Tag:

  • ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں 5 روپے فی لیٹر اضافہ، عوام ریلیف سے بالکل محروم

    ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں 5 روپے فی لیٹر اضافہ، عوام ریلیف سے بالکل محروم

    اسلام آباد: حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر لیوی بڑھا کر عوام کو مکمل ریلیف سے محروم کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی 5 روپے فی لیٹر بڑھا دی گئی، جس سے لیوی بڑھ کر 45 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

    ڈیزل پر تیل کمپنیوں کا مارجن بھی 1 روپے 3 پیسے بڑھا دیا گیا۔

    ڈیزل کی بنیادی قیمت 230 روپے 82 پیسے ہے، جب کہ عوام کو ڈیزل 280 روپے فی لیٹر میں فروخت کیا جا رہا ہے، ذرائع کے مطابق ڈیزل پر ڈیلرز مارجن 7 روپے، فریٹ مارجن منفی 9 روپے 19 پیسے فی لیٹر ہے۔

    ذرائع کے مطابق پٹرول کی بنیادی قیمت 202 روپے 95 پیسے ہے لیکن عوام کو پٹرول 267 روپے فی لیٹر دیا جا رہا ہے، پٹرول پر پٹرولیم لیوی 50 روپے، او ایم سی مارجن 6 روپے فی لیٹر ہے۔

    پٹرول پر ڈیلرز مارجن 7 روپے، اور فریٹ مارجن 1 روپے 5 پیسے فی لٹر ہے، پٹرول اور ڈیزل پر سیلز ٹیکس کی شرح صفر ہے۔

  • مشہور سیاحتی مقام پر سیاحوں کو وزٹ پر ڈالرز کی پیشکش

    مشہور سیاحتی مقام پر سیاحوں کو وزٹ پر ڈالرز کی پیشکش

    تائیوان: یوں تو عالمی وبا نے سیاحوں کے سفر کرنے کو پہلے ہی مشکل بنادیا تھا، تاہم اس مہنگائی کی وجہ سے کرایوں میں بھی اضافہ ہوا ہے جس سے سیاحوں کا سفر کرنا مشکل ہوگیا ہے۔

    لیکن دوسری جانب ایسے ممالک بھی ہیں جو سیاحوں کو آنے اور اپنی معیشتوں کو ترغیب دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں۔

    سی این این کی رپورٹ کے مطابق معیشت کو فروغ دینے کے لیے تائیوان نے اپنے ملک میں تعطیلات گزانے والے سیاحوں کے لیے 165 ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔

    دوسری جانب گروپ کی صورت میں آنے والے سیاحوں کو بھی رقم دی جائے گی تاکہ وہ یہاں کا دورہ کرسکیں۔

    مسافروں کو دنیا کا انوکھا نظارہ دکھانے کے لیے پائلٹ نے جہاز موڑ دیا

    تائیوان کے وزیرِ اعظم نے اس کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال حکومت چاہتی ہے کہ کل 60 لاکھ سیاح جزیرے پر آئیں اور اس تعداد کو 2025 تک ایک کروڑ تک پہنچانے کا عزم بھی کیا ہے۔

    نئے اعلان کے تحت پہلے 5 لاکھ سیاحوں کو فی کس 165 ڈالر اور 90 ہزار سیاحتی گروپ میں فی گروپ 658 ڈالر دیئے جائیں گے، تاہم نقد رقم کی بجائے یہ ڈجیٹل کرنسی کی صورت میں ہوگی جسے ٹرانسپورٹ، رہائش اور کھانے میں استعمال کیا جاسکے گا۔

    تائیوان نےکہا کہ وہ مکاؤ، یورپ، امریکا کے ساتھ ساتھ جاپان اور جنوبی کوریا کے سیاحوں کو بھی اپنی طرف راغب کرنا چاہتا ہے۔

    واضح رہے کہ سال 2022 میں یہاں امریکا، جاپان ، انڈونیشیا اور ویت نام وغیرہ سے صرف 9 لاکھ سیاح ہی آئے تھے۔ جبکہ اس سے بہت پہلے 2019 میں یہاں ایک کروڑ سیاح آئے تھے تائیوان سیاحوں کی تعداد بحال کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

