Tag: 2024 T20 World Cup

  • نیتراولکر کے انجینئر ساتھیوں کو اب تک یقین نہیں وہ ورلڈکپ کھیل رہے ہیں!

    نیتراولکر کے انجینئر ساتھیوں کو اب تک یقین نہیں وہ ورلڈکپ کھیل رہے ہیں!

    پاکستان اور بھارت کے خلاف عمدہ بولنگ کرنیوالے نیتراولکر کے دوستوں کو اب تک یقین نہیں ہوتا کہ وہ امریکا کی طرف سے ورلڈکپ کھیل رہے ہیں۔

    آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے کچھ دن پہلے ہی امریکی پلیئر سوربھ نیتراولکر کے لنکڈ ان پروفائل کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے لگا تھا، اسکرین شاٹ میں اوریکل کے ملازمین کے کمنٹس موجود تھے۔

    ان کے انجینئر ساتھیوں نے نیتراولکر کو امریکا کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ میں دیکھ کر حیرت کا اظہار کیا تھا۔ ان کے لیے یہ یقین کرنا مشکل تھا کہ ایک کُل وقتی سافٹ ویئر انجینئر بھی ایک انٹرنیشنل فاسٹ بولر ہو سکتا ہے۔

    بھارتی ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں سوربھ نیتراولکر کا کہنا تھا کہ میں ان وائرل اسکرین شاٹس میں سے چند سے واقف ہوں۔

    سوربھ نے اسکول میں شاذ و نادر ہی 90 فیصد سے کم نمبر حاصل کیے اور وہ کم عمری میں ہی کوڈنگ کی طرف راغب ہوگئے تھے۔ انھوں نے مقامی کرکٹرز کے لیے ڈیٹا اور ڈیجیٹل اسکور کارڈ فراہم کرنے کے لیے ایک موبائل ایپلیکیشن، گریٹ ڈیکوڈ بھی بنایا تھا جو اب بھی گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہے۔

    سوربھ نیتراولکر کو یہ تو نہیں پتا کہ اس ورلڈکپ کے بعد ان کی زندگی تبدیل ہوگی یا نہیں، تاہم انھیں یقین ہے کہ اب ان کے آفس کولیگز کو پتا چل جائے گا کہ وہ کتنے ملٹی ٹیلنٹڈ شخص ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکا میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ میں میزبان امریکا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔

    امریکا کو تاریخی فتح دلانے میں سوربھ نیتراولکر بھارتی نژاد امریکی کرکٹر کا اہم کردار تھا، پاکستان کے خلاف سپر اوور میں انھوں نے عمدہ بولنگ کی تھی، سوربھ فل ٹائم سافٹ ویئر انجینیر ہیں اور ایک کارپوریشن کمپنی میں کام کرتے ہیں۔

    سوربھ نیتراولکر نے فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز 2013 کی رانجی ٹرافی میں ٹیم ممبئی کی جانب سے کیا تھا، 2014 میں انہوں نے لسٹ اے میچز بھی کھیلنا شروع کیے۔

    سوربھ نیتراولکر 2010 کے انڈر 19 ورلڈ کپ می بھارت کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں، تاہم انھیں انڈیا میں کھیلنے کا زیادہ موقع نہ ملا اور وہ بہتر مواقع کی تلاش میں امریکا آگئے۔

  • ہم آپ کی ٹیم ہیں، کوئی گلی کی کرکٹ ٹیم نہیں! شاہین آفریدی

    ہم آپ کی ٹیم ہیں، کوئی گلی کی کرکٹ ٹیم نہیں! شاہین آفریدی

    قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کریں۔

    آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں پاکستان کی کارکردگی پر مداح کافی ناراض نظر آتے، ٹیم امریکا اور بھارت کے خلاف میچ ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ سے اخراج کے دہانے پر پہنچ چکی ہے اور اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لیے پھر سے اگر مگر کی صورتحال کا شکار ہے۔ا

