Tag: 2022

  • ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے شرجیل خان کو سائیڈ لائن کیا گیا! سابق کرکٹر کا بڑا انکشاف

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے شرجیل خان کو سائیڈ لائن کیا گیا! سابق کرکٹر کا بڑا انکشاف

    پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے تین سال قبل قومی جارح مزاج اوپنر شرجیل خان کے حوالے سے بڑا انکشاف کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے اسپورٹس شو ہر لمحہ پرجوش میں چیمپئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کے ذکر کے دوران سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے 2021 میں پاکستان کے جارح مزاج اوپنر شرجیل خان کے خلاف ہوئے اقدام کے متعلق لب کشائی کردی۔

    باسط علی نے کہا کہ 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرجیل خان آٹومیٹک چوائس تھا کیونکہ وہ اس فارمیٹ کا خطرناک کھلاڑی تھا۔ ٹیم میٹنگ میں اس کی شمولیت کا طے ہوا تھا لیکن دو دن بعد آسٹریلیا کے خلاف میچ میں وہ شامل نہیں تھا اور ہم وہ میچ ہار گئے تھے۔

    سابق کرکٹر نے کہا کہ شرجیل کے ٹیم میں شامل نہ ہونے پر جب سوال کیا تو وہی ٹیم منیجمنٹ جو دو دن پہلے شرجیل خان کو ٹیم کے لیے آٹومیٹک چوائس قرار دے رہی تھی اچانک اس کو احساس ہوا کہ شرجیل سست ہے۔

    انہوں نے کہا سست وست کچھ نہیں حقیقت یہ ہے کہ اس کو سائیڈ لائن کرنا تھا کیونکہ کچھ لوگوں کو اپنی جگہ خطرے میں پڑتی دکھائی دے رہی تھی۔

    باسط علی نے زور دے کر یہ بات کہی کہ شرجیل خان کو اس وقت ایک منصوبے کے تحت پیچھے کیا گیا بلکہ ایک اور اوپنر کے ساتھ بھی یہی کیا گیا تاکہ کچھ لوگوں کی جگہ پکی رہے کیونکہ ان کے آنے کی صورت میں انہوں نے پیچھے ہو جانا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ لوگوں کو یہ حقیقت نہیں پتہ وہ تو انفرادی طورپر آئی سی سی رینکنگ دیکھ کر متاثر ہوتے ہیں لیکن ایسے نمبر ون اور نمبر ٹو بیٹر ہونے کا فائدہ کیا کہ میچ نہ جتوا سکیں۔

    باسط علی نے کہا کہ منصوبہ ساز ایسی پلاننگ کرتے ہیں کہ کسی کو احساس نہیں ہوتا اور خطرہ بننے والے کھلاڑی منظر سے غائب ہو جاتے ہیں۔

    چیمپئنز ٹرافی 2025 اردو خبریں

    اس موقع پر سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے کہا کہ نظر آ رہا ہے کہ ہماری کرکٹ کہاں جا رہی ہے اور کس پالیسی کے تحت سلیکشن کی جا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ، انگلینڈ، آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں ایسے ہی مضبوط نہیں بنیں وہاں ایک سسٹم ہے اور اس پر کمپرومائز نہیں کیا جاتا، لیکن پاکستان میں پرفارمنس اور ڈومیسٹک کو ویلیو نہیں دی جاتی بلکہ پیراشوٹ کے ذریعہ سلیکشن ہوتی ہے۔

    کامران اکمل نے کہا کہ باسط علی نے تو صرف دو لڑکوں کے نام لیے۔ ایسی تو طویل فہرست ہے، جنہیں آگے نہیں آنے دیا جاتا۔ جب تک سسٹم مضبوط نہیں ہوگا ہمیں مثبت نتائج نہیں ملیں گے۔

  • سال 2022: ایشیائی ترقیاتی بینک نے سب سے زیادہ فنڈز پاکستان کو دیے

    سال 2022: ایشیائی ترقیاتی بینک نے سب سے زیادہ فنڈز پاکستان کو دیے

    اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ سال 2022 میں سب سے زیادہ فنڈ پاکستان کو دیے گئے، پاکستان سے سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 16 ارب ڈالر کے وعدے ہوئے جن میں سے صرف 1.5 ارب ڈالر فراہم کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنی سالانہ رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق سنہ 2022 میں سب سے زیادہ فنڈ پاکستان کے لیے دیے گئے، ایشیائی ترقیاتی بینک اور پارٹنرز نے پاکستان کو 5.5 ارب ڈالر کے پراجیکٹس دیے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ سال 2022 میں پاکستان کو 2.6 ارب ڈالر کے رعایتی قرضے دیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے ایشیا میں مجموعی طور پر 31.8 ارب ڈالر کی پراجیکٹ فنانسنگ کی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کی معیشت کو سب سے زیادہ سیلاب نے نقصان پہنچایا، سیلاب کی وجہ سے پاکستان میں فصلوں کی بڑی تباہی ہوئی، فصلیں تباہ ہونے سے پاکستان میں طلب اور رسد کا توازن خراب ہوا جبکہ مقامی طور پر مہنگائی میں بھی اضافہ ہوا۔

    ایشیائی بینک کے مطابق پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات سے بچنے کے لیے ماہرین کی ضرورت ہے، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی سے بچنے کے لیے ماہرین کی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق سیلاب نے پاکستان کی معیشت کو 30 ارب ڈالر کا نقصان پہنچایا، سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 16 ارب ڈالر کے وعدے ہوئے جن میں سے پاکستان کو صرف 1.5 ارب ڈالر فراہم کیے گئے۔

  • کتنے خوش نصیبوں کو گولڈن اقامہ دیا گیا؟

    کتنے خوش نصیبوں کو گولڈن اقامہ دیا گیا؟

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے گزشتہ برس 80 ہزار افراد کو گولڈن اقامہ جاری کیا، علاوہ ازیں آمد و رفت کے 62 ملین سے زائد معاملات نمٹائے گئے۔

    اردو نیوز کے مطابق دبئی میں اقامہ اور غیرملکیوں کے امور کے سرکاری ادارے نے کہا ہے کہ سنہ 2022 کے دوران 80 ہزار افراد کو گولڈن اقامہ جاری کیا گیا۔

