Tag:

  • ملک بھر میں پاور ہاؤسز کو تیل کی سپلائی میں کمی کر دی گئی

    ملک بھر میں پاور ہاؤسز کو تیل کی سپلائی میں کمی کر دی گئی

    لاہور: ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں پاور ہاؤسز کو تیل کی سپلائی میں کمی کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں پاور ہاؤسز کو تیل کی سپلائی میں کمی کر دی گئی ہے، جس کے تناظر میں لیسکو نے 2 سے 4 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا شیڈول دے دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں ایک سے 3 کیٹیگری کے فیڈرز پر روزانہ 2 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوگی، دورانیہ صبح 7 سے شام 7 بجے تک ہوگا، ہائی لاسز فیڈرز پر 4 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق صنعتوں کو لوڈ شیڈنگ سے استثنیٰ حاصل ہوگا، واضح رہے کہ لیسکو میں بجلی کی طلب 2400 میگا واٹ ہے۔

    ایک طرف بجلی کا بحران اور دوسری طرف ملک بھر میں گیس کا بحران بھی شدت اختیار کر گیا ہے، کہیں کبھی کبھار گیس آتی ہے اور کہیں کئی کئی دن غائب رہتی ہے۔

    ملک میں بیش ترعلاقوں سے گیس بالکل ہی غائب ہو گئی ہے، مگر ہر ماہ بل ضرور آتا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے تماشا بنا رکھا ہے، ملک نہیں چلا سکتے تو کرسی چھوڑ دیں۔

    گیس کی بندش کی وجہ سے شہری روٹی اور سالن باہر سے خریدنے پر مجبور ہو چکے ہیں، تندور کی روٹی بھی مہنگی ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے عام آدمی کا کوئی پرسان حال نہیں رہا۔

  • کراچی: پولیس کی مشتبہ موٹر سائیکل روکنے کی کوشش، موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی

    کراچی: پولیس کی مشتبہ موٹر سائیکل روکنے کی کوشش، موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی رینجرز اور پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی، دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے منگھو پیر روڈ پر رینجرز اور پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران مشترکہ کارروائی کی، دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی گئی، فرار ہوتے ملزمان نے رینجرز اور پولیس پر فائرنگ کردی، ملزم فیصل خان عرف مینیجر گرفتار ہوگیا جبکہ ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔

    ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم سہراب گوٹھ میں مٹھائی کی دکان پر ڈکیتی میں بھی ملوث ہے، واردات میں ملزم کا ایک ساتھی ارباز سیکیورٹی گارڈ کی گولی لگنے سے ہلاک ہوا تھا۔

    ملزمان دکان کے مالک سے 10 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوئے تھے، گرفتار ملزم فیصل کو واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

  • امریکا کا بڑا کرپٹو کرنسی فراڈ، بانی ایف ٹی ایکس بینکمین فرائیڈ 25 کروڑ ڈالر کی ضمانت پر رہا

    نیویارک: امریکا کے بڑے کرپٹو کرنسی فراڈ میں ملوث کرپٹوکرنسی ایکسچینج کمپنی ایف ٹی ایکس کے بانی سیموئل بینکمین فرائیڈ کو عدالت نے 250 ملین ڈالر کے ضمانتی پیکج پر رہا کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق FTX کے صارفین اور سرمایہ کاروں کو ایک سال تک دھوکے میں رکھنے کے کرپٹو کرنسی انڈسٹری کو ہلا دینے والے فراڈ کیس میں بینکمین فرائیڈ کو گرفتار کیا گیا تھا، جمعرات کو انھیں پہلی بار مین ہٹن کے مجسٹریٹ جج کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں انھیں 25 کروڑ ڈالر کی ضمانت پر رہا کیا گیا۔

    ضمانتی پیکج کے مطابق 30 سالہ سابق ایف ٹی ایکس باس کو کیلیفورنیا میں ان کے والدین کے گھر میں نظر بند رہنا پڑے گا، وفاقی پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ جس ضمانتی رقم پر بینکمین کو رہا کیا گیا ہے وہ امریکی تاریخ کے سب سے بڑے ’پری ٹرائل بانڈز‘ میں سے ایک ہے۔

    بینکمین پر مین ہٹن کے وفاقی استغاثہ نے 13 دسمبر کو فرد جرم عائد کی تھی، ان پر الزام ہے کہ ایک سال تک انھوں نے ایف ٹی ایکس کے صارفین کے اربوں ڈالر کے فنڈز ذاتی اخراجات، سیاسی عطیات اور جائیدادیں خریدنے کے لیے غیر قانونی طور پر استعمال کیے، اور یہ کام انھوں نے اپنی دوسری کرپٹو کمپنی المیڈا ریسرچ کے ذریعے کیا۔

