Tag: 2023 آئی سی سی ورلڈکپ

  • وہی بھارتی ٹیم نہ جسے ہم کئی بار شکست دے چکے! پیٹ کمنز کا کرارا طنز

    وہی بھارتی ٹیم نہ جسے ہم کئی بار شکست دے چکے! پیٹ کمنز کا کرارا طنز

    آسٹریلوی کے ورلڈکپ فاتح کپتان پیٹ کمنز نے ایک بار پھر بھارتیوں کے جلے پر نمک چھڑک دیا اور انھیں ورلڈکپ کی شکست یاد دلادی۔

    بھارتی شائقین کے لیے 19 نومبر 2023 کا دن ایسا ہے جسے وہ اپنی کرکٹ کی تاریخ میں کبھی یاد کرنا پسند نہیں کریں گے۔ روہت شرما کی زیرقیادت بھارتی سائیڈ کو پیٹ کمنز کی کپتانی میں کھیلنے والی ٹیم نے لاکھوں کے کراؤڈ کے سامنے دھول چٹاتے ہوئے ورلڈکپ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

    آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ ہمیں خود پر یقین تھا۔ تاہم یہ ہمیں 50-50 کی طرح محسوس ہورہا تھا کیوں کہ انڈین سائیڈ نے ٹورنامنٹ میں کافی حیرت انگیز کارکردگی دکھائی تھی لیکن ہم جانتے تھے کہ بھارتی تیم ایسی ٹیم ہے جسے ہم نے پہلے بھی بہت بار شکست سے دوچار کیا تھا۔

    پیٹ کمنز نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ بھارت نے ہمیں پہلے راؤنڈ میں شکست دی تھی لیکن ہم نے سوچا کہ اگر یہ ہمارا دن ہے اور ہم واقعی اچھا کھیلیں گے تو، ہمارے پاس ٹیم میں ایسے پلیئر ہں جو کامیابی دلواسکتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ورلڈکپ سے قبل ہم نے زیادہ ون ڈے کرکٹ نہیں کھیلی تھی تاہم ہمیں بہت تجربہ تھا کیوں کہ پچھلے سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ یا ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے کافی پلیئرز ٹیم میں موجود تھے۔ اس لیے مجھے لگتا ہے کہ ہمارے پاس ہمیشہ سے ایک اعتماد تھا۔

    واضح رہے کہ بھارت میں منعقد ہونے والے کرکٹ کے عالمی کپ میں لگاتار 10 فتوحات حاصل کرنے کے بعد، ناقابل شکست بھارتی ٹیم فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف ایسے ڈھیر ہوئی تھی کہ پوری قوم دل شکستہ ہوگئی تھی اور غم میں ڈوب گئی تھی۔

    پیٹ کمنز کے لیے بطور کپتان پچھلا سال نہایت شاندار رہا تھا، وہ نہ صرف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فاتح بنے تھے اور ون ڈے ورلڈکپ جیتا تھا بلکہ اس سے قبل ایشز سیریز میں بھی کامیابی اپنے نام کی تھی۔

  • بھارت بہترین گیم پلان بنانے والی ٹیم کے سامنے ڈھیر ہوگیا، عرفان پٹھان

    بھارت بہترین گیم پلان بنانے والی ٹیم کے سامنے ڈھیر ہوگیا، عرفان پٹھان

    سابق بھارتی فاسٹ بولر عرفان پٹھان سمجھتے ہیں کہ بھارت کو ورلڈکپ فائنل میں بہتر منصوبہ بندی کرنے والی ٹیم کے ہاتھوں شکست ہوئی۔

    آئی سی سی عالمی کپ کے فائنل میں ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد شائقین کرکٹ کے سامنے بھارت کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر آسٹریلیا نے عبرتناک شکست دی تھی۔ اس ہار کے بعد سابق کرکٹر محمد کیف نے آسٹریلین ٹیم کے حوالے سے عجیب و غریب بیان دیا تھا۔

    کیف کا کہنا تھا کہ میں آسٹریلیا کو چیمپئن نہیں مانتا بھارتی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھائی وہی چیمپئنز ہیں۔ اب کمنٹیٹر عرفان پٹھان نے آسٹریلیا کی شاندار منصوبہ بندی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ایک بہترین گیم پلان بنانے والی ٹیم کے سامنے ڈھیر ہوگیا۔

    انھوں نے کہا کہ میرے خیال میں بہتر منصوبہ بندی کرنے والی ٹیم نے بھارت کو شکست دی، آسٹریلیا کی ٹیم نے بہتر منصوبہ بندی کی ہوئی تھی۔ انھوں نے ٹاس کے آغاز سے ہی پلیننگ کی ہوئی تھی۔

    عرفان پٹھان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں لگتا کہ جو منصوبہ بندی کینگروز نے کی کوئی اور ٹیم اس قسم کی منصوبہ بندی کے قریب بھی آسکتی ہے۔

