Tag: 3 افراد

  • بچوں سمیت 3 افراد کو زخمی کرنے والے پالتو افریقی شیر سے متعلق عدالت کا بڑا حکم

    بچوں سمیت 3 افراد کو زخمی کرنے والے پالتو افریقی شیر سے متعلق عدالت کا بڑا حکم

    لاہور کی مقامی عدالت نے فیملی پر حملہ کر کے دو بچوں سمیت 3 افراد کو زخمی کرنے والے پالتو افریقی شیر سے متعلق بڑا حکم جاری کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں واقع ایک فارم ہاؤس میں پالتو شیر نے ایک فیملی پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت تین افراد زخمی ہوگئے تھے، بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

    واقعہ کے بعد فارم ہاؤس کو مکمل خالی کرا لیا گیا تھا اور پولیس نے شیر کے مالک سمیت تین افراد کو گرفتار کر کے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا تھا۔

    آج لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نے وائلڈ لائف کی درخواست پر اس کیس کی سماعت کی اور عدالت نے شیر کو فوری طور پر سفاری پارک منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

    سماعت کے موقع پر وائلڈ لائف انسپکٹر نے عدالت میں چالان پیش کیا۔ اس میں عدالت کو بتایا گیا کہ تین جولائی کی رات کو ملزم سے شیر کو وائلڈ لائف نے اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔ ملزم نے غیر قانونی طور پر افریقی شیر کو پالا ہوا تھا جس نے حملہ کر کے بچوں اور خاتون کو زخمی کیا ۔

    وائلڈ لائف حکام نے استدعا کی کہ شیر کو سفاری پارک منتقل کرنے کا حکم دیا جائے عدالت نے تمام ریکارڈ دیکھنے کے بعد حکم دیا کہ شیر کو محفوظ طریقے سے سفاری پارک منتقل کر دیا جائے۔

    عدالت کے فیصلے کے بعد وائلڈ لائف کے عملے نے شیر کو سفاری پارک منتقل کر دیا۔

    https://urdu.arynews.tv/lahore-lion-citizens-attacks-video-viral/

  • بچے کو ڈوبنے سے بچاتے ہوئے 3 افراد بھی جان سے گئے

    بچے کو ڈوبنے سے بچاتے ہوئے 3 افراد بھی جان سے گئے

    بچے سمیت 4 افراد تالاب میں ڈوب کر زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے بچے کو ڈوبتا دیکھ کر تینوں اس کو بچانے کے لیے تالاب میں کودے تھے۔

    یہ افسوسناک واقعہ راولپنڈی کے تھانہ ٹیکسلا کی حدود میں پیش آیا جہاں مچھلیاں پکڑنے اور نہانے کے لیے آنے والے بچے سمیت چار افراد ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔

    عینی شاہدین کے مطابق مچھلیاں پکڑنے کے دوران ایک بچہ ڈوبا، جس کو بچانے کے لیے تینوں افراد نے تالاب میں چھلانگ لگا دی۔ تاہم بچے کو بچانے کی کوشش میں وہ بھی زندگی کی بازی ہار گئے۔

    مقامی افراد نے تمام لاشیں تالاب سے نکال لیں اور اسپتال منتقل کر دیں جہاں سے معمول کی کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔

    ایس ایچ او ٹیکسلا کے مطابق چاروں افراد نہانے اور مچھلی کا شکار کرنے کے لیے تالاب آئے تھے۔

    مرنے والوں میں 12 سالہ وقاص، 40 سالہ امجد، 55 سالہ خالق اور اظہار شامل ہیں۔