Tag: 23 July 2025

  • پاکستان میں سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ، فی تولہ سونا کتنے کا ہوگیا؟

    پاکستان میں سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ، فی تولہ سونا کتنے کا ہوگیا؟

    کراچی(23 جولائی 2025): پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں آج  بڑا اضافہ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 3700 روپے کا اضافہ ہوا اور فی تولہ کی قیمت 3 لاکھ 64 ہزار 900 روپے پر پہنچ گئی۔

    اسی طرح 10گرام سونا 3171 روپے اضافے سے 3 لاکھ 12 ہزار 842 روپے کا ہوگیا، عالمی مارکیٹ مارکیٹ میں سونا 37 ڈالر اضافے سے 3424 ڈالر کا ہو گیا۔

    پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت

    واضح رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔

    اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔

    پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔

    سونے سے 200 فی صد منافع، ہر کاروبار پر سبقت مل گئی

  • سیکریٹری فوڈ سیکیورٹی نے چینی برآمد کرنے کی انوکھی منطق پیش کردی

    سیکریٹری فوڈ سیکیورٹی نے چینی برآمد کرنے کی انوکھی منطق پیش کردی

    اسلام آباد(23 جولائی 2025): پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) میں چینی کی درآمد کے لیے ٹیکسز کو 18 فیصد سے کم کرکے 0.2 فیصد کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین جنید اکبر خان کی زیر صدارت ہوا، جس میں کمیٹی کے ارکان سمیت متعلقہ سرکاری اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

    سیکرٹری نیشنل فوڈ سکیورٹی نے چینی کی قیمتوں کے حوالے سے بریفنگ دی جس میں انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں چینی کی پیداوار رواں سال کم ہوئی ہے۔

    نیشنل فوڈ سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ چینی کی برآمد کی اجازت وفاقی کابینہ کی جانب سے دی گئی، چینی پر چار طرح کی ڈیوٹیاں عائد تھی، یہ ڈیوٹیاں کم یا ختم کردی گئیں، چینی پر عائد 20 فیصد کسٹم ڈیوٹی ختم کردی گئی، سیلز ٹیکس 18 فیصد سے 25.25 فیصد فیصد کردیا گیا اور ایڈوانس انکم ٹیکس بھی کم کردیا گیا ہے۔

    ’حکومتی ریٹ پر ملزمالکان چینی دینے کو تیار نہیں‘

    چینی کی برآمد پر سیکریٹری فوڈ سیکیورٹی نے انوکھی منطق پیش کردی اور کہا کہ کسانوں کو نقصان سے بچانےکیلئے ساڑھے 7 لاکھ ٹن چینی برآمد کی اجازت دی گئی، ملک میں اس وقت 7.7 ملین ٹن چینی دستیاب تھی۔

    چیئرمین پی اے سی جنید اکبر  نے کہا کہ یہ تو کسانوں کے نام پر مذاق کیا گیا ہے، ریاض فتیانہ نے کہا کہ کسان غریب اور چینی مافیا امیر ہوگیا، گندم اور پاور اسکینڈل کے بعد حکومت کا تیسرا چینی اسکینڈل سامنے آگیا، کارٹلز نے کسانوں کو کوئی فائدہ نہیں پہنچایا۔

    نیشنل فوڈ سیکیورٹی حکام نے کہا کہ ملک میں گنے کی پیداوار موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے کم ہوئی، پیداوار اور لاگت میں تقریباً 7 ہزار ٹن کا فرق ہے، چینی کی قیمتوں میں ایک دم اضافہ ہوا، ڈیمانڈ اور سپلائی کے فرق کو مد نظر رکھتے ہوئے 3 لاکھ میٹرک ٹن درآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    جنید اکبر خان نے کہا کہ اس طرز عمل کی وجہ سے گنے کا کاشتکار بھی متاثر ہوتا ہے، سید نوید قمر نے کہا کہ اس میں اصل کردار صوبائی حکومتوں کا بنتا ہے، یہ معاملہ وفاقی وزارتوں کے کنٹرول سے باہر ہے،چیئرمین پی اے سی نے چیئرمین ایف بی آر سے چینی برآمد کرنے والوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔

    چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ چینی ایکسپورٹ کرنے اور بعد میں درآمد کرنے کا فیصلہ کس کا ہے؟ چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ہم نے کابینہ کے احکامات کے تحت 4 ٹیکسوں میں کمی کی، ارکان کا کہنا تھا کہ کس نے کن وجوہات کی بنا پر کابینہ کمیٹی سے منظوری حاصل کی۔

    سید نوید قمر نے کہا کہ چینی زیادہ ہو تو باہر بھجوانے اور اگر کم ہو تو درآمد کرنے میں کوئی حرج نہیں ہوتا تاہم صرف چند لوگوں کی اجارہ داری قائم کرکے چینی کی قیمتوں کا تعین کرنا درست نہیں ہے۔