    شاہین آفریدی نے یوٹیوب چینل پر ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ہر کوئی اچھے وقت میں آپ کو سپورٹ کرتا ہے لیکن میرا ہمیشہ یہی کہنا ہے کہ فینز کو آپ کو برے وقت میں سپورٹ کرنا چاہیے۔

    لیفٹ ہینڈ پیسر نے مداحوں سے درخواست کی کہ ہم آپ کی ٹیم ہیں کوئی گلی کی کرکٹ ٹیم نہیں، یا ہم کوئی ایسی ٹیم نہیں ہیں جس میں پلیئرز کو سفارش کی بنیاد پر منتخب کیا گیا ہے۔ اگر آپ اس وقت ٹیم کو سپورٹ نہیں کریں گے تو آپ بھی میڈیا کی طرح ہی ہونگے۔

    انھوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ میں نے شاہد آفریدی سے کافی مدد لی ہے اور معین خان اکیڈمی میں اپنی بیٹنگ پر کافی کام کیا ہے۔

    شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ میرا کردار یہ ہے کہ آخری کے اوورز میں باؤنڈریز لگاؤں اس لیے میں زیادہ تر اسی چیز کی پریکٹس کرتا ہوں۔

    خیال رہے کہ پاکستان نے کینیڈا کے خلاف جیت حاصل کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں اپنی امیدیں برقرر رکھی ہیں، گرین شرٹس کا اگلا مقابلہ آئرلینڈ کے ساتھ شیڈول ہے۔

  • ’’سُپر8 میں کوالیفائی کے باوجود قومی ٹیم میں آپریشن ضروری ہے‘‘

    ’’سُپر8 میں کوالیفائی کے باوجود قومی ٹیم میں آپریشن ضروری ہے‘‘

    پاکستان کے سابق کرکٹر باسط علی نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ 2024 میں پاکستان سپر ایٹ کے مرحلے میں کوالیفائی کر بھی لے تو آپریشن پھر بھی ضروری ہے۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے خصوصی پروگرام ’ہر لمحہ پُرجوش‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ امریکا اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے آؤٹ آف فارم کھلاڑیوں نے میچ جتایا۔

    باسط علی نے کہا کہ آج کےمیچ میں بھارتی ٹیم کی جیت کا کریڈٹ سوریا کمار اور دوبے کو جاتا ہے جنہوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

    اس موقع پر پروگرام میں موجود قومی ٹیم کے سابق بلے باز کامران اکمل نے کہا کہ امریکا کی فیلڈنگ بہتر نہیں رہی جس وجہ سے وہ میچ ہار گئے تاہم روہت شرما کے آؤٹ ہوجانے سے بھارتی ٹیم پریشر میں آگئی تھی۔

    کامران اکمل نے کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنے دونوں جیتے ہوئے میچ ہارے جس پر پوری قوم کے اندر شدید غم و غصہ تھا، محسن نقوی چیئرمین کرکٹ بورڈ ہیں انہیں شائقین کو جواب دینا پڑتا ہے۔

    واضح رہے کہ نیویارک میں ہونے والے آئی سی سی ٹی20ورلڈکپ کے 25ویں میچ میں بھارت نے امریکا کو7وکٹوں سے شکست دے دی۔

    بھارتی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں لگاتار تیسری کامیابی حاصل کرکے سپر8 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا، سوریا کمار یادیو نصف سنچری بنا کر ناقابل شکست رہے۔

     

  • امریکا کیخلاف بھارت کی جیت کا کریڈٹ کسے جاتا ہے؟ باسط علی نے بتا دیا

    امریکا کیخلاف بھارت کی جیت کا کریڈٹ کسے جاتا ہے؟ باسط علی نے بتا دیا

    آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں امریکا کے خلاف بھارت کی جیت کن پلیئرز کی وجہ سے ہوئی، اس پر باسط علی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

