Tag: 27 December

  • دوست محمد کھوسہ 27دسمبر کو پیپلز پارٹی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کریں گے

    دوست محمد کھوسہ 27دسمبر کو پیپلز پارٹی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کریں گے

    لاہور : سابق وزیر اعلیٰ پنجاب دوست محمد کھوسہ نے پاکستان پیپلز پارٹی میں27دسمبر کو شمولیت کا فیصلہ کر لیا، انہوں نے کراچی میں آصف زرداری سے ملاقات بھی کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سابق سینئر رہنماء سردارذوالفقار کھوسہ کے صاحبزادے اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب دوست محمد کھوسہ وہ فیصل صالح حیات کے ہمراہ کراچی پہنچ گئے، جہاں انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔

    اس موقع پر دوست محمد کھوسہ نے بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ دوست محمد کھوسہ کی شمولیت سے جنوبی پنجاب میں پارٹی مزید مضبوط ہوگی اور جنوبی پنجاب کےعوام کی امنگوں کےمطابق نیا صوبہ بن کر رہے گا۔

    مصدقہ ذرائع کے مطابق دوست محمد کھوسہ27 دسمبر شہید بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر گڑھی خدابخش میں باضابطہ طور پر پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے۔

    واضح رہے کہ دوست محمد کھوسہ نے فیصل صالح حیات، قمر زمان کائرہ اور پیپلز پارٹی قیادت کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اصولی فیصلہ کیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ دوست محمد کھوسہ نے اپنے والد ذوالفقار کھوسہ کی اجازت سے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔

  • مطالبات نہ مانے تو لانگ مارچ کریں‌ گے، بلاول کی دھمکی

    مطالبات نہ مانے تو لانگ مارچ کریں‌ گے، بلاول کی دھمکی

    لاہور : پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت نے ہمارے مطالبات نہیں مانے تو ستائیس دسمبر کو لانگ مارچ کا اعلان ہوگا، تین ماہ گو نواز گو اور تین ماہ الیکشن کی تیاری کریں گے۔ دوہزارہ اٹھارہ میں میاں صاحب جیل میں یا سعودی عرب میں یا پتہ نہیں کہاں ہوں گے، ابھی تو پارٹی شروع ہو ئی ہے، تیار ہو جائیں بلاول باہر آ رہا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول ہاؤس میں وسطی پنجاب کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اپنے چار مطالبات کیلئے کمیٹی بناؤں گا جو یہ مطالبات لے کر آگے بڑھے گی اوراگر ن لیگ نے 27 دسمبر تک اس کمیٹی کی باتیں نہ مانیں تو ہم ہنستے ہوئے اور ناچتے ہوئے آپ کو نکالیں گے اور آپ روتے ہوئے جائیں گے اور واپس نہیں آئیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ 27 دسمبر کے بعد میں لاہور میں ہی رہوں گا اور میری پوری سیاست کا محور بلاول ہاؤس ہوگا جس کے بعد شریف برادران دیکھیں گے کہ بھٹو کے نعرے لگیں گے۔

    قبل ازیں پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کی تقریبات کے آخری روز بلاول بھٹو زرداری جلسہ گاہ آتے ہی جیالوں میں گھل مل گئے۔ اس موقع پراسٹیج سیکریٹری ندیم افضل چن سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے روکے جانے پر جذباتی ہوگئے۔

    بلاول بھٹو نے اسٹیج پرآتے ہی قمر الزمان کائرہ اور ندیم افضل چن کے ہاتھ پکڑ کر جیالوں کی یکجہتی کا انداز اپنایا۔ بلاول بھٹو نے کارکنوں کا جوش دیکھا تو تقریر سے پہلے نیچے کارکنوں سے ملنے چلے گئے۔

    بلاول بھٹو نے ایک معذور کارکن کے پاس بیٹھ کر باتیں کیں۔ خواتین کارکنان سے بھی ملے۔ کارکنوں نے بلاول کے ساتھ خوب سیلفیاں بنوائیں اس سے پہلے ماحول تھوڑا تلخ ہوا۔

