Tag: 3 march

  • اسٹیٹ‌ بینک نے تمام بینک بند رکھنے کا اعلان کردیا

    اسٹیٹ‌ بینک نے تمام بینک بند رکھنے کا اعلان کردیا

    کراچی : ملک بھر کے تمام بینک 3مارچ بروز پیر عوامی خدمات کیلیے بند رہیں گے، اسٹیٹ بینک نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ زکوٰۃ کی کٹوتی کے مقصد کے لیے تمام بینک اور مالیاتی ادارے 3 مارچ بروز پیر بند رہیں گے۔

    اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 3مارچ کو اسٹیٹ بینک و دیگر کمرشل بینکوں میں زکوٰة کٹوتی کیلئے پبلک ڈیلنگ بند رہے گی۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام بینکوں کا عملہ زکوٰة کٹوتی کے سلسلے میں اپنی ڈیوٹیز پر حاضر ہوگا۔

    یاد رہے کہ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا ابوالخبیر آزاد نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا لہٰذا پہلا روزہ 2 مارچ بروز اتوار کو ہوگا۔

    جمعہ کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں منعقد ہوا جب کہ کراچی، لاہور اور کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر شہروں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے جس میں چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے اور ان ممالک میں پہلا روزہ یکم مارچ بروز ہفتہ کو ہوگا۔ اس حوالے سے سعودی سپریم کورٹ نے مملکت میں ماہِ صیام کا چاند نظر آنے کی تصدیق کر دی ہے۔

    اس کے علاوہ یو اے ای میں رمضان المبارک کے چاند کی شہادت موصول ہوگئی جس کے بعد پہلا روزہ کل یکم مارچ کو ہوگا۔

    متحدہ عرب امارات کی فتویٰ کونسل نے چاند دیکھنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی اجازت دی تھی۔

  • اساتذہ کے صبرکا پیمانہ لبریز : تین مارچ سے تمام اسکول بند کرنے کا اعلان

    اساتذہ کے صبرکا پیمانہ لبریز : تین مارچ سے تمام اسکول بند کرنے کا اعلان

    پشاور: خیبرپختونخوا کے اساتذہ سراپا احتجاج، تین مارچ سے صوبے بھر میں اسکول بند کرنےکااعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کے میں اسکولوں پرحملے،سیکیورٹی کے مسائل ابھی مشکل سے ہی نمٹے تھے کہ مگراب پھر نئے مسائل کھڑے ہوگئے۔

    خیبرپختونخواہ کے اساتذہ نے اعلان کیا ہے کہ تین مارچ سے صوبے بھر کے اسکول بند کر دیئے جائیں گے۔ اساتذہ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کے فرائض بھی ہم سنبھالیں ،پولیو ورکربھی ہم ہی بنیں اوردیگر کئی ذمہ داریاں بھی نبھائیں مگر ہمارے مسائل کسی کونظر نہیں آتے۔

    آل ٹیچرزکوآرڈنیشن کونسل کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ جب تک اسکیل نہیں بڑھایا جائےگا، اساتذہ ڈیوٹی نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی مظاہروں کا مقصد  ٹیچرز کی سروس اسٹرکچر کی حصولی ہے ۔

    انہوں نے بتایا کہا کہ حتجاجی تحریک کا پہلا مظاہرہ  کے پی کے وزیر اعلیٰ کے ضلع نوشہرہ سے شروع کیا جائیگا۔ آخری احتجاج میں پچیس مارچ کو صوبے کے تما م اساتذہ دھرنا دینگے۔

  • سینیٹ کے انتخابات کا شیڈول جاری

    سینیٹ کے انتخابات کا شیڈول جاری

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سینیٹ کے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے، انتخابات تین مارچ کو ہوں گے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے سینیٹ کی خالی باون نشستوں پر انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے، الیکشن کمیشن کے مطابق بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی کاغذات نامزدگی کی وصولی بارہ اور تیرہ فروری کو ہوگی جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل سولہ اور سترہ فروری کو ہوگا، امیدوار 25 فروری تک اپنے درخواست فارم واپس لیتے ہوئے دستبردار ہوسکتے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے امیدواروں کی حتمی فہرست پچیس فروری کو جاری کر دی جائے گی، وفاق اور فاٹا کی نشستوں پر پولنگ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوگی جبکہ خالی ہونیوالی صوبوں کی نشستوں پر پولنگ متعلقہ صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔

    یاد رہے کہ سینیٹ کے 52 ارکان 11 مارچ کو ریٹائرڈ ہورہے ہیں، جن میں چیئرمین سینیٹ نیئر بخاری سمیت پیپلزپارٹی کے اکیس، مسلم لیگ ن کے آٹھ ، اے این پی کے چھ ، ایم کیو ایم اور جے یو آئی کے تین تین اور بی این پی عوامی کے دو سینٹر شامل ہیں جبکہ ق لیگ، نیشنل پارٹی اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے ایک ایک سینیٹر بھی ریٹائر ہوجائیں گے۔