    اے آر وائی کے پروگرام ہرلمحہ پُرجوش میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے سابق کرکٹر باسط علی نے کہا کہ آج بھارت کی جیت کا کریڈٹ سوریاکمار یادیو اور شیوم ڈوبے کو جاتا ہے، بھارت کے آؤٹ آف فارم کھلاڑیوں نے امریکا کے خلاف میچ جتوایا۔

    باسط علی نے کہا کہ امریکا کی فیلڈنگ بہتر نہیں رہی جس کی وجہ سے میچ ہارے، پاکستان سپرایٹ میں کوالیفائی کربھی لے تو آپریشن ضروری ہے۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے کہا کہ روہت شرما کے آؤٹ ہوجانے سے بھارت پریشرمیں آگیا تھا۔

    کامران اکمل کا کہنا تھا کہ پاکستان نے جیتے ہوئے میچ ہارے جس پر سب کوغصہ تھا، محسن نقوی چیئرمین بورڈ ہیں شائقین کو جواب دینا پڑتا ہے۔

    خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے 25ویں میچ میں بھارت نے امریکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

    نیویارک میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے امریکا کی جانب سے دیا جانے والا 111 رنز کا ہدف باآسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر 18.2 اوور میں حاصل کرلیا۔

  • ’کینیڈا 20 رن اور بنالیتا تو ہم ہار جاتے‘

    ’کینیڈا 20 رن اور بنالیتا تو ہم ہار جاتے‘

    امریکا اور ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے والے ٹی 20ورلڈ کپ 2024 میں پاکستان نے کینیڈا کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کے 22 ویں میچ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔

    قومی ٹیم نے کینیڈا کی جانب سے دیا جانے والا 107 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا تاہم گرین شرٹس کی اس جیت پر بھی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے خصوصی پروگرام ’ہر لمحہ پُرجوش‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اسپورٹس رپورٹر اور تجزیہ نگار شاہد ہاشمی نے کہا کہ اگر کینیڈا کی ٹیم مزید 20 رنز بنا لیتی تو پاکستان آج بھی ہار جاتا۔

    قومی ٹیم کے بالر شاداب خان سے بالنگ کے بجائے بیٹنگ کروانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے سوچ لیا ہے کہ شاداب سے بیٹنگ ہی کروانی ہے کیونکہ اس نے پہلے میچ میں 44 رنز بنا لیے تھے تو اب ہم اسے بطور بیٹسمین کی کھلائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کا جواز پیش نہیں کرسکے اور نہ ہی کیا جاسکتا ہے، شاداب خان پر کپتان کا اعتماد ہے اور اسے شروع سے ہی سپورٹ کررہا ہے۔

    اگلے میچ میں کسی کھلاڑی کو ڈراپ کرنے کے حوالے سے شاہد ہاشمی نے کہا کہ کپتان بابر اعظم کبھی وننگ اسکواڈ چینج نہیں کرتا۔

    واضح رہے کہ عالمی ایونٹ میں قومی ٹیم نے اب تک تین میچ کھیلے جس میں اسے امریکا اور بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ کینیڈا کے خلاف پہلی کامیابی حاصل کی۔

    گرین شرٹس کا آخری گروپ میچ آئرلینڈ کے خلاف ہے جس میں کامیابی کے ساتھ ساتھ اسے دوسری ٹیموں کے نتائج پر بھی انحصار کرنا پڑے گا۔

  • پاکستان کو یقین ہی نہیں تھا وہ بھارتی ٹیم کیخلاف جیت سکتے ہیں، مائیکل وان

    پاکستان کو یقین ہی نہیں تھا وہ بھارتی ٹیم کیخلاف جیت سکتے ہیں، مائیکل وان

    انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو یقین ہی نہیں تھا وہ بھارتی سائیڈ کیخلاف جیت سکتے ہیں۔

