصد ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ اس سال تیل کی پیداوار میں صرف معمولی اضافے کی توقع کے بعد کویت میں تیل کے شعبے میں نمو صرف 0.9 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔ اگرچہ تیل کے علاوہ ذرائع سے حاصل جی ڈی پی آہستہ آہستہ بحال ہورہی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس اس سال بھی کاروبار کے لیے جاری چیلنجز کا باعث ہیں۔ آکسفورڈ اکنامکس کا اندازہ ہے کہ ایک اور عنصر جس نے کویت کی نمو کو متاثر کیا وہ کویت میں غیر ملکیوں کی تعداد میں کمی ہے۔ ان میں اہم شعبوں خصوصاً تعمیرات، ریل اسٹیٹ اور مینو فیکچرنگ کی نمو میں غیر ملکیوں کی عدم دستیابی کے بعد 2020 میں 4 فیصد کمی واقع ہوئی تھی۔

    حکومت کا ارادہ ہے کہ غیر ملکی رہائشیوں کے تناسب کو موجودہ 65 فیصد سے کم کر کے 30 فیصد کردیا جائے، یہ پالیس جی ڈی پی کی بحالی اور تنوع کو متاثر کرے گی۔

    رپورٹ کے مطابق کویت کا بجٹ خسارہ جی ڈی پی کے تقریباً 29 فیصد تک بڑھ گیا ہے جو دنیا میں خسارے کی سب سے بڑی شرح ہے کیونکہ تیل کی آمدنی میں 32 فیصد سے زیادہ کمی واقع ہوئی ہے۔

    آکسفورڈ اکنامکس کے چیف اکانومسٹ اسکاٹ لیورمور کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس اور تیل کی کم قیمتوں کے دوہرے جھٹکے کے بعد کویت کی معاشی بحالی کے امکانات سست روی سے بہتری کی طرف گامزن ہیں تاہم حکومتی بجٹ 2020 میں شدید دباؤ کا شکار رہا کیونک ایک اور اہم مسئلہ یہ ہے کہ کویت قرض کے قانون کے مطابق سنہ 2017 کے اختتام کے بعد قرض لینے سے قاصر ہے۔

    ان کے مطابق حکومت جب قرضوں سے متعلق قانون سازی کے بحران سے نمٹنے کے لیے کوشش کرے گی تو اس سال اور اس سے آگے کویت کسی حد تک معاشی بحالی کی راہ پر چل سکتا ہے۔

  • اس سال دنیا کے بہترین لگژری جہاز کون سے تھے؟ فہرست جاری

    اس سال دنیا کے بہترین لگژری جہاز کون سے تھے؟ فہرست جاری

    معروف امریکی جریدے فوربز نے سال 2020 کے لیے بہترین لگژی جہازوں کی فہرست جاری کردی۔

    بل گیٹس کی مالی معاونت سے ہالینڈ کی کمپنی کا تیار کردہ بحری جہاز کوسموس کو فوربز نے2020 کا بہترین انتخاب قرار دے دیا۔

    265فٹ لمبے اورہائیڈروجن سے چلنے والے بحری جہاز میں لگژی ہوٹلز اور کمروں کے علاوہ ٹاپ پر ہیلی پیڈ بھی موجود ہے۔

    جہاز میں المونیم کا استعمال ہوا ہے جس سے یہ سمندر میں انتہائی تیز رفتاری سے سفر کرسکتا ہے، بل گیٹس کی اس لگژری کشتی کی قیمت ننانوے ارب پاکستانی روپے ہے۔

    دلکش بزنس جیٹ اور اس کی میچنگ اسپورٹس کار کی جوڑی بھی فوربز فہرست میں شامل ہے۔ برازیلین کمپنی کےجہازاور جرمن کارکی جوڑی کی قیمت گیارہ ملین ڈالرز ہے۔

    اسپینش ٹینس اسٹار رافیل نڈال کی بحری کشتی سنریف 80 بھی فوربز فہرست میں شامل ہے، اسی فٹ لمبی کشتی چوبیس ناٹ کی اسپیڈ سے چلتی ہے۔

    اس کے علاوہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ہیلی کاپٹر بھی فہرست میں شامل ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان نے 2020 کو ’’بلیو اکانومی‘‘ کا سال قرار دے دیا