  • بھارت میں پھنسے برطانوی لڑاکا طیارے نے بالآخر اڑان بھرلی

    بھارت میں پھنسے برطانوی لڑاکا طیارے نے بالآخر اڑان بھرلی

    نئی دہلی(23 جولائی 2025): برطانوی شاہی بحریہ کا جدید ترین ایف 35 اسٹیلتھ طیارہ 37 دن بھارت میں گراؤنڈ رہنے کے بعد واپس روانہ ہوگیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت میں پانچ ہفتوں سے پھنسے برطانوی لڑاکا طیارے نے بالآخر اڑان بھرلی، رائل نیوی کا جدید ترین ایف 35 چودہ جون کو کیرالہ کے ساحلی علاقے کے قریب پرواز کے دوران تکنیکی خرابی کا شکار ہوا اور اسے ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

    ہائیڈرولک سسٹم اور معاون پاور یونٹ میں خرابی کے باعث وہ دوبارہ پرواز کے قابل نہ رہا، 6 جولائی کو برطانوی ماہرین کی ٹیم مرمت کے لیے تھریو اننتھ پورم ایئرپورٹ پہنچی۔

    بھارت میں اگر مرمت ممکن نہ ہوتی تو فائٹر جیٹ کو کھول کرسی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے لے جانے کی تجویز بھی زیرِ غور تھی۔

    واضح رہے کہ یہ برطانوی طیارہ برطانوی شاہی بحریہ کے طیارہ بردار بحری جہاز ایچ ایم ایس پرنس آف وہیلز پر تعینات تھا، ایف 35 طیارے کا شمار دنیا کے جدید ترین پانچویں جنریشن کے طیاروں میں ہوتا ہے۔

  • اسلام آباد: گاڑی میں سوار باپ بیٹی کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع

    اسلام آباد: گاڑی میں سوار باپ بیٹی کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع

    اسلام آباد( 23 جولائی 2025): نجی سوسائٹی میں سیلابی ریلے میں ڈوبے والی گاڑی میں سوار باپ بیٹی کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسلام ہاؤسنگ سوسائٹی میں گاڑی آبی ریلے میں بہہ گئی تھی، اس گاڑی میں کرنل(ر)اسحاق اور انکی بیٹی سوار تھے۔

    عینی شاہدین نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ گاڑی میں باپ بیٹی سوار تھے، کار سوار افراد نے برساتی نالے کے قریب سے گاڑی گزارنے کی کوشش کی لیکن پانی کابہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے دونوں افراد کار سمیت پانی میں بہہ گئے۔

    رات گئے تک اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو آپریشن جاری رکھا گیا لیکن دریائے سواں اور نالہ لئی میں طغیانی کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا رہا۔

    اسلام آباد : گاڑی میں سوار باپ ، بیٹی سیلابی ریلے میں بہنے کی ویڈیو سامنے آگئی

    تاہم اب روشنی ہوتے ہی راولپنڈی کی حدود میں دریائے سواں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا، ریسکیو ٹیمیں کشتیوں، ماہرین اور جدید آلات کی مدد سے آپریشن کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

  • کراچی میں صبح سویرے مختلف علاقوں میں رم جھم، موسم خوشگوارہوگیا

    کراچی میں صبح سویرے مختلف علاقوں میں رم جھم، موسم خوشگوارہوگیا

    کراچی(23 جولائی 2025): شہر قائد کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہونے والی رم جھم بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کے بعد سے گزشتہ شام سے ہی بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں تاہم صبح سویرے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں مطلع ابرآلود ہے، صبح سویرے لیاری، ماڑی پور روڈ، کلفٹن، بلدیہ میں وقفے وقفے سے بوندا باندی ہوئی ہے جس سے شہر میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

    موسم سے متعلق خبریں

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہیں اور آئندہ چند روز تک صبح و رات کے اوقات میں بوندا باندی کے امکان ہیں۔

    محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ہونے سے موسم مرطوب ہے اور آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری تک جانےکا امکان ہے۔

    لاہور میں طوفانی بارش برس گئی، جڑواں شہروں میں بھی موسلادھار جھڑی

    دوسری جانب پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں طوفانی بارش برس گئی ہے، جس پر ریسکیو پنجاب ہائی الرٹ ہو گیا ہے، دوسری طرف جڑواں شہروں میں بھی موسلادھار بارش جاری ہے۔

    ترجمان ریسکیو پنجاب نے کہا ہے کہ لاہور میں بارش کے پیش نظر ریسکیو ٹیموں کو ہنگامی الرٹ پر رکھا گیا ہے، عوام نشیبی علاقوں میں جانے سے گریز کریں، اور الیکٹرک پولز، کھلے بورڈز اور سوئچز کو ہاتھ نہ لگائیں، بارش کے باعث پھسلن سے حادثات کا خدشہ ہے اس لیے شہری احتیاط کریں، اور کسی بھی ایمرجنسی میں فوری طور پر 1122 پر رابطہ کریں۔