    پاکستان اور بھارت کے درمیان منیچ کو کرکٹ کا سب سے بڑا مقابلہ کہا جارہا تھا، تاہم گرین شرٹس کی جانب سے اس میں اتنی ہی چھوٹی اور پھسپھسی پرفارمنس پیش کی گئی کہ ملکی شائقین تو کیا سابق غیرملکی کرکٹرز کے لیے بھی اسے ہضم کرنا مشکل ہورہا ہے۔

    ایشیز فاتح کپتان مائیکل وان نے میچ کے بعد اپنے ردعمل کا اظہار کرنے کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کا سہارا لیا، انھوں نے لکھا کہ ’بعض دفعہ نہایت خراب پچ بھی ایک بہترین میچ کا سبب بنتی ہیں اور یہ میچ بھی انہی میں سے ایک تھا۔‘

    وان کا مزید کہنا تھا کہ ’سادہ سی بات یہی ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو یقین ہی نہیں تھا کہ وہ یہ میچ جیت بھی سکتے ہیں۔‘

    خیال رہے کہ بھارتی ٹیم نے کم ٹوٹل کے باوجو پاکستان کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اہم میچ میں 6 رنز سے شکست دی تھی۔

    بلیو شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 119 رنز بنائے تھے اور ان کی پوری ٹیم پاکستانی کی شاندار بولنگ کے آگے آل آؤٹ ہوگئی تھی، تاہم پاکستانی کے بیٹرز اتنے کم ہدف کو بھی حاصل کرنے میں بری طرح ناکام رہے تھے۔

  • ’’صاف نظر آرہا ہے ٹیم میں دوستی یاری چل رہی ہے‘‘

    ’’صاف نظر آرہا ہے ٹیم میں دوستی یاری چل رہی ہے‘‘

    کراچی : ٹی20ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بھارت کے ہاتھوں جیتا ہوا میچ ہارنے پر سابق کرکٹر باسط علی نے کپتان بابر اعظم کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

    اے آر وائی نیوز پر جاری خصوصی نشریات ہر لمحہ پرجوش میں سابق کرکٹر باسط علی پاکستان کی شکست اور گرین شرٹس کی پرفارمنس پر آبدیدہ ہوگئے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت میچ نہیں جیتا بلکہ پاکستان میچ ہارا ہے، مداحوں کو سوگ میں نہیں ہونا چاہیئے، یہ ٹیم ہے ہی ایسی۔ پچیس پچیس ڈالرز میں یہ لوگ ڈنرز پر جاکر ملک و قوم کا نام بدنام کرتے ہیں۔

    قومی ٹیم کی شکست پر برہم باسط علی نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا شاداب خان کو بلے باز کے طور پر ٹیم میں رکھا ہوا ہے، صاف نظر آرہا ہے کہ ٹیم میں دوستی یاری چل رہی ہے، ابرار کو کیا ٹیم میں مجسمہ بنانے کے لیے رکھا ہوا ہے؟

    بابر اعظم کو کپتانی چھوڑ دینی چاہیے

    ان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے بابر کو کپتانی سے ہٹایا انہوں نے ہی اسے دوبارہ کپتان بنادیا، بابراعظم کو دوبارہ کپتان بنانے والوں سے بھی سوال تو بنتا ہے۔ اس ورلڈ کپ کے بعد بابر اعظم کو کپتانی چھوڑ دینی چاہیے۔

     کراچی والو خوش ہوجاؤ

    انہوں نے بتایا کہ قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے کہا تھا کہ کراچی والو خوش ہوجاؤ اسد شفیق کو ٹیم میں رکھا گیا ہے، کیا چیف سلیکٹر کے اس بیان پر کسی کو نوٹس نہیں لینا چاہیے تھا؟

    چیئرمین پی سی بی کو گمراہ کیا جارہا ہے

    باسط علی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کو گمراہ کیا جارہا ہے، چیئرمین پی سی بی اگر ثبوت مانگیں تو ضرور دوں گا۔

    نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں اس لیے نہیں کھلایا جاتا کہ وہ کارکردگی سے اپنی جگہ بنالیں گے، چیئرمین پی سی بی کیوں نہیں سمجھ رہے کہ یہ دوستی یاری کی ٹیم ہے۔

    بھارتی کپتان کے حوالے سے سے کیے گئے ایک سوال کے جواب میں باسط علی نے روہت شرما کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ہاتھ سے میچ نکل گیا تھا لیکن اس نے ہمت نہیں ہاری۔

    روہت شرما نے آج بہترین کپتانی کا مظاہرہ کیا ہے، بھارتی ٹیم نے آج بہت اچھا کھیل پیش کیا وہ بلاشبہ تعریف کی مستحق ہے۔

    یہ ٹیم ورلڈ کپ کے لیے نہیں ہے

    اس موقع پر کامران اکمل نے بھی اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کئی بارکہا ہےکہ یہ ٹیم ورلڈ کپ کے لیے نہیں ہے، ہمارے دور میں بھی دوستیاں چلتی تھیں لیکن آج جو کچھ ہورہا ہے پہلے نہیں دیکھا، انٹرنیشنل کرکٹ پر سمجھوتہ کریں گے تو ٹیم کا یہی حال ہونا ہے۔

    کامران اکمل کا کہنا تھا کہ آج قومی ٹیم نے برے سے برا کھیلا، بھارت کے خلاف جیتنے کا یہ اچھا موقع تھا، کیا دیگر بلے باز صرف بابراعظم کے آسرے پر ہی کھیلتے ہیں؟ قومی ٹیم امریکا سے بھی زیادہ بھارت کے خلاف برا کھیلی ہے۔

  • پاکستان بھارت کے خلاف جیتا ہوا میچ ہار گیا

    پاکستان بھارت کے خلاف جیتا ہوا میچ ہار گیا

    بھارت نے ورلڈکپ کے ایک اور مقابلے میں پاکستانی ٹیم کو شکست سے دوچار کردیا، گرین شرٹس 120 رنز کا ہدف بھی حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

    پاکستانی بیٹرز ایک بار پھر بھارت کے خلاف ڈھیر ہوگئے، بابر اعظم، افتخار احمد، شاداب خان اور عماد وسیم میچ میں بری طرح ناکام ثابت ہوئے اور بھارت کی جانب سے دیا گیا 120 رنز کا نہایت کم ہدف بھی گرین شرٹس کے لیے کوہ گراں ثابت ہوا۔

    پاکستانی بیٹرز ایک کے بعد ایک آتے رہے اور اپنی وکٹ گنوا کر جارتے رہے، بلے بازوں نے بولرز کی محنت پر پانی پھیر دیا. پاکستان کی بیٹنگ کے دوران کسی بھی لمحے میچ پر گرفت نہیں تھی۔ محمد رضوان 31 رنز بنا کر نمایاں رہے.

    ان کے علاوہ باقی سارے بیٹرز میچ میں شرمندگی کا شکار ہوئے، کپتان بابر، عثمان خان اور فخر زمان 13، 13 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ عماد وسیم نے نہایت سست انداز میں 23 بالز پر 15 رنز اسکور کیے۔

    بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 14 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں انھیں عمدہ بولنگ کرنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔

    ان کے علاوہ ہاردک پانڈیا نے 24 رنز دے کر 2 جبکہ ارشدیپ سنگھ اور اکشر پٹیل نے ایک، ایک پاکستانی بیٹر کو پویلین بھیجا۔

    اس سے قبل آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 19 ویں میچ میں پاکستانی پیسرز نے بھارتی سورماؤں کو ناکوں چنے چبوا دیے، بھارتی سورما شاہینوں کے آگے نہ ٹھہر سکے، پوری ٹیم 20 اوورز بھی نہیں کھیل پائی اور آخری اوور میں 119 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی.

