Tag:

  • تبریز شمسی نے جوتا اٹھا کر جشن منانے کے دلچسپ وجہ بتادی

    تبریز شمسی نے جوتا اٹھا کر جشن منانے کے دلچسپ وجہ بتادی

    جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے اسپنر تبریز شمسی نے وکٹ لینے کے بعد اپنے مخصوص جوتا جشن اسٹائل کی وضاحت دے دی۔

    ٹوئٹر پر ایک صارف نے کراچی کنگز کے غیر ملکی کھلاڑی تبریز شمسی سے سوال کیا کہ جوتا اٹھا کر جشن منانے کے پیچھے کیا کہانی ہے؟

    کراچی کنگز کے تبریز شمسی نے صارف کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب بولر وکٹ لیتا ہے تو کبھی کبھار امپائر تھرڈ امپائر سے تصدیق کرتا ہے یہ آؤٹ ہے کہ نہیں ہے۔

    کراچی کنگز کے اسپنر  نے مزید لکھا کہ اسی طرح میں بھی تھرڈ امپائر کو نمبر ملاتا ہوں اور پوچھتا ہوں یہ آؤٹ  ہے کہ نہیں۔

    ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے تبریز شمسی نے کہا کہ ایسی کوئی سنجیدہ بات نہیں ہے، جوتے سے فون ملانا فیلڈ پر ایک تفریح تھی اور کچھ نہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 66 رنز سے شکست دی، کراچی کنگز کی جانب سے شعیب ملک اور تبریز شمسی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

  • گھر میں لکڑ بھگا پالنے والا شخص گرفتار، 3 کروڑ جرمانہ ہوسکتا ہے

    گھر میں لکڑ بھگا پالنے والا شخص گرفتار، 3 کروڑ جرمانہ ہوسکتا ہے

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں لکڑ بھگا گھر میں پالنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا، مذکورہ شخص پر 3 کروڑ ریال جرمانہ یا 10 برس قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں ماحولیاتی سلامتی فورس نے ریاض ریجن میں ایک مقامی شہری کو حراست میں لیا ہے جو اپنے گھر میں غیر قانونی طریقے سے ایک لکڑ بھگا پالے ہوئے تھا۔

    ماحولیاتی فورس کا کہنا ہے کہ مقامی شہری کو جنگلی حیاتیات کی خلاف ورزی پر مقررہ سزا دلانے کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    جنگلی حیاتیات کے قومی مرکز سے رابطہ کر کے جانور کو اس کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔

    ماحولیاتی سلامتی فورس کے مطابق ایسے جانوروں کو گھروں میں پالنا جن کی نسل ختم ہو رہی ہو، قابل سزا عمل ہے، اس پر 3 کروڑ ریال کا جرمانہ اور 10 برس قید کی سزا ہے، دونوں سزا میں سے کسی ایک پر اکتفا کیا جا سکتا ہے۔

    ادارے نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے علم میں نایاب نسل کے جانور کے حوالے سے یہ بات آئے کہ مقامی شہری یا غیر ملکی اسے اپنے یہاں رکھے ہوئے ہے تو اس کی رپورٹ کی جائے۔

  • نعیم ہاشمی: فلمی اداکار، شاعر اور ادیب

    نعیم ہاشمی: فلمی اداکار، شاعر اور ادیب

    نعیم ہاشمی کی لکھی ہوئی یہ نعت آپ نے بھی سنی ہو گی۔

    شاہِ مدینہ، شاہِ مدینہ
    یثرب کے والی، سارے نبی تیرے در کے سوالی

    نعیم ہاشمی 27 اپریل 1976ء وفات پاگئے تھے، لیکن ان کا یہ نعتیہ کلام شاعر تنویر نقوی سے منسوب ہے۔ اس کی وجہ وہ گرامو فون ڈسک ہے جس پر غلطی سے یا لاعلمی میں تنویر نقوی کا نام تحریر ہو گیا تھا اور یہی نام آگے بڑھتا رہا۔

