Tag: 28 اکتوبر وفات

  • مغل بادشاہ نور الدّین جہانگیر اور زنجیرِ عدل

    مغل بادشاہ نور الدّین جہانگیر اور زنجیرِ عدل

    نورالدین جہانگیر اپنے والد شہنشاہِ ہند جلال الدین اکبر کی وفات کے بعد 1605ء میں تخت نشین ہوئے۔

    شہنشاہ اکبر بے اولاد تھے۔ انھیں بزرگ شیخ سلیم چشتی نے دعا دی کہ اللہ تمہاری اولاد کی آرزو پوری کرے۔ مؤرخین نے لکھا ہے کہ 1569ء میں پیدا ہونے والے بچّے کا نام انہی بزرگ کے نام پر سلیم رکھا گیا تھا جو بعد میں نورالدّین جہانگیر کا لقب اختیار کرکے تخت پر بیٹھا۔

    شہزادہ سلیم ذہین تھا، جلد ہی امور سلطنت میں بھی دل چسپی لینے لگا، مؤرخین کے مطابق اس کی چھٹی شادی تخت نشینی کے بعد مہرالنساء بیگم (نورجہاں) سے ہوئی۔

    شہزادہ سلیم نے تخت نشینی کا کئی روز تک جشن منایا، قیدیوں کو رہا کیا، اپنے نام کا سکہ جاری کیا، مخالفین سے نرمی برتی، سلطنت میں جو فوری اصلاحات نافذ کیں ان میں محاصل منسوخ کرنا، سڑکیں، مساجد، کنویں اور سرائیں تعمیر کروانا، شراب اور تمام نشہ آور اشیاء کی فروخت اور استعمال پر پابندی، وراثت کے قوانین پر سختی سے عمل کا حکم جاری کیا۔ مجرموں کے ناک کان کاٹنے کی سزائیں منسوخ کر دیں۔

    جہانگیر کو کسی بڑے بحران کا سامنا نہ تھا، لیکن اسے تخت نشین ہوئے چھ ماہ بھی نہ گزرے تھے کہ اس کے بیٹے خسرو نے بغاوت کردی، جسے اس نے فرو کیا اور کئی مہمات اور بغاوتوں یا سازشوں سے نمٹتا رہا۔ فریادیوں کی داد رسی کے لیے محل کے باہر زنجیرِ عدل اسی بادشاہ کے حکم پر لٹکائی گئی تھی اور مشہور کتاب تزک جہانگیری بھی اسی کی یادگار ہے۔

    1627ء میں آج ہی کے دن جہانگیر کا انتقال ہوگیا تھا۔ دریائے راوی کے کنارے باغ دلکشا لاہور اور موجودہ شاہدرہ میں اس کی تدفین کی گئی۔

  • ماہرِ اقتصادیات ممتاز حسن کا تذکرہ جو علوم و فنون کی سرپرست رہے

    ماہرِ اقتصادیات ممتاز حسن کا تذکرہ جو علوم و فنون کی سرپرست رہے

    ممتاز حسن ایک محقّق اور مضمون نگار اور نقّاد تھے جن کی وجہِ شہرت تاریخ اور آثارِ قدیمہ میں ان کی دل چسپی اور اس حوالے سے عملی کاوشیں ہیں‌۔ آج ممتاز حسن کی برسی ہے۔

    وہ ایک سول سرونٹ اور پاکستان کے ماہرِ اقتصادیات کے طور پر شہرت بھی رکھتے تھے۔ ممتاز حسن آج ہی کے دن 1974ء میں دارِ فانی سے کوچ کرگئے تھے۔

    اہم عہدوں پر فائز رہتے ہوئے کئی ذمہ داریاں نبھانے والے ممتاز حسن مطالعہ کے عادی اور علم و ادب کے رسیا تھے۔ انھوں نے چند کتابیں‌ بھی مرتب کیں اور متعدد مصنّفین کو ان کی علمی اور تحقیقی کاوش میں‌ مدد دی۔

    ممتاز حسن 6 اگست 1907ء کو گوجرانوالہ کے ایک گاؤں میں پیدا ہوئے۔ ممتاز حسن نے ابتدائی تعلیم اپنے والد سے حاصل کی جو سول جج تھے اور علامہ اقبال کے قریبی دوست اور ہم جماعت تھے۔ والد کے تبادلوں کے باعث تعلیم مختلف شہروں میں حاصل کی اور 1927ء میں ایف سی کالج (لاہور) سے بی اے (آنرز) کا امتحان فرسٹ ڈویژن سے پاس کیا۔ انھوں نے ادیب فاضل کے امتحان میں بھی کام یابی حاصل کی۔

    ان کا انتخاب انڈین آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس کے لیے ہوگیا تو انھوں نے 1930ء میں انڈر سیکریٹری کی حیثیت سے اپنی ملازمت کا آغاز کردیا۔ جب 1946ء میں انتخابات کے بعد ہندوستان کی حکومت میں نوابزادہ لیاقت علی خان( وزیرِ خزانہ) کے سیکریٹری مقرر ہوئے اور ان کے پاکستان کے وزیر اعظم بننے تک یہ رفاقت قائم رہی۔

    1952ء میں ممتاز حسن اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے قائم مقام گورنر بنے اور اس کے بعد مختلف اداروں میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہے۔

    ممتاز حسن کی کوششوں ہی سے نیشنل بینک آف پاکستان کی لائبریری قائم ہوئی جو ملک کی چند اچھی لائبریریوں میں شمار کی جاتی ہے۔ انہی کی کوششوں سے بھنبھور کے کھنڈرات میں وہ مقام بھی دریافت ہوا جس کے بارے میں‌ ماہرین کا کہنا ہے کہ وہاں محمد بن قاسم کی فوج اتری تھی۔