    پاکستانی بولرز کی شاندار بولنگ کے آگے مخالف بیٹرز بے بسی کی تصویر نظر آئے، بھارتی اوپنرز روہت شرما اور ویرات کوہلی مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئے، روہت 13 رنز پر شاہین آفریدی کا جبکہ ویرات کوہلی 4 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار بنے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ICC (@icc)

    نسیم شاہ، محمد عامر، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی نے پچ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا، نسیم اور حارث نے 21، 21 رنز دے کر 3، 3 وکٹیں حاصل کیں.

    محمد عامر نے 23 رنز دے کر دو بھارتی بیٹرز کو چلتا کیا جبکہ 29 رنز دے کر شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں ایک وکٹ آئی.

    بھارتی لیفٹ ہینڈر ریشبھ پنت نے سب سے زیادہ 31 بالز پر 42 رنز بنائے، محمد عامر کی بال پر کپتان بابر اعظم نے ان کا کیچ لیا۔

    پاکستانی فیلڈر عثمان خان نے میچ میں کئی کیچ ڈراپ کیے، انھوں نے پہلے محمد عامر کی گیند پر پھر عماد وسیم کی گیند پر ریشبھ کا کیچ چھوڑا، ریشبھ پنت کو میچ میں مجموعی طور پر تین یقین چانسز ملے۔

    بھارت کی طرف سے صرف تین بیٹرز ہی ڈبل فیگرز میں داخل ہوپائے، ریشبھ اور روہت کے بعد صرف اکشرپٹیل 20 رنز بنانے میں کامیاب رہے.

    بھارت کے دونوں اوپنرز زیادہ دیر تک پاکستانی بولرز کے آگے ٹکنے میں نکام رہے، نسیم شاہ نے صرف چار رنز کے اسکور پر ویرات کوہلی کو چلتا کردیا، روہت شرما 13رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے.

    اس سے قبل بھارت کی جانب سے روہت شرما اور ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف اوپننگ کا آغاز کیا، میچ شروع ہونے کے ایک اوور بعد ہی بارش کے سبب رک گیا تھا جبکہ بھارت نے بغیر نقصان کے 8 رنز اسکور کیے تھے۔

    اس واحد اوور میں روہت شرما نے پاکستانی پیسر شاہین آفریدی کا سامنا کیا اور انھیں تیسری بال پر ایک عمدہ چھکا بھی لگایا، تاہم پہلا اوور مکمل ہونے کے بعد ہی بارش شروع ہوگئی تھی۔

    خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اہم مقابلے میں بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

    ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے ٹی ٹئنٹی کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں 100 فیصد کارکردگی دیں گے۔ پاکستان کی ٹیم میں اعظم خان کی جگہ عماد وسیم کو شامل کیا گیا ہے.

    بابراعظم کا کہنا تھا کہ پہلے میچ میں جو ہوا بھول چکے ہیں، نیا دن ہے 100 فیصد کارکردگی دینے کی کوشش کریں گے.

    بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا ہی فیصلہ کرتے، پہلے بیٹنگ کرنا چیلنجنگ ہوگا۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچ کا ٹاس تاخیر کا شکار ہوگیا تھا اور میچ ساڑھ 7 کے بجائے 8 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوا تھا.

    ورلڈکپ کے سب سے بڑے مقابلے کا ٹاس 7 بجے ہونا تھا۔ بارش کے سبب ٹاس کو ڈیلے کردیا گیا تھا، بارش رکنے کے بعد ہی دونوں کپتان ٹاس کے لیے میدان میں آئے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ICC (@icc)

    یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی ایونٹ میں‌ پاک بھارت میچ کے آغاز سے قبل ہی نیویارک کے ناساؤ کرکٹ اسٹیڈیم اور اطراف میں بارش شروع ہوگئی تھی۔