    سرکاری ادارے کا کہنا ہے کہ سنہ 2022 میں 62 ملین سے زائد معاملات نمٹائے گئے، ان میں سے بری، بحری اور فضائی راستوں سے 46 ملین افراد کی آمد و رفت کی کارروائی انجام دی گئی۔

    علاوہ ازیں گزشتہ برس 2022 کے آخر تک تمام گروپوں کو گولڈن اقامے جاری کیے گئے، ان کی تعداد 79 ہزار 617 رہی جبکہ 2021 کے دوران 47 ہزار 150 گولڈن اقامے جاری کیے گئے تھے۔

    دبئی میں اقامہ اور غیر ملکیوں کے امور کے سرکاری ادارے کے ڈائریکٹر جنرل محمد المری کا کہنا ہے کہ محکمے سے رجوع کرنے والوں کو سہولتوں کی فراہمی ہمارا بڑا ہدف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے اچھی منصوبہ بندی کی گئی ہے، ہمارے ادارے نے حسن کارکردگی پر متعدد ایوارڈز بھی حاصل کیے ہیں۔

  • 2022 فلسطین کے لیے خوں آشام سال، اسرائیلی فوج نے ’ڈریکولا‘ کی یاد تازہ کر دی

    رام اللہ: دنیا بھر میں گزرے سال کو الوداع اور نئے سال کو خوش آمدید کہا گیا، لیکن فلسطین ان چند ممالک میں سے ہے جن کے لیے گزرا سال ایک بھیانک خواب کی طرح مسلط رہا۔

    2022 فلسطین کے لیے ایک خوں آشام سال ثابت ہوا، جب کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینی علاقوں میں نوجوانوں کا بے دردی سے قتل عام کر کے ’ولاد ڈریکولا‘ کی یاد تازہ کر دی۔

    ولاد ڈریکولا پندرھویں صدی کے وسط میں رومانیہ کا حکمران تھا، جس نے ہزاروں ترک اور بلغاروی شہریوں کا نہایت بے دردی سے خون بہایا، یہ اس کا خوں خوار کردار تھا جو بعد میں خون پینے والے افسانوی کردار ’ڈریکولا‘ میں بدل گیا۔

    عرب نیوز کے مطابق گزشتہ برس 2022 میں بھی اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کا بے دردی سے قتل کیا، اس بدترین سال میں بڑے پیمانے پر اسرائیلی فوج کے ہاتھوں ہلاکتیں ہوئیں، نہ صرف یہ بلکہ اسرائیلی جارحیت میں بھی بے تحاشا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    فلسطینی حکومت کے ترجمان ابراہیم میلہم نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’جس پیمانے پر اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو ہلاک کیا اس اعتبار سے 2022 بدترین سال تھا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ بارہ ماہ کے دوران مغربی کنارے اور غزہ میں 225 فلسطینی شہید ہوئے۔‘

    گزشتہ برس اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے اور غزہ میں کم عمر لڑکوں کا بھی بے رحمی سے قتل کیا، میڈیا پر قتل کی چند خبروں نے دنیا بھر کی نگاہیں اپنی طرف مرکوز کرائیں، ان میں سب سے مشہور قتل الجزیرہ کی خاتون صحافی شیریں ابو عاقلہ کا تھا، اسرائیلی فورسز نے نابلس میں ایک مشہور نوجوان فلسطینی فٹبالر احمد دراغمہ کو بھی گولیاں مار کر شہید کیا۔

    تاہم ابراہیم میلہم کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کی جدو جہد کے لیے عرب ممالک کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر جس طرح سے یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا ہے اس سے امید پیدا ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بین الاقوامی تنظیموں نے واضح کیا ہے کہ انھیں فلسطینی عوام کے حقوق اور مطالبات کی سمجھ ہے۔

    یروشلم میں فتح تحریک کے رہنما احمد غنیم کا کہنا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی جنگجوؤں کی نئی نسل کا ابھرنا سال 2022 کی سب سے مثبت بات ہے۔

    واضح رہے کہ سال 2022 کے آخری دن 31 دسمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے سے متعلق رائے شماری ہوئی جس میں 87 ممالک نے فلسطین کے حق میں ووٹ ڈالا ہے۔

  • 2022 میں سونے کی قیمت میں کتنا اضافہ اور کیوں ہوا؟

    2022 میں سونے کی قیمت میں کتنا اضافہ اور کیوں ہوا؟

    کراچی: سال 2022 سونے کی تجارت کے لیے مایوس کن رہا، ملک میں جاری سیاسی کشمکش اور ابتر معاشی صورت حال سے سو نے کی مارکیٹ بھی عدم استحکام کا شکار رہی اور 2022 میں سونے کی قیمت میں 58 ہزار 600 روپے اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق سال 2022 کے دوران سونا ملکی تاریخ میں بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، یکم جنوری 2022 کو سونے کی فی تولہ قیمت 1 لاکھ 26 ہزار روپے کی سطح پر تھی، جو بڑھ کر 1 لاکھ 84 ہزار 600 روپے ہو گئی۔

    دس گرام سونے کی قیمت 50 ہزار روپے اضافے سے ایک لاکھ 57 ہزار 950 روپے ہو گئی۔

    جیولرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد ارشد کے مطابق سونا مہنگا ہونے سے سونے کے زیورات کی خریداری میں 50 فی صد کمی آئی ہے۔

    محمد ارشد نے کہا کہ سونا مہنگا ہونے کی وجہ سے شہریوں نے شادی اور دیگر تقریبات کے لیے سونے کی خریداری کم کر دی ہے، دو وقت کا کھانا خریدنا مشکل ہو گیا ہے، بیٹیوں کو شادی میں سونے کے زیورات کیسے بنا کر دیں۔

    سونے کے تاجروں کے مطابق ملک میں سونے کے زیورات کی قیمت میں اضافے سے طلب میں کمی کا رجحان دیکھا گیا۔

    عالمی مارکیٹ میں سال بھر میں سونے کی قیمت میں صرف 21 ڈالر فی اونس کا اضافہ ہوا، لیکن ڈالر کی قدر میں اضافے سے سرمایہ کاروں نے خالص سونے کی خریداری شروع کر دی، جس سے ملک میں سونے کی قیمت تاریخ بلند ترین سطح کو چھو گئی۔

