Tag: 2022

  • متحدہ عرب امارات میں 2022 میں پہلی یہودی عبادت گاہ کا افتتاح ہوگا

    متحدہ عرب امارات میں 2022 میں پہلی یہودی عبادت گاہ کا افتتاح ہوگا

    دبئی : متحدہ عرب امارات میں 2022 میں پہلی یہودی عبادت گاہ کا افتتاح ہوگا، یہودی عبادت گاہ ابوظہبی میں کثیرالعقائد ابراہیمک فیملی ہاؤس کمپلیکس کا حصہ ہے جہاں مسجد اور چرچ بھی ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کثیرالعقائد منصوبے کے تحت پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر یہودی عبادت گاہ کی تعمیر کا آغاز اگلے برس ہوگا اور 2022 تک اس کی تکمیل ہوگی۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق یہودی عبادت گاہ ابوظہبی میں کثیرالعقائد ابراہیمک فیملی ہاؤس کمپلیکس کا حصہ ہے جہاں مسجد اور چرچ بھی ہوگا۔

    کمپلیکس کی تعمیر کا اعلان رواں برس فروری میں پوپ فرانسس کے متحدہ عرب امارات کے دورے میں کیا گیا تھا، جو خطے میں پہلی عبادت گاہ ہوگی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات کے مسلمانوں نے اس کمپلیکس کی بحیثیت تحمل اور برداشت کے مرکز کے طور پر حمایت کی ہے اور ان کا موقف ہے کہ اس سے مذہبی آزادی اور ثقافتی رنگا رنگی کو فروغ ملے گا۔

    خیال رہے متحدہ عرب امارات میں یہودی کمیونٹی کی یہ پہلی عبادت گاہ ہوگی تاہم اس وقت دبئی میں ایک گھر کو نجی عبادت گاہ کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : ابوظہبی: پوپ فرانسس کا تاریخی دورہ مکمل، مذہبی رواداری کے فروغ پر زور

    یاد رہے رواں سال فروری میں مطابق پوپ فرانسس اپنے پہلے اور تاریخی دورے پر دارالحکومت ابوظہبی پہنچے تھے، جہاں ان کا کا استقبال شیخ محمدبن زاید اور الازہر یونیورسٹی کے امام نے کیا تھا۔

    پوپ فرانسس نے ولی عہدشیخ محمد بن زید النہیان اور دیگر مسلمان رہنماؤں سے ملاقات کی، انہوں نے بین المذاہب کانفرنس میں شرکت کی اور مذہبی رواداری کے فروغ پر بالخصوص زور دیا تھا۔

    واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کی 80 فیصد آبادی مسلم ہے جبکہ عیسائی مذہب سے تعلق رکھنے والے 9 فیصد (تقریباً 10 لاکھ) ہیں، مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے مسیحی تارکین وطن یو اے ای میں بطور ورکر کام کررہے ہیں جن میں اکثریت کا تعلق انڈیا اور فلپائن سے ہے۔

  • بھارتی یومِ آزادی: نریندر مودی کا خلائی مشن سمیت متعدد پالیسیوں کا اعلان

    بھارتی یومِ آزادی: نریندر مودی کا خلائی مشن سمیت متعدد پالیسیوں کا اعلان

    نئی دہلی : بھارت کے 72 ویں یوم آزادی کے موقع پر نریندر مودی نے قومی صحت پالیسی اور خلائی مشن سمیت کئی نئے منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سنہ 2022 میں بھارت کا بیٹا یا بیٹی ترنگا لے کر خلا میں جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے 72 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعے میں منعقدہ یوم آزادی کی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنا پانچواں اور آخری خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ دنوں بھارت کے مخلتف حصّوں میں آنے والے سیلاب میں درجنوں افراد کی ہلاکت پر شدید افسوس ہے۔

    نریندر مودی نے خطاب کرتے ہوئے سنہ 2022 کے خلائی مشن سمیت کئی نئی پالیسیوں کا اعلان کیا۔

    بھارت کے 72 ویں یوم آزادی کی مرکزی تقریب 370 سالہ تاریخ کے حامل لال قلعے میں ہوئی جہاں نریندر مودی نے خطاب کیا۔

    نریندر مودی کا خطاب کے دوران کہنا تھا کہ قومی صحت پالیسی کا مقصد 10 کروڑ بھارتی شہریوں کو صحت کے شعبے میں بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے، جس پر 25 ستمبر سے عمل درآمد شروع ہوگا اور مذکورہ پالیسی کے تحت فی خاندان  5 لاکھ روپے سالانہ خرچ ہوں گے۔

    نریندر مودی نے بھارت کے 72 ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سنہ 2022 میں بھارت دنیا کا چوتھا ملک ہوگا جو انسان کو خلا میں بھیجے گا۔

    بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاحال آرمی، نیوی اور ایئر فورس میں خواتین کو شارٹ سروس کمیشن دیا جاتا ہے لیکن آئندہ ملک کی مسلح افواج (آرمی، نیوی، فضائیہ) میں خواتین کو بھی مستقل کمیشن دی جائے گا۔

    خطاب کے بعد نریندر مودی نے وہاں موجود بچوں سے بھی ملاقات کی۔

    یوم آزادی کے موقع پر بھارت بھر میں یوم آزادی کی تقاریب منعقد کی گئیں اور ترنگا لہرایا گیا۔ اس موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔

    دوسری جانب بھارت کے 72 ویں یوم آزادی کے موقع پر کشمیر  پر بھارت کے غاصبانہ فوجی تسلط کے خلاف کشمیری عوام مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ منارہے ہیں۔