    نعیم ہاشمی کا شمار پاکستان فلم انڈسٹری کے بانیوں اور اوّلین دور کے قابل اور باصلاحیت آرٹسٹوں‌ میں ہوتا ہے۔ وہ اداکار، شاعر، ادیب اور ہدایت کار بھی تھے۔نعیم ہاشمی فلمی صنعت کے ایسے فن کار تھے جنھوں نے متعدد شعبہ جات میں بنیادی کام کیا اور بعد میں دوسرے آرٹسٹ آگے بڑھے۔ ستم ظریفی دیکھیے کہ نعیم ہاشمی کی فن کارانہ صلاحیت کی بدولت پایۂ تکمیل کو پہنچنے والا کام دوسروں سے منسوب ہوگیا یا وہ اس سے پہچان اور شناخت حاصل نہ کرسکے۔ مثلاً پاکستان کی اوّلین فلم بھی دراصل نعیم ہاشمی نے پروڈیوس کی تھی۔ اس کا نام انقلابِ کشمیر تھا اور یہ اس وادیٔ سرسبز کی تحریکِ آزادی سے متعلق فلم تھی۔ لیکن اس فلم کا لاہور کے رٹز سنیما میں پہلا ہی شو ہوا تھا کہ اس کی نمائش پر پابندی عائد کر دی گئی۔ شاید اس کا پرنٹ بھی محفوظ نہیں‌ رہا۔

    ان کا تحریر کردہ ایک ملّی نغمہ بھی مذکورہ فلم میں شامل تھا جس کے بول ہیں:

    سلام اے قائدِاعظم تِری عظمت ہے پائندہ
    ترا پرچم ہے تابندہ، ترا پیغام ہے زندہ

    یہ مِلّی نغمہ اردو کے درویش صفت شاعر ساغر صدیقی نے گایا تھا۔

    اداکار نعیم ہاشمی کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ قیامِ پاکستان کے بعد انھوں نے لاہور میں سب سے پہلا اسٹیج ڈرامہ پیش کیا تھا۔ اس ڈرامے کا نام ’شادی‘ تھا جسے 1948ء میں لاہور کے اوڈین سنیما ہال میں دکھایا گیا تھا۔

    ایک دور میں‌ فلموں کا مرکز کلکتہ اور ممبئی ہوا کرتا تھا۔ نعیم ہاشمی نے وہیں اپنی فن کارانہ صلاحیتوں کا اظہار کرنا اور اپنے کام کو نکھارنا سیکھا۔ انھوں‌ نے فنّی تربیت کلکتہ میں لی اور وہاں تقسیمِ ہند سے قبل 1946ء میں وہ اپنی پہلی فلم ’چاندنی چوک‘ میں نظر آئے تھے۔ اس دور میں کلکتے میں ٹھاکر ہِمت سنگھ نے ایک گروپ بنا رکھا تھا جس میں‌ ہیرو کے طور پر سلیم رضا کو کام دیا جاتا تھا، لیکن جب شاعر اور مصنّف سیف الدین سیف نے ٹھاکر صاحب کو نوجوان نعیم ہاشمی سے ملوایا تو انھوں نے کچھ سوچ کر خوب رو نعیم ہاشمی کو ہیرو اور سلیم رضا کو اسی فلم میں وِلن کا رول دیا۔ یوں نعیم ہاشمی نے اداکاری کا آغاز کیا۔

    قیامِ پاکستان کے بعد نعیم ہاشمی لاہور میں‌ سکونت پذیر ہوئے۔ یہاں‌ بھی انھوں نے فلم نگری سے ناتا جوڑا اور اداکار، فلم ساز اور ہدایت کار نذیر کے ادارے میں کام شروع کرنے لگے۔ نعیم ہاشمی نے نذیر کے لیے خاتون، نورِاسلام، شمع اور عظمتِ اسلام جیسی فلمیں لکھیں اور کئی فلموں میں‌ بطور اداکار کام کرکے خود کو منوایا۔ بلاشبہ پاکستان کی فلمی صنعت کے لیے ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔

  • گھر بنانا مشکل ہوگیا، تعمیراتی صنعت تباہی کے دہانے پر

    گھر بنانا مشکل ہوگیا، تعمیراتی صنعت تباہی کے دہانے پر

    ملک بھر میں تعمیراتی سامان کی لاگت میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا جس کے بعد تعمیراتی صنعت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے ٹیکسز میں بے تحاشہ اضافے کے بعد ہر شعبے کی طرح تعمیراتی شعبہ بھی ٹھپ ہوگیا۔

    عام شہری کا گھر بنانا خواب ہوگیا جبکہ بلڈرز نے بھی اپنے پروجیکٹس ادھورے چھوڑ دیے۔

    تعمیرات میں استعمال ہونے والے سریے، بجری اور سیمنٹ وغیرہ کی قیمتیں آسمان پر جا پہنچی ہیں، صرف ایک ماہ قبل ڈیڑھ لاکھ روپے فی ٹن ملنے والا سریا 3 لاکھ روپے میں فروخت ہورہا ہے۔