  • مسافروں کو دنیا کا انوکھا نظارہ دکھانے کے لیے پائلٹ نے جہاز موڑ دیا

    مسافروں کو دنیا کا انوکھا نظارہ دکھانے کے لیے پائلٹ نے جہاز موڑ دیا

    آئس لینڈ اور برطانیہ کے درمیان سفر کرنے والے ایک طیارے کے مسافر اس وقت زمین کا انوکھا اور خوبصورت ترین منظر دیکھنے میں کامیاب رہے جب پائلٹ نے تمام مسافروں کے لیے جہاز کو مکمل طور پر گھما دیا۔

    برطانوی ایئر لائن ایزی جیٹ کے ایک پائلٹ نے مسافروں کو ناردرن لائٹس کا مسحور کن نظارہ کروانے کے لیے جہاز کو مکمل طور پر 360 ڈگری کے زاویے پر گھما دیا۔

    یہ جہاز آئس لینڈ سے مانچسٹر جا رہا تھا جب برطانیہ کا آسمان اس خوبصورت منظر سے بھر گیا جسے ناردرن لائٹس کہا جاتا ہے۔

    ناردرن لائٹس، قدرت کا شاندار لائٹ شو ہے جسے ارورہ بوریلیس بھی کہا جاتا ہے، یہ نظارہ اس وقت ہوتا ہے جب سورج کی سطح پر ہونے والے دھماکے، جنھیں سولر فلیئرز کہتے ہیں، زمین کی فضا میں موجود گیسوں سے ٹکرا کر سرخ، سبز اور جامنی رنگ کے چمکتے ہوئے بینڈ بناتے ہیں۔

    اس جہاز میں چیشائر سے تعلق رکھنے والے مسافر ایڈم گروز نے بتایا کہ یہ ناقابل یقین نظارہ ان کے چار راتوں والے سیاحتی دورے سے بڑھ کر محسور کن تھا۔

    گروز کا کہنا ہے کہ جب ان کے جہاز نے ریکجاوک سے اڑان بھری، وہ اور ان کی منگیتر جیسمین ماپ جہاز کے دائیں جانب بیٹھے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پائلٹ اتنے مہربان نہ ہوتے تو شاید وہ کبھی بھی یہ لائٹس نہیں دیکھ پاتے۔

    جہاز کے کپتان نے منظر کو اچھی طرح دکھانے کے لیے کیبن کی لائٹس کو مدھم کر دیا۔

    دراصل ہوا یوں تھا کہ جب طیارہ روشنیوں بھرے آسمان پر اڑ رہا تھا تب اس نظارے کو صرف ایک طرف بیٹھے افراد ہی دیکھ سکتے تھے، پائلٹ نے دوسری طرف بیٹھے افراد کو بھی یہ منظر دکھانے کے لیے جہاز کو گھما دیا۔

    ایزی جیٹ کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ کپتان کنٹرولڈ طریقے سے جہاز گھمانے میں کامیاب رہا تاکہ مسافروں کو قدرت کے عظیم ترین مقامات میں سے ایک پر شاندار منظر دیکھنے کو مل سکے۔

    ترجمان کے مطابق ہمارا عملہ ہمیشہ اپنے مسافروں کے لیے بڑھ چڑھ کر خدمات فراہم کرنا چاہتا ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ ہم ان کے ساتھ یہ خاص منظر شیئر کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

  • کراچی  میں رواں سال کی سب سے بڑی  ڈکیتی، ملزمان 5 کروڑ سے زائد رقم لوٹ کر فرار

    کراچی میں رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی، ملزمان 5 کروڑ سے زائد رقم لوٹ کر فرار

    کراچی : بہادرآباد شہید ملت روڈ کے قریب نامعلوم ملزمان 5 کروڑ 94 لاکھ روپے کی رقم لوٹ کر فرارہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بہادرآباد شہید ملت روڈ کے قریب مبینہ ڈکیتی کی بڑی واردات ہوئی۔

    جہاں نامعلوم ملزمان 5 کروڑ 94 لاکھ روپے کی رقم لوٹ کر فرارہوگئے، واقعہ کا مقدمہ بہادر آباد تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

    مدعی راحیل نے بتایا کہ ملزمان کار اور رقم لوٹ کر فرار ہوئے ، گزشتہ شب میں اپنے دفتر سے گاڑی میں رقم لے کر نکلا تھا۔

