Tag:

  • پاکستانی سفیر نے کشتی ڈوبنے کے واقعے میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کی تردید کر دی

    پاکستانی سفیر نے کشتی ڈوبنے کے واقعے میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کی تردید کر دی

    اسلام آباد: اٹلی میں تعینات پاکستانی سفیر نے کشتی ڈوبنے کے واقعے میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کی تردید کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق اٹلی میں غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے واقعے میں اموات کی تعداد 63 ہو گئی ہے، بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ کشتی میں 20 پاکستانی سوار تھے، جن میں سے 16 کو بچا لیا گیا ہے اور 4 لا پتا ہیں۔

    پاکستانی سفیر نے کہا کہ لا پتا پاکستانیوں کی معلومات جلد مل جائیں گی، کشتی حادثے میں بچ جانے والے پاکستانیوں کے ساتھ پاکستانی سفارت خانے کے ایک سینئر اہل کار نے ملاقات کی ہے، ان کی حالت بہتر ہے۔

    ادھر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارت خانہ اطالوی حکام سے 4 لا پتا پاکستانیوں سے متعلق قریبی رابطے میں ہے۔

    اٹلی: کشتی ڈوبنے کے واقعے میں‌ 140 لاشیں نکال لی گئیں، 28 پاکستانیوں کی شناخت

    خیال رہے کہ اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ کشتی میں تقریباً 250 افراد سوار تھے، جن میں 40 پاکستانی شامل تھے، اور ملنے والی جن لاشوں کی شناخت ہوئی تھی ان میں 28 پاکستانی بھی تھے۔

    رپورٹس کے مطابق ترکی سے روانہ ہوئی کشتی میں 200 افراد سوار تھے، کشتی اس وقت تباہ ہوئی جب اس نے اٹلی کے جنوبی علاقے کروٹون میں لنگر انداز ہونے کی کوشش کی۔

  • میسی نے فیفا پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا

    میسی نے فیفا پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا

    گزشتہ سال قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈکپ کی ٹرافی اٹھانے والے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے 2022 کا فیفا پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا، انہوں نے یہ اعزاز دوسری بار حاصل کیا۔

    پیر کو پیرس میں فیفا ایوارڈ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سال 2022 کے بہترین کھلاڑیوں کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔

    مینز فٹبالر آف دی ایئر کی کیٹیگری میں فرانس کے امباپے، کریم بینزیما اور لیونل میسی کے مابین سخت مقابلہ تھا، تاہم میسی نے حریفوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سال کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔

    امیر قطر نے میسی کو اعلیٰ اعزاز اور خطاب سے نواز دیا

    میسی کی کپتانی میں ارجنٹائن نے گزشتہ سال فیفا ورلڈکپ جیتا جبکہ اسٹار فٹبالر نے اپنے ملک اور مختلف کلبز کی نمائندگی کرتے ہوئے سال 22-2021 میں 49 مقابلوں میں 27 گولز کیے۔

    ایوارڈ جیتنے کے بعد  میسی نے کہا کہ یہ حیرت انگیز ہے، یہ ایک زبردست سال رہا، میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں یہاں ہوں اور یہ ایوارڈ جیتا،  ساتھی کھلاڑیوں کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔

    میسی نے مزید کہا کہ میرا خواب پورا ہوگیا، جس کی میں اتنے عرصے سے امید کر رہا تھا،  بہت کم لوگ اسے حاصل کر پاتے ہیں اور میں خوش قسمت ہوں۔

  • ڈیوڈ ویزے گیم چینجر، ویڈیو دیکھیں

    ڈیوڈ ویزے گیم چینجر، ویڈیو دیکھیں

    لاہور: پی ایس ایل 8 کے 16ویں میچ میں ڈیوڈ ویزے کی شاندار بولنگ کی بدولت لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو باآسانی 110 رنز سے شکست دی۔

    قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قلندرز نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے ہدف کے تعاقب میں شاداب خان کی ٹیم 13.5 اوورز میں 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ڈیوڈ ویزے کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا۔

