Tag:

  • بے رحم شخص نے سابقہ بیوی کو ایڈز سے آلودہ انجیکشن لگا دیا

    بیوی کا سابقہ شوہر کے ساتھ واپس جانے سے انکار کرنے  پر بے رحم شوہر نے ایڈز سے آلودہ انجیکشن لگادیا۔

    بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی سابقہ بیوی کو ساتھ رہنے کے لیے واپس آنے سے انکار کرنے پر ایڈز  پازیٹیو مریض کے خون والی انجیکشن لگادی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاتون فی الحال علاج کے لیے اسپتال میں داخل ہے اور آئندہ چند ماہ میں اس کے ضروری طبی ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

    بھارتی پولیس حکام کے مطابق ملزم کی شناخت 35 سالہ شنکر کامبلے کے نام سے ہوئی ہے جسے اس کی سابقہ بیوی کی شکایت پر ایڈز آلودہ انجیکشن لگانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

    پولیس نے بتایا کہ ملزم ڈرائیور ہے، اس کی شادی 15 سال پہلے ہوئی تھی تاہم اپنی بیوی کے کردار پر شک کی بنا پر کامبلے نے چند ماہ قبل اپنی بیوی کو قانونی طور پر طلاق دے دی تھی۔

    پولیس کے مطابق بعد میں کامبلے نے اسے دوبارہ اپنے ساتھ رہنے کے لیے راضی کیا، لیکن متاثرہ خاتون نے کئی بار انکار کر دیا۔

    ملزم نے  بدلہ لینے کی سازش کی اور اپنی سابقہ بیوی کو ایک بار پھر ملنے پر راضی کیا، دونوں نے کچھ خریداری اور ایک ساتھ دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد کامبلے اپنی سابقہ بیوی کو ایک دور دراز مقام پر لے گیا اور ایک بار پھر اس سے واپس آنے کی درخواست کی۔

    جب اس نے انکار کیا تو کامبلے نے اسے ایک آلودہ انجیکشن لگادیا جو اس نے جیب میں چھپا رکھا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران ملزم نے بتایا کہ اس نے سرکاری اسپتال کے ایچ آئی وی وارڈ سے سرنج حاصل کی اور وہاں داخل ایک ایچ آئی وی سے متاثرہ مریض سے خون لیا۔

  • بھارتی ریلوے کی اب تک کی سب سے بڑی ڈیٹا ہیکنگ واردات، معلومات ڈارک ویب پر اپ لوڈ

    نئی دہلی: بھارتی ریلوے کی اب تک کی سب سے بڑی ڈیٹا ہیکنگ واردات ہوئی ہے، چوری شدہ معلومات ڈارک ویب پر اپ لوڈ کر دی گئیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریلوے کے تقریباً تین کروڑ رجسٹرڈ مسافروں کا ڈیٹا ہیک کر لیا گیا ہے، جسے مبینہ طور پر ڈارک ویب پر فروخت کے لیے رکھ دیا گیا ہے۔

    ہیکرز کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارتی ریلوے کی اب تک کی یہ سب سے بڑی ڈیٹا ہیکنگ ہے، سائبر کرمنلز نے اپنے ایک فورم پر یہ ڈیٹا فروخت کے لیے اپ لوڈ کیا ہے۔

    ہیک کیے گئے ڈیٹا میں صارفین کے نام، ای میل، موبائل نمبر، جنس، مکمل پتہ اور ان کی زبان کی ترجیحات شامل ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق ڈیٹا ان صارفین کا ہے جو انڈین ریلوے پورٹل سے ٹکٹ بک کرتے ہیں، ہیکر نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس کے پاس سرکاری ای میل آئی ڈیز اور ان کے سیل فون نمبرز سمیت سرکاری افراد کا ڈیٹا بھی موجود ہے۔

    بھارتی ریلوے نے اب تک اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے، 2020 میں بھی بھارتی ریلوے کے ٹکٹ خریداروں کا ڈیٹا ہیک کیا گیا تھا۔

    اس سے قبل چین کے ایک ہیکر نے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) دہلی کے تکنیکی نظام کو ہیک کیا تھا، اس نے پورے سرور کو کنٹرول کر لیا تھا، اور 200 کروڑ روپے کی کرپٹو کرنسی کا مطالبہ کیا، تاہم بعد میں سرور کو ہیکر کے قبضے سے واپس لے لیا گیا۔