    مدعی نے دعویٰ کیا کہ چار کارٹن میں 6 کروڑ کے قریب رقم تھی، سپر اسٹور کے قریب ایک کار میری گاڑی کے آگے آگئی، کار میں دو ملزمان سوار تھے، دو ملزمان الگ الگ موٹر سائیکل پر سوار تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق تحقیقات کر رہے ہیں، جلد ملزمان گرفت میں ہوں گے۔

  • ایف بی آر 8 ماہ کے دوران ٹیکس اہداف پورا کرنے میں ناکام

    ایف بی آر 8 ماہ کے دوران ٹیکس اہداف پورا کرنے میں ناکام

    اسلام آباد : ایف بی آر نے 8 ماہ کے دوران 4.49 کھرب روپے ٹیکس اکٹھا کیا جبکہ ایف بی آر کو 4.73 کھرب روپے کا ٹیکس اکٹھا کرنا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر ) 8 ماہ کے دوران ٹیکس اہداف پورا کرنے میں ناکام ہوگیا ، ایف بی آر کو8 ماہ میں 4.73 کھرب روپے کا ٹیکس اکٹھا کرنا تھا۔

    ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر نے 8 ماہ میں 4.49 کھرب روپے ٹیکس اکٹھا کیا، ٹیکس ہدف میں243ارب روپےکی کمی ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پچھلے 8 ماہ کے مقابلے میں ٹیکس 18 فیصد زیادہ اکٹھا ہوا ہے جبکہ پچھلے سال کی نسبت8 ماہ میں 3.80 کھرب روپے کا ٹیکس جمع ہواتھا۔

    ایف بی آر کے مطابق فروری 2023 میں ٹیکس وصولی 16 فیصد سالانہ اضافہ کے ساتھ 525ارب روپےاکٹھا ہوا، فروری 2023 میں ٹیکس وصولی کا ہدف 527 ارب روپے رکھا گیا تھا۔

  • دماغی بیماری اور پڑھنے لکھنے سے معذوری سے لے کر کیمبرج تک پہنچنے کا سفر

    دماغی بیماری اور پڑھنے لکھنے سے معذوری سے لے کر کیمبرج تک پہنچنے کا سفر

    کسی ذہنی یا دماغی معذوری کے ساتھ زندگی کی مشکلات کا مقابلہ کرنا بہت مشکل ہوتا ہے، لیکن بلند حوصلہ افراد جب کامیابی کو اپنی زندگی کا مقصد بنا لیتے ہیں تو پھر کسی مشکل کو خاطر میں نہیں لاتے، اور اپنا مقصد حاصل کر کے رہتے ہیں۔

    برطانیہ سے تعلق رکھنے والے 37 سالہ جیسن آرڈے بھی ایسی ہی ایک مثال ہیں جو دماغی معذوری کے باعث 18 سال کی عمر تک لکھ اور پڑھ نہیں سکتے تھے، لیکن محنت اور لگن جاری رکھتے ہوئے انہوں نے نہ صرف غیر معمولی حالات کو شکست دی بلکہ اب کیمبرج یونیورسٹی کے سب سے کم عمر سیاہ فام پروفیسر بن گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن کے رہائشی جیسن آرڈے بچپن میں آٹزم سپیکٹرم ڈس آرڈر کا شکار تھے، یہ ایک ایسی دماغی معذوری ہے جس میں لوگ اکثر سماجی رابطے اور لوگوں کا سامنا کرنے سے ہچکچاتے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق جیسن نے بچپن سے آٹزم ڈس آرڈر کا سامنا کیا جس کی وجہ سے انہیں 11 سال کی عمر تک بولنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    پھر ان میں کی گلوبل ڈویلپمنٹ ڈیلے کی تشخیص ہوئی جس سے بچوں کی بات کرنے، پڑھنے لکھنے اور کچھ نیا سیکھنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔ معالجین نے تو یہاں تک کہہ دیا تھا کہ جیسن اپنی آئندہ زندگی اسی حالت میں گزاریں گے اور انہیں تاحیات کسی معاون کی ضرورت ہوگی۔

