Tag:

  • آصف  زرداری کے خلاف متنازعہ بیان : شیخ رشید کے خلاف فردِ جرم کی تاریخ تبدیل

    آصف زرداری کے خلاف متنازعہ بیان : شیخ رشید کے خلاف فردِ جرم کی تاریخ تبدیل

    اسلام آباد : سابق صدر آصف علی زرداری کےخلاف متنازعہ کیس میں شیخ رشید کےخلاف فرد جرم عائد نہ ہوسکی، جوڈیشل مجسٹریٹ نے نئی تاریخ 21 مارچ مقرر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف متنازعہ بیان پر شیخ رشید پر درج مقدمے کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے کی۔

    سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے عدالت سے حاضری کےلئے استثنیٰ کی درخواست دائر کی، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ طبیعت ناسازی کی وجہ سے بیڈ ریسٹ پر ہوں، پیش نہیں ہو سکتا۔

    شیخ رشید نے طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کے ساتھ میڈیکل رپورٹ بھی منسلک کی۔

    عدالت نے سابق وزیرداخلہ کی طبی بنیادوں پرآج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورکرلی۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف متنازعہ کیس میں شیخ رشید کےخلاف فرد جرم عائد کرنے کی نئی تاریخ 21 مارچ مقرر کردی۔

  • آرنلڈ شوازینگر کی پہلی نیٹ فلکس سیریز کا ٹیزر جاری

    آرنلڈ شوازینگر کی پہلی نیٹ فلکس سیریز کا ٹیزر جاری

    نیٹ فلکس کے یوٹیوب چینل پر آرنلڈ شوازینگر کی او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر پہلی ریلیز کی جانے والی سیریز ’فوبار‘ کا ٹیزر جاری کیا گیا۔

    آرنلڈ شوازینگر نے ایک بیان میں اپنی نئی آنے والی ایکشن اور کامیڈی سیریز کے حوالے سے کہا میں جہاں بھی جاتا تھا لوگ مجھ سے ایک ہی سوال کرتے تھے، آپ ’ٹرو لائیز‘ جیسی ایکشن کامیڈی فلم کب بنا رہے ہیں؟۔

     انہوں نے ’فوبار‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے یہاں ہے فوبار، جو آپ کو صرف دو گھنٹے کے لیے نہیں ہنسائے گی بلکہ پورا سیزن آپ ہنستے ہوئے گزارے گے۔

    ایکشن اور مذاح سے بھرپور ڈرامہ سیریز فوبار ایک باپ اور بیٹی کی کہانی ہے جنہیں ریٹائرمنٹ کے وقت پتہ چلتا ہے کہ ان کا تعلق جھوٹ پر مبنی تھا اور وہ سینٹرل انٹیلیجنس ایجنسی (سی آئی اے) کے لیے کام کر رہے ہوتے ہیں۔

    فلم کی کہانی کی شروعات کچھ اس طرح سے ہوتی ہے کہ سی آئی اے ایجنٹس کی ریٹائرمنٹ کے قریب فیملی کے حوالے سے ایک راز افشا ہوتا ہے، جبکہ انہیں اپنی نوکری میں آخری کام سرانجام دینے پر مجبور کیا جاتا ہے۔

    فلم کے ٹریلر میں آرنلڈ شوازینگر کو سگار سلگاتے اور فائرنگ کرتے ایکشن میں دیکھا جا سکتا ہے، نیٹ فلکس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر شیئر کیے جانے والے ٹیزر میں بتایا گیا ہے کہ آرنلڈ واپس آ گئے ہیں، اور اپنی پہلی ٹی وی سیریز ’فوبار‘ میں جلوہ گر ہوں گے، جو 25 مئی کو ریلیز کی جائے گی۔

    آرنلڈ شوازینگر کی پہلی او ٹی ٹی سیریز کے حوالے سے ایگزیکٹو پروڈیوسر نے کہا کہ  یہ میرے کیریئر کا سب سے شاندار پراجیکٹ ہے، میں آرنلڈ کی فلمیں دیکھتا ہوا بڑا ہوا ہوں۔

  • ویڈیو: کراچی میں پولیس کے سامنے ڈکیت شہری کو لوٹ کر فرار

    ویڈیو: کراچی میں پولیس کے سامنے ڈکیت شہری کو لوٹ کر فرار

    کراچی: ڈیفنس جامی کمرشل میں ڈکیت پولیس موبائل کے سامنے ڈکیتی کرنےکے بعد فرار ہوگئے۔

