Tag: 3 ارب روپے کی منظوری

  • گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرین کے لیے 3 ارب روپے کی منظوری

    گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرین کے لیے 3 ارب روپے کی منظوری

    اسلام آباد (26 اگست 2025): اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں اور متاثرین کیلیے 3 ارب گرانٹ کی منظوری دے دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں گلگت بلتستان میں سیلاب متاثرہ علاقوں اور متاثرین کے لیے تین ارب روپے گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

    اس کے علاوہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں سرکاری ٹی وی کے لیے 11 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ پر بحث ہوئی اور ای سی سی نے پی ٹی وی کے لیے 3 ارب 83 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی۔

    اجلاس میں پاکستان آئل ریفائنری پالیسی 2023 کے مطابق ریفائنریز کی اپ گریڈیشن میں لیوی سے متعلق سمری کی منظوری دی گئی اور کہا گیا کہ سینر جی پاک لمیٹڈ سے لیوی کے واجبات کی وصولی معاہدے کے مطابق کی جائے۔

    ای سی سی نے تھلیاں سے تارو جبا تک وائٹ آئل پائپ لائن بچھانے کے ٹیرف اور بجلی کے صارفین کو کیپٹو ٹرانزیشن لیوی میں ریلیف دینے سے متعلق سمریوں کی بھی منظوری دی۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ گلگت بلتستان میں گلیشیئر پھٹنے اور مون سون کے کئی اسپیل میں تباہ کن بارشوں اور سیلاب کے باعث درجنوں افراد جاں بحق ہوئے۔ سینکڑوں مکانات، دکانیں اور ہوٹلیں سیلابی پانی کی نذر ہوگئیں۔ سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث 37 علاقوں کو آفت زدہ بھی قرار دیا گیا۔

    وزیراعظم کا گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کیلیے 4 ارب کی گرانٹ کا اعلان

    دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ دنوں گلگت بلتستان کا دورہ کر کے سیلاب متاثرین اور وزیراعلیٰ جی بی سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے متاثرین کے لیے 4 ارب روپے کی امداد کا اعلان بھی کیا تھا۔