لاڈرہل : پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی میچ لاڈرہل میں شروع ہوگیا پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ لاڈرہل فلوریڈا میں شروع ہوگیا۔
پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے، لاڈرہل میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، حارث رؤف کی جگہ حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 14 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 سے برتری حاصل کر لی ہے۔
فلوریڈا میں سیریز کے پہلے ٹی ٹوینٹی میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 179 رنز کے تعاقب میں 7وکٹوں پر 164رنز بناسکی۔ جونسن چارلس اورجیوئل اینڈریو نے 35-35 رنزبنائے۔ محمد نواز نے تین اور صائم ایوب نے دو کھلاڑیوں کو شکار کیا۔
پہلے میچ میں پاکستان نے مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں پر 178رنز بنائے۔ صائم ایوب نے 57 رنزکی عمدہ اننگز کھیلی، فخر زمان 28 اور حسن نواز 24 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جوزف نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