    کراچی: شہر قائد میں ڈکیتی کی ایک اور واردات نے شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھا دیا ہے، صبح ہو یا رات ڈاکوؤں کا شہریوں کو لوٹنے کا سلسلہ روکنے کا نام نہیں لے رہا، تاہم آج ایک اور ڈکیتی کا واقعہ ڈیفنس جامی کمرشل میں پیش آیا۔

    ڈکیت پولیس کے سامنے شہری کو لوٹ کر فرار ہوگئے جس کی ویڈیو اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔

    ڈکیتی کے بعد پولیس اہلکار کی جانب سے مبینہ تلخ الفاظ بولنے پر شہری سے تکرا ہوئی ، ویڈیو میں شہری کو پولیس سے شکوہ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    شہری کا کہنا تھا کہ ڈکیت آئسکریم والے پاس کھڑے ہو کر انھیں لوٹ رہے تھے، جب انھوں نے پولیس والے اشاروں سے متوجہ کرنے کی کوشش کی تو اہل کاروں نے نظر انداز کر دیا۔

    شہری نے کہا کہ ڈکیتی کے دوران پولیس موبائل موجود تھی انہوں نےکچھ نہیں کیا، شہری نے کہا کہ ڈکیتی ہو رہی تھی ہم آپ کو بلاتے رہے لیکن آپ نہیں آئے۔

  • کراچی داتا نگر میں زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی ننھی  فریحہ کا قاتل گرفتار

    کراچی داتا نگر میں زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی ننھی فریحہ کا قاتل گرفتار

    کراچی: داتا نگر میں ننھی فریحہ کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے مرکزی ملزم گرفتارکرلیا گیا، ملزم نے اعتراف جرم کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پپری داتانگر میں ننھی فریحہ کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے مرکزی ملزم گرفتار کو کرلیا گیا۔

    ایس ایس پی ملیر حسن سردار نیازی نے بتایا کہ پولیس نے ملزم انتظار کو گرفتار کر لیا ہے، پولیس نے چوبیس گھنٹے مہلت مانگی تھی مگر اس سے پہلے ملزم گرفتار کر لیا ہے۔

    حسن سردار نیازی کا کہنا تھا کہ مرکزی ملزم کی مدد کرنے والا آلہ رکھا نامی شخص کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

    ملزم بچی کو جھانسا دے کر لے گیا، بچی کے ساتھ زیادتی کی جس کے بعد گلا دبا کر قتل کر دیا اور بچی کی لاش پانی کے نالے میں ملزمان نے پھینکی۔

    بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے واقعے میں ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا ، گرفتار ملزمان نے پولیس تحویل میں بیان دے دیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم انتظار اور ساتھی اللہ رکھا نے بچی سےزیادتی ،قتل کا اعتراف کیا۔

    اس سے قبل کراچی کے علاقے پپری داتانگر میں بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کا واقعے پر بچی کے والد محمداعظم خان نے الزام لگایا کہ میری بیٹی کو پڑوسی انتظار نے قتل کیا، ملزم پہلے دن سے لاپتہ ہے، اسے لوگوں نےلاش لے جاتے دیکھا تھا، ملزم سےلوگوں نے پوچھا تھا بورے میں کیا ہےتواس نے کہا موٹر سائیکل کا انجن ہے۔

    جناح اسپتال میں بچی کے چچا بہرام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میری بھیتجی 3روز پہلے گھرکےباہر کھیلتے ہوئے لاپتہ ہوئی بچی کی لاش بوری میں بندتھی،پیررسی سے بندھے تھے۔

    چچا کا کہنا تھا کہ ملزمان نے بچی کوتشدد کا نشانہ بنایا ،زیادتی کی ، 6سالہ بچی پہلی جماعت کی طالبہ اور داتا نگر کی رہائشی تھی۔
    بورےمیں بندبچی کی لاش پانی کےنالےسےبرآمدکی گئی تھی ، پولیس تا حال مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام ہیں۔

    بچی کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی تاہم بچی کےقتل کامقدمہ بھی تاحال درج نہ ہوسکا۔

    بچی کے رشتے داروں کا کہنا تھا کہ وہ ستائیس تاریخ کی صبح پڑوس کی دکان سے چیزلینے گئی تھی، دس منٹ میں واپس نہیں آئی توباہرنکل کرتلاش کیا کہیں نہیں ملی، لاوڈاسپکیرلیکر تین دن تک علاقے میں ڈھونڈتے رہے، حکومت سے اپیل کرتے ہیں جن درندوں نے یہ ظلم کیا ہے انہیں پھانسی دی جائے۔

