Tag: 2022 Asia Cup

  • ایشیا کپ : افغان ٹیم سے فتح پر پاکستانی عوام کا جوش وخروش قابل دید

    ایشیا کپ : افغان ٹیم سے فتح پر پاکستانی عوام کا جوش وخروش قابل دید

    افغانستان کے خلاف سپر فور مقابلے میں ایک وکٹ سے شاندار کامیابی کے بعد پاکستانی شائقین خوشی سے نہال ہیں، میچ جیتنے کے بعد لوگوں کا جوش و خروش قابل دید تھا۔

    نسیم شاہ کے دو فلک شگاف شاندار چھکوں نے پاکستان کو ایشیا کپ کے فائنل میں جگہ دلادی۔ 11 ستمبرکو کھیلے جانے والے فائنل میچ میں پاکستان کا مقابلہ اب سری لنکا سے ہوگا جو ایونٹ کی میزبانی بھی کررہا ہے۔

    اب سے چھتیس سال قبل جس شارجہ میں منجھے ہوئے بلے باز جاوید میانداد نے چھکا مار کر بھارت کے خلاف ایک وکٹ سے پاکستان کو فتح دلائی تھی۔

    اس میچ کی فتح پر بھی پاکستانی عوام نے کئی سال تک خوشیاں منائیں اور اب اس حالیہ فتح کو بھی انتہائی جوش و خروش کے ساتھ سیلیبریٹ کیا جارہا ہے۔

    سوشل میڈیا پر کی جانے والی اکثر پوسٹس میں پاکستانی شائقین پھولے نہیں سما رہے، محمد آصف سے کی جانے والی افغان کھلاڑی کی بدتمیزی کے بعد لوگوں میں بھی شدید غم و غصہ تھا۔

    اسی حوالے سے انسٹا گرام پر ایک پاکستانی خاندان کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے کہ جس میں  نسیم شاہ کی جانب سے وننگ شاٹ لگانےکے بعد پاکستانی کرکٹ شائقین جو کافی حد تک مایوسی کا شکار تھے ان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی  اور وہ بلند آواز سے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں۔

    جس کے فوری بعد پاکستان کے ابھرتے ہوئے بالر نسیم شاہ نے لگا تار دو گیندوں پر دو چھکے مار کر افغانستان کو شکست سے دوچار کیا اور بھارت کو بھی فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا۔

    پاکستان اور سری لنکا نے سپر فور مرحلے میں دو ، دو میچز جیت کر چار چار پوائنٹس حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنائی، افغانستان اور بھارت کی ٹیمیں اس مرحلے میں پہلے دونوں میچز ہار کر فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئیں۔

    جمعرات کو بھارت اور افغانستان اورجمعے کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے سپر فور میچز کی اب کوئی خاص اہمیت نہیں رہ گئی ہے کیونکہ ان کے نتائج سے فائنل میں پہنچ جانے والی دونوں ٹیموں کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

  • شارجہ میں دوسرا تاریخی چھکا، میانداد کے بعد اب نسیم شاہ

    شارجہ میں دوسرا تاریخی چھکا، میانداد کے بعد اب نسیم شاہ

    شارجہ : ایشیا کپ میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلا جانے والا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد قومی ٹیم نے جیت لیا، میچ کی خاص بات نسیم شاہ کا فلک شگاف چھکا تھی۔

    اس میچ میں پاکستان کی شاندار کامیابی کے بعد بھارت کا ایونٹ میں ایک فیصد واپسی کا خواب بھی چکنا چور ہوگیا، بھارتی شائقین بھی افغان ٹیم سے بہت سی امیدیں لگائے بیٹھے تھے جس میں انہیں مایوسی ملی۔

    اس اہم میچ میں پاکستان نے افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دی۔ افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 130 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی۔

    پاکستان کے نو کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے اور اسے چھ گیندوں پر 11 رنز درکار تھے۔ محمد حسنین اور نسیم شاہ دو بولرز کریز پر موجود تھے اور شکست پاکستانی فینز کو آنکھوں کے سامنے نظر آ رہی تھی۔

    لیکن پھر نسیم شاہ نے فضل حق فاروق کو آخری اوور کی پہلی دو گیندوں پر دو فلک شگاف چھکے مار کر پاکستان کو جیت دلا دی۔

    اس جیت پر اگر کہا جائے کہ نسیم شاہ نے ہار کے جبڑوں سے جیت چھین لی تو بے جا نہ ہوگا، میچ کے اختتام پر نوجوان فاسٹ بولر بہت خوش نظر آئے اور روی شاستری کو یہ بھی کہا کہ ان کی آج کی بیٹنگ کے بعد سب یہ بھول گئے کہ میں بولر بھی ہوں۔

    سوشل میڈیا پر بھی صارفین نسیم شاہ ہی کہ قصیدے پڑھتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
    پاکستان کے صدر عارف علوی نے ایک ٹویٹ میں نسیم شاہ کو شاباش دیتے ہوئے لکھا کہ ویل ڈن نسیم شاہ۔ سیلاب کے باعث ہماری پریشانیوں کے باوجود گرین شرٹس ہمارے چہروں پر مسکراہٹ لے آئے ہیں۔

