Tag: 21 اکتوبر

  • ‘عوام 21 اکتوبر کو معاشی ترقی کے معمار کا استقبال کریں’

    ‘عوام 21 اکتوبر کو معاشی ترقی کے معمار کا استقبال کریں’

    لاہور : سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عوام 21 اکتوبر کو معاشی ترقی کے معمار کا استقبال کریں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اورمسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عوام 21 اکتوبر کو گھروں سے نکلیں اور معاشی ترقی کے معمار کا استقبال کریں، نوازشریف کا ساتھ دینے کا مطلب خوش حال اور آزاد پاکستان ہے۔

    شہبازشریف کا کہنا تھا کہ 21اکتوبر سے مایوسیوں کے بادل چھٹنا شروع ہو جائیں گے انشاءاللہ ، عوام نواز شریف کا ساتھ دیں جنہوں نے ملک کو امن دیا، جن کے دور میں یہ مہنگائی47 سال کم ترین سطح پر تھی۔

    مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ نواز شریف کا ساتھ دیں تاکہ مہنگائی پھر کم ہو ، آپ کو تعلیم اور علاج مفت ملے، پورے پاکستان میں دانش اسکول بنیں اور روزگار ملے اور سستے سفر کا ذریعہ میٹروز اور شہروں میں بھی بنیں۔

  • کنگ آف رومانس یش چوپڑا کا تذکرہ

    کنگ آف رومانس یش چوپڑا کا تذکرہ

    یش چوپڑا بالی وڈ میں ’کنگ آف رومانس‘ مشہور تھے۔ اس معروف ہدایت کار نے شائقینِ سنیما کو زندگی سے بھرپور فلمیں دیں اور اپنے فن اور صلاحیتوں سے انڈسٹری میں نام کمایا۔ یش چوپڑا آج ہی کے دن 2012ء میں ہمیشہ کے لیے یہ دنیا چھوڑ گئے تھے۔

    یش چوپڑا ڈینگی بخار میں مبتلا تھے اور اسپتال میں زیرِ علاج تھے، لیکن وائرس نے ان کی زندگی بچانے کی ہر کوشش ناکام بنا دی۔

    یش چوپڑا کا فلمی سفر کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ جس میں انھوں نے شائقین کو ’’دیوار‘‘، ’’چاندنی‘‘، ’’سلسلہ‘‘ اور ’’ڈر‘‘ جیسی مقبول فلمیں دیں۔

    وہ 1932ء میں لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔ انھوں نے آئی ایس جوہر اور اپنے بڑے بھائی بی آر چوپڑا کے اسسٹنٹ کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ ان کی پہلی فلم ’دھول کا پھول‘ 1959ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ یش چوپڑا نے 1973ء میں اپنی فلم کمپنی ’یش راج‘ فلمز بنائی جس کے بعد انھوں نے امیتابھ بچن کے ساتھ بالی وڈ کی کام یاب ترین فلمیں ’دیوار‘، ’کبھی کبھی‘ اور ’ترشول‘ بنائیں۔

    ’سلسلہ‘، ’مشعل‘، ’چاندنی‘ اور ’لمحے‘ ان کی وہ کام یاب ترین فلمیں تھیں جن کے بارے میں کہا گیا کہ یہ منفرد اور رجحان ساز فلمیں ہیں۔

    یش چوپڑا کو 6 نیشنل فلم ایوارڈ اور 11 فلم فیئر دیے گئے جن میں بہترین ہدایت کار کے 4 ایوارڈ انھوں نے اپنے نام کیے تھے۔ بھارتی حکومت نے یش چوپڑا کو دادا صاحب پھالکے اور پدم بھوشن اعزازات سے نوازا تھا۔

    بالی وڈ کے اس ہدایت کی رومانوی فلموں کی خاصیت ان کے منفرد گیت، موسیقی اور رقص ہے۔ ہدایت کار نے اپنی فلموں میں سماجی مسائل کو بھی اجاگر کیا۔

  • کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈونے 21 اکتوبر کو الیکشن کا اعلان کردیا

    کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈونے 21 اکتوبر کو الیکشن کا اعلان کردیا

    ٹورنٹو : کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈونے اکیس اکتوبر کو الیکشن کا اعلان کردیا، کینیڈا میں ہرچارسال بعد الیکشن کا انعقاد ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے مدت پوری ہونے پر پارلیمنٹ تحلیل کردی اور 21 اکتوبر کو الیکشن کا اعلان کردیا ہے۔

    وزیراعظم جسٹن ٹروڈونے گورنر جنرل جولی پائٹے کو پارلیمنٹ تحلیل کرنے کی درخواست کی تھی، جس کے بعد پارلیمنٹ کو تحلیل کر دیا گیا ، پارلیمنٹ کی تحلیل کے بعد آئندہ الیکشن 6 ہفتے بعد ہوں گے۔

    خیال رہے کینیڈا میں ہر چار سال بعد الیکشن کا انعقاد ہوتا ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو امید ہیں کہ وہ آئندہ الیکشن میں کامیابی حاصل کر کے دوسری مرتبہ وزیراعظم کے عہدہ سنبھال لیں گے۔

    یاد رہے اگست 2018 میں کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے آئندہ برس ہونے والے عام انتخابات میں چوتھی مرتبہ الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا ، لیبرل پارٹی کے سربراہ جسٹن ٹروڈو کو ان کی پارٹی نے سرکاری طور پر آئندہ برس ہونے والے الیکشن کے لیے دوبارہ نامزد کردیا ہے، ٹروڈو سنہ 2008 سے کینیڈین حکومت میں عہدہ سنبھالے ہوئے ہیں۔

    جسٹن ٹروڈو نے سنہ 2011 میں دوسری مرتبہ الیکشن میں کامیابی اور سنہ 2015 میں تیسری مرتبہ انتخابات جیتنے کے بعد ملک کے وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