  • 2022: کے پی میں سرکاری محکموں میں کرپشن پر کتنے اہلکار گرفتار ہوئے؟

    پشاور: محکمہ اینٹی کرپشن خیبر پختون خوا نے سال 2022 میں 141 ملازمین کو گرفتار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن خیبر پختون خوا کی سال 2022 کی رپورٹ سامنے آئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کرپشن میں ملوث سرکاری محکموں کے افسران اور اہل کاروں سمیت 141 ملازمین گرفتار کے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق کرپشن کے الزامات میں گرفتار افراد سے 6 کروڑ روپے ریکور کیے گئے۔

    رواں برس صوبے سے سرکاری محکموں میں کرپشن کی 1561 شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 16 کیسز میں اینٹی کرپشن نے ایف آئی آرز درج کرائیں۔

    رپورٹ کے مطابق کیسز میں اینٹی کرپشن کی جانب سے سرکاری محکموں کے سینکڑوں افسروں اور اہل کاروں کو نامزد کیا گیا۔

  • 2022: اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے ہزار ارب ڈوب گئے

    2022: اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے ہزار ارب ڈوب گئے

    کراچی: رواں برس جیسے ملک کے حالات خراب رہے، ویسے ہی اسٹاک مارکیٹ کی صورت حال بھی دگرگوں رہی، پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے ہزار ارب ڈوب گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مارچ میں نئی حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ایسی ٹھیس پہنچائی جو کبھی نہیں دیکھی گئی، ایک سال کے دوران صرف بیرونی سرمایہ کاروں نے ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر مالیت کے حصص فروخت کر ڈالے۔

    سال 2022 میں اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے والے روتے رہے، منافع کی آس میں بیٹھے سرمایہ کاروں کے ہزار ارب روپے سے زائد ڈوب گئے۔

    ایک سال کے دوران رجسٹرڈ کمپنیوں کے حصص کی مالیت کافی حد تک گر چکی ہے، شیئرز کی پُرکشش قیمتیں ہونے کے باوجود سرمایہ کاروں نے محتاط رویہ اختیار کیے رکھا۔

    جنوری 2022 کے آغاز پر انڈیکس 44 ہزار 596 پوائنٹس کی سطح پر تھا، مارکیٹ اب تک 4 ہزار پوائنٹس سے زائد نیچے آ گیا ہے، یعنی منافع کی آس میں بیٹھے سرمایہ کاروں کو 11 فی صد گھاٹا دیکھنے کو ملا۔

    ماہرین کا کہنا ہے 2023 بھی سرمایہ کاروں کے لیے مشکل سال ہو سکتا ہے، واضح رہے کہ اسٹاک مارکیٹ کو معیشت کا آئینہ بھی کہا جاتا ہے۔

  • ماں کے سامنے  بیٹے کا قتل اور 2022 کے دیگر دل دہلا دینے والے واقعات

    ماں کے سامنے بیٹے کا قتل اور 2022 کے دیگر دل دہلا دینے والے واقعات

    سال 2022 ایک طرف اگر سیاسی میدان میں گرماگرمی کا سال رہا، تو دوسری طرف جرائم کے میدان میں بھی کئی ایسے دل خراش سانحات کا شاہد رہا، جس نے لوگوں کے دلوں کو ہلا کر رکھ دیا۔

    ہم یہاں سال بھر کے ان واقعات کو درج کر رہے ہیں جو قتل پر مبنی ہیں، اور خاص طور سے وہ واقعات جن میں ایک سے زیادہ افراد کو قیمتی جانوں سے محروم کیا گیا، اور جو میڈیا میں بھی ’بریکنگ نیوز‘ کی حیثیت اختیار کر گئے۔

    29 نومبر 2022

    کراچی میں ملیر شمسی سوسائٹی سے تین بیٹیوں اور ماں کی لاش برآمد

    ابھی گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے ملیر میں شمسی سوسائٹی میں ایک گھر سے 4 افراد کی لاشیں ملی تھیں، اس واقعے نے علاقے میں ایک ہلچل مچا دی تھی، ایس ایس پی کورنگی ساجد سدوزئی نے بتایا کہ لاشیں 2 بچیوں اور 2 خواتین کی تھیں، جاں بحق بچیوں میں 10 سال کی ثمرہ، 12 سال کی فاطمہ، 16 سال کی نیہا اور ایک شادی شدہ خاتون ہما شامل تھیں، جب کہ فواد نامی شخص کو شدید زخمی حالت میں وہاں پایا گیا تھا۔

    پولیس نے بتایا کہ بچیوں کا والد فواد نجی کمپنی میں سیلز منیجر تھا، تفتیش سے معلوم ہوا کہ پہلی منزل پر گھر کا دروازہ اندر سے لاک تھا، جب کہ گراؤنڈ فلور پر موجود بھائی اور والدہ نے کوئی شور نہیں سنا، معلوم ہوا کہ فواد نے نشہ آور چیز کھلا کر بیٹیوں اور بیوی کی جان لی تھی۔ ملزم فواد نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ نوکری کے ساتھ پارٹ ٹائم ٹریڈنگ بھی کرتا ہے، اور انویسٹرز نے پیسہ لگایا ہوا تھا اور ٹریڈنگ میں نقصان ہو گیا، قرض واپس کرنا تھا، مالی پریشانی کی وجہ سے بیوی سے بھی جھگڑا رہتا تھا۔

    فواد نے بتایا میں پیسوں کی وجہ سے سخت ڈپریشن میں تھا، آخر میں نے فیصلہ کیا کہ سب کو ختم کر کے خود کشی کرلوں گا، جب بیوی واش روم گئی تو میں نے بڑی بیٹی کے گلے پر چھری پھیری، پھر دونوں بیٹیاں جو سو رہی تھیں ان کے گلے پر چھری پھیری، پھر بیوی کو بولا باہر آ جاؤ، اس کے باہر آتے ہی اس کے گلے پر بھی چھری پھیر دی۔ اپنی بیٹیوں کی تصاویر میں نے انویسٹرز کو بھیجیں، انویسٹرز کو لکھا میں نے اپنی فیملی کو ختم کر دیا ہے اور میں اب اپنی جان لینے لگا ہوں، پھر میں نے اپنے گلے پر بھی چھری پھیر دی۔

