Tag: 25 july

  • وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب، وزیر اعظم دورہ امریکا سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیں گے

    وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب، وزیر اعظم دورہ امریکا سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 25جولائی کو طلب کرلیا، اجلاس میں عمران خان کامیاب دورہ امریکا پرکابینہ کو اعتماد میں لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وطن پہنچتے ہی حکومتی امور فوری طور سنبھالنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں وفاقی کابینہ کا اجلاس کل بروز جمعرات25 جولائی کو اسلام آباد میں ہوگا.

    وزیراعظم عمران خان کابینہ اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں وزیراعظم عمران خان کامیاب دورہ امریکا پر وفاقی کابینہ کو اعتماد میں لیں گے۔

    اس کے علاوہ ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سفارتی محاذ پرکامیابیوں اور امریکا میں اہم ملاقاتوں سے بھی کابینہ کو آگاہ کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنا تاریخی دورہ امریکا مکمل کرکے نجی ایئرلائن کے ذریعے وطن روانہ ہوچکے ہیں۔
    عمران خان نجی پرواز سے بذریعہ قطر پاکستان پہنچیں گے۔

    وطن روانہ ہونے سے قبل وزیراعظم نے امریکا میں پی ٹی آئی رہنماؤں سے خصوصی ملاقاتیں کیں جبکہ کیپٹل ہل میں امریکی کانگریس اراکین سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان کے مابین تعلقات اعتماد کے ساتھ قائم ہونے چاہئیں جس کی بنیاد سچ ہو۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم کا تاریخی دورہ امریکا مکمل، نجی ایئرلائن کے ذریعے وطن روانہ

    انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کو ایک دوسرے پر بھروسہ کرنا چاہیئے، پاکستان نے امریکا کی جنگ لڑی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ستر ہزار جانوں کی قربانی دی۔

  • 25 جولائی کودہشت گردی کا خطرہ ، حساس اداروں کی رپورٹ

    25 جولائی کودہشت گردی کا خطرہ ، حساس اداروں کی رپورٹ

    اسلام آباد : حساس اداروں نے وزارت داخلہ اورالیکشن کمیشن کو الیکشن کے دوران خطرات سے آگاہ کردیا، رپورٹ کے مطابق 25 جولائی کو دہشت گردی کا خطرہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حساس اداروں نے انتخابات میں دہشتگردی کے خطرات سے متعلق رپورٹ وزارت داخلہ اور الیکشن کمیشن پیش کردی، جس میں دہشت گردی کے لاحق خطرات سے آگاہ کیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق عام انتخابات کےدوران چاروں صوبوں میں دہشتگردی کے خطرات لاحق ہیں ، الیکشن کے دوران دہشت گرد انتخابی عمل کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

    حساس اداروں کی رپورٹ میں کہا گیا کہ بلوچستان میں علیحدگی پسندجماعتیں الیکشن کونقصان پہنچاسکتی ہیں جبکہ پنجاب میں مذہبی انتہاپسندپچیس جولائی کوصورتحال خراب کرسکتے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق سندھ میں ایم کیو ایم لندن کے لوگ انتخابی عمل کو نقصان پہنچا سکتےہیں جبکہ خیبرپختونخوامیں مختلف دہشت گرد تنظیمیں حملے کرسکتی ہیں اور پی ٹی ایم کے لوگ سابق فاٹا میں انتخابی عمل کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

    الیکشن کمیشن نے تمام چیف سیکرٹریزاورآئی جیزکوسیکیورٹی اقدامات کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو خطرہ ہے، نیکٹا حکام


    یاد رہے دو روز قبل  سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے خصوصی اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے نیشنل کائونٹر ٹیررازم اتھارٹی(نیکٹا) کے سربراہ ڈاکٹر سلیمان نے بتایا تھا کہ ملک میں تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو خطرہ ہے اور اب تک 65 تھریٹ الرٹ آئے ہیں۔

    نیکٹا حکام کا کہنا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان کی طرف سے سب سے زیادہ تھریٹ الرٹ ہیں، کالعدم جماعت الاحرار اور داعش سے بھی خطرات آئے ہیں جب کہ میرے پاس ایم کیوایم لندن کی طرف سے ایک تھریٹ الرٹ ریکارڈ پرہے۔

    واضح رہے کہ انتخابی سرگرمیوں کے دوران اب تک 4 بڑے  دہشت گرد حملے ہوچکے ہیں، جن میں ہارون بلور اور سراج رئیسانی سمیت 150 سے زائد افراد جاں بحق اور 130 سے زائد زخمی ہوئے۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں 25 جولائی کو عام انتخابات کا انعقاد کیا جارہا ہے ، جس کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے اور اس روز عام تعطیل کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