    وزیراعظم عمران خان نے 2020 کو ’’بلیو اکانومی‘‘ کا سال قرار دے دیا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بلیو اکانومی سے سرمایہ کاری روزگار، سیاحت، قابل تجدید توانائی کے مواقع پیدا ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بلیو اکانومی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے بلیو اکانومی پر بریفنگ دی۔

    اجلاس میں وزارت بحری امور کی گزشتہ 22 ماہ کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔وزیراعظم کو’’بلیو اکانومی‘‘کے مجوزہ روڈ میپ پر عملدرآمد کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

    اس موقع پر وزیراعظم پاکستان نے 2020 کو بلیو اکانومی کا سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بلیو اکانومی کے شعبے میں بے پناہ صلاحیت ہے،ماضی میں اس شعبے کو نظرانداز کیا گیا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلیو اکانومی کی ملک میں بے پناہ صلاحیت کے پیش نظر حکومت روڈ میپ وضع کر رہی ہے،بلیو اکانومی سے سرمایہ کاری روزگار،سیاحت،قابل تجدید توانائی کے مواقع پیدا ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ شپنگ پالیسی 2019 کی بدولت سرمایہ کاروں کو آسانی ہو گی۔وزیراعظم نےگوادر بندرگاہ سے جڑے مستقبل کے منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گوادر بندرگاہ مستقبل میں ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہوگی۔

    وزیراعظم پاکستان نے بلیو اکانومی منصوبے پر خوشی اور وزارت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے بین الوزارتی رابطے،اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کریں۔

  • 2020 لوگوں کو روزگار اور نوکریاں دینے کا سال ہوگا،وزیراعظم

    2020 لوگوں کو روزگار اور نوکریاں دینے کا سال ہوگا،وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ 2020 لوگوں کو روزگار اور نوکریاں دینے کا سال ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں کم لاگت گھروں کی تعمیر کے لیے بلا سود قرضوں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    عمران خان نے کہا کہ لوگوں کو خیراتی اداروں پر اعتماد ہوناچاہیے، اعتماد ہی خیراتی ادارے کی کامیابی کا راز ہے، خیراتی اداروں کو خیرات دینا آخرت کے لیے سرمایہ کاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کا آپ پر اعتماد ہو جائے تو ادارے کو کبھی پیسے کی کمی نہیں ہوتی، خیراتی ادارےکی طرف سے کم لاگت گھروں کی تعمیر بڑا اقدام ہے، شوکت خانم اسپتال کی تعمیر پر70کروڑ روپےلاگت آئی تھی، شوکت خانم اسپتال کے لیے عوام ہر سال بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کمزور طبقے کی دیکھ بحال ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے، حکومت کا سب سے بڑا کام پیچھے رہ جانے والوں کی مدد کرنی چاہیے، ترقی یافتہ معاشرہ کمزور طبقے کو اوپر اٹھاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کم تنخواہ دار طبقے کو چھت کی فراہمی ترجیح ہے، کمزور طبقے کو سہارا دینے کا تصور مدینہ کی ریاست سے لیا گیا ہے،
    حکومت کی آمدنی بڑھ جائے تو ہاؤسنگ،تعلیم،صحت پر خرچ کیا جائےگا، اگلے مرحلے میں عوام کوصحت کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ہاؤسنگ کے 3 بڑے پروجیکٹ شروع کر دیے ہیں،گھروں کی تعمیرکے منصوبوں سے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، جیسے پیسہ آئےگا غریب طبقےکو اٹھانےکی کوشش کریں گے۔

    وزیراعظم پاکستان نے مزید کہا کہ بڑے شہروں میں کچی بستیوں والوں کے لیے فیلٹس بنائیں گے، کم لاگت ہاؤسنگ منصوبوں کو جلد اوپر اٹھانا ہے، 2020 لوگوں کو روزگار اور نوکریاں دینے کا سال ہوگا۔