    انس ملک نے لکھا کہ شارجہ کو کبھی میانداد کے چھکے کی وجہ سے جانا جاتا تھا لیکن اس صدی میں اسے نسیم شاہ کے چھکے کے سبب جانا جائے گا۔

    عباد احمد نامی صارف نے لکھا یہ نسیم شاہ کی دنیا ہے اور ہم اس میں رہ رہے ہیں۔

    کسی نے سابق صدر آصف زرداری کی میم شیئر کرتے ہوئے لکھا ایسا بولر ہی نہیں رکھتے جو ہٹنگ نہ کر سکے۔

    واضح رہے کہ اس جیت کے ساتھ پاکستان ایشیا کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر گیا ہے جہاں 11 ستمبر کو اس کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔

  • سپر 4 تک رسائی کے لیے پاکستان آج ہانگ کانگ سے ٹکرائے گا

    سپر 4 تک رسائی کے لیے پاکستان آج ہانگ کانگ سے ٹکرائے گا

    شارجہ: ایشیا کپ 2022 کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، پاکستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں آج مدِ مقابل ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کے ٹائٹل کے حصول کی جنگ میں پاکستان آج ہانگ کانگ سے ٹکرائے گا، سپر فور میں کوالیفائی کرنے کے لیے قومی ٹیم کو آج کا میچ جیتنا ضروری ہے، مقابلہ شام 7 بجے شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

    شاہینوں کا ایشیا کپ میں آغاز شکست سے ہوا ہے تاہم ہانگ کانگ کے خلاف فتح ٹیم کو اگلے راؤنڈ میں پہنچا دے گی، دونوں ٹیمیں پہلی بار ٹی 20 میں ٹکرائیں گی۔ تاہم ایشیا کپ میں پاکستان ہانگ کانگ کے خلاف ناقابل شکست رہا ہے، 3 میچ کھیلے تینوں میں فتح سمیٹی۔

    آسان حریف کے خلاف ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان ہے، حارث رؤف کی جگہ حسنین کھیل سکتے ہیں، نسیم شاہ بھی میچ کے لیے فٹ قرار دے دیے گئے ہیں۔

    قومی ٹیم کے فاسٹ بولرز بھارت کے بعد ہانگ کانگ کے بیٹرز اڑانے کے لیے تیار ہیں، تاہم بڑے مقابلوں سے قبل بیٹرز کو فارم میں آنا ہوگا، اور جیت کے ساتھ ٹیم کا حوصلہ بڑھانا ہوگا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز آئی لینڈرز نے بنگال ٹائیگرز کی لنکا ڈھا دی تھی، میزبان سری لنکا نے بنگلا دیش کو ہرا کر ایشیا کپ سے باہر کر دیا ہے۔

  • ایشیا کپ : آج بھارت اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں پنجہ آزمائی کریں گی

    ایشیا کپ : آج بھارت اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں پنجہ آزمائی کریں گی

    دبئی : یو اے ای میں ہونے والے ایشیا کپ میں آج بھارت کا مقابلہ ہانگ کانگ کی ٹیم سے ہوگا، ٹاس شام سات بجے ہوگا، پاکستانی ٹیم کے شاہین بھی مقابلے کیلئے تیار بیٹھے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ایشین چیمپئن بننے کیلئے 6 ٹیموں کے درمیان جنگ جاری ہے، شائقین کرکٹ کے بہترین لمحات سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔

    ایشین کرکٹ پرحکمرانی کی جنگ جاری ہے، چوتھے مقابلے میں آج بھارت اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں ٹکرائیں گی، ایک طرف مین ان بلو کا مضبوط کامبی نیشن ہے تو دوسری جانب کوالیفائنگ ٹیم نے حریف کو زیر کرنے کی تیاریان کرلیں۔

    مقابلہ کیلئے میدان شام 7بجے دبئی اسٹیڈیم میں سجے گا، بھارت بھی فتح کےساتھ سپر4 میں جگہ بنانے کو تیار ہے، ٹورنامنٹ میں بھارت اپنے افتتاحی میچ میں کامیاب رہا۔

    ایشیائی ایونٹ میں بھارتی ٹیم اور ہانگ کانگ دو بار 2008 اور2018 میں ون ڈے فارمیٹ میں مدمقابل آئیں, دونوں مرتبہ بھارعت نے بازی مار کر اپنی برتری کو برقرار رکھا۔

    آج کے میچ میں بھارت جیتا تو ہانگ کانگ کے خلاف جیت کی ہیٹ ٹرک کرلے گا اور ہانگ کانگ کو شکست ہوئی تو پاکستان اور ہانگ کانگ کا میچ سپرفور تک رسائی کیلئے ڈو اور ڈائی ہوگا۔

    میچ کا بقیہ شیڈول 

    ایشیا کپ کے بقایا شیڈول میں گروپ بی میں شامل سری لنکا اور بنگلہ دیش یکم ستمبر کو شام سات بجے دبئی میں مدِ مقابل ہوں گے۔

    گروپ اے میں شامل پاکستان اور ہانگ کانگ 2 ستمبر کو شام سات بجے شارجہ میں میچ کھیلیں گے۔