    رپورٹس کے مطابق جیسن ابتدا میں بات چیت کے لیے اشاروں کی زبان استعمال کرتے تھے، تاہم پھر ان کے گھر والوں نے نو عمری کے دوران ان کی خاصی مدد کی اور پھر انہوں نے آہستہ آہستہ پڑھنا اور لکھنا سیکھنا شروع کیا جس کے بعد وہ کالج میں داخلہ لینے کے قابل ہوگئے۔

    اسی دوران جیسن کے قریبی دوستوں اور کالج کے ٹیچرز نے انہیں کیریئر کے حوالے سے ترغیب دی، بعد ازاں یونیورسٹی آف سرے میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد جیسن اسکول میں فزیکل ایجوکیشن کے ٹیچر بن گئے۔

    اسکول ٹیچر بننے کے بعد بھی انہوں نے تعلیم کا حصول جاری رکھا اور وہ لیورپول جان مورز یونیورسٹی سے ایجوکیشنل اسٹیڈیز میں 2 ماسٹرز ڈگری اور پی ایچ ڈی کرنے کے بعد پروفیسر بن گئے۔

    جیسن کا کہنا ہے کہ ایک اسکول ٹیچر بننے سے مجھے عدم مساوات کے بارے میں پہلی بار سمجھ آئی جس کا سامنا نسلی اقلیتوں کے نوجوانوں کو تعلیم میں کرنا پڑتا ہے۔

    کیمبرج یونیورسٹی کی ویب سائٹ کے مطابق، جیسن جب 27 سال کے تھے انہوں نے پی ایچ ڈی کی تعلیم کے دوران اپنے کمرے کی دیوار پر زندگی کے کچھ اہداف لکھے تھے جس میں یہ ایک تھا کہ میں ایک دن آکسفورڈ یا کیمبرج میں کام کروں گا۔

    جیسن نے بچپن کی دماغی معذوری سے لڑتے ہوئے مسلسل محنت جاری رکھی اور اب دنیا کی اعلیٰ ترین یونیورسٹیوں میں سے ایک کیمبرج میں بحیثیت پروفیسر تعینات ہوگئے۔

    جیسن 6 مارچ سے کیمبرج یونیورسٹی میں سوشیالوجی آف ایجوکیشن پڑھائیں گے۔

  • کراچی کا ڈسٹرکٹ سینٹرل جرائم کی آماجگاہ ، مسلح ملزمان  باری باری علاقہ مکینوں  کو لوٹنے لگے

    کراچی کا ڈسٹرکٹ سینٹرل جرائم کی آماجگاہ ، مسلح ملزمان باری باری علاقہ مکینوں کو لوٹنے لگے

    کراچی : سمن آباد بلاک 18 فیڈرل بی ایریا میں اسٹریٹ کی وارداتیں بڑھ گئی اور مسلح ملزمان باری باری علاقہ مکینوں کو لوٹنے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈسٹرکٹ سینٹرل جرائم پیشہ عناصر کی آماجگاہ بن گیا ، سمن آباد بلاک 18 فیڈرل بی ایریا میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں جاری ہے۔

    مسلح ملزمان باری باری علاقہ مکینوں کو لوٹ رہے ہیں ، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے پہلے اسلحے کے زور پر کارسوار پھر موٹرسائیکل سوار کو لوٹا۔

    جس کے بعد ملزمان کو موٹرسائیکل پر آتے دیکھا جا سکتا ہے، ایک ملزم نے اترتے ہی پستول نکالی اور کار کی جانب گیا ،معصوم بچہ اپنے والد کو لٹتے ہوئے دیکھتا رہا۔

    ملزم نے کار سوار کو لوٹنے کے بعد موٹرسائیکل کا رخ کیا ،موٹر سائیکل سوار کو بھی لوٹا اور فرار ہوگئے۔

    حیرت انگیز طور پر موٹر سائیکل پر بیٹھا ملزم گھر کے دروازے پر کھڑے نوجوان کو اشارے کرتا رہا ، بظاہر ملزم اس کو اندر جانے کا بولتا رہا تاکہ وہ محفوظ رہے۔

