Tag: 3 injured

  • شیخوپورہ میں ٹریفک حادثہ، 4 افراد جاں بحق، تین زخمی

    شیخوپورہ میں ٹریفک حادثہ، 4 افراد جاں بحق، تین زخمی

    شیخوپورہ: پنجاب میں پیش آیا خطرناک ٹریفک حادثہ جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں ہولناک ٹریفک حادثے کے باعث چار افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 3 زخمی ہیں۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ سرگودھا روڈ پر آئل ٹینکر نے رکشے کو ٹکر مار دی جس کی وجہ سے اموات ہوئیں جبکہ زخمیوں کی حالات تشویش ناک ہے۔

    دادو: خطرناک ٹریفک حادثہ، 2 افراد جاں بحق، 4 زخمی

    ریسکیو ذرایع کے مطابق تین زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں سندھ کے ضلع دادو میں ہولناک ٹریفک حادثے نے دو افراد کی جانیں لے لیں تھی، جبکہ چار شدید زخمی ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں صوبہ بلوچستان کے شہر اوتھل کے قریب کوچ اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • نیدرلینڈز: ریلوے اسٹیشن پر چاقو سے حملہ، تین افراد زخمی

    نیدرلینڈز: ریلوے اسٹیشن پر چاقو سے حملہ، تین افراد زخمی

    ایمسٹرڈیم: نیدرلینڈز کے مصروف ترین ریلوے اسٹیشن پر مشتبہ شخص نے چاقو سے حملہ کردیا جس کے باعث تین افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق نیدرلینڈز کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں قائم مصرف ترین ریلوے اسٹیشن پر مشتبہ شخص نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں تین افراد شدید زخمی ہوئے بعد ازاں پولیس نے بھرپور کارروائی کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈچ پولیس نے پہلے فائرنگ کرکے حملہ آور کو زخمی کیا اور پھر موقع پر ہی گرفتار بھی کرلیا، واقعے کے بعد حملہ آور اور دیگر تین زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ دوپہر میں پیش آیا اس دوران ہزاروں افراد ریلوے اسٹیشن پر موجود تھے، جبکہ پولیس نے دیگر قانونی کارروائی کے لیے ریلوے اسٹیشن کو خالی بھی کرایا تھا۔

    برطانیہ میں چاقو زنی کی واردات ایک اور گلوکار ہلاک

    خیال رہے کہ حکام کی جانب سے اب تک واضح نہیں کیا گیا کہ یہ واقعہ دہشت گردی کا ہے یا نہیں، تاہم مقامی میڈیا نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ واقعے کی تفتیش میں تمام پہلوؤں کو پیش نظر رکھا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ ہالینڈ وہ ملک ہے جہاں کئی برسوں سے کوئی بڑا دہشت گردی کا واقعہ پیش نہیں آیا تاہم اس کے پڑوس ممالک میں دہشت گردی کے واقعات رونما ہوچکے ہیں۔

    یاد رہے کہ یکم اگست کو برطانیہ میں موسکو17 میوزیکل گروپ کے ایک اور گلوکار کو تشدد کے بعد اسی مقام پر چاقو کے وار کرکے قتل کردیا گیا تھا جہاں اس کے دوست کو موت کے گھاٹ اتارا گیا تھا۔

  • برطانوی دارالحکومت میں فائرنگ، 3 افراد زخمی

    برطانوی دارالحکومت میں فائرنگ، 3 افراد زخمی

    لندن: برطانوی دارالحکومت میں ٹیوب اسٹیشن کے باہر فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد شدید زخمی ہوگئے، پولیس نے کارروائی شروع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لندن کے علاقے کنگس بری میں قائم ایک ٹیوب اسٹیشن کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں تین افراد شدید زخمی ہوگئے، سیکیورٹی اہلکاروں نے کارروائی شروع کردی۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر قانونی کارروائی شروع کردی ہے جبکہ ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اس افسوس ناک واقعے میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں، ہمیں اس فائرنگ کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق رات 9:45 بجے ملی جس کے بعد فوری طور پر ریسکیو اور پولیس اہلکار الرٹ ہونے اور جائے وقوعہ پہنچے۔

