Tag:

  • گلے کی رگ کٹنے سے زخمی طالب علم کے اسکول کی رجسٹریشن معطل، جرمانہ عائد

    گلے کی رگ کٹنے سے زخمی طالب علم کے اسکول کی رجسٹریشن معطل، جرمانہ عائد

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ماڈل کالونی میں واقع نجی اسکول میں گردن کی رگ کٹنے سے طالب علم شدید زخمی ہونے پر اسکول کی رجسٹریشن معطل کر کے اس پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ماڈل کالونی کاظم آباد کراچی کے نجی اسکول کے طالب علم کے آئی سی یو تک پہنچنے کے معاملے میں وزیر تعلیم سندھ کے احکامات پر انکوائری مکمل کر لی گئی۔

    وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے نجی اسکول کے طالب علم کو کولڈ ڈرنک کی بوتل کا شیشہ لگنے کے بعد آئی سی یو تک پہنچنے کی خبر کا نوٹس لیا تھا۔

    صوبائی وزیر کے احکامات پر ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹیٹوشن نے انکوائری مکمل کر لی، رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ یہ واقعہ لمکا ڈرنک کا ڈھکنا کھلنے کے دوران پیش آیا۔

    رپورٹ کے مطابق لمکا ڈرنک کا ڈھکنا شدت سے بچے کے گلے پر لگا اور وہ شدید زخمی ہو گیا، بچہ اس وقت سول اسپتال کراچی میں وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسکول انتظامیہ کی جانب سے فن گالا کے انعقاد کے دوران بچوں کی حفاظت کے معاملے پر توجہ نہیں دی گئی، شواہد اور بیانات کی روشنی میں اسکول انتظامیہ کی غیر ذمہ داری ثابت ہو چکی ہے۔

    کراچی کے نجی اسکول میں گردن کی رگ کٹنے سے طالب علم شدید زخمی، آخر ماجرا کیا؟

    رپورٹ سامنے آنے کے بعد اسکول کی رجسٹریشن معطل کر کے 75 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔

    وزیر تعلیم سندھ نے اس معاملے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کے اندر موجود ایک ایک بچے/ بچی کی حفاظت اسکول انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ سید سردار شاہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور بچے کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

  • کچے کے ڈاکوؤں نے چینوٹ کے 9 رکنی ڈانس گروپ کو اغوا کرلیا

    کچے کے ڈاکوؤں نے چینوٹ کے 9 رکنی ڈانس گروپ کو اغوا کرلیا

    صادق آباد: کچے کے ڈاکوؤں نے چینوٹ کے نو رکنی ڈانس گروپ کو اغوا کرلیا اور رہائی کیلئے ایک کروڑ روپے تاوان مانگ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کچے کے ڈاکوؤں نے چینوٹ کے نو رکنی ڈانس گروپ کو اغوا کرلیا۔

    فون پر شادی کی تقریب میں ڈانس کیلئے گروپ کو ہائر کیا ، گروپ فیصل آباد سے پرفارم کرنے رحیم یارخان پہنچا، رحیم یارخان آمد کے بعد گروپ کے موبائل فون بندہوگئے۔

    مغویوں میں کم عمر لڑکا بھی شامل ہے، ڈاکوؤں نے مغویوں کی رہائی کیلئے ایک کروڑ روپے کا تاوان طلب کرلیا ہے۔

    ڈاکوؤں اورورثاکےدرمیان گفتگو اےآر وائی نیوزکو موصول ہوگئی ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ ورثا کی جانب سےتاحال کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔

  • پاک بھارت آبی تنازعہ، آج ہیگ میں کیس کی سماعت ہوگی

    پاک بھارت آبی تنازعہ، آج ہیگ میں کیس کی سماعت ہوگی

    اسلام آباد: پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی تنازعے پر آج نیدرلینڈز کے شہر ہیگ کی عدالت میں اہم سماعت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بھارت آبی تنازعے پر آج ہیگ میں کیس کی سماعت ہوگی، ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان غیر جانب دار ماہر کی سطح پر سماعت ہو رہی ہے۔

