Tag: 25 افراد ہلاک

  • بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں مسافر بس کھائی میں جاگری، 25 افراد ہلاک

    بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں مسافر بس کھائی میں جاگری، 25 افراد ہلاک

    نئی دہلی: بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں مسافر بس کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے 25 افراد ہلاک اور 35 زخمی ہوگئے، بس بنجار سے گداگوشانی کی طرف جارہی تھی۔

    مسافر بس میں 50 افراد سوار تھے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شالنی اگنی ہوتری نے اندوہناک حادثے کے نتیجے میں 25 افراد کی ہلاکت اور 35 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بس حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

    نریندری مودی کا اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا کہ ہماچل پردیش کی حکومت اس معاملے پر مکمل تعاون کررہی ہے۔

    مزید پڑھیں: بھارت میں ہندو یاتریوں کی بس کھائی میں جاگری، 55 افراد ہلاک

    واضح رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں بھارتی ریاست تلنگانا میں ہندو یاتریوں کو لے جانے والی بس موڑ کاٹتے ہوئے کھائی میں جاگری تھی جس کے نتیجے میں 55 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

    خیال رہے کہ بھارت میں خستہ حال سڑکوں، ٹوٹی پھوٹی گاڑیوں اور ڈرائیونگ کے دوران غفلت برتنے کی وجہ سے ہر سال ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔

  • کیلی فورنیا:  جنگلات میں لگنے والی آگ سے ہلاکتوں کی تعداد 25 ہوگئی

    کیلی فورنیا: جنگلات میں لگنے والی آگ سے ہلاکتوں کی تعداد 25 ہوگئی

    کیلی فورنیا : امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ تاحال بے قابو ہے، ہلاکتوں کی تعداد 25 تک پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ کے باعث اموات کی تعداد 25 ہوگئی ہے جبکہ 6 ہزار سات سو سے زائد مکانات جل کر راکھ کا ڈھیر بن چکے ہیں۔

    کیلی فورنیا حکام کے مطابق دو لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، آگ بجھانے کے لیے ہیلی کاپٹرز کے ساتھ زمینی آپریشن بھی جاری ہے۔

    فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ نے ایک لاکھ 75 ہزار ایکڑ رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، آگ بجھانے میں مزید 3 سے 4 ہفتے لگ سکتے ہیں۔

    کیلی فورنیا کے جنگلات میں 16 مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے، حکام نے شمالی کیلی فورنیا کے زیادہ تر حصے کو ریڈ فلیگ وارننگ کے تحت رکھا ہے۔

    کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے 5 افراد ہلاک

    یاد رہے کہ رواں سال 29 جولائی کو امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے دو فائر فائٹرز سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    جنگلات میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے تین ہزار چار سو فائر فائٹرز اور 17 ہیلی کاپٹر نے آپریشن میں حصہ لیا تھا۔

    واضح رہے کہ 2012 سے کیلی فورنیا کے جنگلات میں آگ لگنے کا مسئلہ درپیش ہے، موسم گرما اور خشک سالی کی وجہ سے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

  • بھارت کی شمالی ریاستوں میں بارشوں نے تباہی مچادی، 25 افراد ہلاک

    بھارت کی شمالی ریاستوں میں بارشوں نے تباہی مچادی، 25 افراد ہلاک

    نئی دہلی: بھارت کی شمالی ریاستوں میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے کئی ریاستوں میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث کئی ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے، بھارتی ریاست ہماچل پردیش، پنجاب اور ہریانہ میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 25 افراد ہلاک ہوگئے۔

    سیلاب سے ہزاروں افراد متاثر بھی ہوئے ہیں اور کئی مکان سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں، جبکہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں ریسیکیو ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف عمل ہیں۔

    بارش سے شمالی ریاستیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں جس کے بعد متعدد اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے جبکہ کئی ریاستوں میں ریڈ الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔

    بھارت کے محکمہ موسمیات نے شمالی ہندوستان کے کئی علاقوں کے علاوہ ممبئی میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

    بھارتی وزارت داخلہ کے شعبے نیشنل ایمرجنسی رسپانس سینٹر کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق مون سون بارشوں کے دوران اب تک کیرالہ میں سب سے زیادہ جانی نقصان ہوا ہے جہاں 187 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 171 افراد یوپی، 170 مشرقی بنگال، مہاراشٹر میں 139، گجرات میں 52 اور آسام میں 45 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بھارت میں غیر معمولی بارشوں کی وجہ سے موسمی تغیر ہے، ماحولیاتی تبدیلیوں سے زمین کا درجہ حرارت ہی تبدیل نہیں ہورہا بلکہ موسموں کی ترتیب اور انداز پر مرتب ہورہے ہیں۔