    ڈاکٹروں نے بتایا کہ چھری پھرنے کی وجہ سے فواد کا ووکل کارڈ متاثر ہوا ہے اور اب شاید وہ پھر کبھی نہ بول سکے۔ اس لیے پولیس کے سوالات کا جواب بھی اس نے لکھ کر دیا۔ پولیس نے سرکار کی مدعیت میں اس کے خلاف چار قتل کا مقدمہ درج کیا۔

    7 اکتوبر 2022

    پشاور: گھر سے ماں اور بیٹیوں کی لاشیں برآمد

    پشاور کے علاقے حیات آباد میں گھر سے تین خواتین کی لاشیں برآمد ہوئیں، جو گھر کے ایک بند کمرے میں پڑی تھیں، ان میں سے ایک ماں تھیں اور باقی ان کی نوجوان بیٹیاں‌ تھیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق 44 سالہ والدہ عنبر ناصر نے پہلے دونوں بیٹیوں 18 سالہ مائرہ اور 14 سالہ عیشال کو قتل کرنے کے بعد خود کشی کی تھی۔ پولیس کے مطابق خاتون نے دو سال قبل اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کی تھی۔

    عنبر ناصر کے چچا ارشد علاؤالدین نے پولیس کو بیان دیا کہ ’میری بھتیجی نے دو سال قبل اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کی تھی، وہ بار بار مجھ سے وراثت میں حصہ مانگتی تھی، میرے گھر آ کر مجھ سے جھگڑا کیا، میری آنکھوں میں مرچیں بھی ڈالیں، ارشد علاؤالدین نے مزید کہا کہ ان کی بھتیجی نے اپنی بیٹیوں اور خود پر فائرنگ کر کے زندگی کا خاتمہ کیا ہے۔

    6 دسمبر 2022

    راولپنڈی میں ایک گھر میں بہن کے مرنے کے بعد معذور بھائی کا انجام

    یہ واقعہ اگرچہ قتل کا نہیں تھا لیکن راولپنڈی کے علاقہ صادق آباد میں پیش آنے والا یہ واقعہ ایک نہایت افسوس ناک پہلو کا حامل تھا، ایک گھر سے بہن اور بھائی کی لاشیں برآمد ہوئیں تھیں، تھانہ صادق آباد پولیس نے تفتیش کی تو معلوم ہوا کہ آفندی کالونی میں واقع گھر سے ملنے والی لاشوں میں سے ایک بہن کی لاش تھی، جو 25 دن پرانی تھی، جب کہ بھائی کی لاش 4 روز پرانی تھی۔

    پولیس کے مطابق بہن اپنے معذور بھائی کی واحد کفیل تھی، لیکن بہن کے مرنے کے بعد معذور بھائی کچھ نہ کر سکا، اور وہ بھی سسک سسک کر گھر میں زندگی کی بازی ہار گیا اور قریبی گھروں میں رہنے والوں کو کانوں کان خبر تک نہ ہوئی۔

    1 جنوری 2022

    جہلم: ماں کے ہاتھوں تین بچیوں کا بے دردی سے قتل

    سال کے پہلے ہی دن یہ دل خراش واقعہ پیش آیا، جہلم کے نواحی گاؤں ہرن پور میں حالات سے دلبرداشتہ ایک ماں نے اپنی تین بچیوں کو موت کے گھاٹ اتارا۔ بچیوں کی عمریں 2، 3 اور 5 سال تھیں، انھیں قتل کرنے کے بعد ماں نے بھی خودکشی کی کوشش کی، لیکن شدید زخمی ہو گئیں۔ اس دل خراش واقعے کی خبر جب بچیوں کے والد کو دی گئی تو وہ صدمے سے بے ہوش ہو گئے۔

    ڈی ایس پی سلیم خٹک نے واقعے سے متعلق بتایا کہ خاتون کا اپنے شوہر سے رات گئے جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد وہ گھر سے نکل جانا چاہتی تھیں، لیکن رشتے داروں نے صلح کراتے ہوئے معاملہ رفع دفع کرا دیا۔ ڈی ایس پی کے مطابق خاتون کا شوہر صبح 6 بجے اپنی والدہ کے گھر گیا اور وہیں سے کام پر چلا گیا، شوہر کے جانے کے بعد کمرے کا دروازہ بند کر کے ماں نے بچیوں کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا، خاتون نے اپنے آپ کو زخمی کرنے کے بعد آگ بھی لگائی، تاہم خاتون کے دیور کو پتا چلا تو اس نے دروازہ توڑ کر ریسکیو 1122 کو اطلاع دے دی۔

    6 جنوری 2022

    چونیاں: سنگ دل باپ نے 3 بیٹیوں کو نہر میں پھینک دیا

    پنجاب کے شہر چونیاں میں ایک سنگ دل باپ نے 3 بیٹیوں کو نہر میں پھینک دیا تھا، جسے پولیس نے گرفتار کر لیا، باپ کے حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ اس نے چند دن پہلے آلہ آباد کےعلاقے بگھیانہ میں فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل اور کئی افراد کو زخمی کیا تھا۔ ڈی پی او چونیاں کے مطابق ملزم نے بیٹیوں کے قتل کا اعتراف بھی کیا۔ ایک دن بعد ریسکیو کو صرف ایک بچی کی لاش نہر سے ملی۔

    19 جنوری 2022

    کاہنہ میں گھر سے خاتون ڈاکٹر کی 3 بچوں سمیت لاشیں برآمد

    لاہور کے علاقے کاہنہ میں قتل کی ایک ایسی لرزہ خیز واردات ہوئی جس نے ہر کسی کے دل دہلا دیے۔ ایک خاتون ڈاکٹر کو ان کے 3 بچوں سمیت قتل کر دیا گیا تھا، ابتدائی طور پر جب گجومتہ میں ایک مکان سے خاتون ڈاکٹر اور 3 بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں تو ہر طرف سنسنی پھیل گئی تھی، واقعے کے وقت مقتولہ کا ایک 14 سالہ بیٹا علی زین دوسرے کمرے میں ہونے کے باعث بچ گیا تھا۔ تین بچوں میں 8 سالہ فاطمہ لے پالک تھی۔