    ساتھیوں کا اعتراف جرم

    بینکمین فرائیڈ کی مشکلات اس وقت بڑھیں جب بدھ کو سام بینکمین کے دو ساتھیوں ایف ٹی ایکس کے شریک بانی گیری وانگ اور المیڈا ریسرچ کی سابق چیف ایگزیکٹو کیرولین ایلیسن نے دھوکا دہی کے الزامات کو درست تسلیم کر لیا، انھوں نے فراڈ کیس کی تحقیقات میں تعاون کی بھی ہامی بھری۔

    بینکمین فرائیڈ اور گرفتاری

    سابق ارب پتی بینکمین کو 12 دسمبر کو بہاماس میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا، جہاں انھوں نے ایف ٹی ایکس کی بنیاد رکھی تھی۔ ان کی ضمانت پر رہائی کی مخالفت اس لیے نہیں کی گئی کیوں کہ مقدمے کا سامنا کرنے کے لیے وہ رضاکارانہ طور پر امریکا واپس آئے تھے، اس سے قبل انھوں نے اشارہ دیا تھا کہ وہ حوالگی کے خلاف قانونی جنگ لڑیں گے۔

    نیویارک میں وفاقی استغاثہ نے گزشتہ ہفتے ایک پریس کانفرنس میں اس کیس کو ’امریکی تاریخ کے سب سے بڑے مالی فراڈوں میں سے ایک‘ قرار دیا۔ بینکمین فرائیڈ نے عدالت پیشی پر جرم کا اعتراف یا انکار نہیں کیا۔ اس سے قبل انھوں نے خود پر لگے الزامات کی تردید کی تھی۔

    بینکمین نے بی بی سی کو ایک بیان میں کہا تھا کہ ’’میں نے جان بوجھ کر فراڈ نہیں کیا، مجھے نہیں لگتا کہ میں دھوکا دہی کا مرتکب ہوا ہوں، میں نہیں چاہتا تھا کہ ایسا کچھ ہو، میں یقینی طور پر اتنا قابل نہیں تھا جتنا میں سمجھتا تھا کہ میں ہوں۔‘‘

    ضمانتی پیکج میں پاسپورٹ حوالے کرنا بھی شامل تھا، اور یہ بھی کہ وہ دماغی صحت کا باقاعدہ علاج کریں گے، ان کے والدین نے بھی 250 ملین ڈالر کے بانڈ پر دستخط کرنے ہیں۔ ان کی اگلی پیشی 3 جنوری کو شیڈول ہے۔

    ایف ٹی ایکس

    سیموئل بینکمین فرائیڈ اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے دو پروفیسرز جوزف بینکمین اور باربرا فرائیڈ کی اولاد ہیں، انھوں نے 2019 میں FTX کی بنیاد رکھی تھی، وہ اپنے نام کے مخفف SBF سے پہچانے جاتے ہیں۔ انھیں کرپٹو کی دنیا کا ہیرو اور ’کنگ آف کرپٹو‘ سمجھا جاتا ہے۔

    وہ ایک اور حوالے سے بھی بہت مشہور ہیں، انھوں نے کئی کمپنیوں کو پیروں پر کھڑا ہونے میں مدد کی اور خیراتی اداروں کو بڑے پیمانے پر عطیات دیں۔

    جب ان کی کمپنی ایف ٹی ایکس، جس کی مالیت 30 ارب ڈالر تھی، دیوالیہ ہو کر دھڑام سے گری تو اس نے پوری کرپٹو انڈسٹری کو نڈھال کر دیا تھا، دیگر کرپٹو کمپنیوں کو اس کی وجہ سے دیوالیہ پن کا سامنا کرنا پڑا، اور کرپٹو کرنسی کی قدر میں مزید کمی ہوئی۔

    جب صارفین اور سرمایہ کاروں کو یہ اطلاع ملی کہ اس کمپنی کے مالیات متزلزل ہو چکی ہیں، تو وہ دھڑا دھڑ اپنے فنڈز نکالنے لگے، جس پر کمپنی نے نومبر میں دیوالیہ ہونے کا اعلان کر دیا۔ اسی دن بینکمین فرائیڈ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے مستعفی ہوئے، اس سے قبل وہ جان بوجھ کر دیوالیہ ہونے کی تردید کرتے رہے تھے، اور کہتے تھے کہ وہ صارفین کے فنڈز بحال کرنے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