  • جرمن قونصل جنرل پگ اور بلوچی لباس میں

    جرمن قونصل جنرل پگ اور بلوچی لباس میں

    کراچی: جرمن قونصل جنرل نے بلوچ کلچر ڈے کے موقع پر بلوچی پگ اور بلوچی لباس زیب تن کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز نے بلوچ ثقافتی دن کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے، انھوں نے کہا کہ جدید دنیا میں ثقافتی تبادلے اور مکالمے بین الاقوامی تعلقات کے لازمی اجزا ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ثقافتی تبادلہ جرمنی میں زندگی کا ایک اہم حصہ ہے، ہم لوگوں کو مثبت سرگرمیوں سے روشناس کرانا چاہتے ہیں۔

    جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز کو جرمن پرچم کے رنگوں سے مزین بلوچی پگ پہنائی گئی تھی۔

    ادھر امریکی قونصلیٹ میں بھی بلوچ ثقافت کے رنگ بکھر گئے، بلوچ ثقافت کے دن کے موقع پر امریکی قونصل خانے کے اہل کاروں نے مبارک باد پیش کی۔

  • شہزادہ ہیری کو گھر خالی کرنے کا کہہ دیا گیا

    شہزادہ ہیری کو گھر خالی کرنے کا کہہ دیا گیا

    لندن: شہزادہ ہیری کو فروگمور میں واقع شاہی گھر خالی کرنے کا کہہ دیا گیا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل سے ونڈسر کاسل میں واقع گھر خالی کرنے کی درخواست کی گئی ہے، ان سے کہا گیا ہے کہ شاہی پراپرٹی فروگمور کاٹیج خالی کر دیں۔

    رپورٹس کے مطابق رواں سال مئی میں شہزادہ چارلس کی تاج پوشی کے بعد جوڑے کو فروگمور کاٹیج خالی کرنا ہوگا، کنگ چارلس ہیری کی انتہائی متنازع اور الزامات سے بھری کتاب سامنے آنے پر ناراض ہیں۔

    ہیری اور میگھن نے 2018 میں دس بیڈرومز کے اس کاٹیج کی 2.4 ملین پاؤنڈ کی لاگت سے تزئین و آرائش کی تھی۔

    فروگمور کاٹیج ملکہ الزبتھ نے اس جوڑے کو تحفے میں دیا تھا، اور گزشتہ سال جوڑے اپنی بیٹی کی پہلی سالگرہ کا دن اسی فروگمور کاٹیج میں گزارا تھا۔

    2020 میں یہ جوڑا شاہی خاندان کے ورکنگ ممبرز کے طور پر اپنا کردار چھوڑ کر کیلیفورنیا منتقل ہو گیا تھا۔

  • جو بجلی کے  بل نہیں دیتے وہ تو آج بھی مسکرا رہے ہیں، چیئرمین نیپرا

    جو بجلی کے بل نہیں دیتے وہ تو آج بھی مسکرا رہے ہیں، چیئرمین نیپرا

    اسلام آباد : بجلی کا بل ادا کرنے والوں پر مزید بوجھ ڈالنے کی تیاری کرلی گئی، جس پر چیئرمین نیپرا نے کہا کہ جو بجلی کے بل نہیں دیتے وہ تو آج بھی مسکرا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بجلی صارفین پر تین روپے انتالیس پیسے اضافی سرچارج لگانے کی حکومتی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    چیئرمین نیپرا نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو بیچارے بل ادا کرتے ہیں انہوں نے تین روپے انتالیس پیسے کا سرچارج دینا ہے اور جو بل نہیں دیتے وہ تو آج بھی مسکرا رہے ہیں۔

    چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ کمپنیوں نے جو کام کرنے تھے وہ نہیں کئے تو اب عوام پر ہی سرچارج لگا رہے ہیں۔

    نیپرا نے اضافی سرچارج کی منظوری قانونی رائے سے مشروط کر دی، چیئرمین نیپرا نے کہا کہ پاور ڈویژن پہلے اس پر قانونی رائے دے پھر منظوری کا فیصلہ ہوگا، جس پر پاورڈویژن حکام کا کہنا تھا کہ سرچارج کے نفاذ سے متعلق قانونی سوالات کا جواب پوچھ کر بتادیں گے۔

    چیئرمین نیپرا نے مزید کہا کہ اگر نیپرا اس طرح ریکوری کی اجازت دے تو باقی طریقہ کار تو ختم ہوجائیں گے، نیپرا کے پاس سرچارج کی منظوری یا نامنظور کرنے کی پاور ہی نہیں؟ ہمیں سرچارج کے نفاذ پر حکومت کی لیگل پوزیشن درکار ہے، یہ طاقت حکومت کے پاس ہے تو باہر نکل کر ذمہ داری نیپرا پر نہ ڈالی جائے۔

