Tag: 22 جنوری

  • کراچی میں 22 جنوری سے سردی   میں کمی کا امکان

    کراچی میں 22 جنوری سے سردی میں کمی کا امکان

    کراچی : محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 22 جنوری سے سردی میں کمی کاامکان ہے ، آج بھی کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کوئٹہ میں پارہ منفی10ڈگری سینٹی گریڈ پہنچ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سردی کی لہر برقرار ہے، آج کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت23 ڈگری تک جاسکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 22 جنوری سے سردی میں کمی کاامکان ہے جبکہ آج شہر کا مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔

    خیال رہے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا تھا کہ کراچی میں جمعہ اور ہفتہ کودرجہ حرارت مزید گرنے کا امکان ہے ، درجہ حرارت 6 ڈگری تک جاسکتا ہے۔

    کو ئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سےگرگیا، وادی کوئٹہ کے اطراف کے پہاڑ سفید چادر اوڑھے ہوئے ہیں اور پارہ منفی10 ڈگری  سینٹی گریڈ پہنچ گیا۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں رواں ہفتے درجہ حرارت میں مزید کمی کی پیش گوئی

    محکمہ مو سمیات کے مطابق زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 13 ، قلات میں منفی 12، ژوب میں منفی 2،دالبندین میں منفی 3 اور پنجگور اور نوکنڈی میں صفر ڈگری سیٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد رہے گا،محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے میں کراچی،کوئٹہ،لاہور، اسلام آباد،پشاور سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنےکی پیشگوئی کی ہے،جبکہ شمالی علاقوں اور بلو چستان کے اضلاع آج بھی یخ بستہ ہواؤں کی لپیٹ میں رہیں گے۔

  • پارک لین ریفرنس، آصف زرداری اور فریال تالپور پر 22 جنوری کو فرد جرم عائد کی جائے گی

    پارک لین ریفرنس، آصف زرداری اور فریال تالپور پر 22 جنوری کو فرد جرم عائد کی جائے گی

    اسلام آباد: احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور پر 22 جنوری کو فردجرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام ملزمان کو طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس میں پارک لین اور منی لانڈرنگ ریفرنسز پر سماعت ہوئی ، :احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے سماعت کی۔

    سابق صدر آصف زرداری عدالت میں پیش نہ ہو سکے، آصف زردادی کی جانب سے آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی ، وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا آصف زرداری کا علاج کراچی میں جاری ہے، ان کو متعدد امراض لاحق ہیں۔

    فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے ریفرنس میں شامل ملزمان کو نوٹس جاری کردیا ، ملزمان میں آصف زرداری، فریال تالپور، انور مجید،عبدالغنی مجید،حسین لوائی ، نمر مجید، یونس قدوائی سمیت دیگر افراد بھی شامل ہیں۔

    تفتیشی افسر نے کہا ضمنی ریفرنس میں 9نئےملزمان بھی شامل کئے گئے ہیں، 5ملزمان کا نام فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب نے آٹھواں ریفرنس دائر کر دیا

    احتساب عدالت نےکہا  پارک لین ریفرنس میں ،آصف زرداری، فریال تالپور سمیت تمام ملزمان پر آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کی جائے گی اور تمام ملزمان کوآئندہ حاضری یقینی بنانےکاحکم دیتے ہوئےسماعت22 جنوری تک  ملتوی کردی۔

    یاد رہے گزشتہ سماعت پر نیب کی جانب سے تمام ملزمان پر فرد جرم کی کارروائی شروع کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں پہلا نیب ریفرنس باقاعدہ سماعت کے لیے 4 اپریل 2019 کو مقرر کیا گیا تھا، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سماعت کی، عدالت نے جن افراد کو طلب کیا تھا ان میں آصف زرداری کے قریبی ساتھی یونس قدوائی، کے ایم سی کے چار سابق اور چار اس وقت کے موجودہ افسران شامل تھے۔

    جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار عبدالغنی مجید سمیت 7 ملزمان نے 10 ارب 66 کروڑ روپے کی پلی بارگین بھی کی ہے، ملزمان نے سندھ اور اسٹیل ملز کی سرکاری زمینوں میں خرد برد کی تھی۔

    خیال رہے اسلام آباد ہائی کورٹ نے منی لارنڈرنگ اور پارک لین کے مقدمات میں 11 دسمبر کو آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کی تھی، آصف زرداری اور فریال تالپور پر جعلی اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کاالزام ہے ۔