    ڈاکٹر ناہید گائناکالوجسٹ تھیں اور گھر کے نیچے ہی کلینک تھا، معلوم ہوا تھا کہ مقتولہ کے سابق شوہر سبطین نے انھیں طلاق دے کر ایک لیڈی ٹریفک وارڈن سے دوسری شادی کر رکھی تھی اور وہ ڈیفنس میں رہائش پذیر تھے۔ قتل کے واقعے کا مقدمہ بچ جانے والے بیٹے علی زین کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔

    تاہم چند دن بعد پولیس نے آخر کار اس قتل کیس کا ڈراپ سین کر دیا، جب انھوں نے ثابت کر دیا کہ قاتل کوئی اور نہیں بلکہ خاتون کا اپنا بچ جانے والا بیٹا زین تھا، جس نے پب جی گیم کھیلنے سے منع کرنے پر ان سب کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا، زین سے آلہ قتل بھی برآمد کیا گیا۔ اس کیس نے یہ بھی بتایا کہ پب جی جیسے آن لائن گیموں کے اثرات ناپختہ ذہنوں پر کس گہرائی سے ثبت ہوتے ہیں۔

    12 جنوری 2022

    کراچی: ماں کے سامنے  بیٹے کا قتل

    اگرچہ اس کیس میں صرف ایک فرد کا قتل ہوا لیکن میڈیا پر یہ خبر کئی ہفتوں تک چھائی رہی۔ کراچی کے علاقے کشمیر روڈ پر ڈکیتی کی مزاحمت پر ماں کے سامنے اس کا بیٹا شاہ رخ قتل کر دیا تھا۔ اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آئی، مقتول کی والدہ نے گھر کی بیل بجائی، تو اسی وقت لٹیرے لوٹنے آ گئے، شاہ رخ نے گیٹ کھولتے ہی ڈاکو پر کو پکڑنے کی کوشش کی جس پر اس نے فائرنگ کر دی۔ قاتل فائرنگ کرنے کے بعد زیورات لوٹ کر موٹر سائیکل پر بہ آسانی فرار ہو گیا۔

    شاہ رخ کی صرف ایک ہفتے قبل ہی شادی ہوئی تھی، وہ ایک ہفتے قبل دلہا بنا اور ڈاکو نے اسے کفن پہنا دیا، اہل خانہ نے بتایا کہ شاہ رخ 7 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا اور گھر والوں کا لاڈلہ تھا، کزن نے بتایا کہ وہ دوستوں کا دوست اور ملنسار تھا۔

    27 جنوری 2022

    کراچی: صدر میں ہوٹل کے کمرے سے لاش برآمد

    کراچی کے علاقے صدر میں ہوٹل میں چھری کے وار سے قتل ہونے والے ایک شخص کی لاش ملنے کے واقعے نے بھی میڈیا پر بریکنگ نیوز کی حیثیت سے جگہ بنائی، پولیس نے چوبیس گھنٹوں کے اندر معلوم کیا کہ یاجد نامی شخص کو اس کے دوست اسامہ نے قتل کیا ہے۔ قاتل نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ وہ یاجد کے ساتھ ہوٹل پہنچا، ساتھ ناشتہ کیا پھر اسے قتل کر دیا، اس نے مقتول سے کئی سال تک بلیک میل کر کے بدفعلی کرنے کا بدلہ لیا۔

    معلوم ہوا کہ یاجد کا تعلق خیبر پختون خوا کے شہر بونیر سے تھا، دونوں ایک ہی مدرسے میں پڑھتے تھے، اسامہ نے بتایا کہ وہ اسے غلط کام پر مجبور کرتا تھا، اور شکایت پر یاجد کو مدرسے سے نکال دیا گیا تھا۔ واقعے والے دن بھی یاجد نے غلط نیت سے بلایا۔ جھگڑا ہوا اور اس دوران اسامہ نے اسے چھری کے وار کر کے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق اسامہ کو بونیر فرار ہوتے وقت بس اسٹاپ سے گرفتار کیا گیا، اور اس سے یاجد کا فون بھی برآمد ہوا۔

    3 فروری 2022

    کراچی میں قتل کی لرزہ خیز واردات، گھر سے میاں بیوی کی لاشیں برآمد

    کراچی کے علاقے منظور کالونی میں ایک گھر سے میاں بیوی کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، پولیس نے تفتیش کی تو انکشاف ہوا کہ شوہر نے بیوی کو ذبح کر کے خود کشی کی ہے۔ پولیس کے مطابق شوہر سیف اللہ نے بیوی آمنہ کو تیز دھار آلے سے وار کر کے قتل کیا اور بعد میں پنکھے سے پھندا لگا کر خود کشی کر لی۔

    مقامی پولیس کا کہنا تھا کہ کثیرالمنزلہ عمارت میں میاں بیوی کے ساتھ بچے بھی تھے، لیکن کوئی بھی بچہ عینی شاہد نہیں تھا۔ 7 بہن بھائیوں میں کچھ بالائی اور کچھ نچلی منزلوں پر تھے لیکن کوئی بھی وقوعہ کے وقت والدین کے پاس نہیں تھا۔

    12 فروری 2022

    سوات: گھر سے 3 افراد کی لاشیں برآمد، علاقے میں کہرام مچ گیا

    یہ واقعہ سوات کی تحصیل مٹہ، وینئی میں پیش آیا، جہاں ایک گھر سے 3 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں تھیں، پوسٹ مارٹم رپورٹ سے معلوم ہوا کہ خواتین اور بچی کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا ہے۔ پولیس نے مقتولہ کے بیٹے کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا، ابتدائی طور پر جنگلی جانور کے حملے میں تینوں افراد کی موت کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔

    بعد ازاں، مینگورہ میں ڈی پی او سوات زاہد نواز مروت نے ایک پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ یہ قتل کی واردات تھی، اور اس کی وجہ پسند کی شادی تھی، انھوں نے بتایا چار باغ میں پسند کی شادی کرنے والے کوہستانی جوڑے کے قاتل کو گرفتار کر لیا گیا ہے، قاتلوں میں مقتولین کے بھائی اور مقتولہ کا چچا شامل تھا۔

