قصور : 23 اگست کو تعطیل کا اعلان کردیا گیا ، ہفتہ کے روز تمام سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور دیگر سرکاری و عوامی ادارے بند رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق قصور کی ضلعی انتظامیہ نے صوفی شاعر حضرت بابا بلھے شاہؒ کے 268ویں سالانہ عرس کی مناسبت سے 23 اگست، بروز ہفتہ کو مقامی تعطیل کا اعلان کردیا۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہفتہ کے روز تمام سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور دیگر سرکاری و عوامی ادارے بند رہیں گے، جس کے باعث ضلع کے مکین دو روزہ ویک اینڈ سے لطف اندوز ہوں گے۔
حضرت بابا بلھے شاہؒ کے تین روزہ عرس کی تقریبات 22 اگست سے شروع ہوں گی اور 24 اگست 2025 تک جاری رہیں گی۔
اس موقع پر ملک بھر سے عقیدت مند قصور پہنچیں گے، جہاں محفل سماع، صوفی کلام کی محافل اور روایتی رسومات ادا کی جائیں گی۔
سالانہ عرس کو پنجاب کے اہم ثقافتی اور روحانی میلوں میں شمار کیا جاتا ہے، جو ہر سال ہزاروں زائرین اور عقیدت مندوں کو اپنی جانب راغب کرتا ہے۔
مزید پڑھیں : پاکستانیوں کے لیے ستمبر کے آغاز میں ایک ساتھ 3 روزہ تعطیلات کا امکان
خیال رہے پاکستانیوں کو اگلے ماہ ستمبر کے آغاز میں ایک ساتھ تین روزہ طویل تعطیلات کا موقع ملنے جا رہا ہے۔
اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کی پیش گوئی کے مطابق 24 اگست کو ماہِ ربیع الاول کا چاند نظر آنے کا امکان ہے۔ اگر یہ پیش گوئی درست ثابت ہوئی تو عید میلاد النبی ﷺ 5 ستمبر بروز جمعہ کو ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منائی جائے گی، جس دن سرکاری تعطیل ہوگی۔
اس کے اگلے روز 6 ستمبر کو یومِ دفاع پاکستان کی مناسبت سے عام تعطیل متوقع ہے، جب قوم اپنے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جبکہ 7 ستمبر اتوار کی معمول کی چھٹی ہوگی۔