Tag:

  • آئی ایم ایف کی شرائط: ایک سال میں پیٹرول کی قیمت آسمان پر جا پہنچی

    آئی ایم ایف کی شرائط: ایک سال میں پیٹرول کی قیمت آسمان پر جا پہنچی

    اسلام آباد: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط کی وجہ سے سال 2022 میں پیٹرول کی قیمت میں کئی گنا اضافہ ہوا جس کے بعد ملک بھر میں مہنگائی کا طوفان آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط نے سال 2022 میں پیٹرولیم لیوی ریکارڈ سطح پر پہنچا دی، ایک سال میں پیٹرولیم لیوی میں 32.38 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔

    ایک سال کے دوران پیٹرول پر لیوی 17.92 روپے سے بڑھا کر 50 روپے فی لیٹر کردی گئی۔

    اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی میں 12.87 روپے کا اضافہ کیا گیا، ڈیزل پر لیوی 17.13 روپے سے بڑھا کر 30 روپے فی لیٹر کردی گئی۔

    پیٹرول پر ڈسٹری بیوٹرز مارجن میں 1.32 روپے کا اضافہ کیا گیا جبکہ ڈیلرز مارجن 2.10 روپے بڑھایا گیا۔

    ڈیزل پر ڈسٹری بیوٹرز مارجن میں 1.53 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیلرز مارجن میں 2.87 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا۔

    جنوری 2022 میں پیٹرول کی قیمت 144.62 روپے فی لیٹر تھی جو جون 2022 تک 250 روپے تک بڑھا دی گئی، دسمبر تک پیٹرول کی قیمت کم کر کے 214.80 روپے فی لیٹر کردی گئی۔

  • لاپتہ افراد سے متعلق پارلیمانی کمیشن قائم

    کوئٹہ: محکمہ داخلہ بلوچستان نے لاپتہ افراد سے متعلق پارلیمانی کمیشن قائم کردیا، کمیشن لاپتہ ہونے والے ایک ایک شخص کے معاملے کی تحقیقات کرے گا اور لاپتہ افراد کی ملک مخالف سرگرمیوں کا بھی جائزہ لے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ بلوچستان نے لاپتہ افراد سے متعلق پارلیمانی کمیشن قائم کردیا، پارلیمانی کمیشن بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم پر قائم کیا گیا۔

    وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو پارلیمانی کمیشن کے چیئرمین ہوں گے، رکن اسمبلی اسد اللہ بلوچ، زابد ریکی، ملک نصیر شاہوانی اور زمرک اچکزئی رکن کمیشن مقرر کردیے گئے۔

    ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ کمیشن کے سیکریٹری ہوں گے۔

    پارلیمانی کمیشن کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جس کے مطابق کمیشن ہر ایک لاپتہ شخص کے معاملے کی تحقیقات کرے گا، کمیشن لاپتہ افراد کی ملک مخالف سرگرمیوں کا بھی جائزہ لے گا۔

  • تھر کے کوئلے سے مزید بجلی کی پیداوار شروع

    تھر کے کوئلے سے مزید بجلی کی پیداوار شروع

    تھر پارکر: صوبہ سندھ کے صحرائے تھر کے کوئلے سے مزید 330 میگا واٹ بجلی کی پیداوار کا آغاز ہوگیا، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مہیش کمار ملانی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مجموعی طور پر بجلی کی ضرورت 9 ہزار میگا واٹ ہے، 3 ہزار میگا واٹ صرف تھر کول دے رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے صحرائے تھر کے کوئلے سے مزید 330 میگا واٹ بجلی کی پیداوار کا آغاز ہوگیا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا طیارہ موسم کی خرابی کے باعث تھر کے لیے اڑان نہ بھر سکا جس کے بعد رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے تھل نووا پروجیکٹ کا افتتاح کردیا۔

    تھر کے کوئلے سے مجموعی طور پر 3 ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ کو جا رہی ہے۔

    ڈاکٹر مہیش نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مجموعی طور پر بجلی کی ضرورت 9 ہزار میگا واٹ ہے، 3 ہزار میگا واٹ صرف تھر کول دے رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ بی بی شہید بے نظیرکا خواب تھا جسے ہم نے پورا کیا۔

    ڈاکٹر مہیش کا مزید کہنا تھا کہ تھر کے کوئلے سے سستی بجلی پیدا ہو رہی ہے جس سے امپورٹ کا بل کم ہوگا، کوئلے سے سالانہ لاکھوں ڈالرز کی بچت بھی ہو رہی ہے۔

