Tag: 25 july 2025

  • ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان، اسکواڈ میں بڑی تبدیلیاں

    ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان، اسکواڈ میں بڑی تبدیلیاں

    لاہور(25 جولائی 2025): پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

    ویسٹ انڈیز کیخلاف قومی ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی، محمد رضوان کو ون ڈے انٹرنیشنل میں کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ بابراعظم اور شاہین شاہ آفریدی ون ڈے اسکواڈ میں شامل ہیں۔

    قومی ٹیم 27 جولائی کو امریکا پہنچے گی یہ سیریز امریکا میں کھیلی جائے گی، 31 جولائی، 2 اور3 اگست کو 3 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل میچز 8، 10 اور 12 اگست کو شیڈول ہیں۔

    15 کھلاڑیوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کی کپتانی سلمان علی آغا کریں گے جبکہ ٹیم میں حارث رؤف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف، فخر زمان، خوشدل شاہ، حسین طلعت، محمد نواز، حسن نواز، صائم ایوب، ابرار احمد، صاحبزادہ فرحان، محمد حارث اور سفیان مقیم شامل ہیں۔

    ون ڈے انٹرنیشنل کی 16 رکنی اسکواڈ کی کپتانی محمد رضوان کریں گے جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں سلمان علی آغا، بابر اعظم، عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، فخر زمان ، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، صائم ایوب، حسین طلعت، محمد نواز، حسن نواز، ابرار احمد، محمد حارث اور سفیان مقیم شامل ہیں۔

    یاد رہے  کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے ٹیم میں سات تبدیلیاں کی گئیں، صائم ایوب، فخر زمان، محمد حارث کی ٹیم میں واپسی۔ ہوئی ہے جبکہ حسن نواز کو پہلی بار ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Pakistan Cricket (@therealpcb)

  • اسپتال میں خواتین کی چھپ کر نازیبا ویڈیوز بنانے والا پولیس اہلکار گرفتار

    اسپتال میں خواتین کی چھپ کر نازیبا ویڈیوز بنانے والا پولیس اہلکار گرفتار

    راولپنڈی( 25 جولائی 2025): ٹی ایچ کیو اسپتال میں خواتین کی نازیبا ویڈیو بنانے والے پولیس اہلکار کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کوٹی ایچ کیو گوجرخان اسپتال میں خواتین کی چھپ کر نازیبا ویڈیوز بنانے والے پولیس اہلکار کو گرفتار کرلیا گیا، عملے نے ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

    گوجر خان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم پولیس اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ملزم عقیل عباس کے موبائل فون سے 300 سے زائد ویڈیوز اور تصاویر برآمد ہوئی ہے۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزم ٹریننگ ونگ ہیڈ کوارٹرز لاہور میں تعینات ہے، ملزم باتھ روم جانے والی خواتین کی چھپ کر تصاویر اور ویڈیوز بناتا تھا۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ لاہور کے علاقے رائیونڈ میں خاتون کی نازیبا ویڈیو بنانے والے کانسٹیبل کو گرفتار کیا گیا تھا، پولیس کے مطابق کانسٹیبل ارسلان نے چند روز قبل ساتھیوں کے ساتھ مل کر 2 خواتین پر تشدد کرکے ایک کی برہنہ ویڈیو بنائی تھی۔

    پولیس نے بتایا تھا کہ اینٹی رائٹ فورس میں تعینات کانسٹیبل ارسلان ویڈیو کیس کا مرکزی ملزم ہے جسے گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ واقعے میں ملوث 3 ملزمان پہلے ہی گرفتار کیے جا چکے ہیں، پولیس کے مطابق تھانہ رائیونڈ میں ملزمان کے خلاف درج مقدمے میں گینگ ریپ کی دفعات بھی شامل ہیں۔

  • کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک

    کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک

    کراچی(25 جولائی 2025): کورنگی نمبر 4 مبینہ پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے کورنگی نمبر 4 میں تنظیم فلور مل کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔

    پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو ہلاک اور ایک زخمی حالت میں گرفتار ہوا ہے، ہلاک اور زخمی ملزمان سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل پر گشت کے دوران پولیس اہلکاروں نے مشکوک افراد کو روکنے کی کوشش کی، ملزمان نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ شروع کردی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ جوابی فائرنگ میں تین ڈاکو شدید زخمی ہوگئے تھے تاہم اسپتال منتقلی کے دوران دو ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

    دوسری جانب میمن گوٹھ کے علاقے ملیر در محمد گوٹھ میں فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے ، زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، زخمی ہونے والوں میں 55 سالہ محمد خان ولد یار محمد اور اس کا بیٹا 25 سالہ حزیب ولد محمد خان شامل ہیں۔

    واقعہ منگنی کی رسم کے دوران اتفاقیہ گولی چلنے سے پیش آیا ، علاقہ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