  • ’’نئے سال کا سورج پاکستان ہاکی کیلئے نوید کی کرن ہوگا‘‘

    ’’نئے سال کا سورج پاکستان ہاکی کیلئے نوید کی کرن ہوگا‘‘

    لاہور: سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ نے کہا ہے کہ نئے سال کا سورج پاکستان ہاکی کے لیے نوید کی کرن ہوگا، رواں سال ہاکی کے لیے اہم اقدامات ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جون میں جونیئر ایشیا کپ ڈھاکا میں ہوگا، 12 جنوری سے 54 کھلاڑیوں کا کیمپ لاہور میں لگے گا۔

    انہوں نے کہا کہ دانش کلیم ہیڈ کوچ، محمد عمران، مدثر خان اور رانا ظہیر معاون کوچز ہوں گے۔

    ہالینڈ نے پاکستان ہاکی ٹیم کو شکست دے کر ٹوکیو اولمپکس سے باہر کردیا

    آصف باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ عابد امین ٹیم کے فزیو اور نیوٹریشنسٹ ہوں گے، جونیئر ایشیا کپ جونیئر ورلڈ کپ کا کوالیفائنگ راؤنڈ بھی ہوگا، نئے سال پاکستان ہاکی کے لیے مثبت ثابت ہوگا، اہم اقدمات کیے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستان ہاکی کے لیے مایوس کن ثابت ہوا، قومی ٹیم جہاں دیگر میچز ہاری وہیں ہالینڈ نے بھی پاکستان ہاکی ٹیم کو شکست دے کر ٹوکیو اولمپکس میں جانے کا خواب چکنا چور کردیا تھا۔

    تین بار گولڈ میڈل جیتنے والی پاکستانی ہاکی ٹیم مسلسل دوسری بار اولمپکس سے باہر ہوئی۔

  • سعودی عرب میں یکم جنوری 2020 سے یہ قوانین نافذ العمل ہوں گے

    سعودی عرب میں یکم جنوری 2020 سے یہ قوانین نافذ العمل ہوں گے

    ریاض : سعودی حکام کی جانب سے رواں برس متعدد اصلاحاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا گیا جبکہ کئی قوانین اور قراردادیں بھی جاری کی گئی تھی جن پر عمل درآمد 1 جنوری 2020 سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 کے تحت ریاست میں متعدد نئے قوانین، قراردادیں اور ضوابط جاری کیے گئے تھے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جاسکیں اور اصلاحاتی منصوبوں کو بھی جلد از جلد تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔

    سعودی عرب میں یکم جنوری 2020 سے جو قوانین اور قرارداریں نافذ العمل ہوں گی وہ مندرجہ ذیل ہیں۔

    اقامہ پر میڈیکل سہولت

    ہیلتھ انشورنس کونسل کے سیکریٹری جنرل شباب الغامدی کے مطابق یکم جنوری 2020 سے اسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز میں علاج اور طبی معائنے کے لیے جانے والوں کو ہیلتھ انشورنس کارڈ دکھانے کی ضرورت نہیں رہے گی، وہ اپنا شناختی کارڈ (اقامہ) دکھا کر ہیلتھ انشورنس حاصل کرسکیں گے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق یہ ضابطہ سعودی شہریوں پر بھی لاگوں ہوگا۔

    پرندوں کی درآمدکے لیے شرائط

    وزارت ماحولیات و پانی و زراعت کی مقررہ کردہ شرائط کے مطابق آئندہ برس 1 جنوری سے سعودی شہری دمام کے کنگ فہد ایئرپورٹ، القصیم کے امیر نایف انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہی سے مرغیاں اور آرائشی پرندے لاسکیں گے، ان تین ہوائی اڈوں کے سوا کسی بھی ایئرپورٹ سے پرندے لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    تجارتی مراکز چوبیس گھنٹے کھلیں گے

    سعودی حکام نے رواں برس تجارتی مراکز کو شرائط پوری کرنے پر 24 گھنٹے کھلنے رکھنے کی اجازت دی تھی جس پر عمل درآمد یکم جنوری سے ہوگا۔

    نائٹ ڈیوٹی

    سعودی وزیر محنت و سماجی بہبود کی جانب سے فیصلہ کیا گیا تھا کہ یکم جنوری 2020 سے رات 11 سے صبح 6 بجے تک نائٹ ڈیوٹی شمار ہوگی اور ادارے پر نائٹ ڈیوٹی کرنے والے ملازمین کے خصوصی حقوق ہوں گے۔