    تعمیراتی سامان فروخت کرنے والے دکاندار بھی پریشان ہیں، ان کا کہنا ہے کہ قیمتیں بڑھنے کے بعد سامان کی کھپت نصف ہوچکی ہے۔

    عام افراد اور بلڈرز کا کہنا ہے کہ ٹیکسز میں کمی کی جائے اور پائیدار معاشی حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ ملک بھر میں ٹھپ پڑا کاروبار کا پہیہ پھر سے چل سکے۔

  • پاکستانی ٹیم کے مداح بھارتی دکاندار پر ہندو انتہا پسندوں کا حملہ

    پاکستانی ٹیم کے مداح بھارتی دکاندار پر ہندو انتہا پسندوں کا حملہ

    بھارت کے شہر گوا میں پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کرنے والے دکاندار پر ہندو انتہا پسندوں نے حملہ کرکے سرعام معافی مانگنے پر مجبور کردیا۔

    ہوا کچھ یوں کہ ایک ٹریول وی لاگر کی جانب سے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، وی لاگر نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’یہ دیکھیں گوا میں بھارتی کس طرح پاکستان کو سپورٹ کررہے ہیں‘۔

    ولاگر نے گوا کے ہوٹل کے مالک سے گفتگو کی تھی، ہوٹل کے ٹی وی پر میچ ہوتا دیکھ کر وی لاگر نے دکاندار سے سوال کیا کہ وہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچ میں کس کو سپورٹ کررہے ہیں؟

    جس پر ہوٹل مالک کا کہنا تھا کہ پاکستان کو، کیوں کہ یہ مسلمانوں کا علاقہ ہے، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انتہا پسند بھارتیوں نے ہوٹل پر دھاوا بول دیا۔

    انتہا پسندوں نے دکاندار کو سرعام معافی مانگنے پر مجبور کیا گیا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دکاندار گھٹنوں کے بل بیٹھ کر معافی مانگ رہا ہے ساتھ ہی بھارت ماتا جے کا نعرہ لگاتے بھی سنا جاسکتا ہے۔

  • رمضان المبارک میں گورنر ہائوس سندھ میں شہریوں کو افطار کرانے کا فیصلہ

    رمضان المبارک میں گورنر ہائوس سندھ میں شہریوں کو افطار کرانے کا فیصلہ

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے شہریوں کے لیے رمضان المبارک میں افطار کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس حوالے سے کہا کہ پورے رمضان ایک لاکھ شہریوں کو افطار کرانے کا پلان ہے، روزانہ کی بنیاد پر پانچ ہزار شہریوں کے لیے افطار کا اہتمام کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کی افطار کا اہتمام کیا جائے گا، سڑکوں پر افطار کرنے والے شہری گورنر ہائوس میں آکر افطار کرسکیں گے۔

    کامران ٹیسوری کا مزید کہنا تھا کہ جو فیملیز گورنر ہائوس میں افطار کرنا چائیں انکے لیے بھی گورنر ہائوس کے دروازے کھلے ہوں گے۔

  • حسن علی نے وکٹ پر جنریٹر اسٹارٹ والا جشن نہ کرنے کی دلچسپ وجہ بتا دی

    حسن علی نے وکٹ پر جنریٹر اسٹارٹ والا جشن نہ کرنے کی دلچسپ وجہ بتا دی

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر حسن علی نے وکٹ حاصل کرنے  پر جنریٹر اسٹارٹ والا جشن نہ لینے کی دلچسپ وجہ بتا دی۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کا  ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیرہویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی سے مقابلہ ہوا، اس دوران حسن علی نے وکٹ لی لیکن اپنی پرانی  سیلی بریشن نہیں کی۔

    جس کے بعد پاکستان سپرلیگ کے اکاؤنٹ نے حسن علی کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف بولنگ کی ویڈیو شیئرکی تھی اورکیپشن میں لکھا جنریٹر چلاؤ یار۔

    فاسٹ بولر حسن علی نے پی ایس ایل کی پوسٹ ری ٹوئٹ کی، جس میں وہ بھی پاکستان میں مہنگائی سے پریشان نظر آئے، انہوں نے جنریٹر چلاؤ ٹوئٹ پر لکھا کہ پیٹرول بہت مہنگا ہے۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیرہویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 63 رنز سے شکست دیدی تھی۔

