Tag:

  • دیپیکا پڈوکون کے لیے بڑا اعزاز، آسکر ایوارڈز کی میزبانی کریں گی

    دیپیکا پڈوکون کے لیے بڑا اعزاز، آسکر ایوارڈز کی میزبانی کریں گی

    بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون 2023 کے آسکر ایوارڈز میں میزبانی کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق لاس اینجلس میں اس سال آسکرز ایوارڈز کی میزبانی بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون کریں گی، برطانوی نژاد پاکستانی اداکار رض احمد بھی ایوارڈ پیش کریں گے۔

    لاس اینجلس کے ڈولی تھیٹر میں ایوارڈز تقریب 12 مارچ کو ہوگی، دیپیکا پڈوکون کے علاوہ دیگر پریزنٹرز میں برطانوی نژاد پاکستانی اداکار رض احمد، ڈوین جانسن، ایملی بلنٹ بھی شامل ہیں۔

    میزبانوں کی فہرست خاصی طویل ہے، مائیکل بی جارڈن، گلین کلوز، ٹرائے کوٹسور، جنیفر کونلے، سیموئل ایل جیکسن، ملیسا مک کارتھی، زوے سلڈانہ، ڈونی ین، جوناتھن میجرز اور کوئسٹ لو بھی میزبانی کے فرائض انجام دیں گے۔

    دیپیکا پڈوکون نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر آسکر ایوارڈز میں میزبان شخصیات کی فہرست بھی شیئر کی، دیپیکا کے شوہر رنویر سنگھ نے اس پر کمنٹ سیکشن میں تالیاں بجانے والی ایموجیز شیئر کیں۔

    واضح رہے کہ 95 ویں اکیڈمی ایوارڈز 12 مارچ کو لاس اینجلس کے ڈولی تھیٹر میں منعقد ہوں گے، آسکرز میں بھارت کے لیے یہ ایک خاص سال ہے، کیوں کہ اس بار نامزدگیوں کے لیے صرف ایک نہیں بلکہ تین فلمیں مقابلہ کر رہی ہیں۔

  • فلسطینی گاؤں سے متعلق اسرائیلی وزیر کے بیان نے عالمی برادری کو برہم کر دیا

    فلسطینی گاؤں سے متعلق اسرائیلی وزیر کے بیان نے عالمی برادری کو برہم کر دیا

    واشنگٹن: فلسطینی گاؤں سے متعلق شرپسند اسرائیلی وزیر بیزلیل سموٹریچ کے بیان نے جمعہ کو عالمی برادری نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطینی گاؤں سے متعلق اسرائیلی وزیر کے بیان پر عالمی برادری برہم ہو گئی، اقوام متحدہ، امریکا، فرانس، ترکی اور سعودی عرب سمیت دیگر مختلف ممالک بھی اسرائیل پر برس پڑے۔

    عالمی برادری نے اسرائیلی وزیر سے شرپسندانہ بیان واپس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے جنیوا میں انسانی حقوق کی کونسل کے سامنے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر کے بیانات کو ’’تشدد اور دشمنی پر اکسانے کا انتہا پسندانہ بیان‘‘ قرار دیا۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے کہا کہ ایسے بیانات سے امن کی کوششوں کو مزید نقصان پہنچے گا، انھوں نے مطالبہ کیا کہ وزیرِ اعظم نتن یاہو عوامی طور پر اسرائیلی وزیر کے بیان کو مسترد کر دیں۔

    سعودی دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اس قسم کے نسل پرستانہ اور غیر ذمہ دارانہ بیانات کو پوری قوت سے مسترد کیا جاتا ہے، عالمی برادی فلسطینی شہریوں کے خلاف جارحیت بند کرائے اور انھیں تحفظ فراہم کرے۔

    شرپسند وزیر کے بیان کے بعد اسرائیلی فوج کا فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر دھاوا، بچے کو ڈھال بنا لیا

    متحدہ عرب امارات، اردن، ترکی، کویت، قطر اور مصر نے بھی اسرائیلی وزیر خزانہ کے تبصرے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔ ترجمان فرانسیسی وزارت خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی وزیر کی حوارہ گاؤں کا وجود مٹانے کے مذموم بیانات اور دھمکیاں ناقابل قبول اور غیر ذمہ دارانہ ہیں۔