    انھوں نے مختلف انٹرویوز میں کہا کہ کمپنی کا خاتمہ جان بوجھ کر دھوکا دہی کی بجائے انتظامی غلطیوں کی وجہ سے ہوا تھا۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ المیڈا کو منتقل کی جانے والی رقم کو دھوکا دہی کی بجائے بدانتظامی کے طور پر بیان کرنا بہت مشکل ہے، اور اس کے سابق ساتھیوں کی گواہی بینکمین فرائیڈ کے لیے تباہ کن ہو سکتی ہے۔

  • ’باکسنگ سمیت دیگر کھیلوں کے کھلاڑی بھی بیرون ملک غائب ہونے لگے‘

    کراچی: باکسنگ سمیت دیگر کھیلوں کے کھلاڑی بھی بیرون ملک غائب ہونے لگے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ قومی سیپاک ٹاکرا ٹیم کا کھلاڑی ارشد واجہ 30 نومبر کو کوریا میں غائب ہوگیا۔

    ارشد واجہ نے کوریا جانے سے پہلے ملازمت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

    واضح رہے کہ تین ماہ قبل برمنگھم میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کے بعد واپسی پر 2 پاکستانی باکسرز غائب ہوگئے تھے دونوں باکسرز کے سفری کاغذات باکسنگ فیڈریشن کے حکام کے پاس ہی تھے۔

    یہ پڑھیں: کامن ویلتھ گیمز سے واپسی پر 2 پاکستانی باکسرز غائب

    باکسرز کے نہ ملنے پر ٹیم برطانیہ سے دونوں باکسرز کو لیے بغیر وطن روانہ ہوئی تھی، ایونٹ میں پاکستان نے 18ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل سری لنکا کے کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کیلئے برطانیہ جانے والے دستے کے 10 ارکان کے غائب ہونے کی اطلاعات آئی تھیں۔

  • سرد موسم سے بیزار رپورٹر نے آن اسکرین جلی کٹی سنا ڈالیں

    شدید سرد موسم اور برف باری کے دوران ہر شخص اپنے گھر میں رہ کر حرارت سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہے، لیکن کچھ ملازم ایسے ہوتے ہیں جنہیں مجبوراً اس موسم میں باہر نکل کر کام کرنا پڑتا ہے۔

    ایسی ہی صورتحال ایک امریکی اسپورٹس رپورٹر کو پیش آئی جسے مجبوراً موسم کی صورتحال بتانے کے لیے باہر جانا پڑا اور ایسے میں وہ اپنی خفگی چھپا نہیں سکا اور آن اسکرین ہی گلے شکوے کر ڈالے۔

    مارک ووڈلے نامی صحافی امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے ذیلی ادارے کے ڈبلیو ڈبلیو ایل سے بطور اسپورٹس رپورٹر وابستہ ہیں، لیکن سرد موسم اور برفباری کی وجہ سے کھیلوں کی تمام سرگرمیاں منسوخ کردی گئیں جس کے بعد مارک کو ان کے دفتر کی جانب سے باہر جا کر موسم کی صورتحال پر رپورٹنگ کرنے کے لیے کہا گیا۔

    ایسے میں ان کی بیزار کن اور طنزیہ رپورٹنگ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    وائرل ویڈیو میں جب اسٹوڈیو میں بیٹھا اینکر مارک سے موسم کی صورتحال پوچھتا ہے تو مارک جلی کٹی سنانا شروع کردیتے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ میں اپنے معمول کے وقت سے 5 گھنٹے پہلے جاگ گیا ہوں اور یخ بستہ ہوا اور برفباری میں باہر کھڑا ہوا ہوں اور لوگوں کو یہ بتا رہا ہوں کہ وہ باہر نہ نکلیں۔

    مارک نے اپنی بیزاری اور ناراضگی چھپانے کی ذرا بھی کوشش نہیں کی اور کہا کہ میں اسپورٹس رپورٹر ہوں لیکن سب کچھ منسوخ ہوچکا ہے اس لیے مجھے باہر نکلنا پڑا۔

    ایک اور جگہ وہ کہتے ہیں کہ میں عموماً شام کے وقت اندر بیٹھ کر نصف گھنٹے کا پروگرام کرنے کا عادی ہوں لیکن اب باہر نکل کر مجھے طویل وقت تک رپورٹنگ کرنی ہے لہٰذا اب میری بدمزاجی میں اضافہ ہوتا پائیں گے۔