    اس میچ میں حسن علی نے 3 وکٹ اپنے نام کی تھی۔

  • بلوچستان میں مغربی ہواؤں اور بارش کا نیا سسٹم داخل ہونے کا امکان

    بلوچستان میں مغربی ہواؤں اور بارش کا نیا سسٹم داخل ہونے کا امکان

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے اکثر علاقوں میں 28 فروری سے یکم مارچ کے دوران تیز بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے جس سے فصلوں کو نقصان کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان میں مغربی ہواؤں اور بارش کا نیا سسٹم داخل ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے، 28 فروری کو مغربی ہوائیں مغربی علاقوں میں داخل ہوں گی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 28 فروری سے یکم مارچ کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

    ان علاقوں میں کوئٹہ، ژوب، خضدار، نصیر آباد، ڈیرہ بگٹی، بارکھان، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبد اللہ، چمن اور پشین شامل ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بارانی علاقوں میں ژالہ باری اور تیز ہواؤں سے فصلوں کو نقصان کا خدشہ ہے۔

  • کینیڈا کے امیگریشن رولز میں نرمی

    کینیڈا کے امیگریشن رولز میں نرمی

    اوٹاوہ: کینیڈا کی حکومت نے ملک میں موجود ایرانیوں کے لیے امیگریشن رولز میں نرمی کی ہے، ایرانی تعلیم یا کام کے لیے نئے پرمٹ کی درخواست دے سکیں گے اور ان سے فیس بھی وصول نہیں کی جائے گی۔

    اردو نیوز کے مطابق ایران میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزی کے بعد کینیڈا کی حکومت نے ملک میں موجود ایرانیوں کے لیے امیگریشن رولز میں نرمی کی ہے۔

    امیگریشن ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت سے ایسے ایرانیوں کے لیے آسانی پیدا ہوگی جو اپنے عارضی اسٹیٹس میں توسیع چاہتے ہیں۔

    ایرانی تعلیم یا کام کے لیے نئے پرمٹ کی درخواست دے سکیں گے اور ان سے فیس بھی وصول نہیں کی جائے گی، وہ کام کرنے کے لیے پرمٹ کی درخواست دے سکیں گے جس کے ذریعے وہ اپنی پسند کے کسی بھی شعبے یا ادارے میں کام کر سکیں گے۔

    امیگریشن کے وزیر شان فریسر کا کہنا ہے کہ ایرانی حکومت کے غیر انسانی سلوک پر کینیڈا چپ نہیں بیٹھ سکتا۔

    امیگریشن ڈپارٹمنٹ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کینیڈا میں موجود ایرانیوں کی درخواستیں ترجیحی بنیادوں پر نمٹائی جائیں گی اور یہ سلسلہ یکم مارچ سے شروع ہوگا۔

    حالیہ مہینوں میں کینیڈا نے حکومت مخالف مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد ایرانی تنظیموں اور حکام پر پابندیاں لگائی ہیں۔

  • غریب ڈیفالٹ ہوگیا، ملک ڈیفالٹ ہونے کے دہانے پر ہے، شیخ رشید

    غریب ڈیفالٹ ہوگیا، ملک ڈیفالٹ ہونے کے دہانے پر ہے، شیخ رشید

    راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ غریب ڈیفالٹ ہوگیا، ملک ڈیفالٹ ہونےکے دہانے پر ہے۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے ٹوئٹ میں کہا کہ 42 فیصد مہنگائی بڑگ گئی ساتھ ہی رانی کا 18 گاڑیوں کاشاہانہ سیکیورٹی اسکواڈ بھی بڑھ گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ غریب ڈیفالٹ ہوگیا،ملک ڈیفالٹ ہونےکے دہانے پر ہے، قوم کی نظریں سپریم کورٹ پرلگی ہیں اس کا فیصلہ ہی ملک بچاسکتا ہے۔

    سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکمران1997کی تاریخ دہرانا چاہتے ہیں لیکن ناکام ہوں گے، آئین و قانون کی بالادستی قائم ہوگی تو معاشی واقتصادی استحکام آئےگا۔

    انکا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم فیصلہ کرلے انہیں کس میں جانا ہے،  انتخابات میں، احتساب میں یا عذاب میں، دیکھناہوگا ملک کو سول نافرمانی کی طرف کون اور کیوں لے کر جارہا ہے، اب عدالتوں پر حملہ ہوا تو لگ پتہ جائےگا۔