    بدھ کو اسرائیلی وزیر سموٹریچ نے صحافیوں کے سوال پر وضاحت کرتے ہوئے اپنی شرپسندانہ ذہنیت کا ایک بار مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا گیا ہے، میرا یقین ہے کہ یہ گاؤں ’دشمن‘ اور دہشت گردوں کی جنت بن چکا ہے۔

  • وزیر اعظم آزاد کشمیر کا ترک زلزلہ متاثرین کے لیے 48 کروڑ روپے کا عطیہ

    وزیر اعظم آزاد کشمیر کا ترک زلزلہ متاثرین کے لیے 48 کروڑ روپے کا عطیہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے ترک سفیر کو زلزلہ متاثرین کے لیے 48 کروڑ روپے کا امدادی چیک پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے ترکیہ کے سفارت خانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ترک سفیر کو زلزلہ متاثرین کے لیے 48 کروڑ روپے کا امدادی چیک پیش کیا۔

    حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے 47 کروڑ روپے ترک زلزلہ متاثرین کے لیے دیے گئے ہیں جبکہ 1 کروڑ روپے تنویر الیاس نے اپنی طرف سے عطیہ کیے۔

    تر ک سفیر نے وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ترک سفارت خانے میں شہدائے زلزلہ کے لیے دعا بھی کروائی گئی۔

    وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں، مشکل کی گھڑی میں کشمیری عوام اپنے ترک بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 2005 کے زلزلے میں ترکیہ نے فراخدلی سے کشمیری عوام کی مدد کی تھی، حالات بہت مشکل ہیں لیکن ترک قوم کا عزم مضبوط ہے۔

  • اشنا شاہ کے شوہر کا ولیمے سے قبل پیغام وائرل

    اشنا شاہ کے شوہر کا ولیمے سے قبل پیغام وائرل

    حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی اداکارہ اشنا شاہ کے شوہر حمزہ امین کا ولیمے سے قبل پیغام وائرل ہوگیا۔

    پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ اشنا شاہ گزشتہ دنوں گالفر حمزہ امین کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔

    اداکارہ نے تصاویر وائرل ہونے پر فوٹو گرافرز کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

    بعدازاں اشنا شاہ نے شادی کی تقریب کی تصاویر وائرل کرنے والے فوٹو گرافرز کو معاف کرتے ہوئے سوشل میڈیا سے عارضی طور پر کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    اداکارہ نے لکھا تھا کہ ’میں اپنی شادی شدہ زندگی کا سفر اس احساس کے ساتھ شروع نہیں کرسکتی کہ میری وجہ سے کسی کی بدنامی ہو، مجھے کوئی حق نہیں پہنچتا کہ میں اس طرح کسی کو آن لائن بے عزت کروں پھر چاہے انہوں نے مجھے کتنا ہی دکھ دیا ہو اس لیے میں فوٹو گرافر سے معافی مانگتی ہوں۔

    انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے بھی معافی مانگی اور کہا تھا کہ مجھے میرے شادی کے جوڑے کے انتخاب کے لئے معاف کر دیں اور اس چیز کے لئے بھی کہ میں نے اپنی چیز کو اپنے تک رکھنا چاہا۔

    ushna shah

    اداکارہ نے اپنے مداحوں کے پیار اور دعاؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سوشل میڈیا کو دو دھاری تلوار قرار دیا اور کہا تھا کہ ذہنی سکون کی خاطر اس سے کچھ عرصے کے لئے کنارہ کشی اختیار کررہی ہوں، اب کچھ وقت شوہر حمزہ امین اور اپنے سسرالیوں کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تاہم اداکارہ نے شوہر حمزہ امین نے سوشل میڈیا پر ولیمے سے قبل اشنا شاہ کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ’میری خوبصورت اہلیہ ولیمے کے لیے تیار ہیں۔

