Tag:

  • طالب علم کو زخمی کرنے والے نیشنل کالج کے سیکیورٹی گارڈ کا سنسنی خیز انکشاف

    کراچی: طالب علم کو زخمی کرنے والے نیشنل کالج کے سیکیورٹی گارڈ نے سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’مجھ جیسے ہزاروں گارڈز ہیں جنھیں کبھی تربیت نہیں دی گئی۔‘‘

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے گورنمنٹ نیشنل کالج کے سیکیورٹی گارڈ سجاد سے اچانک رائفل چلنے سے طالب علم ابوذر کا جسم چھلنی ہو گیا تھا۔ آج سیکیورٹی نے ایسا بیان دیا ہے جس سے یہ تشویش ناک سوال سامنے آ گیا ہے کہ کیا اپنی حفاظت کے لیے سیکیورٹی گارڈ رکھنے والے شہری محفوظ ہیں؟

    گرفتار سیکیورٹی گارڈ سجاد نے پولیس کو دیے بیان میں انکشاف کیا کہ اس سے غفلت ضرور ہوئی ہے لیکن اصل میں یہ غفلت سپروائزر سے ہوئی ہے، سجاد نے بتایا ’’مجھ جیسے ہزاروں گارڈز ہیں جنھیں کبھی تربیت نہیں دی گئی۔‘‘

    سیکیورٹی گارڈ نے کہا ’’ہمیں نہ کبھی ٹریننگ دی گئی، نہ ہی اسلحے کے بارے میں بتایا گیا۔‘‘

    سرکاری کالج کے سیکیورٹی گارڈ سے رائفل چل گئی، طالب علم کا جسم چھلنی ہو گیا

    گارڈ سجاد نے مزید کہا ’’میرے ساتھ زندگی میں پہلی بار ایسا ہوا، میں نے جیسے ہی چیمبر کھینچا فائر ہو گیا، میں کالج کے باہر مسجد کے قریب بیٹھا ہوا تھا، رائفل اچانک چل جانے سے چھرے طالب علم کے بازو اور جسم پر جا لگے۔‘‘

    سیکیورٹی گارڈ کے اس بیان سے یہ تشویش ناک سوال ابھرا ہے کہ جو شہری اپنی حفاظت کے لیے سیکیورٹی گارڈ رکھتے ہیں، کیا وہ خود اپنے ہی سیکیورٹی گارڈ کے ہاتھوں محفوظ بھی ہیں؟ کیوں کہ سجاد کے بیان کے مطابق شہر میں ایسے ہزاروں سیکیورٹی گارڈ ہیں جنھیں رائفل سنبھالنے کی بھی تربیت نہیں دی گئی ہے۔

    یہ پریشان کن سوال بھی سامنے آیا ہے کہ کیا سیکیورٹی گارڈز فراہم کرنے والے ادارے لوگوں کو نوکریوں پر رکھتے وقت کسی ضابطہ کار پر عمل نہیں کرتے، اور کیا وہ لوگوں کو نوکری پر رکھتے ہی انھیں بغیر تربیت بھی رائفل ہاتھوں میں تھما دیتے ہیں؟

  • ’اب ایشیا میں ایک نیا امتحان ہے‘رونالڈو کا سعودی میں والہانہ استقبال

    ریاض: سعودی عرب میں منگل کو پرتگال کے سپر اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کا شاندار استقبال کیا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض کے مرسول پارک اسٹیڈیم میں رونالڈو کے مقامی فٹ بال کلب ‘النصر’ کے ساتھ معاہدے کی تقریب منعقد ہوئی۔

    اس معاہدے کے بعد رونالڈو نے ‘النصر’ کلب کی طرف سے پریکٹس میچ کھیلا جسے دیکھنے کے لیے لگ بھگ 25 ہزار شائقین اسٹیڈیم میں موجود تھے۔

    لیجنڈ فٹبالرکرسٹیانو رونالڈو نے تقریب کے بعد پہلی پریس کانفرنس کی جہاں ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں قدم رکھتے ہی خودکو بڑا پُر جوش محسوس کیا، امید ہے بدھ سے النصر کے ساتھ کھیلنے کے لیے تیار ہوں۔

    رونالڈو نے کہا کہ سعودی پروفیشنل فٹبال لیگ  اعلیٰ معیار رکھتی ہے، چیلنج قبول کرنے کیلئے تیار ہوں۔

    کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا تھا کہ النصر کے ساتھ میرا معاہدہ منفرد ہے، میں بھی منفرد کھلاڑی ہوں، اس لیے یہ میرے لیے معمولی ہے۔