    یونائیٹڈ کے آٹھ کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے، رحمان اللہ گرباز 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

    آل راؤنڈر ڈیوڈ ویزے نے یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان، جارح مزاج بیٹر کولن منرو اور اعظم خان کو پویلین کی راہ دکھائی، تینوں کھلاڑی بالترتیب 4، 18 اور 4 رنز بناسکے۔

    ڈیوڈ ویزے نے 17 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں اور 6 گیندوں پر 12 رنز بھی بنائے۔ واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی لاہور قلندرز نے ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی ہے۔

    یاد رہے کہ یکم مارچ کو راولپنڈی میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

  • اشاہ شاہ کی شادی میں شریک اداکاروں کی تصاویر وائرل

    اشاہ شاہ کی شادی میں شریک اداکاروں کی تصاویر وائرل

    شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اشنا شاہ کی شادی میں شریک شوبز شخصیات کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’حبس‘ میں ’عائشہ‘ کا مرکزی کردار نبھانے والی اداکارہ اشنا شاہ گزشتہ روز معروف گالفر حمزہ امین کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل ہوگئی تھیں۔

    اشنا نے شادی میں سرخ رنگ کا عروسی جوڑا زیب تن کیا جبکہ ان کے شوہر کریم کلر کی شیروانی میں ملبوس تھے۔

    اداکارہ کو مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے شادی کی مبارک باد دی گئیں جبکہ کئی شوبز اسٹارز نے اداکارہ کی شادی میں شرکت کی جس کی تصاویر وائرل ہورہی ہیں۔

    اشنا شاہ کی شادی میں شوبز جوڑی علی انصاری، صبور علی، زارا نور، اسد صدیقی، حسان احمد، سنیتا مارشل، یاسر نواز، ندا یاسر ودیگر کو خوشگوار موڈ میں دیکھا جاسکتا ہے۔

    علاوہ ازیں اشنا شاہ نے لباس پر تنقید کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔

    اداکارہ نے لکھا تھا کہ ’ان لوگوں سے مخاطب ہوں جنہیں میرے لباس سے مسئلہ ہے، آپ کو تقریب میں مدعو نہیں کیا تھا نہ ہی آپ نے میرے لباس کے پیسے دیے تھے، میری جیولری، جوڑا سب پاکستانی ہے، تاہم میرا دل آدھا آسٹرین ہے۔

    اشنا شاہ نے مزید لکھا تھا کہ اداکارہ نے لکھا کہ بے گانی شادی میں جو مدعو نہ ہونے والے فوٹو گرافرز گھس گئے انہیں سلام پیش کرتی ہوں۔

    یاد رہے کہ اشنا شاہ نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’حبس‘ میں عائشہ کا کردار نبھایا تھا، ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں جاوید شیخ، فیروز خان، اسرا غزل، دانیہ انور، جینیس ٹیسا، صبا فیصل، ودیگر بھی شامل تھے۔

  • اداکارہ راگنی کا تذکرہ جنھیں‌ ‘آہو چشم’ کہا جاتا تھا!

    اداکارہ راگنی کا تذکرہ جنھیں‌ ‘آہو چشم’ کہا جاتا تھا!

    27 فروری 2007ء کو آہو چشم راگنی کی آنکھیں ہمیشہ کے لیے بند ہوگئیں۔ آج پاکستان فلم انڈسٹری کی اس کام یاب اداکارہ کی برسی ہے۔

    فیض صاحب کی نظم کا ایک مشہور مصرع ہے؎

    تیری آنکھوں کے سوا دنیا میں رکھا کیا ہے

    شاید اس دور میں راگنی کو دیکھنے کے بعد اکثر لوگوں کو یہی خیال آتا ہو گا۔ بڑی بڑی آنکھوں والی اس لڑکی کو بڑی اسکرین پر اداکارہ کے طور پر متعارف کرانے والے ہدایت کار کا نام روپ۔ کے۔ شوری تھا جو معروف فلم ساز اور ہدایت کار روشن لال شوری کے صاحب زادے تھے۔ انھوں نے اپنی مشہور پنجابی فلم دُلا بھٹی میں راگنی کو مرکزی کردار دیا تھا اور 1941ء میں وہ اسی فلم کے بعد آہو چشم مشہور ہوئی تھیں۔