    ایک اور موقع پر جب اینکر ان سے دوبارہ موسم کی صورتحال پوچھتا ہے تو وہ کہتے ہیں، بالکل ویسا ہی جیسے 8 منٹ پہلے تھا۔

    بعد ازاں مارک نے کہا کہ ایسا ہر سال ہوتا ہے جب سرد موسم آتا ہے اور سب کچھ بند ہوجاتا ہے تو انہیں موسم کی رپورٹنگ کے لیے باہر جانا پڑتا ہے، رپورٹنگ کے دوران ان کا انداز فطری ہے اور وہ درحقیقت اسی مزاج کے ہیں۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں پچھلی شب 3 بجے علم ہوا کہ انہیں جلدی جانا ہے اور باہر نکل کر رپورٹنگ کرنی ہے جس کی وجہ سے وہ اپنی نیند بھی پوری نہیں کرسکے تھے۔

    مارک کے مطابق ان کے مینیجرز کو ابھی ان کے اس انداز پر کوئی اعتراض نہیں لہٰذا یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے۔

    انہوں نے یہ ویڈیو اپنے ٹویٹر پر بھی پوسٹ کی اور کہا کہ میں نے اپنی بہن کے کہنے پر اسے ٹویٹر پر پوسٹ کیا، میرا خیال تھا کہ 20 سے 30 لوگ اسے دیکھ لیں گے، لیکن تھوڑی دیر بعد ہی مجھے میسجز آنا شروع ہوگئے کہ میری ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔

    مارک کی اس ویڈیو کو ان کے ٹویٹر پر اب تک کئی لاکھ افراد دیکھ چکے ہیں اور اس پر مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔

  • کس پارٹی میں جانا ہے یہ فیصلہ باہمی مشاورت سے ہوگا، چوہدری نثار

    کس پارٹی میں جانا ہے یہ فیصلہ باہمی مشاورت سے ہوگا، چوہدری نثار

    راولپنڈی: مسلم لیگ(ن) کے منحرف رہنما چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ مجھے کس پارٹی میں جانا ہے یہ فیصلہ باہمی مشاورت سے ہوگا۔

    سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں کوئی سیاسی پارٹی نہیں بنا رہا میری اس وقت تمام تر توجہ اپنےحلقےکےعوام کو متحرک کرنے پر ہے۔

    سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان سے دوستی ، تعلق اور احترام کا رشتہ ہے،کس پارٹی میں جانا ہے یہ فیصلہ باہمی مشاورت سے ہوگا۔

    چوہدری نثار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ میں کافی عرصہ رہا، ان سے بھی میرا رابطہ ہے، اس وقت میں عوام کے پاس خدمت کی غرض سے آیا ہوں۔

    سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے الیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ خونی الیکشن ہوگا یہ میرا مؤقف ہے، الیکشن ہمیشہ بہت ساری سختیوں کو کم کر دیتا ہے

  • بھارت: ناک کے ذریعے دی جانے والی دنیا کی پہلی کرونا ویکسین استعمال کے لیے منظور

    نئی دہلی: بھارتی حکومت نے ناک کے ذریعے دی جانے والی دنیا کی پہلی کرونا ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دے دی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی محکمہ صحت نے جمعہ کو بھارت بائیوٹک کی تیار کردہ نیزل کووِڈ ویکسین کو بوسٹر ڈوز کے طور پر منظور کر لیا ہے، ابتدائی طور پر یہ نجی مراکز پر دستیاب ہوگی۔

    بھارتی حکومت نے گزشتہ روز 23 دسمبر کو دنیا کی پہلی منظور شدہ نیزل کووڈ ویکسین کی تقسیم شروع کر دی ہے۔ یہ ویکسین وسیع طور پر قوت مدافعت کے عمل کو متحرک کرنے میں مددگار ہوگی۔

    کرونا وائرسز عام طور پر ناک میں موجود میوکوسا نامی ٹشو کے ذریعے جسم میں داخل ہوتے ہیں، اور میوکوسل جھلی میں موجود خلیات اور مالیکیولز کو متاثر کر دیتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق نیزل شاٹ کے ذریعے سے وائرس کو جسم میں داخل ہونے سے پہلے ہی ختم کیا جا سکتا ہے، بھارت بائیوٹک کے مطابق یہ نیزل ویکسین دیگر ویکسینوں سے کافی الگ اور زیادہ مؤثر ہے۔

    ناک کے ذریعے دی جانے کی وجہ سے انجیکشن کی تکلیف سے لوگ بچ جائیں گے، اسے استعمال میں لانا بھی آسان ہے اور گھر پر بھی رکھی جا سکتی ہے، اور استعمال کے لیے تربیت یافتہ طبی عملے کی ضرورت نہیں پڑتی۔

