Tag: 21 جولائی

  • دنیا کی تاریخ کا سب سے گرم دن ریکارڈ

    دنیا کی تاریخ کا سب سے گرم دن ریکارڈ

    اتور کو پڑنے والی گرمی نے گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ دیے، ماہرین نے اب تک دنیا کی تاریخ کا سب سے گرم ترین دن ریکارڈ کیا۔

    یورپی یونین کی کوپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق اتوار 21 جولائی عالمی سطح پر ریکارڈ کیا گیا دنیا کی تاریخ کا اب تک کا گرم ترین دن تھا، کیا پاکستان اور کیا امریکا اس وقت دنیا کے تقریباً تمام ہی ممالک شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔

    اتوار کو عالمی سطح پر ہوا کا اوسط درجہ حرارت 17.09 ڈگری سیلسیس یعنی 62.76 ڈگری فارن ہائیٹ تک پہنچ گیا تھا جس نے لوگوں کے چھکے چھڑا دیے۔

    گزشتہ سال جولائی میں 17.08 ڈگری سیلسیس یعنی 62.74 فارن ہائیٹ گرمی ریکارڈ کی گئی تھی تاہم، اس سال کی گرمی نے پچھلے ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

    گرمی کی لہروں نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران امریکا، یورپ اور روس جیسے ٹھنڈے خطے کے بڑے حصے کو جھلسا کر رکھ دیا ہے۔

    کوپرنیکس نے کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ 1940 سے اب تک جو اعداد و شمار ریکارڈ کیے گئے ہیں، اس کے مطابق یومیہ درجہ حرارت کا اوسط ریکارڈ اس سال اتوار 21 جولائی کو ٹوٹ گیا ہے۔

    یہ بات قابل ذکر ہے کہ پچھلے سال لگاتار چار دن تک گرمی نے تمام ریکارڈ توڑے تھے ، 3 جولائی سے 6 جولائی تک شدید گرمی پڑی تھی جس کی وجہ موسمیاتی تبدیلی اور فوسل ایندھن کو جلانا تھا۔

    اس سے قبل ماہرین پہلے ہی یہ خدشا ظاہر کرچکے تھے کہ دنیا کی اب تک کی تاریخ میں 2024 گرم ترین سال ثابت ہوسکتا ہے۔

  • حکومت گرانے نہیں مسائل کے حل کے لئے جہدوجہد کررہے ہیں، مصطفیٰ کمال

    حکومت گرانے نہیں مسائل کے حل کے لئے جہدوجہد کررہے ہیں، مصطفیٰ کمال

    کراچی : چیئرمین پی ایس پی سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ حکومت گرانے نہیں مسائل کے حل کے لئے جہدوجہد کررہے ہیں،21 جولائی کو جلسے میں اہم اعلان کروں گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مصطفیٰ کمال کا کراچی کے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کب تک جھوٹے وعدوں پراعتبار کرو گے، ایک بار اٹھ جاؤ، خاموشی توڑو اور اس جدوجہد میں شامل ہوجاؤ،21 جولائی کو کراچی والے آئیں تاکہ ہماری آواز دور تک جاسکے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت گرانے نہیں مسائل کے حل کیلئےجہدوجہد کررہے ہیں، پی ایس پی باغ جناح کو کراچی میں رہنے والے اور ہر زبان بولنے والوں سے بھر دے گی، آنے والا وقت پاک سر زمین پارٹی کا ہے جو پہلے سے مضبوط ہوگئی ہے۔

    چیئرمین پی ایس پی سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ٹی وی ٹاک شوز دیکھ کر حکمرانوں کو برا بھلا کہنے سے قوم کے مسائل حل نہیں ہوں گے،21جولائی کو کراچی والے آئیں تاکہ ہماری آواز دور تک جاسکے،21جولائی کو جلسے میں اہم اعلان کروں گا۔

    مزید پڑھیں: پلاٹوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ ، مصطفیٰ کمال بھی نیب کے ریڈار پر

    واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال سمیت دیگر کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کردیا ہے۔

    مصطفی کمال کے خلاف دائر ریفرنس میں نیب نے ملزم پر ساحل سمندر پر ساڑھے 5 ہزار مربع گز زمین کی غیرقانونی الاٹمنٹ کا الزام عائد کیا ہے۔

    نیب ریفرنس کے مطابق زمین1980 میں ہاکرز اور دکانداروں کو لیز پر دی گئی تھی جو 2005 میں نجی تعمیراتی کمپنی نے لیز پر حاصل کرلی، مصطفی کمال نے بلڈر کو کثیرالمنزلہ عمارت تعمیر کی غیرقانونی اجازت دی ۔