    فلم دُلا بھٹی کے لیے سنیماؤں کی عمارتوں جو تشہیری بورڈ اور چاکنگ کی گئی تھی، اس میں‌ نشیلی آنکھوں والی نئی ہیروئن کی تصویر نے شائقینِ سنیما کو اپنی جانب متوجہ کرلیا تھا جب کہ فلم کے 17 گیتوں میں سے متعدد فلم کی ریلیز سے پہلے ہی مقبول ہوچکے تھے۔

    پاکستان کی اس مشہور فلمی اداکارہ کا اصل نام شمشاد بیگم تھا۔ وہ 1923ء میں گوجرانوالہ میں پیدا ہوئی تھیں۔ راگنی کا خاندان بعد میں مشہور ہدایت کار کے ہمسائے میں جا بسا جہاں جوہر شناس مسٹر شوری نے شمشاد بیگم کو دیکھا تو دل میں‌ ارادہ کیا اور ان کے والد سے اسکرین ٹیسٹ کی اجازت مانگی۔ جیسے اُن کے ہاں کرنے کی دیر تھی اور وہ ’راگنی‘ کے نام سے فلم دُلا بھٹی میں کاسٹ کر لی گئیں۔ اس فلم کے ہیرو لاہور کے ایک شوقین مزاج اور وجیہ صورت امیر زادے ایم۔ ڈی۔ کنور تھے جنھیں فلم میں راگنی کے ساتھ بہت پذیرائی ملی۔

    دُلا بھٹی کی کام یابی کے بعد کئی فلم سازوں نے راگنی کو کاسٹ کرنا چاہا لیکن اپنے والد کے مشورے سے راگنی نے فلم ’ہمت‘ میں کام کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس فلم کے ہدایت کار بھی روپ۔ کے۔ شوری تھے۔ یہ فلم بھی زبردست ثابت ہوئی اور راگنی کو بہت سراہا گیا، اس کے بعد اداکارہ نے فلم ’سہتی مُراد‘ میں مرکزی کردار ادا کیا جو دراصل پنجاب کی لوک کتھا پر مبنی کہانی تھی۔ اس میں‌ راگنی پر فلمایا ہوا شمشاد بیگم کی آواز میں ایک گیت انتہائی مقبول ہوا تھا۔ خوب صورت آنکھوں والی اداکارہ راگنی نے 1941ء ہی میں تیسری کام یاب فلم ’میرا ماہی‘ دی اور پھر انھیں بمبئی جانے اور فلموں میں کام کی آفر ہوئی۔ لیکن انھوں نے لاہور چھوڑنے سے انکار کر دیا۔ یہاں لاہور میں فلمی دنیا میں‌ راگنی نے پونجی، پٹواری، داسی، من مانی، دھمکی، کیسے کہوں اور بِندیا جیسی فلموں میں کام کیا جو بہت کام یاب ثابت ہوئیں۔

    1946ء میں راگنی کو فرض نامی فلم میں‌ ایک نئے ہیرو کے ساتھ کاسٹ کیا گیا۔ یہ اداکار سدھیر تھے جنھیں‌ بعد میں بے انتہا مقبولیت اور پذیرائی ملی اور وہ پاکستانی فلموں کے جنگجو ہیرو کہلائے۔ بعد میں راگنی نے بمبئی میں بھاری معاوضے پر فلم شاہ جہان سائن کی جس کے ہدایت کار اے۔ آر کاردار تھے۔ راگنی کے حسن و جمال، سہگل کی آواز اور نوشاد کی موسیقی میں اس فلم نے مقبولیت کی بلندیوں کو چھوا اور ہر جانب فلم شاہ جہان کا ڈنکا بجنے لگا۔