    ممبر نیپرا کا کہنا تھا کہ پاور ڈویژن کی نااہلی تو وہیں ہے مسئلہ ہر سال بڑھتا جائے گا، انڈسٹری کا ٹیرف بتیس روپے فی یونٹ تک پہنچ جائے گا اور اگر انڈسٹری متبادل آپشن پر چلی جائے تو پھر ریکوری کیسے ہوگی۔

    نیپرا کے مطابق بجلی صارفین پر پہلے ہی تینتالیس پیسے فی یونٹ سرچارج عائد ہے ، اب حکومت اس سرچارج کو تین روپے بیاسی پیسے فی یونٹ تک لے جانا چاہتی ہے۔

  • ویڈیو: نجی کمپنی کی بس کا بریک فیل ہو گیا، سڑک پر تباہی پھیل گئی

    ویڈیو: نجی کمپنی کی بس کا بریک فیل ہو گیا، سڑک پر تباہی پھیل گئی

    کراچی: جوہرموڑ کے قریب نجی ٹیکسٹائل کمپنی کی بس کا بریک فیل ہونے سے تیز رفتار بس 15 گاڑیوں سے ٹکرا گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ واقعہ کراچی کے علاقے جوہر موڑ کے قریب پیش آیا ہے، جہاں ایک نجی ٹیکسٹائل کمپنی کی بس کا بریک فیل ہونے سے گاڑی 15 سے زائد گاڑیوں سے ٹکرا گئی۔

    ذرائع کے مطابق پولیس، ٹریفک پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

  • کراچی ضلع شرقی کے ایک یو سی میں ری کاؤنٹنگ، جماعت اسلامی سے سیٹ چھن گئی

    کراچی ضلع شرقی کے ایک یو سی میں ری کاؤنٹنگ، جماعت اسلامی سے سیٹ چھن گئی

    کراچی: شہر قائد میں ضلع شرقی کے ایک یو سی میں ری کاؤنٹنگ کے بعد سیٹ جماعت اسلامی سے چھن گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ضلع شرقی میں یو سی 6 پر چیئرمین اور وائس چیئرمین کی سیٹ پر ری کاؤنٹنگ کرائی گئی، جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین احمد خان اور وائس چیئرمین عبدالحق کا پینل کامیاب ہو گیا۔

    پیپلز پارٹی کے پینل نے 2096 ووٹ حاصل کیے، جب کہ جماعت اسلامی کا پینل 1843 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہا۔

    ریٹرننگ آفیسر نے ری کاؤنٹنگ کے بعد فارم 14 جاری کر دیا، پاکستان پیپلز پارٹی نے اس نشست پر الیکشن کمیشن سے ری کاؤنٹنگ کی درخواست کی تھی۔

  • عالیہ علی کی سادگی مداحوں کو بھا گئی

    عالیہ علی کی سادگی مداحوں کو بھا گئی

    شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عالیہ علی کی مشرقی لباس میں ملبوس تصاویر مداحوں کو بھا گئیں۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’من آنگن‘ میں ’اریبہ‘ کا کردار نبھانے والی اداکارہ عالیہ علی نے انسٹاگرام پر نئی تصاویر شیئر کیں جس میں انہیں خوشگوار موڈ میں دیکھا جاسکتا ہے۔

    اداکارہ نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں ڈرامے کے کردار کا نام ’اریبہ‘ لکھا۔

    عالیہ علی نے چند گھنٹوں قبل یہ تصاویر شیئر کیں جسے مداحوں کی جانب سے سراہا جارہا ہے کہ اور اس پر تعریفی کمنٹس بھی کیے جارہے ہیں۔

    اداکارہ سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتی ہیں اور اکثر اپنی تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں جسے ان کے مداحوں کی جانب سے بھی پسند کیا جاتا ہے۔

    عالیہ علی نے حال ہی میں ڈرامہ سیریل ’تقدیر‘ میں ’ماہین‘ کا منفی کردار نبھایا تھا، دیگر کاسٹ میں سمیع خان، علیزے شاہ، خالد انعم، عینی زیدی، عاصم محمود، آمنہ ملک، حمزہ، عادل حسین، زین افضل، مریم نور، حنا رضوی ودیگر شامل تھے۔

    واضح رہے کہ عالیہ علی ان دنوں ڈرامہ سیریل ’من آنگن‘ میں ’اریبہ‘کا کردار نبھا رہی ہیں۔ ڈرامے کی ہدایت کاری کے فرائض ہشام سید اور سلمان سرہندی نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی نادیہ احمد نے لکھی ہے۔