Tag: 23rd march

  • یوم پاکستان آج ملک بھر میں ملّی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

    یوم پاکستان آج ملک بھر میں ملّی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

    ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے، دن کےآغازپروفاقی دارالحکومت میں  31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔

    رواں سال یوم پاکستان کا تھیم’’یکجان پاکستان‘‘ہے ، ایوان صدر اسلام آباد میں یوم پاکستان کی پروقار فوجی تقریب منعقدہوگی ، جہاں تینوں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے دستے بھی پریڈ کا حصہ ہوں گے‌۔

    اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل ہے، ملک بھر میں تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے۔

    نماز فجر کے اجتماعات میں ملک و ملت کی سلامتی اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں گئیں۔ پی ٹی وی اور نجی ٹی وی چینلز سے بھی خصوصی دستاویزی پروگرام نشر کیے جائیں گے جس میں یوم پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔

    کراچی میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح اور لاہورمیں شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی سادہ اور پُروقار تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

    لاہور میں واہگہ بارڈر پر پرچم اتارے جانے کی خصوصی تقریب ہوگی جس میں ملک بھر سے شائقین شریک ہوں گے۔ پاکستان رینجرز پنجاب اور بی ایس ایف انڈیا کے مابین مٹھائی اور تحائف کا تبادلہ بھی ہوگا۔

    یہ دن 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک علیحدہ وطن کا خواب شرمندہ تعبیر کیا۔ یہ قرارداد لاہور منٹو پار میں میں پیش کی گئی جہاں اس کی یادگار کے طور پر مینار پاکستان تعمیر کیا گیا۔

  • یوم پاکستان کے رنگ برج خلیفہ پر چھا گئے، عمارت قومی پرچم سے سج گئی

    یوم پاکستان کے رنگ برج خلیفہ پر چھا گئے، عمارت قومی پرچم سے سج گئی

    دبئی : یوم پاکستان کے رنگ دنیا بھر میں دکھائی دیئے، دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ میں قومی پرچم کی بہار آگئی، امریکا، برطانیہ اور چیک ریبلک میں تئیس مارچ پر شاندار تقاریب منعقد کی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق تئیس مارچ پر متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کے لیے تحفہ کے طور پر دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر پاکستانی پرچم کے رنگ چھا گئے۔

    عمارت کے درمیان میں پاکستانی پرچم میں موجود چاند ستارہ بھی بنا نظر آرہا تھا جس نے دیکھنے والوں کے دل موہ لیے۔ وہاں موجود پاکستانیوں نے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند کیے۔

    دوسری جانب امریکا کے پاکستانی سفارت خانے میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی، پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے شرکاء کو صدر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی اور میری لینڈ کے سیکریٹری نے بھی شرکت کی۔

    برطانیہ کے تاریخی چرچ ویسٹ منسٹر میں دعائیہ نغمات پیش کئے گئے، ہزار سالہ تاریخ کےحامل چرچ پر پاکستانی پرچم بھی لہرایا گیا، اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنرنفیس ذکریا اور اعلیٰ افسران بھی موجود تھے، اس کے علاوہ چیک ریپبلک کے پاکستانی سفارت خانے میں یوم پاکستان کے ،موقع پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی۔

  • اسلام آباد: یومِ پاکستان کی پریڈ کے لئے تیاریاں مکمل

    اسلام آباد: یومِ پاکستان کی پریڈ کے لئے تیاریاں مکمل

    اسلام آباد: یومِ پاکستان کی پریڈ کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، پریڈ ایونیو کے اطراف میں موبائل سروس معطل ہے، شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لئے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔

    شہرِ اقتدار میں یومِ پاکستان پریڈ کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، جڑواں شہروں کے لئے نیا ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے، بائیس اور تئیس مارچ کی درمیانی شب سے دن ایک بجے تک فیض آباد ،اسلام آباد ایکسپریس وے اور کھنہ پل ہر قسم کی ٹریفک کےلئے بند ہوگا۔

    ٹی چوک اور چھبیس نمبر چنگی کی جانب سے بڑی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہے ۔

    راولپنڈی اور اسلام آباد آنے والے مسافر شمس آباد روڈ، آئی جے پرنسپل روڈ اور نائنتھ ایونیو کا راستہ استعمال کرسکتے ہیں، دہشتگردی کے خطرات کے پیشِ نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

    پریڈ ایونیو کے اطراف میں موبائل فون سروس بند کردی گئی ہے جبکہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکیورٹی اہلکاروں کا سخت پہرہ ہے۔

  • یومِ پاکستان پریڈ: اسلام آباد میں دینی درس گاہیں بند کرنے کا فیصلہ

    یومِ پاکستان پریڈ: اسلام آباد میں دینی درس گاہیں بند کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: یوم پاکستان کے موقع پر وفاقی دارلحکومت کے مدارس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ فیصلہ یوم ِپاکستان پرہونے والی پریڈ کے تناظر میں کیا گیا۔

    اسلام آباد میں سات سال بعد 23 مارچ کے موقع پر پریڈ ہونے جارہی ہے اوراس موقع پرشہر ِاقتدارمیں سخت ترین حفاظتی انتظامات ترتیب دئیے جارہے ہیں۔

    اسی سلسلے میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پریڈگاہ کے دو کلومیٹرتک کے علاقے میں واقع تمام دینی درس گاہیں بند رکھی جائیں گی۔

    ذرائع کے مطابق مدارس 18 مارچ سے 24 مارچ تک بند رکھے جائیں گے۔