    اس فلم کا معاوضہ راگنی نے اس زمانے میں پچاس ہزار لیا تھا جب اتنی رقم میں پوری فلم پروڈیوس ہوجاتی تھی۔ یہ وہ فلم تھی جس نے راگنی کو پنجاب سے نکال کر ہندوستانی فلم انڈسٹری کے بڑے مراکز کلکتہ اور بمبئی کے ذریعہ ملک بھر میں‌ شہرت دی تھی اور جب ہدایت کار اے۔ آر۔ کاردار نے اگلی فلم کے لیے راگنی سے رابطہ کیا تو اداکارہ نے ایک لاکھ روپے طلب کیے۔ یوں پہلی ہی فلم متحدہ ہندوستان میں اداکارہ کی آخری فلم ثابت ہوئی لیکن قیامِ پاکستان کے بعد وہ گمنام، مندری، بے قرار، کندن، غلام، شرارے، نوکر، انارکلی، زنجیر، صاعقہ اور نائلہ جیسی کام یاب پاکستانی فلموں میں نظر آئیں‌۔ پاکستان میں اُن کی یادگار فلم انارکلی ہے جس میں انھوں نے دِل آرام کا کردار ادا کیا تھا۔ راگنی نے اپنے فنِ اداکاری سے اس کردار کو لافانی بنا دیا اور شائقین کا دل جیت لیا۔

    مشہور ہے کہ وہ ایک صاف گو خاتون تھیں اور ان کے کھرے اور بے باک لہجے نے کئی لوگوں کو ان سے بددل بھی کردیا تھا۔ انھیں اکثر لوگ متکبر اور گھمنڈی سمجھنے لگے تھے۔ انھوں نے دو شادیاں‌ کی تھیں۔ وقت کی ستم ظریفی دیکھیے کہ دہائیوں قبل دیگر ہیروئنوں کی نسبت کئی گنا زیادہ معاوضہ لینے والی وہ اداکارہ جس کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے کئی لوگ جمع ہو جایا کرتے تھے، اس نے آخری ایّام میں پریشانی دیکھی اور تنہائی کا شکار رہی۔ یہ بھی قابلِ ذکر بات ہے کہ تقسیم سے پہلے وہ ہیروئن کے روپ میں‌ خاصی کام یاب رہیں، لیکن پاکستان میں‌ انھیں‌ زیادہ تر کیریکٹر رول میں ہی پسند کیا گیا اور بطور ہیروئن وہ آگے نہ آسکیں۔

    متحدہ ہندوستان کی یہ معروف فلمی ہیروئن جنھوں نے پاکستان میں ابتدائی فلموں میں کریکٹر رول ادا کرکے شائقین کی توجہ حاصل کی تھی، لاہور کے ایک اسپتال میں وفات پائی۔ بدقسمتی سے ان کی زندگی کے آخری ایّام لاہور کے محلّے میں معمولی گھر میں گزرے، وہ اپنی اولاد پر بوجھ بننے کے بجائے الگ رہنے لگی تھیں۔

  • غیرقانونی سگریٹس کی خرید و فروخت سے 80 ارب کی ٹیکس چوری پر آئی ایم ایف کو تشویش

    غیرقانونی سگریٹس کی خرید و فروخت سے 80 ارب کی ٹیکس چوری پر آئی ایم ایف کو تشویش

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے  غیرقانونی سگریٹس کی خریدوفروخت سے 80 ارب کی ٹیکس چوری پر آئی ایم ایف کی تشویش کے بعد فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق غیرقانونی سگریٹس کی خرید و فروخت سے 80 ارب کی ٹیکس چوری پر آئی ایم ایف نے تشویش کا اظہار کردیا۔

    وزیراعظم نے غیرقانونی سگریٹس کی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت اور ایف بی آر کو تمام سگریٹس مینوفیکچرنگ کمپنیوں پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

    ذرائع نے کہا کہ ایف بی آر ان لینڈ ریونیو انٹیلی جنس ٹیمیں غیرقانونی سگریٹس کی فیکٹریوں پر چھاپے مارے گی اور غیرقانونی سگریٹس کے خلاف کارروائی کی رپورٹ آئی ایم ایف کو بھی بھیجی جائے گی۔