  • گوئٹےمالا میں آتش فشاں پھٹنےسےہلاکتوں کی تعداد 70 ہوگئی

    گوئٹےمالا میں آتش فشاں پھٹنےسےہلاکتوں کی تعداد 70 ہوگئی

    گوئٹے مالا سٹی : وسطی امریکی ملک گوئٹے مالا میں فیوگو آتش فشاں کے پھٹنے سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 70 ہوگئی جبکہ 300 سے زائد افراد زخمی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گوئٹے مالا کے دارالحکومت گوئٹے مالا سٹی سے تقریبا 40 کلومیٹر دور واقع ’فیوگو‘ آتش فشاں زوردار دھماکے سے پھٹ گیا، آتش فشاں سے ابلتے لاوے نے آبادی کو لپیٹ میں لے کر ہر طرف تباہی مچادی۔

    آتش فشاں پہاڑ پھٹنے سے ہلاکتوں کی تعداد 70 تک پہنچ گئی، ہلاک افراد میں بچے بھی بڑی تعداد میں شامل ہیں۔

    لاوے کے پھیلاؤ کی وجہ سے کئی گھر زمیں بوس ہوگئے، کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں اور کئی رابطہ سڑکیں مکمل طور پر صفحہ ہستی سے مٹ چکی ہیں جبکہ ال روڈیو نامی پورا قصبہ اور اس کی آبادی زندہ دفن ہوگئی ہے۔

    لاوے اور دھوئیں کے اخراج کے باعث گوئٹ مالاسٹی کا ائیرپورٹ بند اورپروازیں منسوخ کردی گئیں جب کہ صدر جمی مورالز نے ملک بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا ہے۔

    انتظامیہ کے مطابق لاوے کے اخراج کی وجہ تین سو سے زائد افراد زخمی ہیں، جو مقامی اسپتالوں میں زیر علاج ہے ،ڈاکٹروں کے مطابق بعض افراد کی حالت تشویشناک ہے، جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    آتش فشاں کے آس پاس کے علاقے سے ہزاروں افراد نقل مکانی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سنہ 1974 کے بعد سے یہ سب سے بڑا آتش فشاں پھٹا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بیروت : فضائی حملوں میں 25 شہری جاں بحق

    بیروت : فضائی حملوں میں 25 شہری جاں بحق

    بیروت: شام کے شمالی علاقوں میں امریکی اتحادی ممالک اور مقامی فضائیہ کی مختلف کارروائیوں کے نتیجے میں 25 شہری جاں بحق ہوگئے.

    تفصیلات کے مطابق شام میں انسانی حقوق کے برطانوی مانیٹرنگ گروپ کا کہنا تھا کہ صدر بشار السد کی حمایتی فورسز نے حلب شہر کے ضلع طارق الباب کی ایک مارکیٹ پر فضائی حملہ کیا،حملے میں گیارہ شہری جان کی بازی ہار گئے.جبکہ شمالی علاقے میں ایک اور فضائی کاروائی میں پانچ شہری جاں بحق ہوئے.

    انسانی حقوق کے برطانوی گروپ کے مطابق شام کے شمالی علاقے مانبیج میں اتحادیوں کے فضائی حملوں میں دو خواتین اور ان کے سات بچے جان کی بازی ہار گئے.

    دوسری جانب شامی حکومت کے زیر انتظام علاقے پر عسکریت پسندوں کے میزائل حملوں میں پانچ افراد جاں بحق ہوئے.

    یاد رہے اس سے قبل گذشتہ روز شام کے شمالی شہر حلب میں عسکریت پسندوں کے خلاف حکومتی فورسز کے آپریشن کے دوران جھڑپوں میں ستر فوجی اور عسکریت پسندجاں بحق ہوئے تھے.

    واضح رہے کہ شام میں 2011 سے جاری کشیدگی اور بغاوت کے باعث دو لاکھ اسی ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ لاکھوں کی تعداد میں شامی اپنے گھر بار چھوڑ کر اطراف کے ممالک میں پناہ گزین کیمپوں میں آباد ہیں.

  • بغداد :خودکش بم دھماکہ، رکن پارلیمنٹ سمیت 25 افراد ہلاک

    بغداد :خودکش بم دھماکہ، رکن پارلیمنٹ سمیت 25 افراد ہلاک

    بغداد :عراقی دارالحکومت بغداد میں خودکش بم دھماکے میں رکن پارلیمنٹ سمیت پچیس افراد جان سے گئے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق خود کش دھماکا بغداد کے نواحی علاقے میں قائم سیکیورٹی چیک پوسٹ پر ہوا، جس کی زد میں آکر پچیس افراد لقمہ اجل بن گئے ۔

    دھماکہ اس قدرشدید تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور پارکنگ میں کھڑی درجنوں گاڑیاں تباہ ہوگئیں، اب تک کسی تنظیم نے دھماکے کے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