  • حارث رؤف نے نکاح کے روز اہلیہ کے سامنے ہاتھ جوڑنے کی وجہ بتادی

    لاہور: قومی کرکٹر حارث رؤف نے نکاح کے روز اہلیہ مزنا مسعود کے آگے ہاتھ جوڑنے کی وجہ بتادی ہے۔

    حال ہی میں قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا نکاح ان کی کلاس فیلو مزنا سے ہوا، نکاح میں شاہین آفریدی سمیت کئی لوگوں نے شرکت کی۔

    شاہین اور حارث سمیت لاہور قلندرز کی ٹیم کے متعدد ارکان نے لاہور کی یونیورسٹی کا دورہ کیا تھا جہاں بولرز نے طالب علموں سے گفتگو کی جب کہ ساتھ ہی ان کے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیے۔

    اسی دوران حارث سے یونیورسٹی کی ایک طالبہ نے حارث سے سوال کیا کہ آپ نکاح کے روز فوٹوشوٹ کے دوران اہلیہ مزنا سے معافی کیوں مانگ رہے تھے؟

    سوال سننے کے بعد تو  پہلے حارث ہنس پڑے اور پھر بتایا کہ اس میں میری کوئی غلطی نہیں تھی، جو شوٹ کررہا تھا اس نے غلط ریکارڈ کیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Izzah Shaheen Malik (@pictroizzah)

    یاد رہے کہ حارث رؤف نے اپنی کلاس فیلو مزنا مسعود سے نکاح کیا جس کی ویڈیو میں حارث کو مزنا مسعود کے آگے ہاتھ جوڑتے اور پھر جوڑے کو ہنستے دیکھا گیا تھا۔

  • کراچی ٹیسٹ:نیوزی لینڈ نے 612 رنز پر پہلی اننگز ڈکلیئر کردی

    کراچی نیشنل بینک ارینا میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں کیوی ٹیم نے 612 رنز پر اننگز ڈکلیئر کردی ہے۔

    نیوزی لینڈ کی جانب سے کین ولیمسن اور ایش سوڈھی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی، جبکہ قومی ٹیم کے اسپنر ابرار احمد نے 5 وکٹ حاصل کی۔

    کین ولیمسن نے پاکستان کیخلاف ڈبل سینچری اسکور کی اور ناٹ آؤٹ رہے، نیوزی لینڈ کو کراچی ٹیسٹ میں پاکستان پر 174رنز کی برتری حاصل ہے۔

    گزشتہ روز ہی کین ولیمسن اور ٹام لیتھم کی سینچریوں کی بدولت نیوزی لینڈ پاکستان کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے میں کامیاب ہوگئی تھی۔

    نیوزی لینڈ کے سابق کپتان کین ولیمسن نے ٹیسٹ کرکٹ میں دو سال بعد سینچری بنائی ہے۔

    کراچی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ کو برتری مل گئی

    اس سے قبل پاکستان ٹیم کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 438 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی تھی، کپتان بابراعظم نے 161 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، آغا سلمان نے 103 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کے مجموعے کو 438 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

    تین سال بعد ٹیم میں کم بیک کرنے والے قومی ٹیم کے سابق قائد سرفراز احمد نے بھی 86 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اپنی فٹنس کو ثابت کیا۔

  • مرحوم امجد صابری کی بیٹی رشتۂ ازدواج میں منسلک

    معروف قوال مرحوم امجد صابری کی بڑی صاحبزادی حورین امجد صابری رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔

    مرحوم امجد صابری کی بیٹی کے نکاح کی تقریب 23 دسمبر کو لاہور میں ان کے گھر میں منعقد ہوئی۔

    حورین کی مہندی کی تقریب 24 دسمبر کو منعقد کی گئی جس میں قریبی رشتہ داروں، دوست احباب کے علاوہ شوبز انڈسٹری سے میزبان نے شرکت کی۔

    مہندی کی تقریب کے موقع پر جب مرحوم امجد صابری کی قوالی پڑھی گئی تو اہل خانہ سمیت تمام شرکاء جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور  آبدیدہ ہوگئے۔

    مرحوم امجد صابری کی یاد آج بھی مداحوں کے ذہنوں میں تازہ ہے، ان کی موت سے جو خلا پیدا ہوا وہ کبھی پُر نہیں کیا جاسکتا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ARY News (@arynewstv)