    ڈی پی او سوات نے کہا کہ مقتول مجیب اور لاہوری بی بی نے محض 4 ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی

    16 فروری 2022

    لاہور شاہدری میں ماں بیٹی کا لرزہ خیز قتل

    پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں ماں بیٹی کا لرزہ خیز قتل ہوا، شاہدرہ میں ایک گھر سے ماں بیٹی کی لاشیں ملیں، جن کی شناخت 45 سالہ بشریٰ اور 20 سالہ ثنا کے ناموں سے کی گئی، دونوں کو تیز دھارآلے سے قتل کیا گیا تھا۔ پولیس نے ابتدائی رپورٹ ہی میں کہا کہ مبارک نامی شخص نے رشتے کے تنازع پر ماں بیٹی کا قتل کیا اور فرار ہو گیا۔

    ایس ایس پی نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم مبارک نے اپنے بھائی کی بیوی، اور ساس کو قتل کیا اور فرار ہو گیا۔

    28 فروری 2022

    کراچی میں مالک مکان نے بیوہ خاتون کے 2 بچوں کو آگ لگا دی

    صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایک بیوہ خاتون کے مکان خالی نہ کرنے پر مالک مکان نے ان کے 2 بچوں کو آگ لگا دی، جس سے دونوں بچے جاں بحق ہو گئے۔ یہ اندوہناک واقعہ سہراب گوٹھ کے علاقے جنت گل ٹاؤن میں پیش آیا تھا، خاتون کا کہنا تھا کہ ان کے بچے بسوں میں پانی فروخت کرتے تھے، مالک مکان نے پچھلے مہینے گھر خالی کرنے کا کہا تھا۔

    خاتون نے دعویٰ کیا کہ مالک مکان نے ایک دن قبل انھیں بہانے سے ایک گھر دیکھنے کے لیے بھیجا، وہ جیسے ہی گئی، پیچھے سے بچوں کو پیٹرول چھڑک کر اس نے آگ لگا دی۔ خاتون کے مطابق وہ بچوں کو سول اسپتال لے گئیں جہاں دونوں دم توڑ گئے، خاتون نے ایک بچے کی لاش ایدھی سرد خانے میں رکھوائی اور دوسرے کی لاش کے ساتھ پریس کلب کے باہر احتجاج کرنے لگیں۔

    دوسری جانب ایس ایس پی ایسٹ نے میڈیا کو بتایا کہ آتش زدگی کا یہ واقعہ ایک دن قبل رونما ہوا تھا، کسی کے جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ملی تھی تاہم تحقیقات جاری ہیں۔

    27 فروری 2022

    سفاک قاتل نے بھائی، بھابی، بھتیجی کو قتل کر دیا

    لاہور کے علاقے چوہنگ میں ایک سفاک قاتل نے میاں بیوی اور ان کی بیٹی کو قتل کیا، پولیس نے واردات کے چند گھنٹوں بعد ہی قاتل کو گرفتار کر لیا۔ معلوم ہوا کہ کہ قاتل مقتول امانت علی کا بھائی امین ہے۔ پولیس کے مطابق امین دو نامعلوم افراد کے ساتھ صبح 8 بجے مقتول امانت کے گھر مٹھائی دینے کے بہانے گیا، اور پھر ساتھیوں کے ساتھ مل کر اپنے بھائی، بھابی اور بھتیجی کے ہاتھ باندھے اور انھیں بے دردی سے قتل کر کے فرار ہو گیا۔

    پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق مقتول امانت کا اپنے بھائی امین سے جائیداد کا تنازع تھا۔ ایس پی صدر نے بتایا کہ امین نے 2014 میں والد کو بھی قتل کیا تھا اور چند روز قبل ہی والد کے قتل کے الزام میں جیل سے قید کاٹ کر آیا تھا۔

    27 فروری 2022

    لاہور: نواب ٹاؤن میں تہرے قتل کی لرزہ خیز واردات

    صوبائی دارالحکومت لاہور میں میاں بیوی اور ان کی بیٹی کا سفاکانہ قتل ہوا، یہ واقعہ چوہنگ، نواب ٹاؤن میں پیش آیا، تہرے قتل کی اس لرزہ خیز واردات میں تینوں افراد کو ہاتھ پاؤں باندھ کر قتل کیا گیا تھا، مقتولین کی شناخت امانت علی، شبانہ اور ازل کے نام سے ہوئی۔ دل خراش واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی تو گھر میں دل دہلا دینے والے مناظر تھے، کمرے میں ہر طرف خون ہی خون پھیلا ہوا تھا، مقتولین کی لاشیں کپڑے میں لپیٹی گئی تھیں۔

    پولیس نے بتایا کہ مقتول امانت علی کا والد بھی کچھ عرصہ قبل دشمنی کی وجہ سے قتل ہوا تھا، نواب ٹاؤن میں قتل ہونے والے امانت علی کے بھائی سلیم نے بتایا کہ بھائی، بھابھی اور بھتیجی کو دشمنی پر قتل کیا گیا ہے، 2014 میں بھی میرے والد کو بھی قتل کر دیا گیا تھا۔

    31 مارچ 2022

    گھریلو جھگڑے کا خوفناک انجام، ماں نے اپنے 3 بچوں ذبح کر ڈالا

    اسلام آباد کے علاقے شہزاد ٹاؤن میں دل خراش واقعہ رونما ہوا، جہاں ایک ماں نے تین بچوں کو چھری کے وار سے بے دردی سے ذبح کر کے قتل کیا، ابتدائی تفتیش کے مطابق اندوہناک واقعہ شوہر اور بیوی کے درمیان گھریلو لڑائی جھگڑے پر پیش آیا، جس پر خاتون نے عاجز آ کر اپنے لخت جگر پر چھریاں چلا دیں، خاتون نے بھی خود کشی کی کوشش کی۔

    جاں بحق ہونے والوں میں سات سالہ ایان، چار سالہ مسکان اور تین سالہ نور شامل تھے، علاقے میں قتل کی اس لرزہ خیز واردات کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیلی اور لوگوں کی بڑی تعداد متاثرہ مقام پر پہنچی۔