    رونالڈو نے کہا کہ یورپ اور شمالی امریکا سے متعدد پیشکشوں کو رد کیا، یورپ میں تمام ریکارڈ توڑ دیے وہاں میرا کام مکمل ہوگیا ہے، اب سعودی پرفیشنل لیگ میں بھی  چند ریکارڈ توڑنا چاہتا ہوں۔

    انکا کہنا تھا کہ میری فیملی نے ایشیا کا رخ کرنےکےفیصلےمیں  میرا ساتھ دیا،  سعودی عرب میں کھیل کرجیتنے اور یہاں کی  ثقافت کا حصہ بننے آیا ہوں۔

    رونالڈو نے کہا کہ میں ہر  چیزجیت چکا،میں یورپ کے بہترین کلب سے کھیل چکا اب ایشیا میں ایک نیا امتحان ہے۔

    واضح رہے کہ رونالڈو کا ‘النصر’ کلب کے ساتھ یہ معاہدہ تقریباً 21 کروڑ ڈالر سے زائد کا ہے، جس کے تحت وہ ڈھائی برس تک کلب کی نمائندگی کریں گے۔

  • خروج عودہ کی تاریخ کے آخری دن سعودی عرب میں داخل ہوا جا سکتا ہے؟

    ریاض: ایک شخص نے استفسار کیا ہے کہ سعودی عرب واپسی کی فلائٹ 25 جنوری ہے اور اسی دن خروج وعودہ کی بھی آخری تاریخ ہے، کیا اسی دن مملکت آ سکتا ہوں یا نہیں؟

    سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ خروج وعودہ کی تاریخ کے آخری دن بھی مملکت میں داخل ہوا جا سکتا ہے، تاہم اس امر کا خیال رکھا جائے کہ ایکسپائر ایگزٹ ری انٹری پر امیگریشن نہیں کی جا سکتی۔

    خروج وعودہ پر جانے والوں کو اس امر کا بھی خیال رکھنا چاہیے کہ مملکت کے سرکاری اداروں میں قمری مہینے کے کیلنڈر کا رواج ہے، جس کی تاریخیں مختلف ہوتی ہیں۔

    خروج وعودہ جاری کرانے پر حتمی واپسی کی تاریخ دی جاتی ہے، جس کے ختم ہونے سے قبل واپسی لازمی ہوتی ہے، ایگزٹ ری انٹری ایکسپائر ہونے کی صورت میں اس کی مدت میں توسیع کرانا ہوتی ہے۔

    ملازمہ نے خلیجی کفیلہ کو چھت سے گرانے کی کوشش میں زخمی کر دیا

    واضح رہے کہ سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن جوازات کے قانون کے مطابق خروج وعودہ پر جانے والوں کے لیے لازمی ہے کہ وہ مقررہ وقت پر لوٹیں، اگر وہ مقررہ وقت پر واپس نہیں آتے، تو اس صورت میں ان پر 3 برس کے لیے مملکت آنے پرپابندی عائد کر دی جاتی ہے۔ جن افراد پر پابندی لگ جاتی ہے وہ ممنوعہ مدت کے دوران کسی بھی دوسرے ویزے پر مملکت نہیں آ سکتے۔

  • 2 ماہ کے لیے سستے ایئر ٹکٹس کا اعلان

    2 ماہ کے لیے سستے ایئر ٹکٹس کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں 15 جنوری سے 15 مارچ 2023 کے دوران سستے فضائی ٹکٹوں کی پیشکش کا اعلان کردیا گیا۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں قومی فضائی کمپنیوں اور ٹریولنگ ایجنسیوں نے 15 جنوری سے 15 مارچ 2023 کے دوران سستے ٹکٹوں کی پیشکش کی ہے۔

    ان تاریخوں کے دوران بین الاقوامی پروازوں کے ٹکٹ 1100 درہم تک میں دستیاب ہوں گے، ٹکٹس کی بکنگ شروع کردی گئی ہے جبکہ سفر 15 جنوری سے 15 مارچ کے دوران کیا جاسکے گا۔

    ٹریولنگ ایجنسیوں کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ پیشکش معروف سیاحتی مقامات پر تعطیلات گزارنے والوں کے لیے ہے اور سیاحت کی حوصلہ افزائی کے لیے کی جارہی ہے۔

    ٹریولنگ ایجنسیوں کے مطابق ان دنوں فضائی ٹکٹوں کے نرخوں میں کمی معمول کے مطابق ہے، دسمبر 2022 کے دوران ٹکٹ مہنگے تھے، جو لوگ اس پیشکش سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں وہ جلد بکنگ کروا لیں۔