    پاکستان نے بھارتی آبی منصوبوں کشن گنگا اور رتلے پن بجلی منصوبوں کے ڈیزائن پر اعتراضات اٹھا رکھے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق بھارت نے دریائے جہلم پر 330 میگا واٹ کا کشن گنگا پن بجلی منصوبہ لگا رکھا ہے، اور دریائے چناب پر 850 میگا واٹ کا رتلے پن بجلی منصوبہ لگا رہا ہے۔ جب کہ پاکستان کا مؤقف ہے کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان کو پانی کا بہاؤ کم ہو جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس تنازعے کے حل کے لیے عالمی بینک کی معاونت سے غیر جانب دار ماہر کا تقرر عمل میں آیا تھا، اس سلسلے میں پاکستانی وفد سیکریٹری آبی وسائل حسن ناصر جامی کی سربراہی میں ہیگ میں موجود ہے۔

    وفد میں انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ اور اٹارنی جنرل آفس کے حکام بھی شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر جانب دار ماہر 28 فروری تک اس کیس کو سنیں گے۔

  • خالد رضا کے قتل میں دشمن کے خفیہ ادارے کے ملوث ہونے کا انکشاف

    خالد رضا کے قتل میں دشمن کے خفیہ ادارے کے ملوث ہونے کا انکشاف

    کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں ماہرِ تعلیم خالد رضا کے قتل میں ابتدائی تفتیشی رپورٹ میں دشمن کے خفیہ ادارے کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں ماہرِ تعلیم خالد رضا کے قتل کی ابتدائی تفتیشی رپورٹ تیار کر لی گئی۔

    ابتدائی تفتیشی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خالد رضا کے قتل میں ممکنہ طور پر دشمن ملک نے مقامی سہولت کاروں کی مدد سے واردات کی، ملزمان تربیت یافتہ تھے، ایک ہی گولی سر پر مار کر ٹارگٹ کیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واردت کے لیے نیا اسلحہ استعما ل کیا گیا ہے، واردت سے ملنے والا تیس بور کا خول پہلے کسی واردت میں استعمال نہیں ہوا، ملزمان جس راستے سے آئے تھے روٹ فوٹیج حاصل کرنےکی کوشش کرہے ہیں۔

    کراچی میں فائرنگ سے پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے عہدیدار جاں بحق

    تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ اس واردت میں دشمن ملک کا ہاتھ ہوسکتا ہے، اسلام آباد میں امتیاز عالم کا قتل، محمود آباد میں ظہور نامی شہری کا قتل بھی اس سلسلے کی کڑی ہوسکتی ہے۔

    تفتیشی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ قتل کی تینوں وارداتوں کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔

    واضح رہے کہ گلستانِ جوہر کراچی میں بلاک 7 انوار القرآن کے قریب گزشتہ روز نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے معلم اور فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز پاکستان کے وائس چیئرمین جاں بحق ہو گئے۔

  • مینگرووز درختوں کی بدولت سندھ حکومت کو 3 ارب روپے موصول

    مینگرووز درختوں کی بدولت سندھ حکومت کو 3 ارب روپے موصول

    کراچی: صوبہ سندھ کے وزیر جنگلات تیمور تالپور کا کہنا ہے کہ تیمر (مینگرووز) کے جنگلات سے کاربن کریڈٹ کی مد میں سندھ حکومت کو 3 ارب روپے موصول ہوئے۔

    سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران صوبائی وزیر جنگلات تیمور تالپور کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور میں بھی تسلیم کیا گیا کہ سندھ کے محکمہ جنگلات نے بہتر کام کیا۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمارے مینگرووز سے کاربن کریڈٹ دنیا خرید رہی ہے، سندھ حکومت ایک ہیکٹر پر 10 ہزار روپے میں مینگرووز لگا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مینگروز سے کاربن کریڈٹ کی مد میں سندھ حکومت کو 3 ارب روپے وصول ہوئے، مینگرووز لگانے پر 3 دفعہ سندھ حکومت کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں آیا۔