    7 مارچ 2022

    7 دن کی بیٹی کو گولیاں مار کر بے دردی سے قتل کرنے والا باپ

    اس واقعے میں پنجاب کے ضلع میانوالی میں سفاک باپ نے نومولود کو فائرنگ کر قتل کیا اور پھر فرار ہو گیا، پولیس نے تین دن بعد قاتل کو بھکر سے گرفتار کیا، اس کیس میں وزیر اعلیٰ اور آئی جی پنجاب نے ملزم کی جلد گرفتاری کا حکم دیا تھا۔ ڈی پی او نے بتایا کہ ملزم کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بھکر سے گرفتار کیا گیا، گرفتاری کے لیے 3 ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔

    سوشل میڈیا پر زیرِ گردش خبروں کے مطابق میانوالی میں شاہ زیب نامی شخص نے اپنی 7 روز کی بیٹی کو محض اس لیے گولیاں مار دی تھیں کہ اس کی پہلی اولاد بیٹے کی بجائے بیٹی تھی۔ صارفین نے ننھی پری کی تصاویر شیئر کیں تھیں، جس میں معصوم جان کو بے دردی سے 5 گولیاں مار کر ابدی نیند سلا دیا گیا تھا۔

    7 مارچ 2022

    کراچی: ماں بیٹی کا لرزہ خیز قتل، وجہ کیا تھی؟

    شہر قائد کے علاقے ناظم آباد نمبر چار میں ایک گھر سے ماں اور بیٹی کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، معلوم ہوا کہ نامعلوم قاتلوں نے گھر میں گھس کر ماں اور بیٹی کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتارا تھا۔ پولیس کو واقعے سے متعلق 15 پر کال موصول ہوئی تھی۔ پولیس نے تحقیقات کے آغاز میں بتایا کہ ماں بیٹی گھر میں اکیلے تھے، ایک بجے کے قریب گھریلو ملازمہ آئی تو لاشوں کا علم ہوا، ایک لاش صوفے پر ملی تھی دوسری بیڈ پر تھی، اور جائے واردات سے نائن ایم ایم کا ایک خول اور ایک سکہ ملا۔

    پولیس کے مطابق مقتولہ روبینہ کے شوہر نے دو شادیاں کی تھیں، مقتولہ کے شوہر کا دوسرا گھر گلشن میں ہے۔ قتل سے متعلق پولیس نے بتایا کہ دونوں خواتین کو سر میں گولی ماری گئی ہے، واقعہ ذاتی دشمنی لگتا ہے، ممکنہ طورپر مقتولین قاتل کو جانتے تھے۔

    1 مئی 2022

    کوئٹہ: ماں اور 4 بچوں کا سفاکانہ قتل

    صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے کچلاک ناصران میں ایک خاتون کو ان کے 4 بچوں سمیت بے دردی سے قتل کر دیا تھا، مقتولین کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا، پولیس کا کہنا تھا کہ ماں اور 3 بچوں کے گلے تیز دھار آلے سے کاٹے گئے، ایک بچے کو گلا دبا کر قتل کیا گیا۔

    مقتولین میں 13 سالہ سلمان، 11 سالہ صائمہ، 9 سالہ عنایت اللہ اور 7 سالہ شاہدہ شامل تھی، تحصیل دار جنید باروزئی نے میڈیا کو بتایا کہ بچوں کے باپ کو کچلاک پولیس نے چار افراد کے قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے، یہ بھی معلوم ہوا کہ باپ نے 2 شادیاں کر رکھی تھیں۔

  • مصر میں رواں برس کتنی مساجد تعمیر ہوئیں؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    مصر میں رواں برس کتنی مساجد تعمیر ہوئیں؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    قاہرہ: مصر میں السیسی کی حکومت میں رواں برس اور اب تک ریکارڈ تعداد میں مساجد کی تعمیر ہوئی ہے۔

    عرب نیوز کے مطابق مصری وزارت اوقاف کا کہنا ہے کہ مصر بھر میں اس سال ریکارڈ ایک ہزار 200 نئی مساجد کھولی گئی ہیں۔

    مصر کی وزارت اوقاف کے انڈر سیکریٹری ایمن عمر نے بتایا کہ ستمبر 2020 سے مصر میں 2 ہزار 712 نئی مساجد کھولی گئی تھیں، جب کہ مزید 404 کی تزئین و آرائش کی گئی۔

    جون 2014 میں صدر عبدالفتاح السیسی کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے اب تک 10.2 بلین مصری پاؤنڈ کی لاگت سے مجموعی طور پر 9 ہزار 600 مساجد کی تعمیر یا تزئین و آرائش کی جا چکی ہے۔

    ایمن عمر نے عرب نیوز کو بتایا کہ رواں برس ایک ہزار 200 نئی مساجد میں سے کچھ کی مالی اعانت وزارت کی جانب سے کی گئی تھی جب کہ دیگر نجی طور پر حکومتی نگرانی میں تعمیر کی گئی ہیں۔

    مصری وزارت کے ایک اہل کار شیخ رفیع السید نے بتایا کہ اب 2 ہزار 451 مساجد وزارت اوقاف سے منسلک ہیں، جن میں سے ایک ہزار391 ’عارضی‘ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس سے یہ مشہور قول بدل جاتا ہے کہ قاہرہ ’ہزار میناروں کا شہر‘ ہے، کیوں کہ اب ہمارے پاس اس سے زیادہ مینار ہیں۔

  • 2022: بالی ووڈ کو ہلا دینے والے 5 تنازعات

    2022: بالی ووڈ کو ہلا دینے والے 5 تنازعات

    ممبئی: بالی ووڈ اور تنازعات کا چولی دامن کا ساتھ رہا ہے، رواں برس 2022 میں بھی بھارتی فلم انڈسٹری کو بڑے تنازعات کا سامنا رہا۔