    وزارت خزانہ اور ایف بی آر نے غیر قانونی سگریٹس کی خرید و فروخت پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ ایف بی آر غیر قانونی سگریٹس کیخلاف کارروائی کی ماہانہ رپورٹ وزیراعظم کو جمع کرائے گا۔

    ذرائع کے مطابق 24 سے زائد سگریٹس مینوفیکچرنگ کمپنیاں تاحال ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم میں شامل نہیں ہیں۔

  • انتخابات پر ازخود نوٹس کیس : جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس جمال خان مندوخیل نے اختلافی نوٹ میں کیا لکھا؟

    انتخابات پر ازخود نوٹس کیس : جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس جمال خان مندوخیل نے اختلافی نوٹ میں کیا لکھا؟

    اسلام آباد : پنجاب اور کے پی میں انتخابات پر ازخود نوٹس کیس میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس جمال خان مندوخیل کا اختلافی نوٹ سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے پنجاب اور کے پی میں انتخابات پر ازخود نوٹس کیس کی 23 فروری کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔

    جس میں 9رکنی لارجر بینچ میں سے 4ججز نے بینچ کی از سر نوتشکیل کا مطالبہ کیا، تحریری فیصلے میں جسٹس منصور علی،جسٹس یحیی آفریدی ، جسٹس اطہرمن اللہ اورجسٹس جمال مندوخیل کے اختلافی نوٹ شامل تھے۔

    جسٹس منصور علی شاہ نے اپنے اختلافی نوٹ میں لکھا میرے پاس بینچ سےالگ ہونےکاقانونی جوازنہیں، اپنے خدشات کو منظرعام پر لانا چاہتا ہوں۔

    نوٹ میں جسٹس منصور علی شاہ نے بنچ میں شامل ایک جج کا آڈیولیکس کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جج سے متعلق الزامات کا کسی فورم پر جواب نہیں دیا گیا ، بارکونسلزنے جج کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائرکیا۔

    اختلافی نوٹ میں جسٹس منصور علی شاہ نے دیگر سینئر ججز کی بینچ پر عدم شمولیت پر بھی اعتراض کرتے ہوئے کہا دو سینئر جج صاحبان کو بینچ میں شامل نہیں کیا گیا،عدلیہ پر عوام کےاعتماد کیلئےضروری ہے اسکی شفافیت برقرار رہے۔

    دوسری جانب جسٹس جمال خان مندوخیل نے اختلافی نوٹ میں آڈیولیکس کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ غلام ڈوگرکیس سے متعلق آڈیوسنجیدہ معاملہ ہے۔

    جسٹس جمال مندوخیل کا کہنا تھا کہ جسٹس اعجاز الاحسن ،جسٹس مظاہر علی نقوی پہلےہی ذہن واضح کرچکے ہیں، دونوں ججز کا مؤقف ہے کہ انتخابات 90 روز میں ہونے چاہئیں ، دونوں ججز نے رائے دیتے وقت آرٹیکل10 اے پر غور نہیں کیا۔

    اختلافی نوٹ میں کہا گیا کہ ان حالات میں چیف جسٹس کاازخودنوٹس کا جواز نہیں بنتا۔

  • بھارتی دانشور نے یہودی آباد کاروں کے خلاف آواز بلند کر لی

    بھارتی دانشور نے یہودی آباد کاروں کے خلاف آواز بلند کر لی

    نئی دہلی: معروف بھارتی دانشور اشوک سوین نے بھی فلسطینیوں کے گھر جلانے کے واقعے پر آواز بلند کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی دانشور، اپسالہ یونی ورسٹی سویڈن میں پروفیسر اور انٹرنیشنل اسٹڈیز کے پروگرام کے ڈائریکٹر اشوک سوین نے فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کے حق میں آواز اٹھاتے ہوئے مغرب کی خاموشی پر سوال اٹھایا۔