    فضائی کمپنیاں جن ملکوں اور شہروں کے لیے سستے ٹکٹ جاری کر رہی ہیں ان میں دو سعودی شہر جدہ اور دمام شامل ہیں، مصری دارالحکومت قاہرہ، اردن کا عمان، مالدیپ، آسٹریا اور ماریشس وغیرہ کے لیے بھی سستے ٹکٹ دستیاب ہیں۔

  • ملازمہ نے خلیجی کفیلہ کو چھت سے گرانے کی کوشش میں زخمی کر دیا

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں ایک افریقی ملازمہ نے نوکری سے نکالے جانے پر خلیجی کفیلہ کو چھت سے گرانے کی کوشش میں زخمی کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی میں ایک افریقی ملازمہ خود کو نوکری سے نکالے جانے کا صدمہ برداشت نہ کر سکی، اور برہم ہو کر کفیلہ کو چھت سے گرانے کی کوشش میں انھیں زخمی کر دیا۔

    خلیج ٹائمز کے مطابق پولیس نے 32 سالہ افریقی ملازمہ کو گرفتار کر کے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا، بعد ازاں فوجداری عدالت نے اسے ایک ماہ قید اور بے دخلی کی سزا سنا دی۔

    کفیلہ نے خراب کارکردگی پر افریقی ملازمہ کو انتباہ دیا تھا کہ اسے ریکروٹنگ ایجنسی کو واپس کر دیا جائے گا، افریقی ملازمہ نے ملازمت جانے پر کفیلہ پر حملہ کر دیا اور انھیں گھر کی بالائی منزل سے گرانے کی کوشش کی۔

    رپورٹ کے مطابق کفیلہ نے بہ مشکل خود کو بچایا اور افریقی ملازمہ کے خلاف پولیس میں رپورٹ درج کرا دی، افریقی ملازمہ نے لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کر دیا تھا، تاہم میڈیکل رپورٹ آنے پر الزامات ثابت ہو گئے۔

    کفیلہ نے بتایا ’جب ملازمہ کو نوکری سے نکالنے کا فیصلہ سنایا تو اس نے چیخنا چلانا شروع کر دیا، جب میں نے بالائی منزل جانے کی کوشش کی جہاں میرے بچے کھیل رہے تھے، تو ملازمہ نے مجھے پکڑ کر گرانے کی کوشش کی، اور خود کو بچانے کی کوشش میں میرے دونوں بازو زخمی ہوگئے۔‘

  • کراچی میں سرد ہوائیں ،  محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

    کراچی میں سرد ہوائیں ، محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

    کراچی : محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں کراچی میں سردی میں مزید اضافے کی پیشگوئی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں رات سے سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے ، شمال مشرقی سمت سے چلنے والی ہواؤں کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں کراچی میں سردی میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

    شہر کا موجودہ درجہ حرارت11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور 12 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سےہوا چل رہی ہے۔

    محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں دن میں درجہ حرارت 25 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈتک رہے گا اور ہوا 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی۔

    دوسری جانب ملک کے مختلف حصوں میں موسم خشک اورسرد رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر،کے پی کے اور بلوچستان کے بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد رہنے کی توقع ہے جبکہ اسلام آباد، لاہور، پشاور میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔

  • سرفراز احمد نے رمیز ابراہیم کے لیے آواز بلند کردی

    قومی ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد نے باڈی بلڈر رمیز ابراہیم کے لیے آواز اٹھا دی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد نے لکھا کہ ’پاکستان کے باڈی بلڈر اسٹار رمیز ابراہیم نے گزشتہ ہفتے تھائی لینڈ میں بھارت کو بھی ہرا تین ورلڈ ٹائٹل جیتے ہیں۔

    انہوں نے لکھا کہ ’رمیز ابراہیم کے لیے کسی بھی عہدیداریا حکومتی کی طرف سے کوئی تعریف نہیں کی گئی۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ ’انہوں نے اپنے سفری اخراجات خود برداشت کیے اور قرض لیا اور انہیں قرض واپس کرنا ہے ہمیں ان کی مدد کریں ان کی کامیابی کو سراہیں اور قومی ہیروز کا احترام کریں۔

  • جب کراچی کی دیواریں کسی ”ظِلُّ اللہ“ کو پکارتی نظر آئیں!