    لندن میں نامعلوم شخص کی فائرنگ، بچے زخمی

    پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ واقعہ بظاہر دہشت گردی کا نہیں لگتا، تاہم تحقیقات کر رہے ہیں جلد حقائق سامنے آجائیں گے، جبکہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 7 مئی کو لندن کے شمال مغربی علاقے ویلڈ اسٹون میں نامعلوم شخص کی فائرنگ سے دو 13 اور 15 سالہ لڑکے زخمی ہوگئے تھے، بعد ازاں پولیس کو حملہ آور کا سراغ لگانے میں بھی بڑی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    علاوہ ازیں رواں سال مارچ میں برطانوی حکام نے کہا تھا کہ لندن میں فائرنگ اور چاقو زنی کے واقعات پولیس افسران کی کم نفری کی وجہ سے پیش آرہے ہیں، جس کے بعد حکام نے مشرقی لندن میں حالیہ دنوں ہونے والے فائرنگ اور چاقو زنی کے واقعات کے پیش نظرمیٹروپولیٹن پولیس کے مزید 300 افسران کو مذکورہ علاقے میں تعینات کیا تھا تاکہ جرائم پر قابو پایا جاسکے۔

  • کراچی : پولیس کی بروقت کارروائی، فائرنگ کرنے والا ملزم گرفتار

    کراچی : پولیس کی بروقت کارروائی، فائرنگ کرنے والا ملزم گرفتار

    کراچی : پولیس نے بر وقت کارروائی کرکے کورنگی میں تین افراد کو فائرنگ سے زخمی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم حسیب کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی سو کوارٹر کے قریب نامعلوم ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین افراد شدید زخمی ہوگئے، ملزمان واردات کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جنہوں نے زخمیوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا۔

    واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث ملزم حسیب کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا۔

    ڈی آئی جی ایسٹ سلطان خواجہ کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے، ان کا کہنا ہے کہ دیگر ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • نئی دہلی :گوشت کھانے کا شبہ،4 افراد پر ہجوم کا بدترین تشدد، ایک شخص ہلاک،3زخمی

    نئی دہلی :گوشت کھانے کا شبہ،4 افراد پر ہجوم کا بدترین تشدد، ایک شخص ہلاک،3زخمی

    نئی دہلی : بھارت میں ہندوانتہا پسندوں کی دہشتگردی گائے کا گوشت کھانے کے شبے میں ہجوم نے 4افراد پر بدترین تشدد کیا ، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک،3افراد زخمی ہوگئے۔

    بھارت میں انتہا پسندی کا ایک اور گھناؤنا واقعہ پیش آیا، نئی دہلی سے متھرا جانے والی ٹرین میں عید کی شاپنگ کے بعد گھرجانے والے چارافراد پر ہجوم نے بدترین تشدد کیا، جس کے باعث ایک شخص ہلاک اور 3افراد زخمی ہوئے۔

    چاروں افراد کو گائے کا گوشت کھانے کا الزام لگا کرتشدد کا نشانہ بنایا گیا۔


    مزید پڑھیں :  بھارت میں گائے کا گوشت کھانے کے شبہ میں مسلمان قتل


    ہجوم میں پھنسے افراد کو بچانے کے بجائے متعصب پولیس نے واقعہ کو سیٹوں کی لڑائی قرار دے دیا۔

    یاد رہے کہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے انتخابات میں کامیابی کے بعد بی جے پی کے رہنما ادتیہ ناتھ نے وزیر اعلیٰ بنتے ہی مذبح خانے بند کرنے کی ہدایت کر دی، جس سے کروڑوں روپے کی تجارت متاثر ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے اور اس شعبہ سے وابستہ افراد میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    واضح رہے کہ مودی سرکار میں مسلمانوں پر ظلم کا یہ واقعہ نہ پہلا ہے اور نہ ہی آخری ہوگا، اس سے قبل بھی گائے کے گوشت کے بہانے ہندوانتہاپسند متعدد مسلمانوں کی جان لے چکے ہیں۔

    گذشتہ سال ی دہلی میں صرف گائے کا گوشت کھانے کی افواہ پر ہندو انتہاپسندوں 50سالہ محمداخلاق اور اسکے 22 سالہ بیٹے کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا ، جس کے نتیجے میں محمداخلاق جان کی بازی ہی ہار گیا تھا، جن کے لواحقین انصاف کے حصول کے لئے آج بھی دردرکی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کراچی :  ناظم آباد میں بس پر فائرنگ،  تین افراد زخمی