    1: ٹوئٹر پر بائیکاٹ ٹرینڈ

    ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ ابھی ریلیز نہیں ہوئی تھی کہ سوشل میڈیا پر اس کے خلاف ایک طوفان اٹھ کھڑا ہوا، ٹوئٹر پر اس فلم کے خلاف باقاعدہ طور پر بائیکاٹ کا ٹرینڈ چلایا گیا۔ صارفین نے ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے لوگوں سے فلم نہ دیکھنے کے لیے کہا۔ اس ٹرینڈ سے یہ بات واضح طور پر سامنے آئی کہ ٹرولز کے ایک گروپ کی جانب سے فلم کے خلاف پھیلائی جانے والی نفرت کا اثر باکس آفس کی کمائی پر پڑا۔

    عامر خان کی یہ فلم مشہور ہالی ووڈ فلم ’فاریسٹ گمپ‘ کا ری میک تھی، بہت اچھی بنی تھی لیکن بائیکاٹ ٹرینڈ نے اسے فلاپ ثابت کر دیا۔ اس نفرت انگیز مہم کے دوران عامر خان کی ایک پرانی ویڈیو وائرل کی گئی جس میں انھوں نے کہا تھا کہ بھارت میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت کی وجہ سے ان کی اہلیہ اپنے ملک میں رہنے سے ڈرتی ہیں۔

    2: دی کشمیر فائلز پروپیگنڈا فلم قرار دے دی گئی

    کشمیر فائلز نامی یہ فلم کہیں بہت پسند کی جا رہی تھی، اور کہیں پر اس پر سوالات بھی اٹھائے جا رہے تھے، یہ کہا جا رہا تھا کہ یہ فلم کشمیری مسلمانوں کے خلاف بنائی گئی ہے۔ لیکن ’دھماکا‘ اس وقت ہوا جب گزشتہ ماہ گوا میں منعقد ہونے والے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا میں اس کی اسکریننگ کی گئی، اور اختتامی تقریب میں فیسٹیول کی جیوری کے سربراہ اسرائیلی فلم ساز نادو لیپڈ نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے اس فلم کو ’پروپیگنڈا اور بے ہودہ‘ قرار دے دیا۔

    لیپڈ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم سب 15 ویں فلم دی کشمیر فائلز کو دیکھ کر پریشان اور حیران تھے، یہ ہمیں ایک پروپیگنڈا اور بے ہودہ فلم کی طرح محسوس ہوئی، اور اس طرح کے باوقار فلمی میلے کے لیے یہ ایک نامناسب فلم ہے، جہاں پر فن کارانہ صلاحیتوں کی بنیاد پر مقابلہ کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد فلم کے ہدایت کار وویک اگنی ہوتری سمیت بہت سے لوگوں نے نادو پر تنقید شروع کر دی، یہاں تک کہ اگنی ہوتری نے نادو کو چیلنج کیا کہ وہ ثابت کریں کہ فلم حقیقت میں کیسے غلط ہے۔ تاہم اس کے بعد جیوری کے دیگر ارکان نے بھی نادو لیپڈ کی حمایت کی۔

    3: رنویر سنگھ کا برہنہ فوٹو شوٹ

    رواں برس کے شروع میں بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ اس وقت ایک بڑے تنازعے کا شکار ہو گئے، اور ان کے خلاف باقاعدہ طور پر ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی، جب انھوں نے ایک میگزین کے لیے برہنہ فوٹو شوٹ کروایا۔ رنویر کے فوٹو شوٹ کی تصاویر 21 جولائی کو آن لائن پوسٹ کی گئی تھیں، جن میں وہ بغیر کپڑے پہنے نظر آ رہے تھے۔

    ممبئی پولیس نے رنویر کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات جیسا کہ 292 (فحش کتابوں کی فروخت وغیرہ)، 293 (نوجوانوں کو فحش اشیا کی فروخت)، 509 (لفظ، اشارہ یا عمل سے عورت کی توہین کرنا) کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

    4: جیکولین فرنینڈس کا منی لانڈرنگ اسکینڈل

    بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس کا نام منی لانڈرنگ کے ایک بڑے اسکینڈل میں اس وقت آیا جب 17 اگست 2022 کو دہلی کی ایک عدالت میں مجرم سکیش چندر شیکر کے خلاف 200 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں ایک ضمنی چارج شیٹ میں جیکولین کا نام بھی بہ طور ملزم درج کیا گیا۔

    بھارتی قانون نافذ کرنے والے ادارے ای ڈی نے اس معاملے میں جیکولین فرنینڈس کو کئی بار پوچھ گچھ کے لیے بھی طلب کیا، ای ڈی کی چارج شیٹ کے مطابق ملزم سکیش نے اداکارہ جیکولین اور نورا فتیحی کو کئی مہنگے تحائف بھیجے تھے۔ جیکولین کا سکیش سے سامنا 20 اکتوبر 2021 کو ہوا تھا۔ جیکولین نے بتایا کہ سکیش چندر شیکھر نے اس کے لیے مختلف مواقع پر پرائیویٹ جیٹ ٹرپ اور ہوٹل میں قیام کا انتظام کیا تھا۔ واضح رہے کہ جیکولین فی الحال ضمانت پر ہیں اور مجرم سکیش سلاخوں کے پیچھے ہے۔

    5: فلم لائیگر کی فنڈنگ کہاں سے ہوئی؟

    بھارتی ادارے ای ڈی نے اداکار وجے دیوراکونڈا سے پی ایم ایل اے کیس کے سلسلے میں 9 گھنٹے سے زیادہ تفتیش کی، ادارے نے تحقیقات اس وقت شروع کی جب کانگریس لیڈر بکا جڈسن نے اگست میں ای ڈی کے پاس شکایت درج کرائی کہ کئی سیاست دانوں نے لائیگر میں اپنا غیر قانونی پیسہ لگایا ہے، اور کئی لوگوں نے فلم میں اپنے کالے دھن کو سفید کرنے کے لیے سرمایہ کاری کی۔

    اداکار وجے سے فیما (فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ، 1999) کی مبینہ خلاف ورزی سے متعلق ایک معاملے میں پوچھ گچھ کی گئی تھی، اس سے پہلے 17 نومبر کو ای ڈی نے ’لائیگر‘ کے پروڈیوسر چارمی کور اور ہدایت کار پوری جگناتھ سے بھی پوچھ گچھ کی۔

    فلم لائیگر شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام رہی اور یہ باکس آفس پر فلاپ ثابت ہوئی۔