    صنعتی کارکنوں پر فیس کی معافی

    وزارت محنت و سماجی بہبود نے سعودی کابینہ کے فیصلے کے تحت اعلان کیا تھا کہ یکم جنوری 2020 سے سعودی سرکار ہی صنعتی اداروں میں کام کرنے والے غیر ملکی کارکنان پر مقررہ فیس ادا کرے گی۔

    یہ فیصلہ ان صنعتی اداروں کے کارکنان پر نافذ ہوگا جن کے لائسنس وزرات صنعت و معدنیات نے جاری کیے ہوں گے، یہ سہولت 5برس تک کے لیے ہوگی۔

    مخصوص کوکنگ آئل پر پابندی

    وزارت صحت نے ملک میں امراض قلب کی بڑھتی ہوئی شکایات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے رواں برس فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ سال 2020 یکم جنوری سے کھانا پکانے کے تیل کی خریدو فروخت پر پابندی عائد کی جائے گی، پابندی کا اطلاق اس کوکنگ آئل پر ہوگا جس کو بناتے وقت اسے ہائیڈروجن کے عمل سے گزارا گیا ہوگا۔

    زکوٰة کا نیا لائحہ عمل

    محکمہ زکوٰة و آمدنی نے واضح کیا تھا کہ زکوٰة کا نیا لائحہ عمل غیر ملکی سرمایہ کاروں پر لاگو نہیں ہوگا، یہ صرف سعودی شہریو ںاور مملکت میں مقیم خلیجی باشندوں پر یکم جنوری 2020 سے نافذ ہوگا۔

    غیر ملکی سرمایہ کار سے انکم ٹیکس کی وصولی پر ہی اکتفا کیا جائے گا۔

    ٹیکسی سروس کی سعودائزیشن

    یکم جنوری 2020 سے ’ الاجرة الخاصة ‘(ٹیکسی سروس) کے تمام ڈرائیور سعودی ہوں گے۔

    پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے وزارت محنت و سماجی بہبود کے ساتھ اتفاق پیدا کرکے اعلان کیا تھا کہ ’الاجرة الخاصة‘ (ٹیکسی سروس) میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کو 2019 کے اختتام تک رعایت دے دی جائے۔

    لیب ایکسپرٹ کا پیشہ

    سعودی ہیلتھ اسپشلائزیشن بورڈ نے فیصلہ کیا تھا کہ یکم جنوری 2020 سے لیب ایکسپرٹ کا پیشہ سعودیوں کے لیے مختص ہوگا، کسی غیر ملکی کو اس پیشے پر کام کی اجازت نہیں ہوگی۔

  • نئے سال میں واٹس ایپ کیسا ہوگا؟

    نئے سال میں واٹس ایپ کیسا ہوگا؟

    پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل ایپلی کیشن واٹس ایپ میں آئے دن نئے فیچرز متعارف کروائے جاتے ہیں، نئے سال کی آمد پر بھی واٹس ایپ میں کئی اہم فیچرز شامل کردیے جائیں گے۔

    آئیں دیکھتے ہیں کہ نئے سال میں ہمارے واٹس ایپ میں کیا کیا نیا ہوگا۔

    ڈارک موڈ فیچر

    واٹس ایپ میں ڈارک موڈ فیچر کا صارفین کو بے چینی سے انتظار ہے۔ ڈارک موڈ فیچر سے واٹس ایپ کی روشنی (برائٹ نیس) کم ہوگی جس سے صارف کے موبائل کی بیٹری محفوظ رہے گی۔

    اس فیچر میں واٹس ایپ کا پس منظر سیاہ جبکہ لکھا ہوا مواد یعنی ٹیکسٹ سفید ہوگا۔

    ماہرین کے مطابق واٹس ایب کا عام سفید ورژن صارفین کی آنکھوں کے لیے نقصان دہ ہے کیونکہ اس سے زیادہ روشنی خارج ہوتی ہے۔ سیاہ ورژن کم روشنی والا ہے جس سے آنکھوں کو کم نقصان پہنچے گا۔