    سابق کرکٹر نے کہا کہ بھارتی ٹیم جڈیجا، سوریہ کمار اور کے ایل راہل آؤٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد پیچھے چلی گئی۔ اس دوران ٹریوس ہیڈ جیسے پلیئرز نے بھی دو اوورز کرائے اور اہم وکٹیں حاصل کیں۔

    واضح رہے کہ بھارت کو ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ میزبان نے تیسری بار ٹائٹل حاصل کرنے کا موقع گنوایا ہے۔

  • ورلڈکپ میں کس ٹیم کی فیلڈنگ سب سے شاندار رہی؟

    ورلڈکپ میں کس ٹیم کی فیلڈنگ سب سے شاندار رہی؟

    عالمی کپ کا میلہ آسٹریلیا کی چھٹی بار جیت کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا، تاہم اس ایونٹ میں کس ٹیم کی فیلڈنگ سب سے اچھی رہی آئی سی سی نے اعداد و شمار جاری کردیے۔

    اس ایونٹ میں یوں تو اکثر ٹیموں نے فیلڈنگ میں جان لڑانے کی کوشش کی لیکن جس ٹیم کی فیلڈنگ آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں سب سے شاندار رہی وہ کوئی اور نہیں بلکہ عالمی کپ کا فاتح آسٹریلیا ہی ہے۔

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق آسٹریلین ٹیم کے فیلڈنگ امپکیٹ ریٹنگ پوائنٹس 383.58 ہیں جو کہ سب سے زیادہ ہیں۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ورلڈکپ جیتنے میں کینگروز کی فیلڈنگ کا بھی اہم کردار رہا۔

    دوسرے نمبر پر بہتر فیلڈنگ کرنے والی جنوبی افریقہ کی ٹیم رہی جس نے 340.59 فیلڈنگ امپکیٹ ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے۔ حیران کن طور پر نیدر لینڈز کی نوآموز ٹیم تیسرے نمبر پررہی جس کے پوائنٹس 292.02 ہیں۔

    فائنل میں شکست کا منہ دیکھنے والا بھارت چوتھے نمبر پر رہا جس نے فیلڈنگ میں 281.04 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ لسٹ میں پاکستان کا نمبر ساتواں ہے جس نے فیلڈنگ میں محض 212.61 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے۔

    ایونٹ میں سب سے خراب فیلڈنگ افغانستان کی ٹیم نے کی جس کے پلیئرز نے میدان میں کئی کیچز چھوڑے، ان کے ریٹنگ پوائنٹس سب سے کم 123.12 رہے۔

  • والد جیف 1987 ورلڈکپ فاتح اسکواڈ کا حصہ، 2023 میں بیٹے مچل نے تاریخ دہرادی

    والد جیف 1987 ورلڈکپ فاتح اسکواڈ کا حصہ، 2023 میں بیٹے مچل نے تاریخ دہرادی

    آسٹریلین بیٹر مچل مارش نے اپنے والد کا سر فخر سے بلند کردیا، باپ اور بیٹے دونوں نے عالمی کپ جیت کر منفرد اعزاز حاصل کرلیا۔

    آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل میں آسٹریلین ٹیم نے بھارت کو شکست دے کر ریکارڈ چھٹی بار شوپیس ٹرافی اٹھانے کا کارنامہ انجام دیا۔ اسی کے ساتھ مچل مارش کے خاندان نے بھی دنیائے کرکٹ میں ایک انوکھا اعزان اپنے نام کیا ہے۔

    مچل مارش اور ان کے والد سابق آسٹریلین اوپنر جیف مارش دونوں اپنے اپنے دور میں ورلڈکپ جیتنے والے اسکواڈ کا حصہ بنے۔ آئی سی سی کی جانب سے بھی مچل اور جیف کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انھیں خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

    سابق آسٹریلین اوپنر جیف مارش اس آسٹریلوی ٹیم کا حصہ تھے جس نے 1987 میں ایڈن گارڈنز میں انگلینڈ کی ٹیم کو شکست دے کر ورلڈکپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

    اب 2023 میں ان کے صاحبزادے اس آسٹریلین ٹیم کا حصہ ہیں جس نے بھارت کو اسی کی سرزمین پر شکست دیتے ہوئے آئی سی سی ایونٹ کی ٹرافی پر چھٹی بار قبضہ جمایا ہے۔ اس سے قبل مچل 2105 میں ورلڈکپ جیتنے والے اسکواڈ کا بھی حصہ رہ چکے ہیں.

    مزے کی بات یہ ہے کہ جب جیف مارش ورلڈکپ جیتے تو وہ بھی نومبر کا مہینہ تھا۔ اس بار جب مارش عالمی کپ جیتنے والی آسٹریلین اسکواڈ کا حصہ ہیں تو یہ بھی نومبر کا ہی مہینہ ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیدیم میں کھیلے جانے والے فائنل میں کینگروز نے باآسانی بھارتی ٹیم کو شکست دی تھی۔ آسٹریلیا نے بھارت کی جانب سے دیے گئے 240 رنز کے ہدف کا تعاقب 4 وکٹوں کھو کر پورا کرلیا تھا۔