Tag: 2nd time

  • صادق خان ایک بار پھر بھاری اکثریت سے لندن کے مئیر منتخب

    صادق خان ایک بار پھر بھاری اکثریت سے لندن کے مئیر منتخب

    لندن : صادق خان دوسری مرتبہ لندن کے مئیر منتخب ہو گئے، انہوں نے مخالف امیدوار شان بیلی کو شکست دی، صادق خان کے والدین پاکستان سے ہجرت کر کے برطانیہ گئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں منعقدہ بلدیاتی انتخابات میں لیبر پارٹی کے مسلمان امیدوار صادق خان دوسری دفعہ بلدیہ کے مئیر منتخب ہوگئے ہیں، لندن میں تقریباً6 ملین ووٹروں نے6 مئی کو بلدیہ مئیر اور بلدیاتی اسمبلی کے اراکین کے انتخاب کے لئے ووٹ کا استعمال کیا۔

    لیبر پارٹی کے امیدوار صادق خان نے کنزر ویٹو کے امیدوار شان بیلی کو شکست دی۔ صاد ق خان نے12لاکھ6ہزار34ووٹ حاصل کیے جبکہ شان بیلی کو9لاکھ77ہزار601ووٹ ملے۔

    ووٹنگ کے بعد میڈی اسے گفتگو کرتے ہوئے صادق خان نے کہا کہ میں ایک امیگرینٹ کا بیٹا اور ورکنگ کلاس سے تعلق رکھتا ہوں۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ مل جل کر رہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کو ہم سب مل کر شکست دے سکتے ہیں۔

    دوسری بار منتخب ہونے والے لندن کے میئر نے کہا کہ وہ پورے شہر کے میئر ہیں اور ہر شہری کی زندگی بہتر بنانے کیلئے کام کریں گے۔ صادق خان نے وعدہ کیا کہ وہ مختلف قومیتوں کو قریب لائیں گے اس موقع پر انہوں نے اپنی اہلیہ اور اپنے خاندان کا بھی شکریہ ادا کیا۔

    واضح رہے کہ صادق خان پہلی بار2016 میں یورپی یونین کے دارالحکومت لندن کے مئیر منتخب ہوئے تھے2016 میں انہوں نے دو لاکھ28ہزار ووٹوں کی برتری سے الیکشن جیتا تھا۔

    سال 1970 میں لندن میں پیدا ہونے والے صادق خان کے والدین پاکستان سے ہجرت کر کے برطانیہ گئے تھے۔ ان کے والد بس ڈرائیور تھے اور ان کی ابتدائی پرورش کونسل کی جانب سے فراہم کردہ فلیٹ میں ہوئی تھی۔

    صادق خان نے پندرہ برس کی عمر میں لیبر پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی، انہوں نے انسانی حقوق کے وکیل کے طور پر بھی فرائض سرانجام دیئے ہیں۔

    سن 1994 میں انہوں نے کنزرویٹو پارٹی کا گڑھ سمجھے جانے والے علاقے میں پہلی بار کونسلر کا الیکشن جیتا اور پھر سن 2005 میں پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے۔

    صادق خان اپنے سات بہن بھائیوں میں پانچویں نمبر پر ہیں۔ سابق برطانوی وزیر اعظم گورڈن براؤن کے دور میں وہ ٹرانسپورٹ اور کمیونیٹیز کے وزیر مقرر کیے گئے تھے۔ وہ برطانوی حکومت میں پہلے مسلمان وزیر تھے جو کابینہ کے اجلاس میں شریک ہوتے تھے۔

    پیشے کے اعتبار سے وہ ایک وکیل ہیں۔ انہوں نے قانون کی ڈگری نارتھ لندن یونیورسٹی سے حاصل کی ہے۔ صادق خان کی اہلیہ سعدیہ صادق بھی وکیل ہیں۔

  • پاکستان ایک بار پھر کیمیائی ہتھیاروں کی ممانعت کیلئے تنظیم کا ممبر منتخب

    پاکستان ایک بار پھر کیمیائی ہتھیاروں کی ممانعت کیلئے تنظیم کا ممبر منتخب

    اسلام آباد : پاکستان ایک بار پھر کیمیائی ہتھیاروں کی ممانعت کیلئے عالمی تنظیم او پی سی ڈبلیو کی ایگزیکٹیو کونسل کا ممبرمنتخب ہوگیا۔

    اس حوالے سے ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اس عالمی تنظیم میں دو سال کیلئے ممبر منتخب کیا گیا ہے،25سے29نومبر کو دی ہیگ میں ہونے والی کانفرنس میں پاکستان کی تائید ہوئی۔

    ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا کہ پاکستان اوپی سی ڈبلیو کا فعال رکن رہا ہے، پاکستان کنونشن کے مقاصد اور اس کے فروغ کیلئے کوششیں بھی کرتا رہا ہے. پاکستان1997 سےممبرکی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سے قبل بھی او پی سی ڈبلیو کے معمول کے معائنے کی میزبانی کرتا رہا ہے, او پی سی ڈبلیو پاکستان کی کاوشوں پر اطمینان اور تعریف کا اظہار کرتا رہا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ ایگزیکٹو کونسل میں پاکستان کا دوبارہ انتخاب او پی سی ڈبلیو کے کردار کو مستحکم کرنے اور اہداف کو فروغ دینے میں عزم کی گواہی ہے۔

    او پی سی ڈبلیو کیمیائی ہتھیاروں کے ضابطے کے لیے ایک معاہدے کا نام ہے، جو کیمیائی ہتھیاروں کی پیداوار، ذخیرہ اور استعمال کو غیر قانونی بناتا ہے.

    کیمیائی ہتھیاروں کے ارتقا، پیداوار، ذخیرہ اور استعمال کی ممانعت پر اور ان کی تباہی پر یہ تنظیم برائے ممانعت کیمیائی ہتھیار کے زیر انتظام ہے۔

  • پاکستانی متنازعہ اداکارہ وینا ملک خان دوبارہ ماں بننے والی ہیں

    پاکستانی متنازعہ اداکارہ وینا ملک خان دوبارہ ماں بننے والی ہیں

    دبئی : پاکستانی متنازعہ اداکارہ وینا ملک خان پھر امید سے ہیں۔

    گزشتہ دنوں دبئی میں ہونے والے بالی وڈ ایوارڈ کی تقریب میں انہوں نے اپنے شوہر کے ساتھ شرکت کی، ویناملک نے اپنے ٹویٹر اکاﺅنٹ پر اس ایوارڈز میں شرکت کی تصویر پوسٹ کی۔

    وینا ملک اور اسد خٹک کی 25 دسمبر 2013 میں دبئی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔

    ویناملک کا ایک بیٹا ابرام خان ہے، جو گزشتہ سال 22ستمبر کو پیدا ہوا تھا۔

    واضح رہے کہ وینا ملک کو ماضی میں ان کے متنازعہ تصویروں کے باعث شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا دوسری جانب عدالت نے جیو کے مارننگ شو میں توہین آمیز پروگرام کیس میں وینا ملک اور ان کے شوہر اسد خٹک کو اشتہاری قرار دے چکی ہے۔