  • کراچی کنگز کے جیمز ونس نے پی ایس ایل کو الوداع کہہ دیا

    کراچی کنگز کے جیمز ونس نے پی ایس ایل کو الوداع کہہ دیا

    پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کراچی کنگز کے اہم کھلاڑی جیمز ونس نیشنل ڈیوٹی کے باعث آج ڈھاکہ روانہ ہوگئے۔

    انگلینڈ کے کرکٹر جیمز ونس نے گزشتہ روز ملتان سلطان کے ساتھ اپنا آخری میچ کھیلا تاہم انہیں اب بنگلہ دیش میں قومی ذمہ داریوں کے لیے ٹورنامنٹ چھوڑنا پڑا۔

    کراچی کنگز کے جیمز ونس فرنچائز کے ایک اہم کھلاڑی میں سے ایک ہیں، پی ایس ایل 2023 میں جیمز ونس نے پانچ میچوں میں 154 رنز بنائے۔

    پی ایس ایل 2023 کیریئر میں انہوں نے 11 چھکے بھی لگائے، جیمز ونس کی کراچی کنگز کے نام اس شاندار اننگز پر انہیں یاد رکھا جائے گا۔

    واضح رہے کہ انگلینڈ کے کرکٹر جیمز ونس اب تک پاکستان سپر لیگ کے 3 فرنچائز کے ساتھ کھیل چکے ہیں، انہیں سب سے پہلے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پک کیا تھا، بعدازا وہ ملتان سلطان کا حصہ رہے تاہم کراچی کنگز ان کی تیسری فرنچائز ہے۔

    واضح رہے کہ بنگلا دیش اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ون ڈے میچ یکم مارچ کو ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔

  • نئے نیب چیئرمین  کی تعیناتی کوروکنے کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر

    نئے نیب چیئرمین کی تعیناتی کوروکنے کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر

    لاہور : نئے نیب چیئرمین کی تعیناتی کوروکنے کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں نئے نیب چیئرمین کی تعیناتی کو روکنے کیلئے درخواست دائر کردی گئی ، درخواست اظہرصدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی۔

    جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اپوزیشن لیڈرراجہ ریاض کی تعیناتی پرنوٹسزہوچکےہیں، نئے نیب چیئر مین نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے نیب کا چیئرمین تعینات ہونا ہے، صدر اور اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھا ہے کہ اپوزیشن لیڈر قانون کے مطابق نہیں بنایا گیا۔

    دائر درخواست میں کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نےبھی باقاعدہ خط لکھ دیاہےکہ وہ اپوزیشن لیڈر اپنابناناچاہتےہیں، اپوزیشن لیڈرجوبھی مشاورت کرےگاوہ غیرآئینی وقانونی ہوگی۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت چیئرمین نیب کی تعیناتی کو روکنے کا حکم دے۔

  • پاکستانیوں کے لیے ٹرانزٹ ویزا، سعودی حکام کی وضاحت

    ریاض: سعودی حکام نے پاکستان اور دیگر ممالک سے آنے والے افراد کے لیے ٹرانزٹ ویزا کے حوالے سے ہدایات اور وضاحت جاری کی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے ٹرانزٹ ویزے کی سہولت کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا کہ کیا پاکستان سے آنے والوں کو ٹرانزٹ ویزا مل سکتا ہے۔

    مملکت کا ٹرانزٹ ویزا کسی بھی ملک کے ان شہریوں کو جاری کیا جاتا ہے جو مملکت سے ہوتے ہوئے کسی دوسرے ملک جا رہے ہوں۔

    اگر پاکستان سے یورپ یا کسی اور ملک کا ویزا لگایا ہے اور وہاں جانے سے قبل سعودیہ ایئر یا ناس ایئر کی فلائٹ سے کنکٹنگ ٹکٹ خریدا جائے، اس صورت میں 4 دن کے لیے ٹرانزٹ ویزا جاری کیا جاتا ہے جس کی انٹری سعودی عرب کے کسی بھی بین الاقوامی ایئر پورٹ پر متعین امیگریشن اہلکار کرتے ہیں۔