    یاد رہے کہ اداکارہ اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’حبس‘ میں ’عائشہ‘ کا مرکزی کردار نبھایا تھا جس کی دیگر کاسٹ میں فیروز خان، اسرا غزل، جاوید شیخ، دانیہ انور، جینیس ٹیسا، عمران اسلم، صبا فیصل ودیگر شامل تھے۔

  • یوٹیوب پر ویوز بڑھانے کا آسان طریقہ کیا؟ شاہ ویر نے بتادیا

    یوٹیوب پر ویوز بڑھانے کا آسان طریقہ کیا؟ شاہ ویر نے بتادیا

    پاکستانی مشہور یوٹیوبر شاہ ویر جعفری نے یوٹیوب پر ویوز بڑھانے کا آسان طریقہ بتادیا ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے شو ’دی فورتھ امپائر‘ میں پاکستانی مشہور یوٹیوبر شاہ ویر جعفری نے شرکت کی، اس دوران انہوں نے ایک سیگمنٹ میں ویوز بڑھانے کا آسان طریقہ بتایا۔

    شو کے ہوسٹ فہد مصطفیٰ نے شاہویر جعفری سے سوال کیا کہ یوٹیوب پر ویوز بڑھانے کا آسان طریقہ کیا ہے۔

    جس پر شاہ ویر نے کہا کہ یوٹیوب پر ویوز بڑھانے کا آسان طریقہ ہے کہ فیک لڑائی شروع کریں، فیک لڑائی سے ہمیشہ ویوز میں اضافہ ہوتا ہے۔

    اس دوران انہوں نے کہا کہ میں نے تو کبھی ویوز کے لیے کوئی فیک لڑائی نہیں کی، لیکن بہت سے لوگوں نے ایسا کیا ہے۔

  • کیا آپ استعفیٰ دینے جارہے ہیں؟ اسحاق ڈار صحافی کے سوال پر برہم

    کیا آپ استعفیٰ دینے جارہے ہیں؟ اسحاق ڈار صحافی کے سوال پر برہم

    اسلام آباد : وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے صحافی کی جانب سے استعفیٰ دینے کے سوال پر برہم ہوتے ہوئے کہا کہ کیا آپ کو میرے کام کرنے سے تکلیف ہے؟

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے میڈیا گفتگو میں صحافی نے سوال کیا آپ کیا کرنے جارہے ہیں؟ تو اسحاق ڈار نے جواب دیا چار بجکر 10 منٹ پر پریس کانفرنس کروں گا۔

    صحافی نے مزید سوالات کئے کہ موجودہ معاشی صورتحال پر حکومت کی کیا حکمت عملی ہے؟ کیا آپ استعفیٰ دینے جارہے ہیں؟

    وزیرخزانہ نے سوال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صحافی سے ہی سوال کرڈالا کہ کیا آپ کو میرے کام کرنے سے تکلیف ہے؟

    صحافی کا کہنا تھا کہ شبرزیدی نے کہا ہے کہ آپ آج استعفیٰ دینے جارہے ہیں؟ تو اسحاق ڈار نے کہا اس نے اس ملک کے ساتھ کیا کیاہے، اربوں روپے کے ری فنڈز دے دیئے اس کوجیل میں ہونا چاہیے۔

    وزیرخزانہ نے صحافی سے کہا کہ چار بج کردس منٹ پر تشریف لائیں پھر بات ہوگی۔

  • پاکستان بھی سستی روٹی فراہم کرنے والے 10 مسلم ممالک میں شامل

    پاکستان بھی سستی روٹی فراہم کرنے والے 10 مسلم ممالک میں شامل

    عالمی مہنگائی کی اس لہر میں دنیا میں سب سے سستی روٹی فراہم کرنے والے مسلم ممالک ہے اور دنیا میں سب سے مہنگی روٹی امریکا میں فروخت کی جاتی ہے۔

    "نمبیو” کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ دنیا میں ایک روٹی کی سب سے زیادہ قیمت کے لحاظ سے سرفہرست ہے جہاں 500 گرام کی تازہ روٹی کی قیمت 3.27 ڈالر میں فروخت کی جاتی ہے۔

    انڈیکس کے مطابق سوئٹزرلینڈ، آئس لینڈ، ناروے اور ڈنمارک میں مذکور بالا وزن کی روٹی کی قیمت 3.2 ڈالر اور 2.84 کے درمیان ہے۔