    نیزل ویکسین کی ایک ڈوز کل 8 قطروں پر مشتمل ہے (0.5 ملی لیٹر فی خوراک)، 4 قطرے ہر نتھنے میں ڈالے جائیں گے، اور 4 ہفتوں کے وقفے سے اس کی 2 خوراکیں دی جائیں گی۔

  • پاک نیوزی لینڈ ملتان ٹیسٹ اب کس شہر میں ہوگا؟

    پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ملتان ٹیسٹ بھی موسم کی خرابی کے باعث کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بتایا کہ ملتان میں دھند کی وجہ سے وینیو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دوسرا ٹیسٹ بھی کراچی میں ہوگا۔

    دونوں بورڈز کی مشاورت کے بعد ملتان سے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے اور اس کی تاریخ میں بھی رد و بدل کر دی گئی ہے۔

    پاکستان اور نیوزی کے درمیان دوسرا ٹیسٹ اب 3 کی بجائے 2 جنوری 2023 سے کراچی میں شروع ہو گا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ دوسرا ٹیسٹ میچ ملتان میں کھیلا جانا تھا لیکن خراب موسم کی وجہ سے میچ ملتان سے کراچی شفٹ کیا گیا۔

  • تہلکہ خیز خبر، 38 کالجوں، اسکولوں کے تمام طلبہ فیل ہو گئے

    کراچی: صوبہ سندھ میں تین درجن سے زائد کالجوں اور اسکولوں میں تمام طلبہ فیل ہونے کی تہلکہ خیز خبر سامنے آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں تعلیمی نظام تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے، انٹر میڈیٹ بورڈ کے امتحانات میں حیران کن نتاٸج سامنے آئے ہیں۔

    انٹرمڈیٹ بورڈ نے کالجوں کی کارگردگی کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، کراچی کے 38 کالجوں میں ایک بھی طالب علم کامیاب نہ ہو سکا ہے، 25 سرکاری اور 13 نجی کالجوں اور اسکولوں کے تمام طلبہ فیل ہو گٸے ہیں۔

    ان کالجوں اور اسکولوں میں پرنسپلز طلبہ کی تعداد بھی بڑھانے میں ناکام ہوٸے، بورڈ نے ان تعلیمی اداروں کی کارگردگی پر رجسٹریشن سرٹیفکیٹ معطل کر دیے ہیں۔

    انٹرمڈیٹ بورڈ کے مطابق طلبہ سائنس گروپ کے سالانہ امتحان ایچ ایس سی پارٹ ٹو میں فیل ہوئے ہیں، ان میں جنرل، پری میڈیکل اور پری انجنیئرنگ سب شامل ہیں۔

    سرکاری کالجز میں گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج رزاق آباد، گورنمنٹ کالج فار وومن کورنگی نمبر 5، گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج منگھوپیر، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سرجانی ٹاؤن، گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج شمس پیر بابا بٹھ، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سیکٹر 11 اورنگی ٹاؤن شامل ہیں۔

    پرائیویٹ کالجز میں ایف جی بوائز انٹر کالج، آئیڈیل ڈگری کالج گلشن اقبال، ساؤتھ سٹی کالج، الحمد کالج آف پروفیشنل ایجوکیشن، پاکستان اسٹیل مادر ملت گرلز ڈگری کالج اسٹیل ٹاؤن، میمن ڈگری کالج، اور بحریہ ماڈل کالج ڈی ایچ اے فیز ٹو شامل ہیں۔

  • پاکستانی پاسپورٹس پر ملازمت کیلئے سعودیہ جانے والے 3 افغان شہری گرفتار

    کراچی: جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 3 افغان شہری کو گرفتار کرلیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق  پاکستانی پاسپورٹس پرملازمت کے لئے سعودیہ جانے والے 3 افغان شہری گرفتار کرلیا گیا، محمد سلیم اور حمیداللہ نامی افغان شہریوں نے ایجنٹ کی مدد سے پاکستانی سفری دستاویزات حاصل کی تھیں۔

    حکام نے بتایا کہ امیگریشن چیکنگ کے دوران تینوں افغان شہری پاکستان میں رہائش کے بارے تسلی بخش جوابات نہیں دے سکے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ دوران چیکنگ ملزمان کے مو بائل فونز سے افغان اسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات بھی برآمد ہوئیں، ملزمان کو آف لوڈ کرنے کے بعد مزید کارروائی کے لئے ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل منتقل کر دیا گیا۔