    اگرچہ میچ میں تیز بارش کا امکان ظاہر نہیں کیا گیا تاہم بارش اگر میچ کو واش آؤٹ کرتی ہے تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا۔

  • پاکستان نے بھارت کیخلاف نئی تاریخ رقم کر دی

    پاکستان نے بھارت کیخلاف نئی تاریخ رقم کر دی

    پاکستان نے بھارت کے خلاف شاندار بولنگ کرکے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ رقم کردی۔

    نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستانی بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو صرف 119 رنز پر آؤٹ کر دیا۔

    یہ پاکستان کے لیے ایک اہم کامیابی تھی کیونکہ اس نے T20I کی تاریخ میں پہلی بار ہندوستان کے خلاف تمام 10 وکٹیں حاصل کیں۔

    گرین شرٹس کی تباہ کن بولنگ کے سامنے بھارت کی مضبوط بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور مقررہ 20 اوورز بھی مکمل نہ کھیل سکی۔

    یہ پاکستان کے خلاف ہندوستان کا سب سے کم ٹی ٹوئنٹی اسکور بھی ہے۔ اس سے قبل 2012 میں بھارت نے 9 وکٹوں پر 133 رنز بنائے تھے۔

    نسیم شاہ، محمد عامر، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی نے پچ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا، نسیم اور حارث نے 21، 21 رنز دے کر 3، 3 وکٹیں حاصل کیں.

    محمد عامر نے 23 رنز دے کر دو بھارتی بیٹرز کو چلتا کیا جبکہ 29 رنز دے کر شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں ایک وکٹ آئی.

    بھارتی لیفٹ ہینڈر ریشبھ پنت نے سب سے زیادہ 31 بالز پر 42 رنز بنائے، محمد عامر کی بال پر کپتان بابر اعظم نے ان کا کیچ لیا۔

  • ٹاس کے دوران روہت کی حرکت پر بابراعظم کی ہنسی چھوٹ گئی، ویڈیو وائرل

    ٹاس کے دوران روہت کی حرکت پر بابراعظم کی ہنسی چھوٹ گئی، ویڈیو وائرل

    بھارتی قائد پاکستان کے خلاف اہم میچ سے قبل ٹاس کرنے گراؤنڈ میں آئے تو ان کی غائب دماغی پر کپتان بابر اعظم مسکراتے رہے۔

    آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اہم مقابلے میں بلیو شرٹس کے کپتان رہوت شرما ٹاس کرنے گراؤنڈ میں آئے تو اپنی جیب میں کوائن رکھ کر بھول گئے۔ جیسے ہی ٹاس کے لیے میزبان روی شاستری نے روہت سے سکہ اچھالنے کو کہا تو وہ سکہ ڈھونڈتے ہوئے نظر آئے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی.

    بھارتی کپتان نے اپنی بے خیالی آشکار ہونے پر جلدی جلدی سکہ ڈھونڈنا شروع کردیا، آخر کار انھیں ٹاس کوائن اپنی پتلون کی جیب میں مل گیا۔

    ان کے اس بھلکڑ پن پر قومی کپتان بابر اعظم ہنستے پائے گئے، بعد ازاں میزبان روی شاستری کے کہنے پر روہت نے سکہ ہوا میں اچھالا۔

    https://twitter.com/princegokul/status/1799812506451632179?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1799812506451632179%7Ctwgr%5E87c19d79e5d170d3524d6663766e16465c6a619c%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Fwww.hindustantimes.com%2Fcricket%2Frohit-sharma-forgets-he-had-coin-in-his-pocket-during-toss-in-ind-vs-pak-clash-babar-azam-cant-stop-laughing-101717943615198.html

    خیال رہے کہ اس اہم میچ میں ٹاس پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے جیتا تھا اور انھوں نے بھارتی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

    بھارتی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 20 ویں اوور میں 119 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی اور پاکستان کو جیتنے کے لیے 120 رنز کا ہدف دیا تھا۔