    مقررہ وقت پر ڈیلیٹ ہوجانے والا میسج

    واٹس ایپ میں کچھ عرصہ قبل، بھیجا گیا میسج ڈیلیٹ کرنے کا فیچر متعارف کروایا گیا تھا۔ اب اسی فیچر کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے اس میں ٹائم کا بھی اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد میسج خودبخود غائب ہوجائے گا۔

    اسے ڈس اپیئرنگ میسج کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے تحت واٹس ایپ چیٹ میں جن میسجز پر نشان لگایا جائے گا، وہ مقرر کردہ وقت پر از خود ڈیلیٹ ہوجائیں گے۔ اس کی مدت 1 گھنٹے سے لے کر ایک سال تک دی گئی ہے۔

    مذکورہ میسج صارف کی منتخب کردہ مدت کے بعد غائب ہوجائے گا۔

    جعلسازی میں کمی

    واٹس ایپ کا سب سے اہم فیچر اسے گوگل کے ریورس امیج سرچ سے منسلک کرنا ہے جس کے بعد بذریعہ واٹس ایپ جعلی خبروں کا پھیلاؤ اور دھوکہ دہی کا امکان کم ہوجائے گا۔

    ریورس امیج سرچ کے ذریعے موصول ہونے والی تصاویر کو چیک کرنا آسان ہوتا ہے کہ آیا یہ اصلی تصویر ہے یا جعلی، اگر اصلی ہے تو کب اور کہاں کی ہے۔ گوگل کی اس سروس کی وجہ سے جعلی خبروں اور افواہوں کے پھیلنے میں کمی کی جاسکتی ہے۔

    اس آپشن سے ان لوگوں کی جعلسازی بھی سامنے آسکے گی جو دوسرے افراد کی تصویر کو اپنی ظاہر کرتے ہیں۔

    واٹس ایپ انتظامیہ گوگل کی اس سروس کو براہ راست واٹس ایپ سے منسلک کرنے پر کام کر رہی ہے تاکہ صارف جب چاہے باآسانی اسے استعمال کر سکے۔

  • مائیکروسافٹ کا آئندہ برس ونڈوز7 کی اپڈیٹ بند کرنے کا اعلان

    مائیکروسافٹ کا آئندہ برس ونڈوز7 کی اپڈیٹ بند کرنے کا اعلان

    واشنگٹن : مائیکروسافٹ کمپنی نے آئندہ سال کے آغاز سے مشہور آپریٹنگ سسٹم ’ونڈوز 7‘ کی ٹیکنیکل سپورٹ اور سسٹم اپڈیٹس کا سلسلہ بند کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مشہور سافٹ ویئر کمپنی مائیکرو سافٹ نے اپنے بہترین آپریٹنگ سسٹم ونڈوز سیون کی اپڈیٹشن 2020 میں بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اگر کوئی ونڈوز 7 کا تجارتی و کاروباری صارف ہے تو اسے اضافی فیس پر ونڈوز7 کی سیکیورٹی اپڈیٹ فراہم کی جائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق قانونی طور پر ونڈوز 7 استعمال کرنے والے افراد اگلے سال 14 جنوری کے بعد ونڈوز کی جانب سے اپ ڈیٹس موصول نہیں کرپائیں گے۔

    واضح رہے کہ آن لائن سیکیورٹی کے حوالے سے دن بدن نت نئے خطرات سامنے آتے رہتے ہیں جن کا سامنا کرنے کے لیے باقاعدگی سے ”ونڈوز سیکیورٹی اپ ڈیٹس“ بالعموم ہفت روزہ بنیادوں پر پیش کی جاتی ہیں۔

    ونڈوز آپریٹنگ سسٹم ان اپ ڈیٹس کو ڈاؤن لوڈ کرکے خود بخود انسٹال کرلیتا ہے، اگرچہ اپ ڈیٹس نہ ملنے کی صورت میں آپریٹنگ سسٹم پر کوئی فرق نہیں پڑے گا لیکن اس کی سیکیورٹی کو خطرات ضرور لاحق ہوسکتے ہیں۔