  • تنیشا شرما کی والدہ کا شیزان خان کے حوالے سے اہم انکشاف

    بوائے فرینڈ شیزان خان کے میک اپ روم میں خود کشی کرنے والی  بھارتی اداکارہ، تنیشا شرما کی والدہ نے شیزان خان پر نئے الزامات لگائے ہیں۔

     اداکارہ تنیشا شرما کی والدہ ونیتا نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ شیزان خان نشے کا عادی تھا، وہ سیٹ پر بھی منشیات کا استعمال کرتا تھا، ایک بار اس نے شوٹنگ سیٹ پر نشہ کر کے میری بیٹی کو تھپڑ بھی مارا تھا۔

    تنیشا شرما کی والدہ نے مزید الزامات لگاتے ہوئے  کہا ہے کہ شیزان خان میری بیٹی تنیشا کو اسلام کی پیروی کرنے پر بھی مجبور کرتا تھا۔

     اداکارہ نے بتایا کہ ایک بار تنیشا نے شیزان خان کا فون چیک کیا تھا، اس نے  شیزان کو کسی اور لڑکی سے بھی بات کرتے ہوئے پکڑ لیا تھا، اس بات پر دونوں میں جھگڑا بھی ہوا تھا اور یہی جھگڑا اِن کا رشتہ ٹوٹنے کا سبب بھی بنا تھا۔

    تنیشا شرما کی والدہ ونیتا کا مزید کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ جب شیزان خان کے میک اپ روم کا دروازہ توڑا گیا ہو تو تنیشا سانس لے رہی ہو مگر شیزان خان نے جان بوجھ کر اِسے مرنے کے لیے چھوڑ دیا ہو۔

    واضح رہے کہ فلم ’فتور‘ میں کترینا کیف کے بچپن کا کردار نبھانے والی اداکارہ تنیشا شرما کی 24 دسمبر کو میک اپ روم سے لٹکی لاش برآمد ہوئی جسے ابتدائی طور پر خودکشی کا قرار دیا گیا تھا۔

  • غیر ملکی سفیروں اور سفارت کاروں کو ملک کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ

    اسلام آباد: پاکستان میں موجود غیر ملکی سفیروں اور سفارت کاروں کو ملک کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت کے سیکیورٹی انتظامات بہتر ہیں، غیر ملکی شہری آزادانہ طور پر نقل و حرکت کر سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی حکام کی جانب سے غیر ملکی سفرا اور سفارت کاروں کو ملک کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں 100 سے زائد غیر ملکی سفرا اور سفارت کاروں نے شرکت کی۔

    بریفنگ سیکریٹری خارجہ، سیکریٹری داخلہ اور سکیورٹی حکام کی جانب سے دی گئی، انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد ناصر اکبر خان نے سیکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت کے سیکیورٹی انتظامات بہت بہتر ہیں، غیر ملکی شہری آزادانہ طور پر نقل و حرکت کر سکتے ہیں۔

    اجلاس میں مختلف سفیروں کی جانب سے سوالات کیے گئے جن کے حکام نے جوابات دیے، اجلاس کو سیکٹر آئی ٹین میں ہونے والے دھماکے میں تحقیقات کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    سفارت کاروں کی جانب سے بریفنگ کو تسلی بخش قرار دیا گیا۔

  • سعید غنی کی کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی کرانے کی اپیل

    پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنما اور وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی کرانے کی اپیل کی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے التوا سے شہریوں، پارٹی کارکنوں میں مایوسی ہو رہی ہے، بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو نہ ہوئے تو شہریوں کو پھر مایوسی کا سامنا ہوگا۔

    سعیدغنی نے وزیراعلیٰ سے اپیل کی کہ وہ بلدیاتی الیکشن مزید مؤخر کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط نہ لکھیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ایم کیو ایم سے بلدیاتی نظام مؤثر بنانے کیلئے جو معاہدہ ہوا اس پر اتفاق رائے ہو چکا ہے، معاہدے پر اتفاق ہوگیا ہے اس لئے انتخابات کے مزید التوا کا کوئی جواز نہیں بنتا ہے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات کیلئےپہلے روز سے ہی تیار تھی، صورتحال بارشوں اور دیگر وجوہات کے باعث پیدا ہوئی تھی، اس لیے اب 15 جنوری کوبلدیاتی انتخابات ہوجانے چاہئیں۔

  • عدالت نے ن لیگی رکن قومی اسمبلی کو ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی چودھری اشرف کو عدالت نے جیل بھجوا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقامی عدالت نے مسلم لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی چودھری اشرف کو سرکاری اراضی کے دستاویزات میں رد بدل کرنے کے کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔

    اینٹی کرپشن حکام نے سرکاری زمین کی دستاویزات میں رد و بدل کرنے کے الزام میں مسلم لیگ نون کے رکن اسمبلی چودھری اشرف کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد عدالت میں پیش کیا تھا۔

    محکمہ اینٹی کرپشن کے وکیل نے بتایا کہ مزید تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ میں توسیع دی جاٸے۔ جب کہ مسلم لیگ نون کے رکن اسمبلی کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی اور استدعا کی کہ مقدمہ خارج کیا جائے۔

    عدالت نے وکلا کے دلاٸل سننے کے بعد چوہدری اشرف کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا، عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ چالان کے متعلق رپوٹ جلد پیش کی جاٸے۔

  • گریٹا تھنبرگ کے ساتھ ٹویٹر پر لفظی جنگ، ریپ کیس میں مطلوب باکسر کی لوکیشن منظر عام پر آگئی

    معروف کلائمٹ ایکٹوسٹ گریٹا تھنبرگ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر اینڈریو ٹیٹ کے درمیان نازیبا جملوں کے تبادلے کے بعد پولیس نے اینڈریو کے گھر پر چھاپہ مارا اور انہیں حراست میں لے لیا، اینڈریو انسانی اسمگلنگ کیس میں پولیس کو مطلوب تھے اور ٹویٹر پر ان کی سرگرمی نے پولیس کو ان کی لوکیشن کی تصدیق کردی۔

    دو روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سویڈن سے تعلق رکھنے والی ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر اور سابق باکسر اینڈریو ٹیٹ کے درمیان تلخ اور نازیبا جملوں کا تبادلہ ہوا جس نے لوگوں کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی۔

    اینڈریو نے ایک ٹویٹ میں گریٹا کو مخاطب کیا اور فخریہ لکھا کہ میرے پاس 33 کاریں ہیں جس میں ایک بگاٹی اور 2 فراری شامل ہیں، اپنا ای میل ایڈریس روانہ کریں تاکہ میں اپنی گاڑیوں کی فہرست اور ان سے ہونے والے بھاری کاربن اخراج کی تفصیل آپ کو بھیج سکوں۔

    ٹویٹ دیکھ کر گریٹا سیخ پا ہوگئیں اور انہوں نے اینڈریو کو نازیبا جواب دے ڈالا۔

    خیال رہے کہ گریٹا ماحولیاتی مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ اور ایوی ایشن سیکٹر کو اس کا بڑا ذمہ دار قرار دیتی ہیں۔

    سنہ 2019 میں گریٹا کلائمٹ چینج کی کانفرنس کے لیے طیارے سے جانے کے بجائے 14 روز کا بحری سفر کر کے اسپین پہنچی تھیں جس نے دنیا بھر کی توجہ ان کی طرف مبذول کی تھی۔

    اب اینڈریو کے ٹویٹ پر انہوں نے غصے میں جواب دیا تو ٹویٹر صارفین نے ان کے جواب کو بے حد سراہا اور اسے بالکل درست قرار دیا۔

    جواب میں اینڈریو نے ایک ویڈیو پوسٹ کر ڈالی جس میں انہوں نے گریٹا کو عالمی طاقتوں کا ہرکارہ قرار دیا۔

    اس ساری بحث کے دوران رومانیہ پولیس کو اینڈریو کی لوکیشن کی تصدیق ہوگئی جو انسانی اسمگلنگ کے کیس میں پہلے ہی اینڈریو پر گھات لگائے بیٹھی تھی۔

    رومانیہ کے شہر پیپرا میں واقع اینڈریو کے گھر پر رومانیہ پولیس نے چھاپہ مارا اور اور انہیں اور ان کے بھائی دونوں کو حراست میں لے لیا۔

    چھاپے کی کارروائی بخارسٹ کے ڈائریکٹوریٹ فار انویسٹی گیٹنگ آرگنائزڈ کرائم اینڈ ٹیررازم کے محکمے نے کی جو 2 سال سے انسانی اسمگلنگ کے کیس کی تحقیقات کر رہا تھا۔

    سنہ 2021 میں سامنے آنے والے اس کیس میں ایک مجرمانہ رنگ کا انکشاف ہوا تھا جو لڑکیوں کو شادی کا جھانسہ دے کر رومانیہ پہنچا رہا تھا اور ان کی خرید و فروخت میں ملوث تھا۔

    اس کیس میں اینڈریو ٹیٹ بھی مشتبہ تھے اور ان پر ایک نوعمر لڑکی کی انسانی اسمگلنگ، جنسی زیادتی اور اغوا کا الزام تھا۔