    فوٹیج میں ملزمان کے چہرے واضح طور پر پہچانے جا سکتے ہیں۔

  • سپریم کورٹ نے وزیر اعظم کو گلگت بلتستان میں ججز تعیناتی سے روک دیا

    سپریم کورٹ نے وزیر اعظم کو گلگت بلتستان میں ججز تعیناتی سے روک دیا

    اسلام آباد: سپریم کورٹ میں گلگت بلتستان میں ججز تعیناتی کے خلاف کیس میں عدالت نے بڑا فیصلہ کر لیا، سپریم کورٹ نے وزیر اعظم کو گلگت بلتستان میں ججز تعیناتی سے روک دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ججز تعیناتی کیس میں عدالت نے مقدمے کے فیصلے تک تعیناتیوں پر حکم امتناع جاری کر دیا، وفاقی حکومت نے جواب دینے کے لیے عدالت سے مزید وقت مانگ لیا۔

    ججز تعیناتی کے خلاف وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ انھیں ایک ہفتے کی مہلت دی جائے۔

    وزیر اعلیٰ جی بی کے وکیل مخدوم علی خان کی جانب سے وقت مانگنے کی مخالفت کی گئی، انھوں نے کہا کہ ایک سال سے مقدمہ زیر التوا ہے، یہ کیس عدالت میں ہے لیکن پھر بھی ججز تعیناتیاں کی جا رہی ہیں۔

    جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے استفسار کیا کہ کیا وزیر اعلیٰ کی ایڈوائس ججز تعیناتی میں ضروری ہے؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ اس نکتے پر وہ تفصیلی دلائل دیں گے۔

    جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس میں کہا کہ ایک دو ہفتے تعیناتیاں نہ بھی ہوں تو کچھ نہیں ہوگا۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے جی بی سپریم اپیلیٹ کورٹ میں تعینات ججز کو بذریعہ رجسٹرار نوٹس جاری کر دیا ہے، جسٹس اعجاز الحسن نے اس پر کہا کہ ججز چارج سنبھال چکے ہیں، انھیں نوٹس دینے کی قانونی حیثیت آئندہ سماعت پر طے کریں گے۔

    جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے ریمارکس دیے کہ ججز کو نوٹس کرنا مناسب نہیں ہوگا، جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ جی بی میں ججز تعینات کون کرتا ہے؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ججز تعیناتی وزیر اعظم پاکستان کرتے ہیں۔

    عدالت نے مزید سماعت 15 مارچ تک ملتوی کر دی، اس کیس کی سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کر رہا ہے۔

  • پیوٹن نے ہالی وڈ اسٹار اسٹیون سیگال کو اہم اعزاز سے نواز دیا

    پیوٹن نے ہالی وڈ اسٹار اسٹیون سیگال کو اہم اعزاز سے نواز دیا

    روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ہالی وڈ اسٹار اسٹیون سیگال کو آرڈر آف فرینڈ شپ اعزاز سے نواز دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آرڈر آف فرینڈ شپ ایوارڈ بین الاقوامی تعلقات میں بہتری کیلئے اقدامات پر دیا جاتا ہے۔

    اسٹیون سیگال کو آرڈر آف فرینڈ شپ ایوارڈ ملنے سے قبل روس کی شہریت بھی دی جا چکی ہے جبکہ روس نے سیگال کو 2018 میں امریکا اور جاپان کیلئے وزارت خارجہ کا مندوب بھی مقرر کیا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق امریکی اداکار اسٹیون سیگال کریمیا کو روس کا حصہ بنائے جانے کے حق میں ہیں۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر دھند، جدہ سے آنے والی فلائٹ لینڈ نہ ہو سکی

    کراچی: دھند کے باعث جدہ سے آنے والی فلائٹ کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ نہ ہو سکی۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ سے کراچی آنے والی نجی ایئر لائن کی پرواز کو کراچی ایئر پورٹ پر حد نگاہ کم ہونے سے لینڈنگ کی اجازت نہیں ملی۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ایئر بلیو کی پرواز 171 کا رخ ملتان کی طرف موڑا گیا، جہاں طیارہ لینڈ کر گیا ہے، کراچی سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے سمیت 2 نجی ایئر لائنوں کی پروازیں بھی متاثر ہو گئی ہیں۔

    ذرائع ایئرپورٹ کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ کے ارد گرد حد نگاہ بہت کم ہو گئی ہے جس کی وجہ سے شیڈول پروازوں کی روانگی میں بھی تاخیر ہو گئی ہے۔ تاہم ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ موسم ٹھیک ہوتے ہی فلائٹ آپریشن معمول پر آ گیا ہے۔