لاہور( 21 جولائی 2025): پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے جونیئر ایونٹس میں عمر کی جعلسازی روکنے کے لیے بڑا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ نے جونیئر کھلاڑیوں کی عمروں میں جعلسازی پی ایس بی کوڈ آف ایتھکس کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
پی ایس بی کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق 21 سال تک کے جونیئر کھلاڑیوں ب فارم، شناختی کارڈ، اور میڈیکل ٹیسٹ لازمی قرار دیا ہے اور غلط معلومات پر کھلاڑی کو پابندی اور کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 21 سال تک کے جونیئر کھلاڑیوں کے لیے دانتوں کا معائنہ اور ریڈیالوجیکل ٹیسٹ لازمی ہوگا جبکہ فیڈریشن کے صدر اور سیکرٹری جنرل کی تصدیق شدہ میڈیکل رپورٹس اور تمام متعلقہ دستاویزات بھی بھی جمع کرانا ہوں گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جعلی یا مشکوک دستاویزات کی صورت میں متعلقہ کھلاڑی کیمپ میں شرکت نہیں کر پائیں گے اور مالی معاونت یا کیش ایوارڈ کی فراہمی کے لیے نااہل قرار ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کچھ کھلاڑی جعلی عمر کی دستاویزات کے ساتھ مخصوص کیٹیگریز کے مقابلوں میں شریک ہوتے ہیں، جعلی عمر کی دستاویزات کے باعث مستحق کھلاڑیوں کا حق متاثر ہوتا ہے اس لیے صرف درست اور تصدیق شدہ دستاویزات جمع کرانے والےکھلاڑی اہل تصور ہونگے۔