Tag: 3 february 2025

  • ملک میں سونے کی قیمت کو پر لگ گئے، نیا ریکارڈ قائم

    ملک میں سونے کی قیمت کو پر لگ گئے، نیا ریکارڈ قائم

    کراچی: پاکستان میں سونے کی قیمت میں آج بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

    آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں آج سونے کی فی تولہ قیمت میں 200 روپے اضافے سے 2 لاکھ 92 ہزار 400 روپے ہوگئی، اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 171 روپے اضافے سے 2 لاکھ 50 ہزار 685 روپے ہوگئی۔

    عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان رہا، عالمی مارکیٹ میں سونے کا بھاؤ 2 ڈالر اضافے سے 2799 ڈالر فی اونس ہے۔

    واضح رہے کہ یکم فروری کو بھی فی تولہ سونا 400 روپے مہنگا ہوگیا تھا ، جس کے بعد فی تولہ گولڈ کی قیمت 2 لاکھ 92 ہزار 200 روپے پر پہنچ گئی تھی، اسی طرح 10 گرام گولڈ 343 روپے اضافے سے 2 لاکھ 50 ہزار 514 روپے کا ہوگیا تھا۔

    پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت

    یاد رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔

    اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔

    پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کردی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔

  • کراچی میں آج موسم کیسا رہے گا؟

    کراچی میں آج موسم کیسا رہے گا؟

    کراچی میں آج دن کے اوقات میں موسم گرم رات کو خنکی رہےگی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں اس وقت موسم سرد اور خشک ہے، شہرِ قائد کا کم سے کم درجہ حرارت 13.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جب کہ آج درجہ حرارت 28  ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے  کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 32 فیصد ہے جبکہ شمالی سمت سے 7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

    دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چھٹے نمبر پر:

    ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر کا فضائی معیار مضر  ہے اور کراچی کی ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 167 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    لاہور سمیت وسطی پنجاب کے مختلف شہروں میں آج بھی دھند کا راج ہے، سیالکوٹ میں شدید دھند کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر ہے، کویت سے سیالکوٹ کی پرواز پی کے 240 کو لاہور اتار لیا گیا۔

    موٹر ویز پولیس کے مطابق دھند کے باعث لاہور سیالکوٹ ایم الیون ٹریفک کے لیے بند ہے جبکہ ایم ٹو اور ایم تھری اور قومی شاہراہوں پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