    پاکستان کی سیاسی تاریخ میں اسکندر مرزا کے دور میں ایک سنسنی خیز اور ڈرامائی باب اُس وقت رقم ہوا تھا، جب اپنے سیاسی مستقبل کی خاطر ان کا بنایا گیا منصوبہ ناکام ہوگیا۔

    قیامِ پاکستان کے بعد اسکندر مرزا متحدہ مملکت میں مختلف اعلیٰ عہدوں اور منصب پر فائز رہے اور 1956ء کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر کے منصب پر فائز ہوئے۔ انھوں نے سیاسی بحران کی آڑ لے ملک کو پہلے مارشل لا کی طرف دھکیلا اور 1958ء میں چیف مارشل لا ایڈمنسٹریڑ فیلڈ مارشل ایوب خان نے اسکندر مرزا کو برطرف کر کے جلا وطن کردیا۔ اسکندر مرزا کبھی وطن واپس نہ آسکے اور لندن میں عمر تمام کی۔

    کہتے ہیں اپنے دور میں اسکندر مرزا خود کو اس قدر مضبوط کر چکے تھے کہ سیاست داں، نواب اور عمائدین سمیت بڑے لوگ ان کی نظرِ کرم کے خواہاں‌ رہتے، لیکن پھر حالات بدلے اور وہ اپنے ہی جال میں پھنس گئے۔

    یہاں‌ ہم مولوی محمد سعید کی خود نوشت آہنگِ بازگشت سے ایک پارہ نقل کر رہے ہیں جس سے اسکندر مرزا کے ہوسِ اقتدار اور اس وقت کے سیاسی حالات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ وہ لکھتے ہیں:

    "مشرقی بازو کے سیاست دان یہ چاہنے لگے تھے کہ مغرب کو ایک وحدت میں سمونے کے بہ جائے کیوں نہ پورا ملک وحدانی طرزِ حکومت کے تحت کر دیا جائے۔”

    "الطاف نے ”تصورِ عظیم“ کے عنوان سے ایک مقالہ لکھا۔ جو طائفہ اب تک وفاقی طرز کا داعی تھا، وہ مغرب کو وحدت میں ڈھلتے دیکھ کے اس سے بدکنے لگا حتیٰ کہ ون یونٹ کے مؤیَّد جناب حسین سہروردی بھی اس کے مخالف ہو گئے۔ چوہدری محمد علی بہرکیف ایک دستور بنانے میں کام یاب ہوگئے۔”

    "چوہدری صاحب کا یہ کارنامہ واقعی قابلِ داد تھا کہ جس جنس کی تلاش میں قوم 10 برس سے نکلی ہوئی تھی، وہ ان کے عہد میں دست یاب ہوگئی، لیکن قوم کے سر سے شامتِ اعمال ابھی ٹلی نہیں تھی۔ اس کاروانِ بے موسیٰ کو ابھی کچھ اور ویرانوں میں بھٹکنا تھا۔ 1956ء کا دستور ایک کشتی میں سجا کے اسکندر مرزا کے محل تک لے جایا گیا۔ انھوں نے دستخط تو اس پر کر دیے اور اس کے تحت اسلامی جمہوریہ پاکستان کی صدارت کا تاج اپنے فرقِ فرخ جمال پر سجا بھی لیا، لیکن ان کی نیت کچھ اور تھی۔ اعمال اگر نیتوں ہی کی ایک جھلک ہوتے ہیں، تو کراچی کے در و بام سے وہ نیتیں عیاں تھیں۔ رات کے سناٹوں میں اس شہر کی دیواریں پکار اٹھیں کہ اسکندر مرزا کو بادشاہ بنایا جائے۔”

    "یہ اشتہار اس کثرت سے دیواروں کی زینت بنے کہ فلمی ستاروں، مہ پاروں، شمشیر زنوں اور تاج داروں سے جو جگہ بچ گئی، وہ اسکندر مرزا کے نقیبوں نے اپنے شاہ کی آمد کے اعلان کے لیے وقف کر لی۔ صبح تک جگہ جگہ پوسٹر چسپاں ہوگئے اور یوں دکھائی دینے لگا کہ جیسے کراچی کی ہر دیوار کسی ”ظِلُّ اللہ“ کی منتظر ہے۔”

  • اقصیٰ آفریدی کی مایوں کی تقریب، ویڈیو اور تصاویر دیکھیں

    قومی ٹیم کے سابق کپتان اور عبوری چیف سلیکٹر شاہد آفریدی کی بڑی صاحبزادی اقصیٰ آفریدی کی مایوں کی تقریب کی ویڈیو اور تصاویر وائرل ہوگئیں۔

    اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی بڑی بیٹی اقصیٰ آفریدی اور نصیر ناصر خان 30 دسمبر کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، نکاح کی تقریب میں فاسٹ بولر شاہین آفریدی سمیت دیگر عزیز و اقارب نے شرکت کی۔

    اقصیٰ آفریدی اور نصیر ناصر خان کے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے پر ساتھی کرکٹرز اور مداحوں کی جانب سے شاہد آفریدی کو مبارک باد دی گئیں۔

    شاہد آفریدی کی بڑی صاحبزادی کا حق مہر، مہر فاطمی ’ایک سو اکتیس تولہ چاندی جس کی قیمت دو لاکھ 60 ہزار 952 روپے رکھا گیا ہے۔‘

    اقصیٰ آفریدی کے شادی کی تقریبات کا آغاز جمعے کی شب رسم حنا سے ہوا تھا، یہ تقریب گھر میں منعقد کی گئی تھی۔ جوڑے کی شادی کا ڈیجیٹل کارڈ سوشل میڈیا ہر وائرل ہوگیا تھا، اس کارڈ کو ایونٹ پلینر نے شیئر کیا تھا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Gathering Events (@gathering.pk)

    تاہم اب ان کی مایوں کی تصاویر اور ویڈیو سامنے آئی ہیں جس میں کا سیٹ اپ شاہد آفریدی کے گھر پر ہی کیا گیا تھا، مایوں کی تھیم چھتریوں اور گیندے کے پھولوں سے سجی تھی۔

    مایوں کی ویڈیو میں شاہد آفریدی، شاہین شاہ آفریدی سمیت دلہے نصیر ناصر خان کو دیکھا جاسکتا ہے۔

    واضح رہے کہ شاہد آفریدی کی دوسری بیٹی انشا آفریدی، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سے منسوب ہیں جن کا نکاح آئندہ ماہ فروری میں ہوگا۔

     

  • ’عمران خان کو سیاست کا علم نہیں مگر بات معیشت کی کرتے ہیں‘

    ’عمران خان کو سیاست کا علم نہیں مگر بات معیشت کی کرتے ہیں‘

    کراچی: وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کو سیاست کا کچھ علم نہیں ہے مگر بات وہ سیاست کی کرتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ معیشت پر ماہرین کو بات کرنے دیں آپ جھوٹ بولنے میں ماہر ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ انہیں الیکشن کی جلدی اس لیے ہے کہ اپنے خلاف کرپشن کیسز کھلنے سے خائف ہے، عمران خان توشہ خانہ کے تحائف میں کرپشن الزامات کا کوئی جواب نہیں دے پارہے ہیں۔

    حکومت الیکشن قوانین میں اصلاحات، معیشت بحال کرکے انتخابات کروائے گی

    ناصر شاہ نے کہا کہ حکومت الیکشن قوانین میں اصلاحات، معیشت بحال کرکے انتخابات کروائے گی۔

    وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ عمران حکومت کو جو سپورٹ تھی اگر اہلیت ہوتی تو ملک آج اس حال میں نہ ہوتا، جب عمران خان کو اقتدار ملا تو سیاسی مخالفین کو جیلوں میں بند کرنے میں انہوں نے وقت گزارا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی مخلوط حخومت نے آٹھ ماہ میں مہنگائی کو گیارہ سے چوبیس فیصد پر پہنچا دیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے وائٹ پیپر جاری کردیا ترسیلات زر نو اشاریہ چھ فیصد، برآمدات دو فیصد اور بیرونی سرمایہ کاری اکیاون اعشاریہ چار فیصد کم ہوئیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی گیارہ اعشار پانچ فیصد سے بڑھ کر تیئیس اعشاریہ آٹھ فیصد پر چلی گئی۔۔ ایکس چینج ریٹ ایک سو اٹھتر روپے انیس  پیسے سے بڑھ کر دو سو چھبیس روپے سینتیس  پیسے  ہو گیا۔۔جولائی سے نومبر دو ہزار بائیس میں ایف بی آر نے 15.9 فیصد  کا اضافی ٹیکس جمع کیا  مگر نان ٹیکس ریونیو  تیئیس اعشار چار فیصد کم ہوا۔

    ان کا کہنا تھا کہ  پی ایس ڈی پی چار سو باون ارب سے کم کر کے اٹھانوے ارب روپے کا کر دیا گیا جبکہ مالی خسارہ پانچ سو ستاسی ارب سے بڑھ کر بارہ سو چھیاسٹھ ارب روپے پر پہنچ گیا۔