     تاہم ان کے بیٹے مجدد امجد صابری کی آواز اپنے مرحوم والد سے بہت مماثلت رکھتی ہے۔

  • دنیا کے گرم ترین ملک کویت میں ژالہ باری

    کویت دنیا کا گرم ترین ملک مانا جاتا ہے جہاں موسم گرما کے عروج پر درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ کو پار کر جاتا ہے۔

    لیکن اس موسم میں کویت کی سڑکوں پر برف جم گئے، کویت شہر کے علاوہ قرب ونواح کے تمام علاقوں میں جب رہائشی صبح اٹھے تو یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ سڑکوں میں برف جمی ہوئی ہے اور درجہ حرارت منفی ہے۔

    سڑکوں پر برف جم جانے کی وجہ سے وزار داخلہ نے کئی سڑکوں بند کردیا اور ٹریفک کے لیے متبادل راستے کھول دیئے۔

    https://twitter.com/kuniv_j/status/1607700347958734848?s=20&t=lms4OrKL_ZuhSqU2W9RWOQ

    کویتی محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش ہوئی ہے جس کی مقدار 63 ملی میٹر لگائی گئی ہے۔

    محکمہ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں سردی کی شدید لہر کے باعث اولے اور ژالہ باری ہوئی ہے جس کے باعث سڑکوں پر برف جم گئی ہے۔

  • اسپیکرصاحب کا فیصلہ جانبدار ہے، اسد قیصر

    اسلام آباد: سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ اسپیکرقومی اسمبلی کی ایک ساتھ استعفےمنظور نہ کرنے کا فیصلہ جانبدار ہے۔

    اسلام آباد میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہماری اسپیکر قومی اسمبلی سے تفصیلی میٹنگ ہوئی ہے۔

    اسدقیصر نے کہا کہ عمران خان صاحب نےکہا تھاکہ اس میٹنگ کو میں لیڈکروں، جبکہ میرے ساتھ دیگر ارکان بھی میٹنگ میں موجود تھے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے اسپیکر کے سامنے اپنا مؤقف رکھا ہے، ہم نے بتایا پی ٹی آئی ارکان کے استعفے قاسم خان سوری منظور کر چکے تھے، قاسم سوری جب اسپیکر تھے انہوں نے ایک پروسس مکمل کیا تھا۔

    سابق اسپیکر نے کہا کہ قاسم سوری نے بطور اسپیکر قانون کے مطابق دستخط کردیے تھے اس کے باوجود موجودہ اسپیکر نے اس پروسس کو روکا ہوا ہےجو کہ غیرقانونی ہے، ہم سمجھتے ہیں اسپیکر صاحب کا فیصلہ جانبدار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسپیکر سے پوچھا کیا 11 ایم این ایز جن کو ڈی نوٹیفائی کیا تھا کیا وہ آپکے پاس آئے تھے، ہمارے سوال کا اسپیکر راجہ پرویزاشرف کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔

    اسد قیصر نے کہا کہ پہلی بار پارلیمان میں کسی ایم این ایز کو اس طرح نکالا گیا جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی ہے۔

    اسد قیصر کا کہنا تھا کہ شاہ محمودقریشی نے ایوان میں کھڑے ہو کر اعلانیہ کہا ہم استعفے دیتے ہیں، آپ اسے منظور کریں، سپریم کورٹ نے کہا تھا جو فلور پر کہتا ہے اسکی بات درست ہوتی ہے، لیکن اس وقت کوئی بات نہیں سنی گئی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکنوکریٹ حکومت ہمیں کسی صورتحال قبول نہیں، اس کی آئین میں گنجائش  نہیں، پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ ٹیکنوکریٹ حکومت کو کسی صورت قبول نہیں کرینگے۔

    سابق اسپیکر نے کہا کہ ہم نے اپنا مؤقف سامنے رکھ دیا ہے دیکھنا ہے یہ کیا کرتے ہیں، ہم سب کا ایک ساتھ استعفیٰ منظور کریں۔

  • پی سی بی میں بھاری تنخواہ لینے والے افسران کے لیے بری خبر

    پی سی بی میں بھاری تنخواہ لینے والے افسران کے لیے بری خبر

    مینجمنٹ کمیٹی نے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) میں بڑی تنخواہ لینے والے افسران کو گھر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے بڑی تنخواہوں والے افسران کی پرفارمنس پر مایوس کا اظہار کیا ہے۔