    تاہم اسی انڈیکس میں عرب ممالک روٹی کی قیمت کے لحاظ سے سب سے سستے ممالک کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

    عرب ممالک خطے کے زیادہ تر لوگوں کے لیے روزمرہ کی خوراک کو محفوظ بنانے پر بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں،  ریسرچ کرنے والی کمپنی "نمبیو” کے اعداد و شمار کے مطابق "تیونس” ایسا ممالک ہے جہاں دنیا میں سب سے سستی روٹی ملتی ہے۔

     تیونس میں 500 گرام وزن کی ایک روٹی کی قیمت 0.14 ڈالر ریکارڈ کی گئی، اس کے بعد الجزائر میں روٹی 0.16 ڈالر میں مل رہی ہے،  تیسرے نمبر پر لیبیا ہے جہاں روٹی 0.35 ڈالر میں فروخت ہوتی ہے۔

    چوتھے نمبرپر قازقستان، پانچویں نمبر پر ازبکستان ، چھٹے نمبر پر آذربائیجان، ساتویں نمبرپر پاکستان، آٹھویں نمبر پر مصر نویں نمبر پر مراکش اور ترکیہ سستی روٹی کے اعتبار سے دسویں نمبر پر براجمان ہے۔

    اس طرح دیکھا جا سکتا ہے کہ دنیا میں سستی ترین روٹی فراہم کرنے والے ٹاپ ٹین ممالک سب کے سب مسلمان ملک ہیں۔

    واضح رہے رینکنگ میں سب سے آگے موجود عرب ملکوں میں سے زیادہ تر اپنے بجٹ میں روٹی کی قیمتوں میں سبسڈی دیتے ہیں۔ اسی وجہ سے ان ملکوں میں روٹی کی قیمت عالمی اوسط سے کم ہے۔

  • چینی وزیرِ خارجہ کے بیان پر اسحاق ڈار کا ردِ عمل

    چینی وزیرِ خارجہ کے بیان پر اسحاق ڈار کا ردِ عمل

    چین کے دفترِ خارجہ کے بیان پر وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

    وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ چینی دفترِ خارجہ کا بیان دونوں ممالک کے درمیان گہری دوستی کی عکاسی کرتا ہے۔

    واضح رہے کہ چینی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ پاکستان کی مشکلات کا سبب کچھ ترقی یافتہ ممالک کی معاشی پالیسیاں ہیں، ترقی یافتہ ملک کی بنیاد پرست پالیسیاں پاکستان کی مالی مشکلات کاباعث ہیں۔

    ترجمان چینی وزارت خارجہ ماؤ ننگ نے کہا کہ امیر ممالک پاکستان کی مدد کریں، تمام فریق پاکستان کے معاشی، سماجی استحکام کیلئے تعمیری کردار ادا کریں۔

    انہوں نے کہا کہ مالیاتی ادارے، قرض دینے والے ممالک پاکستان کی معاشی صورتحال میں مددکریں، ترقی پذیر ممالک پر سب سے زیادہ قرضوں کا بوجھ مالیاتی اداروں کا ہے۔

  • ایمازون کے جنگل میں 31 روز لاپتہ رہنے والے شخص پر کیا گزری؟

    ایمازون کے جنگل میں 31 روز لاپتہ رہنے والے شخص پر کیا گزری؟

    دنیا کا گھنا ترین اور سب سے بڑا جنگل ایمازون جنگلی حیات کی سینکڑوں اقسام اور بے شمار اسرار اپنے اندر رکھتا ہے، یہاں کوئی کھو جائے تو اس کے لیے راستہ تلاش کرنا اور باہر نکلنا تقریباً ناممکن ہوجاتا ہے جبکہ اسے ڈھونڈنے والے بھی سرگرداں رہتے ہیں۔

    لیکن ایسے ہی خوش قسمت بولیوین شہری کو بالآخر تلاش کر لیا گیا جو ایمازون کے جنگلات میں 31 روز تک لاپتہ رہا۔

    30 سالہ جوناتھن دوستوں کے ہمراہ شمالی بولیویا کے ایمازون جنگلات میں شکار کے لیے گئے تھے جب وہ دوستوں سے جدا ہو کر جنگل میں لاپتہ ہو گئے۔