    یہ بھی بتاتے چلیں کہ ”ونڈوز ایکس پی“ مائیکرو سافٹ کا سب سے کامیاب آپریٹنگ سسٹم رہا، جو اگست 2001ء میں لانچ کیا گیا اور اس کی سپورٹ 8 اپریل 2014ءکو ختم کی گئی۔

    ونڈوز7 کے بعد 22 جولائی 2009ء کو ونڈوز 7 آپریٹنگ سسٹم لانچ کیا گیا، اگرچہ یہ بھی بہت کامیاب رہا لیکن اس کی کامیابی کی شرح ونڈوز ایکس پی کے مقابلے میں کم تھی۔

  • سعودی عرب کا دنیا کی مہنگی ترین گھڑ دوڑ کرانے کا اعلان

    سعودی عرب کا دنیا کی مہنگی ترین گھڑ دوڑ کرانے کا اعلان

    ریاض : سعودی عرب نے آئندہ برس دنیا کے مہنگے ترین گھوڑ دوڑ مقابلے کا انعقاد کرنے کا اعلان کردیا، کپ میں بہترین پوزیشنز حاصل کرنے والے دیگر گھڑ سواروں کو بھی انعامات دئیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آئندہ برس 2020 میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں دنیا کی تاریخ میں پہلی بار 2 کروڑ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 3 ارب 16 کروڑ روپے سے زائد کی مالیت کے انعامات والے گھڑ دوڑ مقابلے کا انعقاد ہوگا۔

    دنیا کی مہنگی ترین گھڑ دوڑ کے ایونٹ کا اعلان جوکی کلب سعودی عرب کے سربراہ شہزادہ بندر بن خالد الفیصل نے کیا،اس گھڑ دوڑ کو ’سعودی کپ‘ کا نام دیا گیا ہے، جو آئندہ برس 9 فروری کو ریاض کے کنگ عبدالعزیز ریس ٹریک پر ہوگا۔

    سعودی کپ میں مجموعی طور دنیا بھر سے 14 گھڑ سوارشریک ہوں گے اور جیتنے والے کو ایک کروڑ ڈالر یعنی پاکستانی ڈیڑھ ارب روپے تک کی رقم دی جائے گی۔

    اس کپ میں بہترین پوزیشنز حاصل کرنے والے دیگر گھڑ سواروں کو بھی انعامات دیے جائیں گے،گھڑ دوڑ کپ کی باقی ایک کروڑ ڈالر کی رقم پہلے، دوسرے، تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر آنے والے گھڑ سواروں میں تقسیم کی جائے گی۔

    ابھی یہ واضح نہیں کہ دنیا کی اس مہنگی ترین گھڑ دوڑ میں کتنی خواتین حصہ لیں گی، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اس مہنگی ترین ریس کو دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے گھڑ سواری کی شوقین درجنوں خواتین سعودی عرب آئیں گی۔

    شہزادہ بندر بن خالد الفیصل کے مطابق سعودی کپ کے انعقاد سے وہ گھڑ دوڑ کے کھیل کو ملک میں فروغ دینا چاہتے ہیں اور وہ آئندہ سال فروری میں گھڑ سواری کے شوقین مرد و خواتین سمیت میڈیا ارکان کا سعودی عرب میں بھرپور استقبال کریں گے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں آئندہ سال ہونے والے کپ کے انعامات کی رقم امریکا میں ہونے والے مہنگے ترین گھڑ دوڑ کے مقابلے پگاسس ورلڈ کپ کی رقم سے بھی زیادہ ہے۔

    فلوریڈا میں ہر سال جنوری میں ہونے والے پگاسس گھڑ دوڑ مقابلے کے انعام کی رقم ایک کروڑ 60 لاکھ ڈالر ہوتی ہے۔

    علاوہ ازیں سعودی کپ کے انعامات کی رقم دبئی، برطانیہ، جاپان، جرمنی اور آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک میں ہونے والے گھڑ دوڑ مقابلوں سے بھی کہیں زیادہ ہے۔

    سعودی عرب میں گھڑ سواری مرد و خواتین میں یکساں طور پر مقبول ہے اور شاہی گھرانے کے افراد سمیت صنعتی گھرانوں کے افراد بھی گھڑ سواری کرتے ہیں۔