    انکوائری رپورٹ میں یہ سوال اٹھایا گیا ہے کہ ڈھائی لاکھ روپے تنخواہ لینے والے 4 سال میں 10 لاکھ تک کیسے پہنچ گئے، جبکہ بڑے افسران ماہانہ تنخواہ 15 لاکھ سے 25 لاکھ تک وصول کرتے ہیں۔

    پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی اگلی بیٹھک میں فیصلوں کی منظوری لے گی۔

    واضح رہے کہ پی سی بی کی نئی مینجمنٹ کمیٹی آنے کے بعد کئی افسران  کو عہدے سے فارغ کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ روز پی سی بی کی ایچ آر بھی اپنا عہدہ چھوڑ کر جاچکی ہے۔

  • مری، گلیات میں برف باری شروع، پچھلے برس 23 سیاحوں کی ہلاکت کے خوف کی بازگشت

    پشاور: پاکستان کے مشہور تفریحی مقامات مری اور گلیات میں برف باری شروع ہو گئی ہے، سرد برفیلے موسم کے ساتھ ہی پچھلے برس کے 23 سیاحوں کی ہلاکت کے واقعے کے خوف کی بازگشت بھی ذہنوں میں تازہ ہو گئی ہے، تاہم رواں برس کسی سانحے سے بچنے کے لیے ایک پلان مرتب کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی احسن حمید نے بتایا ہے کہ گزشتہ سال شدید برف باری کے باعث جو صورت حال پیدا ہوئی تھی اس کو مدنظر رکھتے ہوئے گلیات میں سیاحوں کی حفاظت کے لیے ایک پلان مرتب کیا گیا ہے۔

    پلان کے مطابق گلیات کو 4 یونٹس میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلا یونٹ نتھیا گلی، دوسرا ڈونگا گلی، تیسرا چھانگا گلی اور چوتھا یونٹ پاڑیاں کا علاقہ ہوگا، جو خیبر پختون خوا اور مری کو آپس میں ملاتا ہے، اس مقام کو بھی ایک حکمت عملی کے تحت دیکھا جائے گا۔

    ترجمان احسن حمید نے بتایا کہ جب برف باری شروع ہوگی، ہم تیار رہیں گے اور چاروں مقامات پر ہماری مشینری کام شروع کر دے گی، اسنو کلیئرنس آپریشن کو چاروں پوائنٹس پر مانیٹر کیا جائے گا، برف پڑتے ہی راستوں کی صفائی کا عمل بھی شروع کر دیا جائے گا، تاکہ گلیات میں پہلے سے زیادہ سیاح آئیں اور برف باری سے لطف اندوز ہوں۔

    خیال رہے کہ موسم سرما کی برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لیے زیادہ تر سیاح مری، گلیات اور وادئ سوات کا رخ کرتے ہیں۔ ملک کے ان شمالی علاقوں میں برف باری کا آغاز ہو گیا ہے، محکمہ موسمیات نے جنوری میں بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں زیادہ برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے، اور بعض مقامات پر شدید برف باری کا بھی امکان ہے۔

    جب گلیات ڈویلپمنٹ اٹھارٹی کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا اور یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ اس سال سیاحوں کی حفاظت کے لیے کیا اقدامات اٹھائے گئے ہیں، اگر توقع سے زیادہ برف باری ہوتی ہے تو انتظامیہ کیسے نمٹے گی؟ تو احسن حمید نے بتایا کہ پچھلے سال جو ہوا اللہ کرے ایسا پھر کبھی نہ ہو، ہم نے انتظامات کر لیے ہیں، اور اس بار سیاحوں کو بہتریں سہولیات فراہم کریں گے۔

    موسم

    محکمہ موسمیات کے مطابق اس سال دسمبر خشک رہا، آخری ہفتے میں کمشیر، گلکت اور خیبر پختون خوا کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری ہوئی، جنوری میں بھی اس بار معمول سے کم بارشوں کا امکان ہے، لیکن کچھ پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری بھی ہو سکتی ہے۔

    ہیلپ لائن 1422

    خیبر پختون خوا کے محکمہ سیاحت کے ترجمان سعد بن اویس نے بتایا کہ ہر سال موسم سرما میں سیاحوں کی بڑی تعداد سوات اور گلیات کے حسین نظارے دیکھنے کے لیے آتے ہیں، محکمہ سیاحت ان کو بہترین سہولیات دینے کے لیے کوشاں ہے، بارش اور برف باری کے موسم میں سیاح جس سیاحتی مقام پر جانا چاہتے ہیں، وہ ہیلپ لائن 1422 پر رابطہ کر کے معلومات حاصل کرسکتے ہیں، ہیلپ لائن پر سیاحوں کو راستوں اور ہوٹلوں کے بارے میں بھی معلومات مہیا کی جائیں گی۔