    حال ہی میں سعودی حکام کی جانب سے ٹرانزٹ ویزا متعارف کروایا گیا ہے جس کی کوئی فیس نہیں تاہم اس ویزے کی 2 بنیادی شرائط ہیں۔

    اول یہ کہ مسافر کی منزل کوئی دوسرا ملک ہو اور راستے میں وہ سعودی عرب مختصر قیام کرنا چاہتا ہو، اس صورت میں اسے ٹرانزٹ ویزا جاری کیا جاتا ہے۔

    دوسری اہم شرط یہ ہے کہ ٹرانزٹ ویزا صرف سعودیہ یا ناس ایئر لائن کے مسافروں کو ہی جاری کیا جاتا ہے، کسی اور ایئر لائن سے سفرکرنے والوں کو یہ سہولت فراہم نہیں کی جاتی۔

    ٹرانزٹ ویزے کے حصول کا طریقہ کار یہ ہوگا کہ فضائی مسافر السعودیہ اور ناس ایئر کے الیکڑانک پلیٹ فارم سے ٹرانزٹ ویزے کی درخواست کریں گے جو خود کار سسٹم کے تحت دفتر خارجہ کے قومی ویزا پلیٹ فارم میں منتقل ہوجائے گی۔

    دفتر خارجہ اس پر فوری کارروائی کر کے ڈیجیٹل ویزا جاری کرے گا جو ای میل پر امیدوار کو بھیجا جائے گا۔

  • شادی سے قبل طبی ٹیسٹ لازمی قرار

    شادی سے قبل طبی ٹیسٹ لازمی قرار

    قاہرہ: مصر میں شادی سے قبل طبی ٹیسٹ کو لازمی قرار دیا جارہا ہے تاکہ نئی نسل میں جینیاتی بیماریوں کی روک تھام کی جاسکے۔

    اردو نیوز کے مطابق مصر کی وزارت صحت و آبادی نے شادی کے خواہش مند افراد کے لیے طبی معائنہ کروانے کے اقدام پر عمل کروانے کا آغاز کیا ہے تاکہ غیر صحت مند بچے پیدا ہونے کے خطرے کو کم کیا جا سکے۔

    وزارت کے بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ میڈیکل ٹیسٹ میں تقریباً ایک گھنٹہ لگتا ہے اور اس میں ذاتی ڈیٹا کا اندراج اور مفید مشورے بھی شامل ہیں۔

    طبی معائنے میں ایڈز، وائرس سی اور وائرس بی سمیت 10 ٹیسٹ شامل ہیں اور ان میں ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، موٹاپا، خون میں ہیمو گلوبن کی سطح، خون کی قسم اور مطابقت کا تجزیہ جیسی غیر متعدی بیماریوں کے ٹیسٹ کے علاوہ خون کی کمی (تھیلیسیمیا) کا ٹیسٹ بھی شامل ہے۔

    اس اقدام کے حوالے سے سوالات نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے، بہت سے لوگوں کو خدشہ ہے کہ اگر ایسے ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے تو شادی روک دی جائے گی۔

    مصر کی وزارت صحت کے ترجمان حسام عبد الغفار کا کہنا ہے کہ شادی کا معاہدہ مکمل کرنے سے پہلے ٹیسٹ ضروری ہوں گے اور اس کا مقصد جینیاتی بیماریوں والے بچوں کی پیدائش کی روک تھام ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ایسے ٹیسٹ شادی کے معاہدے کی تکمیل کو نہیں روکتے بلکہ ان کا مقصد شادی کرنے والے افراد کو ان کی صحت اور ان میں سے کسی بیماری سے کس حد تک متاثر ہے اس کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔

    وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ اگر ٹیسٹ کے نتائج مثبت آتے ہیں یا کوئی وائرل انفیکشن ہے تو مریض کو کاؤنسلنگ کلینک میں بھیجا جائے گا جہاں بیماری اور علاج کے طریقوں اور نفسیاتی مدد کے بارے میں تعلیم دی جائے گی۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ اس کے بعد متاثرہ شخص کو ضروری طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے خصوصی کلینک میں منتقل ہونا ہوگا جس کے بعد شادی کا خواہش مند جوڑا ٹیسٹوں کے نتائج پر کسی مجاز شخص کے سامنے دستخط کرے گا۔