    اس کے بعد ان کے دوستوں نے مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے اپنے لاپتہ دوست کی تلاش کا کام شروع کیا اور بالآخر 31 روز کی مسلسل کوششوں کے بعد انہیں تلاش کر لیا گیا۔

    مقامی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے جوناتھن کا کہنا تھا کہ میں بیان بھی نہیں کر سکتا کہ ان 31 دنوں کے دوران زندہ رہنے کے لیے کتنے جتن کرنے پڑے، زندہ رہنے کے لیے اپنے جوتوں میں بارش کا پانی جمع کر کے پیتا تھا اور جنگل کے کیڑے کھانے پر مجبور ہو گیا تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ لاپتہ ہونے کے بعد میرے پاس شاٹ گن کا صرف ایک راؤنڈ بچا ہوا تھا، چوتھے روز میرا ٹخنہ اپنی جگہ سے ہل گیا تھا اور میں چلنے سے بھی ایک طرح سے لاچار ہو گیا تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ اس وقت مجھے زندگی کا خطرہ لاحق ہونے لگا اور میں بہت مایوس ہونے لگا، میں نے امید چھوڑ دی تھی کہ اتنے دنوں بعد بھی میری تلاش کے لیے کوئی کوشش کر رہا ہوگا۔

    انہوں نے بتایا کہ جنگل میں گزرے 31 دنوں کے دوران کئی بار چیتے سمیت دیگر خطرناک جنگلی جانوروں سے سامنا ہوا اور جنگلی سوؤروں کی ایک ٹولی سے بچنے کے لیے اپنے پاس بچنے والا آخری راؤنڈ بھی فائر کر دیا تھا۔

    31 روز جنگل میں لاپتہ رہنے کے بعد تلاش کرنے والے مقامی لوگوں کی ایک ٹیم نے گھنے جنگل میں 300 میٹر کے اندر انہیں تلاش کرلیا، وہ چیختے ہوئے تلاش کرنے والی ٹیم کی توجہ اپنی جانب مبذول کروانے کے ساتھ لنگڑاتے ہوئے ان کی جانب بڑھ رہے تھے۔

  • پی ایس ایل میں کرکٹ کا معیار بہت بلند ہے، تبریز شمسی

    پی ایس ایل میں کرکٹ کا معیار بہت بلند ہے، تبریز شمسی

    کراچی کنگز کے جنوبی افریقی کرکٹر تبریز شمسی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میں کرکٹ کا معیار بہت بلند ہے،ٹیمیں کافی مضبوط ہیں۔

    نجی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی کنگز کے کھلاڑی تبریز شمسی نے کہا کہ پاکستان میں اچھے کرکٹرز موجود ہیں، پاکستان نے ہمیشہ فاسٹ بولرز پیدا کیے،ان کی بولنگ کا معیار بھی یہاں نظر آتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم تاحال زیادہ میچز نہیں جیت سکے مگر کسی بھی ٹیم کی فتح میں کسی ایک پلیئر کا کردار نہیں ہوتا،اسی طرح شکست کا بھی کسی ایک کو الزام نہیں دیا جاسکتا۔

    کراچی کنگز کے جنوبی افریقی کرکٹر نے کہا کہ کراچی کنگز  اب تک نتائج اپنے حق میں نہیں کرسکے مگر ٹیم کے کئی کھلاڑی میچز جتوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    تبریز شمسی نے جوتا اٹھا کر جشن منانے کے دلچسپ وجہ بتادی

    پی ایس ایل 8 کے اپنے پہلے ہی میچ کا بہترین کھلاڑی قرار پانے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے کھیلوں کوشش یہی ہوتی ہے کہ بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے فتح میں اہم کردار ادا کروں۔

    ان کا کہنا تھا کہ 2021  میں ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے جنوبی افریقی ٹیم کے ساتھ پاکستان آیا تھا،کراچی میں طویل فارمیٹ کا میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا، اب پی ایس ایل کیلیے یہاں دوبارہ آیا تو تجربہ بڑا خوشگوار جارہا ہے۔