    کراچی : ناظم آباد میں بس پر فائرنگ، تین افراد زخمی

    کراچی : ناظم آباد عیدگاہ گراؤنڈ کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر 2 میں عیدگاہ گراؤنڈ کے قریب نامعلوم افراد نے بس پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے ، جن کی شناخت مہتاب، عمیر اور گولانوں کے نام سے ہوئی۔ اسپتال زرائع کے مطابق زخمی افراد کو طبی امداد فراہم کردی گئی ہے ، جس کے بعد ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    ایک زخمی شخص کے بیان کے مطابق وہ بس میں بیٹھا ہوا تھا اور اس دوران اس نے فائرنگ کی آواز سنی ، فائرنگ کے نتیجے میں وہ اور اس کے ساتھ بس میں سوار دو اور افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    بس میں سوار تھے اچانک فائرنگ کی آواز سنی،زخمی شخص کے ساتھی کا بیان

    زخمی شخص کا کہنا ہے کہ وہ اندازہ نہیں کرسکا کہ فائرنگ بس کے اندر سے کی گئی یا باہر سے ۔

    واقعے کی اطلاع ملنے پرپولیس جائے وقوعہ اور اسپتال پہنچے، واقعے کے شواہد اکھٹے کیے اور زخمی اور عینی شاہدین کے بیانات لیے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔

    گزشتہ رات پرانا گولیمار میں منشیات فروش گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص ہلاک تین زخمی ہو گئے ۔ پولیس اور رینجرز نے موقعے پر پہنچ کر حالات پر قابو پایا ۔ ہلاک شخص کی شناخت وسیم کے نام سے کی گئی ۔

  • کراچی : نارتھ کراچی میں کار پر فائرنگ، خاتون سمیت 3 افراد زخمی

    کراچی : نارتھ کراچی میں کار پر فائرنگ، خاتون سمیت 3 افراد زخمی

    کراچی : شہر قائد میں گاڑی پر فائرنگ سے خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوئے جبکہ قتل کے مفرور ملزم سمیت تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں ڈاکوؤں نے گاڑی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت تین افراد زخمی ہو گئے، پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دوران ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا، ملزمان گاڑی پر فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے تاہم تحقیقات جاری ہیں۔

    زخمیوں کی شناخت طاہر، نرمین اور غزالہ کے ناموں سے کر لی گئی ہے۔

    دوسری جانب شاہ فیصل کالونی میں پولیس نے قتل کے روپوش ملزم وقاص کو حراست میں لے لیا، وقاص پر الزام ہے کہ اس نے دو ساتھیوں کے ساتھ ملکر دکاندار کو قتل کیا تھا، وقاص کے دونوں ساتھی پہلے ہی گرفتار ہوچکے ہیں۔

    سعود آباد اور سرجانی ٹاؤن میں قانون نافذ کرنے والے ادارے نے ایک اور کارروائی میں ایم کیوایم لندن کے دو کارکن زیرِ حراست میں لے لئے ، ملزمان کی نشاندہی پر دو دکانوں میں چھپایا گیا اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

  • لاہور: گیس سلنڈر پھٹنے سے 3 افراد زخمی

    لاہور: گیس سلنڈر پھٹنے سے 3 افراد زخمی

    لاہور: اقبال ٹاؤن میں گیس سلنڈر پھٹنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے جبکہ گھر کے شیشے اور کھڑکیاں بھی ٹوٹ گئیں۔

    نرگس بلاک علامہ اقبال ٹاؤن کا رہائشی ریحان گیس کا پریشر نہ ہونے کی وجہ سے گھر میں سلنڈر استعمال کر رہا تھا، سلنڈر کی لیکج کے باعث گیس کچن میں بھر گئی تھی، چولہا جلایا تو اچانک دھماکہ ہوگیا۔

    جس کے نتیجے میں ریحان اور اس کے دو بیٹے زخمی ہوگئے جبکہ گھر کی کھڑکیاں اور شیشے بھی ٹوٹ گئے، دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریبی گھروں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

    زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