    29 دسمبر کی شب ہونے والی اس چھاپہ مار کارروائی میں اینڈریو کے علاوہ 4 مزید افراد کو حراست میں لیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اینڈریو کی گرفتاری میں ان کی ٹویٹر پر ہونے والی بحث نے کلیدی کردار ادا کیا جس کے ذریعے ظاہر ہونے والی لوکیشن سے پولیس کو یقین ہوا کہ دونوں بھائی ملک میں موجود ہیں، مذکورہ ویڈیو میں میز پر ایک پیزا باکس بھی دکھائی دے رہا ہے جو مقامی پیزا شاپ سے آرڈر کیا گیا۔

    اینڈریو کو اسی سال اپریل میں بھی گرفتار کیا گیا تھا جس کے بارے میں اینڈریو نے وضاحت دی تھی کہ ایک غلط فہمی کی بنیاد پر پولیس نے ان کے گھر چھاپہ مارا تھا۔

    اینڈریو کے مطابق پولیس نے گھر کی تلاشی لی اور وہاں کسی مغوی کو نہ پا کر واپس لوٹ گئے، البتہ کاغذی کارروائی کے لیے مجھے پولیس اسٹیشن جانا پڑا تھا، وہاں سے صرف 45 منٹ بعد ہی میری واپسی ہوگئی تھی۔

  • ضلع استور میں شدید برفباری، بالائی علاقوں میں 6 انچ تک برف پڑ چکی

    استور: ملک کے بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، ضلع استورمیں شدید برفباری ہو رہی ہے، اور بالائی علاقوں میں اب تک 6 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔

    ڈی سی استور محمد ذوالقرنین کے مطابق استور میں 4 انچ، چلم 8 انچ، منی مرگ میں 6 انچ برف پڑی ہے، برزل ٹاپ پر ڈیڑھ انچ، بوبند ویل، قمری نگی، زیان اور پشواڈی میں 5 انچ برف پڑی ہے۔

    شنکر گڑھ، فقیر کوٹ، میر ملک، چمروٹ، اور گھساٹ میں 3 سے 4 انچ تک برف پڑی ہے، چھوگام، ناصر آباد، اور رٹو رحمان پور میں 2 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔ دوسری طرف ضلع استور کے زیریں علاقوں میں ایک انچ تک برف پڑی ہے۔

    بالائی علاقوں سمیت بالائی سرحدی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے، اور یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو چکا ہے۔

    میدانی علاقوں میں ٹریفک کا نظام جزوی طور پر، جب کہ بالائی علاقوں میں ٹریفک کا نظام مکمل معطل ہو چکا ہے، ڈپٹی کمشنر استور نے ہدایت جاری کی ہے کہ برف باری کے دوران شہری غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔

    ڈی سی استور محمد ذوالقرنین نے بتایا کہ بالائی علاقوں کی برف سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کا کام شروع ہو گیا ہے، استور ویلی ہیڈکوارٹر، بالائی علاقے رٹو اور چلم روڈ کھلی ہے، چلم تا برزل ٹاپ، منی مرگ، کامری اور ڈومیل کی رابطہ سڑکیں بند ہیں، چلم سے برزل ٹاپ گلتری روڈ بھی بند ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اگر رات تک برفباری نہ ہوئی تو رابطہ سڑکیں بحال کر دیں گے، کل تک موسم صاف ہونے پر بالائی علاقوں کے زمینی راستے بحال ہو جائیں گے۔

  • بھارتی وکٹ کیپرریشبھ پنت کی گاڑی خوفناک حادثے کا شکار، کرکٹر شدید زخمی

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے  وکٹ کیپر  بیٹر ریشبھ پنت کار حادثے میں شدید زخمی ہو گئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریشبھ پنت کی گاڑی کو حادثہ ریاست اترکھنڈ سے نئی دلی آتے ہوئے پیش آیا، بھارتی وکٹ کیپر کی کار ہائی وے کی ریلنگ سے ٹکرائی اور اس میں آگ بھڑک اٹھی، آگ لگنے کے باعث ریشبھ پنت کی گاڑی مکمل طور پر جل گئی۔

     حادثے میں ریشبھ پنت کو سر اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید چوٹیں آئیں، حادثے کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیردیا گیا تاہم ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کرکٹر کی حالت اب بہتر ہے۔

    بھارتی میڈیا پر ریشبھ پنت کی  بی ایم ڈبلیو کی تصاویر بھی شیئر کی گئی ہیں جس میں  دیکھا جاسکتا ہے کہ حادثے میں گاڑی کو  بھی بری طرح  نقصان پہنچا ہےجبکہ ایک تصویر میں ریشبھ کو بھی سر پر پٹی کے ساتھ اسپتال کے بیڈ پر دکھا یا گیا ہے۔