    پی ڈی ایم اے کی منصوبہ بندی

    پراونشل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان تیمور خان نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے نے کسی بھی ہنگامی صورت حال سے بچنے کے لیے ایک منصوبہ بنایا ہے، تمام اضلاع کے ضلعی انتظامیہ پہلے سے نشان دہی کریں گے کہ کون سی جگہ پر لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر ہنگامی صورت حال کا سامنا ہو سکتا ہے، ایسی کسی صورت حال سے بچنے کے لیے پلان بھی تیار کیا جائے گا۔

    پچھلے سال گلیات اور مری میں زیادہ برف باری سے نقصانات ہوئے تھے، پی ڈی ایم اے نے پہلے سے انتظامیہ کو آگاہ کیا تھا، کہ برف باری زیادہ ہوگی، تیمور خان نے بتایا کہ پچھلے سال پی ڈی ایم اے کی ہدایات پر انتظامیہ نے سیاحوں کی تقریبا 27 سو گاڑیاں جو خیبر پختون خوا سے مری جا رہی تھیں، کو مری میں داخل ہونے سے روکا تھا، اگر یہ 27 سو گاڑیاں مری میں داخل ہوتیں تو زیادہ نقصان کا خدشہ تھا۔

    مری، گلیات میں گزشتہ برس

    یاد رہے کہ گزشتہ موسم سرما میں 7 اور 8 جنوری 2022 کی رات مری اور گلیات میں شدید برف باری کی وجہ سے ہزاروں سیاح پھنس گئے تھے، توقع سے زیادہ برف باری اور راستے بلاک ہونے کی وجہ سے ہزاروں گاڑیاں برف میں پھنس گئی تھیں، جس کی وجہ سے ٹریفک مکمل جام ہو گیا تھا اور سیاحوں کو رات گاڑیوں میں گزارنا پڑی، اس دوران شدید سردی کی وجہ سے 23 سیاح جاں بحق ہو گئے۔

    ترجمان گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی احسن حمید نے بتایا کہ پچھلے سال جو کچھ ہوا وہ افسوس ناک تھا، گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ریسکیو عملے نے سیاحوں کو بہ حفاظت نکالنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی تھی، جس کے نتیجے میں گلیات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، احسن حمید نے بتایا کہ برف باری کے باعث پچھلے سال جو سیاح پھنس گئے تھے ان کو ہوٹلوں میں رہائش اور کھانا پینا مفت فراہم کیا گیا تھا۔

    احسن حمید نے کہا ’’گلیات ہوٹل ایسوسی ایشن سے ہماری بات جیت جاری ہے، توقع سے زیادہ برفباری کی صورت میں جو سیاح ہوٹلوں میں پہلے سے موجود ہوں گے، ان کو ہر قسم سہولت دی جائے گی، جب تک روڈ کلیئر نہیں کیے جاتے، سیاح ہوٹلوں میں رہیں گے اور ان کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔‘‘

  • آب پاشی نظام میں خامیاں، وفاقی حکومت کا مانیٹرنگ کا فیصلہ

    لاہور: انڈس واٹر ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی آب پاشی نظام میں خامیوں کی وجہ سے وفاقی حکومت نے اس کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ نے سیکریٹری آبپاشی پنجاب سے رابطہ کیا ہے، کمشنر پنجاب بیراجز کا معائنہ کریں گے۔

    ذرائع نے بتایا کہ انڈس واٹر کمشنر جنوری کے پہلے ہفتے میں ہیڈ سلیمانکی بیراج کا دورہ کریں گے، جس کا مقصد بیراجز پر پانی کی آمد اور وہاں حالت کا جائزہ لینا ہے۔

    انڈس ذرائع کا کہنا ہے کہ ہمارے آب پاشی نظام میں بے شمار خامیاں ہیں، اور وفاقی حکومت نے اس کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کر لیا ہے، کمیشن حکام معائنہ کریں گے کہ پانی کے ضیاع و تقسیم کا ڈیٹا کیا ہے۔

    دریں اثنا، چاروں صوبوں کے آب پاشی محکموں کو پانی بچانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