    اشوک سوین نے ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں لکھا: ’’اسرائیلی آباد کار مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے گھروں کو نذر آتش کر رہے ہیں، مغرب کیوں خاموش ہے؟‘‘

    واضح رہے کہ مغربی کنارے کے علاقے ہوارا میں یہودی آباد کاروں نے فلسطینیوں کے 40 سے زائد گھروں، دکانوں اور کاروں کو نظرِ آتش کر دیا ہے، جلائی گئی املاک میں بچوں کا اسکول بھی شامل ہے۔

    ویڈیو: یہودی آباد کاروں کا فلسطینیوں کی آبادی پر حملہ، درجنوں گھر نذر آتش کر دیے

    گزشتہ ہفتے نابلس میں اسرائیلی فوجیوں نے ایک بدترین فوجی چھاپے میں 11 فلسطینیوں کو شہید کر دیا تھا، جس کے رد عمل میں اسرائیلی میڈیا کے مطابق مغربی کنارے کے قصبے ہوارا میں ایک فلسطینی نوجوان نے دو استعماری اسرائیلی آباد کاروں پر فائرنگ کر کے انھیں ہلاک کر دیا، آباد کاروں کی ہلاکت کے بعد انھوں نے بڑی تعداد میں فلسطینی آبادی پر حملہ کر کے گھر جلائے۔

  • عدالت نے سابق صدر نیشنل بینک اقبال اشرف کی عبوری ضمانت منظور کر لی

    عدالت نے سابق صدر نیشنل بینک اقبال اشرف کی عبوری ضمانت منظور کر لی

    کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے سابق صدر نیشنل بینک اقبال اشرف کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق نجی پٹرولیم کمپنی میں 54 ارب روپے سے زائد کے فراڈ اور منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے سابق صدر نیشنل بینک اقبال اشرف کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔

    عدالت نے اقبال اشرف کو 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

    ملزم کے وکیل محسن شہوانی نے کہا کہ ملزم اقبال اشرف نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا تھا، وہ جب نیشنل بینک کا صدر تھا تو حیسکول سے نیشنل بینک کو ادائیگی ہو رہی تھی۔

    واضح رہے کہ اسپیشل بینکنگ کورٹ نے چند روز قبل کیس میں 17 ملزمان کی ضمانت مسترد کر دی تھی۔

    ایف آئی اے نے حیسکول اور نیشنل بینک کے 26 افسران کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے، ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ نجی پٹرولیم کمپنی پر 54 ارب سے زائد بینک ڈیفالٹ، مالیاتی فراڈ، منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔

    ایف آئی اے کے مطابق نیشنل بینک اور نجی پٹرولیم کمپنی کے سابق اور موجودہ افسران سمیت 30 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، ان ملزمان نے ملی بھگت سے قومی مالیاتی ادارے سے اربوں روپے کا قرضہ حاصل کیا، اور اس رقم کو مالیاتی فراڈ کے ذریعے منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا گیا۔

  • ایلون مسک نے مزید ملازمین کو نوکری سے فارغ کردیا

    ایلون مسک نے مزید ملازمین کو نوکری سے فارغ کردیا

    ایلون مسک نے اپنی کمپنی ٹوئٹر سے مزید ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کر دیا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے 70 فیصد سے زائد ملازمین کو نکالنے کے بعد ٹوئٹر انتظامیہ نے ہفتے کو مزید 50 ملازمین کو نوکری سے برطرف کر دیا۔

    رپورٹس کے مطابق برطرف کیے جانے والے ملازمین ٹوئٹر کی انجینئرنگ ، ایڈورٹائزنگ اور ٹوئٹر ایپ کی ٹیم کا حصہ تھے۔

    ٹوئٹر سے بھی پیسے کمائے جاسکیں گے؟ ایلون مسک نے بتادیا

    ٹوئٹر کو حالیہ برسوں میں نمایاں چیلنجز کا سامنا ہے، جس میں صارفین کی کم ہوتی تعداد اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے فیس بک، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک سے مقابلہ  ہے۔ کمپنی کی آمدنی میں بھی کافی کمی آئی ہے۔