Tag: 3 august 2025

  • اسلام آباد سے مزید 160 کلو مضر صحت گوشت پکڑا گیا

    اسلام آباد سے مزید 160 کلو مضر صحت گوشت پکڑا گیا

    اسلام آباد(3 اگست 2025): جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مضر صحت گوشت برآمد کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے 160 کلو مضر صحت گوشت پکڑا گیا، مضر صحت گوشت لے جانے والی گاڑی کی گولڑہ روڑ پر انسپکشن کیا گیا۔

    ترجمان فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ میٹ سیفٹی ٹیم نے مضر صحت گوشت موقع پر تلف کر دیا، گوشت پر زبح خانے کی اسٹیمپ بھی نہیں تھی۔

    دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر ڈی جی خان نے شہر کے مختلف علاقوں میں مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مضر صحت گوشت برآمد کرلیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ مردہ جانوروں کا گوشت ہوٹلوں میں سپلائی کیا جارہا تھا، شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران مردہ جانوروں کا 30 من گوشت برآمد کر کے 4 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

  • حج کے خواہشمند افراد کیلئے خوشخبری

    حج کے خواہشمند افراد کیلئے خوشخبری

    اسلام آباد(3 اگست 2025): پاکستان میں حج 2026 رجسٹریشن سے رہ جانے والوں کیلئے خوشخبری آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے غیر رجسٹرڈ عازمین سے بھی حج درخواستیں وصولی کرنے کا فیصلہ کرلیا، کم درخواستوں کے خدشہ پر غیر رجسٹرڈ عازمین کو موقع دینےکا فیصلہ ہوا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ساڑھے 4 لاکھ رجسٹرڈ عازمین سے سوا لاکھ کا حج کوٹہ مکمل نہ ہونے کا خدشہ ہے، رجسٹرڈ عازمین سے حج درخواستیں 4 اگست سے وصول کی جائیں گی رجسٹرڈ عازمین سرکاری اسکیم کے تحت درخواستیں 4 تا 9 اگست تک جمع کرواسکتے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ عازمین کی درخواستوں کی وصولی 11 سے 16 اگست تک ہوگی، درخواستیں پہلے آئیے پہلے پائیےکی بنیاد پر وصول کی جائیں گی، حج درخواستوں کے لیے پہلے رجسٹرڈ عازمین کو ترجیح دی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق 38 سے 42 روزہ حج کے لیے 5 لاکھ روپے جمع کروانا ہوں گے جبکہ 20 سے 25 روزہ مختصر حج کی پہلی قسط کے طور پر ساڑھے پانچ لاکھ روپےجمع کروانا ہونگے۔

    ذرائع کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ حج درخواستیں ملک کے 14 نامزد بینکوں میں جمع کرائی جاسکتی ہیں، حج اخراجات کی دوسری قسط یکم نومبر کو وصول کی جائے گی۔