    ایشا کپ کے سپرفور مرحلے کا آغاز 3ستمبر سے ہوگا جس کا پہلا مقابلہ شارجہ میں شام 7 بجے بی ون اور بی ٹو کے درمیان ہوگا۔

    اسی طرح 4 ستمبر کو سپرفور مرحلے کا دوسرا مقابلہ دبئی میں شام سات بجے اے ون اور اے ٹو کے درمیان ہوگا۔

    سپرفور کا اگلا مقابلہ6ستمبر کو اے ون اور بی ون کے درمیان شام 7 بجے دبئی میں ہوگا۔

    سپرفور مرحلے کا اگلا میچ 7ستمبرکو اے ٹو اور بی ٹو کے درمیان شام سات بجے دبئی میں ہوگا۔

    سپرفور کا چوتھا مقابلہ 8ستمبر کو اے ون اور بی ٹو کے درمیان شام 7 بجے دبئی میں ہوگا۔

    سپرفور کا اگلا میچ9ستمبر کو بی ون اور اے ٹو کے درمیان شام 7 بجے دبئی میں ہوگا۔

    سپر فور میں پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں کے درمیان 11ستمبر کو شام 7 بجے دبئی میں فائنل ٹاکرا ہوگا۔

  • ’’میچ صرف انڈیا نے نہیں پاکستان نے بھی جیتا ہے‘‘

    ’’میچ صرف انڈیا نے نہیں پاکستان نے بھی جیتا ہے‘‘

    کراچی : قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر تنویر احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جانے والا میچ بہت دلچسپ تھا، جیت صرف انڈیا کی نہیں پاکستان کی بھی ہوئی۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیا آئندہ ہونے والے میچ میں بھی ایسی ہی پچ بنائی جائے گی جیسے یہ پچ تھی جو بالر اور بیٹسمین دونوں کیلئے سازگار تھی؟

    ان کا کہنا تھا کہ ون سائیڈڈ میچ نہیں ہوا پاکستان ٹیم نے بہت جان مار کر کھیلا لیکن نسیم کو مشکلات پیش آرہی تھیں ان پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔

    پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اے آر وائی نیوز کے اسپورٹس رپورٹر شعیب جٹ کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم نے44ڈاٹ بالز کھیلیں یعنی7.2اوورز ضائع کیے۔

    شعیب جٹ نے کہا کہ میرے نزدیک نسیم سے اوور نہیں کروانا چاہیے تھا، ہپر اوور کے بعد وہ گررہا تھا اس کے علاوہ حارث روف ردھم میں نظر نہیں آرہے تھے۔

    دوسری جانب دبئی میچ میں بھارت کے ہاتھوں سنسنی خیز مقابلے بعد کپتان بابراعظم نے قوم کو شکست کی وجوہات بتا دیں۔

    مزید پڑھیں : بابراعظم نے بھارت سے شکست کی وجوہات بتا دیں

    میچ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ ہم نے 10 سے 15 رنز کم کیے جب کہ شاہین آفریدی کی کمی بھی محسوس ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ آخری اوور میں15رنز بھی بچتے تو نتیجہ مختلف ہوتا لیکن پانڈیا نے میچ اچھا فنش کیا۔

  • ایشیا کپ کی میزبانی، سری لنکا کرکٹ بورڈ کو ڈیڈ لائن

    ایشیا کپ کی میزبانی، سری لنکا کرکٹ بورڈ کو ڈیڈ لائن

    کولمبو: ایشیا کپ 2022 کی میزبانی سے متعلق سری لنکا کرکٹ بورڈ کو ڈیڈ لائن دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ کی میزبانی کے لیے سری لنکا کرکٹ بورڈ کو ڈیڈ لائن دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ 27 جولائی تک کونسل کو آگاہ کر دے۔

    ایشیا کپ کی میزبانی سری لنکا کے پاس ہے، یہ ایونٹ 27 اگست سے 11 ستمبر کے درمیان شیڈول ہے، تاہم دوسری طرف اس وقت سری لنکا معاشی مشکلات کا شکار ہے اور ملک میں مظاہرے جاری ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل سری لنکا بورڈ سے رابطے میں ہے، اور ناسازگار حالات کے باوجود سری لنکن کرکٹ بورڈ ایشیا کپ کی میزبانی کے لیے پرامید ہے۔

    تاہم اس وقت یہ کہنا مشکل ہے کہ سری لنکا ایشیا کپ کی میزبانی کر سکے گا یا نہیں، کیوں کہ ایونٹ کے لیے ابھی وقت باقی ہے۔

    تمام 5 ٹیسٹ ٹیمیں سری لنکا، بھارت، پاکستان، افغانستان اور بنگلا دیش، ٹورنامنٹ میں شامل ہیں جب کہ ایک اور ایشیائی ٹیم کا فیصلہ 20 اگست سے ہونے والے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے بعد کیا جائے گا۔

    ٹورنامنٹ میں شامل ہونے والی چھٹی ٹیم متحدہ عرب امارات، کویت، سنگاپور یا ہانگ کانگ میں سے ایک ہوگی۔