    عبدالغفار نے بتایا کہ اس طرح کے میڈیکل ٹیسٹ کے لیے وزارت صحت کی جانب سے 303 مراکز متعین کیے گئے ہیں اور ابتدائی مرحلے میں صرف یہی مراکز مجاز ہیں۔

    مصری شہریوں کے لیے ایک ہیلتھ ڈیٹا بیس بنایا جا رہا ہے اور اس طرح کے سرٹیفکیٹ جاری کیے جانے کے ساتھ ساتھ یہ ریکارڈ کیو آر کوڈز کے ذریعے محفوظ کیا جاتا ہے۔

    دوسری جانب قاہرہ میں الازہر یونیورسٹی کے شعبہ نفسیات کے پروفیسر احمد شعبان کا کہنا ہے کہ شادی سے پہلے میڈیکل ٹیسٹ تولیدی اور متعدی بیماریوں کا پتہ لگانے کے لیے مفید ہیں۔

  • سیسنا طیارے پر آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے حوالے سے علامتی عکاسی

    سیسنا طیارے پر آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے حوالے سے علامتی عکاسی

    کراچی: سیسنا طیارے پر آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے حوالے سے علامتی عکاسی کر کے ایک نجی اسکائی ونگز ایوی ایشن نے پاک فضائیہ کے غازیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو 4 سال مکمل ہو گئے ہیں، اسکائی ونگز ایوی ایشن نے پاک فضائیہ کے ہیروز کو خراج پیش کرنے کے لیے سیسنا جہاز کو پینٹ کیا۔

    سی ای او اسکائی ونگز ایوی ایشن عمران اسلم خان نے بتایا کہ طیارے پر بھارت کے پکڑے گئے ونگ کمانڈر ابھی نندن کی تصویر بنا کر بھارت سے پوچھا گیا ہے کہ چائے کیسی تھی۔

    انھوں نے کہا کہ یہ طیارہ 27 فروری 2019 کے پاک بھارت تنازعے کی تصویر کشی کرتا ہے، جب ہمارے محافظوں نے دو ہندوستانی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا، بھارتی ایئر فورس نے پاکستان کی فضائی حدود میں گھسنے کی کوشش کی تھی۔

    عمران اسلم خان نے کہا ’’اسکائی ونگز کا سیسنا 152 ٹرینر ہوائی جہاز جس کو تربیت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، قوم کے اس عزم کو ظاہر کرتا ہے، ہم اپنے ہیروز کی عزت کرتے ہیں اور پوری قوم ان کے پیچھے کھڑی ہے۔‘‘

    جہاز پر ایم ایم عالم اور حسن صدیقی کی تصاویر بھی پینٹ کی گئی ہیں، جہاز پر بنی پینٹنگ میں 1965 اور 2019 میں ہندوستانی فضائیہ کے طیاروں کو مار گرانے کے دو واقعات کی علامتی عکاسی کی گئی ہے۔

    عمران اسلم خان کے مطابق جہاز پر کشمیر کی وادیوں کو پاکستان اور کشمیر دونوں کے جھنڈوں کے ساتھ دکھایا گیا ہے، انھوں نے کہا ہم مسئلہ کشمیر کے حل کا مطالبہ کرتے ہیں، کشمیر پر استصواب رائے کے لیے اقوام متحدہ کی 05 جنوری 1949 کی قرارداد پر عمل تاحال زیر التوا ہے، لیکن مشرقی تیمور کے بارے میں اقوام متحدہ کی سپریم کورٹ کی 1999 کی قرارداد 1264 پر بہت تیزی سے عمل درآمد کیا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ ہوائی جہاز کو مشہور ٹرک آرٹسٹ حیدر علی نے پینٹ کیا ہے، اور اس طیارے کو امن اور محبت کا نام دیا گیا ہے، طیارے پر دونوں علامتیں پینٹ کی گئی ہیں۔