    اسٹیج سیکریٹری ندیم افضل چن جذباتی ہوگئے۔ ندیم افضل چن کو سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے روکا گیا تھا جس پر انہوں نے برہمی کا اظہار کیا۔

    سیاست عبادت ہے اور عبادت میں جھوٹ بولنا حرام ہے، خورشید شاہ

     قبل ازیں خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ میرا ایمان ہے سیاست عبادت ہے اور عبادت میں جھوٹ بولنا حرام ہے،حکمرانوں نے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا جھوٹ بولا ، لوڈ شیڈنگ تو ختم نہیں ہوئی لیکن بجلی کی قیمتیں بڑھا کر غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا گیا۔

     خورشید شاہ نے کہا کہ لاہور بھٹو اور اس کے پرستاروں کا گھر ہے، لاہور میں تاریخی قرارداد قائد اعظم محمد علی جناح کی سرپرستی میں پاس کی گئی اس کے بعد قائد عوام کی قیادت کی میں پیپلز پارٹی کا قیام ہوا یہ اعزاز بھی لاہور کے حصے میں آیا۔

    دریں اثنا تقریب سے قمر زماں کائرہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

  • داعش لاڑکانہ بھی پہنچ گئی،وال چاکنگ شروع

    داعش لاڑکانہ بھی پہنچ گئی،وال چاکنگ شروع

    لاڑکانہ: شہر کے پوش علاقے میں داعش کی وال چاکنگ نے انتظامیہ کو ہلا کر رکھ دیا،تفصیلات کے مطابق سچل کالونی میں داعش کی جانب سے چاکنگ کرکے دہشت گردوں نے  اپنی موجودگی کا احساس اس وقت دلوایا ہے کہ جب گذشتہ شب لاڑکانہ میں رینجرز ہاسٹل پر کریکر حملہ کیا گیا تھا۔

    کریکر حملے میں کوئی بھی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا تھا، جبکہ کل ستائیس دسمبر کو لاڑکانہ میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی ساتویں برسی کی مرکزی تقریب بھی منعقد ہو نی ہے۔

    واضح رہے کہ لاڑکانہ پاکستان پیپلز پارٹی کا گڑھ سمجھا جاتا ہے، دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے چاکنگ کا نوٹس لیتے ہوئے چاکنگ کر نے والے افراد کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • بے نظیر بھٹو شہید کی برسی صوبائی سطح پرمنائی جائیگی

    بے نظیر بھٹو شہید کی برسی صوبائی سطح پرمنائی جائیگی

    لاڑکانہ: سانحہ پشاور کے باعث پاکستان پیپلز پارٹی نے 27 دسمبر کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی صوبائی سطح پر منانے کافیصلہ کرلیا ہے، تاہم مرکزی جلسہ گڑھی خدا بخش بھٹو میں ہی ہوگا جہاں پرمرکزی قائدین خطاب کرینگے۔

    لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی کی ڈسٹرکٹ ایگزیکیٹو کمیٹی کا اجلاس ضلعی صدر اور رکن قومی اسمبلی ایاز سومرو کی زیر صدارت ہوا جس میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 27 دسمبر کو منائی جانے والی ساتویں برسی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ایاز سومرو نے بتایا کہ سانحہ پشاور کے باعث پارٹی کی مرکزی قیادت نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی ساتویں برسی کی تقریبات صوبائی سطح پر منانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پہلے صرف ایک ہی مرکزی جلسہ گڑھی خدا بخش بھٹو میں ہی ہوا کرتا تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں برسی کی تقریبات الگ الگ ہونگی اور گڑھی خدا بخش بھٹو میں برسی کے جلسے میں صوبہ سندھ کے کارکنان شرکت کرینگے جس سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری اور دیگر مرکزی قائدین خطاب کرینگے۔

    انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں سے ہماری ذاتی جنگ ہے، ہم نے بھی شہداء کی لاشیں اٹھائی ہیں، پشاور سانحے میں پھول جیسے بچوں کا خون بہایا گیا ہے، دہشتگردوں سے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